Tag: پاکستانی بیٹر

  • دورہ جنوبی افریقہ: تبریز شمسی کا نشانہ کون سا پاکستانی بیٹر ہوگا؟

    دورہ جنوبی افریقہ: تبریز شمسی کا نشانہ کون سا پاکستانی بیٹر ہوگا؟

    پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا آغاز منگل 10 دسمبر سے ہو رہا ہے پروٹیز اسپنر تبریز شمسی نے پاکستانی بلے باز کو نشانے پر رکھ لیا ہے۔

    پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کل سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہو رہا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ٹیم گرین شرٹس کی قیادت کر رہے ہیں۔ محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق کی حالیہ پرفارمنس اچھی ہے تاہم اسٹار بیٹر بابر اعظم کی طویل عرصے سے فارم غائب ہے اور ان کا بلا رنز نہیں بنا پا رہا ہے۔

    تاہم جنوبی افریقی اسپنرز تبریز شمسی خراب فارم کے باوجود بابراعظم کو سب سے بڑا خطرہ سمجھتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ سیریز میں ان کا بڑا ہدف بابر اعظم ہوں گے۔

    ایک کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو میں تبریز شمسی نے کہا کہ وہ ہوم سیریز کے دوران عظیم پاکستانی بیٹر کو قابو کرنے کی حکمت عملی اینالسٹ کے ساتھ بیٹھ کر بنائیں گے۔

    تبریز شمسی نے کہا کہ بابر اعظم عظیم کھلاڑی ہیں۔ ان کو آؤٹ کرنے کی اب تک کوئی پلاننگ نہیں بنائی مگر میں ان کے خلاف پہلے بھی کھیل چکا ہوں، اسلیے ذہن میں آئیڈیا ہے کہ کیا کرنا ہوگا تاہم حتمی حکمت عملی اینالسٹ کے ساتھ بیٹھ کر ہی بناؤں گا۔

    تبریز شمسی نے جنوبی افریقی بورڈ کے معاہدے کو قبول نہیں کیا اور اب وہ بطور فری لانسر کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

    اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فری لانس ایک ذاتی انتخاب تھا جو میں نے مختلف وجوہات کی بنا پر کیا، لیکن جنوبی افریقہ کی نمائندگی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے اور اپنے ملک کے لیے کھیلنا سب سے زیادہ اہم ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان تین ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے جنوبی افریقہ پہنچ چکی ہے اور سیریز کا آغاز کل سے ہو رہا ہے۔

  • بابر تیز ترین 13 ہزار انٹرنیشنل رنز بنانے والے پاکستانی بیٹر بن گئے

    بابر تیز ترین 13 ہزار انٹرنیشنل رنز بنانے والے پاکستانی بیٹر بن گئے

    سابق کپتان بابراعظم نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوران بڑا سنگ میل عبور کرلیا، 13 ہزار انٹرنیشنل رنز بنانے والے پانچویں پاکستانی کرکٹر بن گئے۔

    بابر اعظم 301 اننگز میں یہ سنگ میل حاصل کرتے ہوئے پاکستانی بیٹرز میں سب سے جلد یہ اعزاز حاصل کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ جاوید میانداد کے پاس تھا جنھوں نے 305 اننگز میں 13 ہزار رنز بنائے تھے

    اس کے بعد محمد یوسف نے 322 اننگز میں، انضمام الحق نے 352 اننگز میں جبکہ یونس خان نے 372 اننگز میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

    اب 29 سالہ بابر بھی ان پاکستانی بیٹرز میں شامل ہو گئے ہیں جنھوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں 13000 رنز بنائے ہیں۔ انضمام الحق 20,541 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں، اس کے بعد یونس خان 17790، محمد یوسف 17134، جاوید میانداد 16213 اور بابر اعظم 13007 موجود ہیں۔

    سابق کپتان نے اپنے 8 سالہ کیریئر کے دوران 50 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 104 ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ وہ کھیل کے تمام فارمیٹس میں 49.08 کی متاثر کن اوسط رکھتے ہیں جبکہ انھوں نے 31 سنچریاں اور 81 نصف سنچریاں اسکور کررکھی ہیں۔

    واضح رہے کہ پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بابراعظم 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے جبکہ دوسری اننگز میں انھوں نے محض 14 رنز اسکور کیے تھے۔