Tag: پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم

  • صدر مملکت کا ارشد ندیم کو سول ایوارڈ دینے کا اعلان

    صدر مملکت کا ارشد ندیم کو سول ایوارڈ دینے کا اعلان

    اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں ریکارڈ کارکردگی پر ہلال امتیاز سے نوازنے کی ہدایت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری ارشد ندیم کو کھیل کے میدان نمایاں خدمات کے اعتراف میں خصوصی تقریب میں سول ایوارڈ دیں گے۔

    صدر مملکت کی ہدایت پر ایوانِ صدر نے ارشد ندیم کو سول ایوارڈ دینے کیلئے کابینہ ڈویژن کو خط ارسال کر دیا، صدر مملکت نے خط میں لکھا کہ ارشد ندیم نے بہترین کارکردگی سے کھیل کے میدان میں قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

    صدر مملکت نے لکھا کہ ارشد ندیم کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی قوم کیلئے فخر کا باعث بنی، انہوں نے ایتھلیٹکس کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا اس لیے ارشد کو سول ایوارڈ آئین کے آرٹیکل 259 (2) کے تحت دیا جائے گا۔

    قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو گولڈ میڈل پہنا دیا گیا

    واضح رہے کہ آئین کے تحت صدر مملکت مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں پاکستان کے شہریوں کو اعزاز سے نواز سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں پوری قوم کی نظریں ارشد ندیم پر تھیں جو پاکستان کو 32 سال بعد اولمپک میں کوئی میڈل دلانے کی واحد امید تھے۔

    ارشد ندیم نے فائنل مقابلے میں اولمپک میڈل کیلئے بھرپور کوشش کرتے ہوئے اپنا پہلا تھرو کیا جو کہ ضائع ہوگیا، جس کے بعد پاکستان کے ارشد ندیم نے اپنی دوسری تھرو 92.97 میٹر کی کر کے نیا اولمپک ریکارڈ بنا دیا، ارشد ندیم کی یہ اس مقابلے کی اب تک سب سے بہترین تھرو ہے۔

    پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو فائنل کے دوسرے راؤنڈ میں ارشد ندیم نے پہلی تھرو 79.40 میٹر کی کی، جبکہ انہوں نے ٹاپ 8 کی دوسری باری میں 87.84 میٹر کی۔

    تیسری باری میں ارشد ندیم نے ایک اور شاندار پرفارمنس دیتے ہوئے 91.7 میٹر کی تھرو کی اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انفرادی گولڈ میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ بن گئے۔

  • ’ ارشد بھی میرا بیٹا ہے‘ نیرج چوپڑا نے اپنی والدہ کے بیان پر وضاحت دیدی

    ’ ارشد بھی میرا بیٹا ہے‘ نیرج چوپڑا نے اپنی والدہ کے بیان پر وضاحت دیدی

    بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو بیٹا کہنے پر اپنی والدہ سروج دیوی کے بیان پر وضاحت دی ہے۔

    گزشتہ دنوں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ریکارڈ تھرو کے بعد جہاں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا وہیں بھارتی مخالف نیرج چوپڑا چاندی کا تمغہ حاصل کر پائے ہیں۔

    پاکستان کے ارشد ندیم نے ریکارڈ تھرو 92 اعشاریہ 97 میٹرز کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا نے دوسری مرتبہ کوشش کے دوران 89 اعشاریہ 45 میٹرز کے ساتھ جیولین تھرو کیا۔

    اس موقع پر بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا کی فیملی کی جانب سے بھارتی میڈیا پر تبصرہ کیا گیا تھا، جہاں نیرج چوپڑا کی والدہ سروج دیوی بیٹے کے چاندی کے تمغے پر خوش دکھائی دیں۔

    نیرج چوپڑا کی والدہ نے ارشد ندیم کی کامیابی پر کیا کہا؟

    نیرج چوپڑا کی والدہ نے ارشد ندیم کو بھی ’اپنا بیٹا‘ قرار دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ’ ہم بے حد خوش ہیں، ہمارے لیے چاندی کا تمغہ بھی سونے جیسا ہے، سونے کا تمغہ حاصل کرنے والا بھی میرے بیٹے جیسا ہی ہے۔

    تاہم اب بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے کہا ہے کہ میری والدہ نے یہ بات دل سے کہی تھی کہ ارشد ندیم میرے بیٹے جیسا ہے، میری والدہ سوشل میڈیا پر جو کچھ ہو رہا ہے، اس سے متاثر نہیں ہیں اور وہ ہمیشہ اپنے دل کی بات کرتی ہیں۔

    بھارتی ایتھلیٹ نے کہا کہ میری ماں گاؤں میں رہتی ہیں اور وہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کے حوالے سے سوشل میڈیا اور ٹیلی ویژن پر آنے والی خبروں سے متاثر نہیں ہوتیں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ ایک ماں کا احساس رکھتی ہیں، سادگی سے بولتی ہیں اور اپنے دل کی بات کرتی ہیں، انہوں نے اپنے دل کی بات کی ہے، کچھ لوگوں کو یہ عجیب لگا ہوگا اور کچھ نے اس کو پسند کیا ہو گا۔