Tag: پاکستانی ایئرپورٹس

  • پاکستانی ایئرپورٹس پر سیکیورٹی کے حوالے سے جاپان کے ساتھ اہم معاہدہ طے

    پاکستانی ایئرپورٹس پر سیکیورٹی کے حوالے سے جاپان کے ساتھ اہم معاہدہ طے

    کراچی: پاکستانی ایئرپورٹس پر سیکیورٹی کے حوالے سے جاپان کے ساتھ اہم معاہدہ ہو گیا ہے۔

    پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق ملکی ایئرپورٹس پر ایوی ایشن سیکیورٹی کے جدید آلات کی تنصیب کی جا رہی ہے، اس کے تحت ملتان اور فیصل آباد ایئرپورٹس پر جدید (ای ڈی ایس-سی ٹی) سیکیورٹی سکینرز نصب ہوں گے۔

    مذکورہ ایئرپورٹس پر جائیکا منصوبے کے تحت جدید بیگیج ہینڈلنگ سسٹم کی تنصیب بھی ہوگی، جدید سیکیورٹی سکینرز کی مدد سے آتشی مواد کی نشان دہی ممکن ہوگی۔

    ہانگ کانگ سے آئے مسافر سے لاکھوں مالیت کے آئی فونز برآمد

    پی اے اے کے مطابق جائیکا (جاپان) فیز-2 منصوبے کے تحت سیکیورٹی آلات کی کامیاب ٹینڈرنگ مکمل ہو چکی ہے، ٹینڈرنگ اور کنٹریکٹ کی تقریب میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے وفد نے شرکت کی، 4 ارب روپے سے زائد کا معاہدہ ٹیک انٹرنیشنل کمپنی کے ساتھ ٹوکیو میں طے پایا۔

    پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق یہ منصوبہ جاپانی گرانٹ سے مکمل کیا جا رہا ہے۔

  • کراچی، لاہور، اسلام آباد ایئرپورٹس پر مسافروں کو بڑی سہولت ملنے کا امکان

    کراچی، لاہور، اسلام آباد ایئرپورٹس پر مسافروں کو بڑی سہولت ملنے کا امکان

    ملک کے 3 بڑے ایئرپورٹس پر مسافروں کو تیز امیگریشن کی سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ایئرپورٹس پر مسافروں کو امیگریشن کے سلسلے میں سہولت مہیا کرنے کے لیے ای گیٹ متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

    پہلے پاکستان کے تین مصرف ترین ایئرپورٹس پر یہ سہولت پیش کی جائے گی۔ ترقی یافتہ ملکوں کی طرح پاکستانی ایئرپورٹس پر بھی ای گیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ای گیٹس کی تنصیب کے سلسلے میں متعلقہ کمپنیز سے بات چیت کا آغاز ہوچکا ہے۔

    ذرائع نے کہا کہ ای گیٹ سے مسافروں کو امیگریشن کی طویل قطاروں سے چھٹکارا ملنا ممکن ہوگا۔ ایئرپورٹس پر مسافر اپنی امیگریشن کلیئرنس خود کرسکیں گے۔

  • 10 ماہ میں ایک کروڑ 60 لاکھ مسافروں کا امیگریشن

    10 ماہ میں ایک کروڑ 60 لاکھ مسافروں کا امیگریشن

    کراچی: ایف آئی اے امیگریشن نے 10 ماہ کے دوران ملکی و غیر ملکی مسافروں کی آمد و روانگی سے متعلق اعداد و شمار جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال ایف آئی اے امیگریشن نے بین الاقوامی آمد اور روانگی کی چیک پوسٹوں پر 16 ملین مسافروں کا امیگریشن کا عمل مکمل کیا۔

    رواں سال کے دوران اسٹاپ لسٹ میں شامل 2878 ملزمان کو مختلف ایئر پورٹس سے گرفتار کیا گیا، 2449 مسافروں نے گم شدہ، چوری شدہ اور بلیک لسٹڈ پاسپورٹس پر بیرون ملک جانے کی کوشش کی، جسے ناکام بنا دیا گیا۔

    ایف آئی اے امیگریشن نے رواں سال کے دوران 118 ملزمان کو ریڈ نوٹسز کی بنیاد پر گرفتار کیا، دیگر ملزمان پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے، 117 مسافروں کو جعلی دستاویزات کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا۔

    رواں سال کے دوران 5.7 ملین پاکستانیوں اور 1.7 ملین غیر ملکیوں کی پاکستان آمد ہوئی، 67 لاکھ سے زائد پاکستانی بیرون ملک روانہ ہوئے، جب کہ 1.8 ملین غیر ملکی پاکستان سے روانہ ہوئے۔

