Tag: پاکستانی بلے باز

  • کون سا پاکستانی بلے باز سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوا ؟

    کون سا پاکستانی بلے باز سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوا ؟

    کسی بھی بلے باز کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنا بہترین کھیل پیش کرکے شائقین کرکٹ کو اپنا مداح بنالے اور اس کے لیے وہ اپنی ہر ممکن کوشش بھی کرتا ہے۔

    اکثر ایسا بھی ہوتا ہے کہ پاکستان سمیت کئی ممالک کے بلے باز کوئی رن بنائے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے اور ’’ڈک‘‘ لینے کا منفی ریکارڈ قائم کیا۔

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2024 کے موقع پر اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہر لمحہ پُرجوش‘ کے خصوصی سیگمنٹ میں میزبان وسیم بادامی نے اس حوالے سے پروگرام کے شرکاء ایک سوال کیا۔

    انہوں نے پوچھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایسا کون سا پاکستانی بلے باز ہے جو سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوا؟ اس سوال کے جواب کیلئے دو آپشن دیئے گئے تھے جس میں پہلا شاہد آفریدی اور دوسرا آپشن شعیب ملک تھے۔

    پروگرام میں پاکستان کی نامور ماڈل اور اداکارہ ایمان علی، عادی عدیل اور مصطفیٰ چوہدری موجود تھے جبکہ ان کے مدمقابل ٹیم میں سابق کرکٹر باسط علی، کامران اکمل اور شاہد ہاشمی تھے۔

    سوال کے جواب میں پہلے ایمان علی نے جواب دیا کہ شاہد آفریدی ایسے کھلاڑی ہیں جو سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہوئے، وجہ بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک ایسا کھلاڑی ہے جو وکٹ پر سوچ سمجھ کر کھیلتا ہے جبکہ شاہد آفریدی جلد بازی کرتے ہیں۔

    تجزیہ نگار شاہد ہاشمی نے اس سوال کے جواب میں شعیب ملک کا نام لیا، بعد ازاں میزبان وسیم بادامی نے ایمان علی کے جواب کو درست قرار دیا۔

  • بابراعظم: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی کا بچپن، محلہ اور والدین کی ڈانٹ

    بابراعظم: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی کا بچپن، محلہ اور والدین کی ڈانٹ

    کرکٹ کے میدان میں بابراعظم کی شان دار کارکردگی کے تو سبھی معترف ہیں۔ 2019 میں قومی کرکٹ ٹیم کے اس کھلاڑی پر نظر ڈالیں تو ہر شاٹ لاجواب اور ہر اننگز شان دار رہی۔ وہ تینوں فارمیٹ میں ٹاپ سکس کے واحد بیٹسمین کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

    6 ٹیسٹ میچوں میں 616 اور ایک روزہ کھیل میں 1092 رنز کے ساتھ ہر بار میدان سے فرحاں و شاداں لوٹنے والے بابر اعظم کی زندگی کے اوراق تو الٹیے۔ یقیناً بابر اعظم پاکستان کا فخر ہیں، مگر کیا آپ یہ جاننے میں دل چسپی نہیں رکھتے کہ گھر میں انھیں‌ کس بات پر زیادہ ڈانٹ پڑتی تھی؟

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اس چمکتے دمکتے ستارے کی زندگی لاہور کے علاقے ماڈل کالونی میں گزری ہے۔ فردوس مارکیٹ کے عقب میں واقع اس محلے کی گلیوں سے بابر اعظم کے بچپن اور نوجوانی کی حسین یادیں وابستہ ہیں۔

    بابر اعظم نے ایک روایتی گھرانے میں تربیت پائی۔ والدین کی جانب سے پڑھائی پر توجہ دینے کی تاکید کی جاتی جب کہ کرکٹ کھیلنے کے لیے اجازت بڑی مشکل سے ملتی تھی۔ اکثر ڈانٹ سنتے اور گھر لوٹتے ہی پڑھنے کے لیے بٹھا دیا جاتا۔

    کرکٹ کھیلنے کے لیے اگر قریبی میدان کا رخ نہ کرتے تو گلی ہی میں "ہنگامہ خیز” اننگز کھیلی جاتی۔

    پاکستان کا یہ بلے باز شہرت کے آغاز پر ہی اپنا محلہ چھوڑ گیا جس کی وجہ یقیناً سیکیورٹی خدشات ہیں۔ تاہم وہ یہاں رہنے والے اپنے رشتے داروں اور قریبی لوگوں سے ملاقات کے لیے آتے رہتے ہیں۔ بابر اعظم کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ شروع ہی سے خاموش طبع اور سنجیدہ تھے۔

    بابر اعظم ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں نمبر ون اور ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے نمبر پر براجمان ہیں۔ پچھلے سال تینوں فارمیٹ میں ان کے مجموعی طور پر رنز 2082 ہیں۔ انگلش کاؤنٹی سیزن کی بات کی جائے تو گزشتہ برس بابر اعظم نے اپنی کارکردگی سے سبھی کو متأثر کیا تھا۔

  • ون ڈے کرکٹ میں تیزترین 1ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ فخرزمان نے اپنے نام کرلیا

    ون ڈے کرکٹ میں تیزترین 1ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ فخرزمان نے اپنے نام کرلیا

    بولاوائیو: پاکستان کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے ویسٹ انڈیز کے سابق کھلاڑی سر ویوین رچرڈز کا ریکارڈ توڑ کر ایک روزہ کرکٹ میچ میں تیز ترین 1 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ سہرا اپنے سر سجالیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مایہ ناز نوجوان بلے باز فخر زمان نے دنیائے کرکٹ کے نامور ویسٹ انڈین بلے باز سر ویوین رچرڈز کا ایک روزہ کرکٹ میچ میں تیز ترین 1 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

    پاکستان کے اوپنر بلے باز فخر زمان کی جانب سے تیز ترین 1 ہزار رنز کا ریکارڈ اپنے کیریئر کے 18ویں میچ کے دوران زمبابوے کے خلاف 20 رنز بناکر اپنے نام کیا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے بلے باز سر ویوین رچرڈز، پاکستان کی شان بابر اعظم اور انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن کے پاس تھا، جنہوں نے 21 میچز میں 1 ہزار رنز بنائے تھے۔

    دوسری جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے بہترین کھلاڑی فخر زمان نے زمبابوے خلاف کھیلے جانے والے میچز میں ایک اور عالمی ریکارڈ کا سہرا اپنے سر سجایا کر پانچ ون ڈے میچز کی سریز میں 471 رنز بناکر سب سے زیادہ رنز بنانے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ پانچ ون ڈے میچز کی سریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ زمبابوے کے بلے باز ہیملٹن مساکدزا کے پاس تھا جنہوں نے 467 رنز بنائے تھے۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان اور امام الحق نے پہلی وکٹ پر 304 رنز بنا کر طویل ترین شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔

    فخر زمان نے اسی میچ میں سعید انور کا 194 رنز کا ریکارڈ توڑ کر210 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ڈبل سینچری بنانے والے پہلے پاکستانی جبکہ دنیا کےچھٹے کھلاڑی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں