Tag: پاکستانی بے دخل

  • 8 ممالک سے مزید 40 پاکستانی بے دخل، کون کون سا ملک شامل ہے؟

    8 ممالک سے مزید 40 پاکستانی بے دخل، کون کون سا ملک شامل ہے؟

    کراچی: امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ کوریا اور سینیگال سمیت 8 ممالک سے مزید 40 پاکستانی بے دخل کر دیے گئے، جب کہ 3 زیر حراست ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امیگریشن ذرائع نے بتایا ہے کہ قبرص، کوریا، عمان اور ماریشس کی امیگریشن نے 6 پاکستانیوں کو ناپسندیدہ کہہ کر واپس بھیج دیا ہے۔

    سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اور عمان میں 4 پاکستانیوں کو بلیک لسٹ ہونے پر امیگریشن نے انٹری نہیں دی اور انھیں واپس بھیج دیا گیا، یو اے ای سے ترکش رہائشی پرمٹ زائد المیعاد ہونے اور دیگر الزامات پر 3 پاکستانی واپس کر دیے گئے۔

    سعودی عرب میں سزا پوری ہونے اور دیگر الزامات پر 21 پاکستانی بے دخل کر دیے گئے، ویزے ختم ہونے پر عمان اور قطر سے 2 پاکستانی واپس بھیجے گئے۔

    پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بڑا معاہدہ طے پاگیا

    امیگریشن ذرائع کے مطابق سینیگال میں انسانی اسمگلنگ کے لیے پہنچے 3 پاکستانیوں کو بے دخل کیا گیا، سینیگال پلٹ مسافر اے ایچ ٹی سی کے حوالے کر دیے گئے ہیں، اور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، جب کہ عمان سے ڈی پورٹ ایک مسافر کو لاڑکانہ ضلع کی پولیس کے حوالے کیا گیا۔

  • سعودی ،عراق سمیت 7 ممالک سے مزید 51 پاکستانی بے دخل

    سعودی ،عراق سمیت 7 ممالک سے مزید 51 پاکستانی بے دخل

    کراچی : سعودیہ اور عراق سمیت 7 ممالک سے 24 گھنٹے میں مزید 51 پاکستانی بے دخل کردیئے گئے، پاکستانیوں کو مختلف پروازوں سے کراچی پہنچا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر چین، سعودیہ اور دیگر ممالک کے مزید 30 مسافروں کو پروازوں سے آف لوڈ کردیا گیا۔

    سعودیہ اور عراق سمیت 7 ممالک سے 24 گھنٹے میں مزید 51 پاکستانی بے دخل کردیئے گئے ہیں۔

    اس حوالے سے امیگریشن ذرائع نے بتایا کہ بے دخل پاکستانیوں کو مختلف پروازوں سے کراچی پہنچا دیا گیا ہے، بے دخل 2 شہری اصلی پاسپورٹ جبکہ 49 ایمرجنسی پیپرز پر وطن واپس پہنچے۔

    سعودی عرب سے بے دخل 33 پاکستانیوں کو کراچی بھیجا گیا ، ایمرجنسی پاسپورٹ پر 14 پاکستانی عراق سے کراچی پہنچے جبکہ دبئی، عمان، زمبیا، قطر اور یو کے سے ایک ایک پاکستانی کو بے دخل کیا گیا۔

    آف لوڈ فرید احمد بزنس ویزا پر تنزانیہ، عبدالحکیم ٹورزم ویزا پر بنگلہ دیش جارہا تھا جبکہ آف لوڈ کئے گئے 11 افراد بزنس اور وزٹ ویزا پر چین اور ملائشیا جا رہے تھے۔

    اس کے علاوہ ابو سفیان، نبیل ، سجاد اور رینا کرن فیملی وزٹ ویزے پر عمان اور اقبال بی بی پرسنل وزٹ ویزا پر سعودی عرب جا رہی تھی۔

    اسی طرح افضل اور ارسلان ورک ویزہ پر جبکہ سمیع اللہ، عدنان خلیل اور محمد عثمان عمرہ ویزہ پر سعودی عرب جا رہے تھے۔

    شبیر اور کامران بزنس ویزا پر سعودیہ، شاہ رخ وزٹ ویزہ پر یوگنڈا جارہا تھا جبکہ محمد اور عبدالستار کو عمرہ ویزہ پر سعودی عرب جاتے ہوئے اف لوڈ کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ایڈوانس ہوٹل بکنگ، اخراجات کی رقم نہ ہونے اور دیگر وجوہات کی بنا پر اف لوڈ کیے گئے۔

  • ترکی سے مزید 56 پاکستانی بے دخل، سعودی عرب سے بھی 9 پاکستانی ڈی پورٹ

    ترکی سے مزید 56 پاکستانی بے دخل، سعودی عرب سے بھی 9 پاکستانی ڈی پورٹ

    اسلام آباد: ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، مزید 56 غیر قانونی مقیم پاکستانی ترکی سے بے دخل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی سے مزید 56 پاکستانی بے دخل کر دیے گئے ہیں، ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانی ترکش ائیر لائن سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچ گئے، جہاں ایف آئی اے امیگریشن نے بے دخل کیے گئے پاکستانیوں کو حراست میں لے لیا۔

    ایف آئی اے ذرایع کے مطابق بے دخل پاکستانیوں سے ایف آئی اے امیگریشن نے پوچھ گچھ کی اور مزید تفتیش کے لیے انھیں پاسپورٹ سیل منتقل کر دیا۔

    ادھر سعودی عرب سے بھی غیر قانونی مقیم 9 پاکستانی شہریوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے تمام افراد کو گرفتار کر کے پاسپورٹ سیل منتقل کر دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ترکی نے غیر قانونی مقیم مزید 24 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا

    یاد رہے کہ 23 نومبر سے اب تک 162 پاکستانیوں کو ترکی سے بے دخل کیا جا چکا ہے، یہ تمام افراد پاکستان پہنچائے جا چکے ہیں، جو کہ ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق 23 نومبر 2019 کو ترکی سے 42 پاکستانیوں کو، 29 نومبر کو 40 پاکستانیوں کو جب کہ 30 نومبر کو 24 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ رواں سال فروری میں ترکی نے غیر قانونی طور پر مقیم 50 ہزار پاکستانیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ترکی کابینہ کا کہنا تھا کہ 50 ہزار پاکستانیوں کو داخلی استحکام کے لیے خطرہ قرار دے کر ملک بدر کر دیا جائے۔