  • پاکستانی ایئرپورٹس کے حوالے سے اہم خبر

    پاکستانی ایئرپورٹس کے حوالے سے اہم خبر

    کراچی: پاکستانی ایئر پورٹس پر ای گیٹ نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ای گیٹ منصوبے پر کام شروع کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق پاکستانی ایئرپورٹس پر ای گیٹ نصب کیے جا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں ملک کے تین بڑے ایئر پورٹس پر ای گیٹ نصب ہوں گے، جن میں اسلام آباد، علامہ اقبال اور جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹس شامل ہیں، یہ منصوبہ سیکریٹری ایوی ایشن اور ڈی جی سی اے اے کی نگرانی میں مکمل کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ای گیٹ منصوبے سے متعلق نادرا، ایف آئی اے پاسپورٹ، اور ایف آئی اے ایمیگریشن سے تجاویز بھی حاصل کی گئی ہیں، بورڈ کی منظوری کے بعد ای گیٹ کے لیے ٹینڈرز طلب کیے جائیں گے۔

    ای گیٹ کے ذریعے مسافروں کو ایمیگریشن میں بھی سہولت میسر ہوگی، تنصیب کے بعد مسافروں کو نہ پاسپورٹ دکھانا پڑے گا، نہ ہی ٹکٹ دکھانے کی زحمت ہوگی، مسافر ایئرپورٹ پر داخل ہوتے ہی ای گیٹ کے ذریعے پاسپورٹ اور ٹکٹ اسیکن کر کے بورڈنگ کارڈ حاصل کر کے جہاز میں سوار ہو سکیں گے۔

    سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ای گیٹ مسافر کی شناخت کے لیے بائیو میٹرک پاسپورٹ کی چپ میں موجود ڈیٹا کا استعمال کرتا ہے، اس جدید ٹیکنالوجی سے مسافروں کو عالمی سفری سہولت میسر ہوگی، اس سسٹم کے تحت مسافر چہرے، فنگر پرنٹ، آئیرس پہچان یا مجموعی طریقہ کار کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق سے گزرتے ہیں۔ جب شناخت کا عمل مکمل ہو جائے گا تو مسافر کے لیے گیٹ خود بہ خود کھل جائے گا۔

  • برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئرپورٹس کے لیے جدید اسکیننگ مشینوں کا تحفہ

    برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئرپورٹس کے لیے جدید اسکیننگ مشینوں کا تحفہ

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئرپورٹس کے لیے جدید اسکیننگ مشینوں کا تحفہ دیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ڈی ایف ٹی کی جانب سے پاکستان کے 2 بڑے ایئر پورٹس پر سیکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے جدید بیگجز اسکیننگ مشینیں تحفے کے طور پر فراہم کی جائیں گی۔

    برطانوی سیکیورٹی ایجنسی ڈی ایف ٹی کی جانب سے پہلے مرحلے میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بیگجز مشینیں علامہ اقبال انٹرنیشنل اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرفراہم کی جا رہی ہیں۔

    یہ جدید مشین مسافروں کے سامان کے ساتھ ساتھ جہاز کے لیے نقصان دہ آلات اور بارودی مواد کو جانچنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈیپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ کی جانب سے یہ مشینیں ایک ماہ کے اندر پاکستان پہنچ جائیں گی۔

    ڈی ایف ٹی کی جانب سے فراہم کردہ مشینوں کو لگانے کا مقصد برطانیہ آنے والے مسافروں اور ان کے سامان کی اسکیننگ جدید طرز پر کرنا ہے، مرحلہ وار دیگر ایئر پورٹس پر بھی یہ مشینیں سول ایوی ایشن کو تحفے کے طور پر فراہم کی جائیں گی۔

  • پاکستانی ایئرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات سب سے زیادہ کہاں؟

    پاکستانی ایئرپورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات سب سے زیادہ کہاں؟

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ناقص حکمت عملی کے باعث بڑے ایئر پورٹس پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی اے اے نے طیاروں سے پرندے ٹکرانے سے متعلق اعداد و شمار جاری کر دیے، جنوری 2018 سے مئی 2022 تک کی رپورٹ کے مطابق لاہور ایئر پورٹ پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔

    ساڑھے 4 سالوں میں ایئر پورٹ پر پرندے ٹکرانے کے 662 واقعات رونما ہوئے، ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز دونوں کے طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

    لاہور ایئر پورٹ پر سب سے زیادہ 198 واقعات رپورٹ کیے گئے، دوسرے نمبر پر کراچی ایئر پورٹ پر 192 واقعات رپورٹ ہوئے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر 100 واقعات رپورٹ ہوئے۔

    سیالکوٹ ایئر پورٹ پر 53، پشاور ایئر پورٹ پر 40، ملتان ایئر پورٹ پر 26 حادثات، فیصل آباد ایئر پورٹ پر 22 اور کوئٹہ ایئر پورٹ پر 17 حادثات رپورٹ ہوئے۔

    اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 60 فی صد حادثات مون سون کے سیزن میں رپورٹ ہوئے، جون، جولائی، اگست اور ستمبر کے مہینوں میں حادثات میں اضافہ دیکھا گیا۔

    گزشتہ سال 2021 میں 142 حادثات رپورٹ ہوئے، جنوری 2022 سے مئی 2022 تک 48 حادثات رپورٹ ہو چکے ہیں، سی اے اے کے مطابق حادثات کے باعث ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