Tag: پاکستانی جاں بحق

  • یونان : کشتی الٹنے سے متعدد پاکستانی تارکین وطن جاں بحق

    یونان : کشتی الٹنے سے متعدد پاکستانی تارکین وطن جاں بحق

    یونان کے ساحلی علاقے میں پاکستانی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 5 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانیوں کی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یونان کے جنوبی جزیرے گاؤڈوس کے قریب لکڑی سے بنی کشتی الٹنے سے کم از کم 5 غیر قانونی تارکین وطن ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ہیں،جن کا تعلق پاکستان سے بتایا جا رہا ہے۔

    یونانی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ بحیرہ روم میں جنوبی جزیرے گیوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے واقعے میں 39 تارکین وطن کو بچا لیا گیا جن میں سے زیادہ تر کا تعلق پاکستان سے ہے۔

    کشتی حادثے میں 40 افراد لاپتہ ہوگئے، تاہم مسافروں کی تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ کشتی لیبیا سے روانہ ہوئی تھی۔

    کوسٹ گارڈز کی کشتیاں، تجارتی جہاز، ایک اطالوی فریگیٹ اور بحری طیارے جمعے کی رات یونانی حکام کو واقعے کے بارے میں آگاہ کیے جانے کے بعد سے علاقے کی تلاشی لے رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ 2015-2016میں مشرق وسطیٰ، افریقہ اور ایشیا سے آنے والے تارکین وطن اور پناہ گزینوں کے لیے یونان یورپی یونین کا پسندیدہ گیٹ وے رہا ہے۔

    کریٹ اور اس کے چھوٹے سے ہمسایہ ملک گاؤڈوس، جو وسطی بحیرہ روم میں نسبتاً الگ تھلگ ہیں، تارکین وطن کی کشتیوں اور بحری جہازوں کے تباہ ہونے کے واقعات میں گزشتہ ایک سال کے دوران اضافہ ہوا ہے۔

    علاوہ ازیں کشتی الٹنے کا واقعہ پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کیخلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

    محسن نقوی نے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ رفعت مختار راجہ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی واقعے کی تحقیقات کرکے 5روز میں رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کرے گی۔

    ان کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ ناقابل برداشت جرم ہے، ملوث مافیا اب تک کئی گھر اجاڑ چکا ہے، اس مافیا کی سرکوبی کیلئے ایف آئی اے بلاامتیاز ملک گیر ایکشن لے۔

  • کویت: ٹریفک حادثے میں معروف پاکستانی شخصیت جاں بحق

    کویت: ٹریفک حادثے میں معروف پاکستانی شخصیت جاں بحق

    کویت: سکستھ رنگ روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں معروف پاکستانی شخصیت جان کی بازی ہار گئی، حادثے میں ان کی بیوی بھی شدید زخمی ہوئی، جنہیں اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنرل فائر فورس کے شعبہ تعلقات عامہ اور میڈیا کا کہنا ہے کہ سینٹرل آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کو کل صبح اطلاع موصول ہوئی کہ سکستھ رنگ روڈ پر دو گاڑیوں میں خوفناک تصادم ہوا ہے، جس کے بعد مشرف فائر اسٹیشن کو حادثے کے مقام پر روانہ کردیا گیا۔

    انتظامیہ کا کہنا تھا کہ فائر فائٹرز کے پہنچنے پر پتہ چلا کہ دو گاڑیوں کے درمیان تصادم ہوا ہے، جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کو محمد نعیم جان کے نام سے شناخت کیا گیا، ان کے ساتھ بیٹھی ان کی بیوی بھی حادثے میں شدید زخمی ہوئی ہیں۔

    فائر فائٹرز نے لاش کو برآمد کرنے اور اسے فرانزک افسران کے حوالے کرنے کا کام کیا جبکہ انہوں نے زخمی خاتون کو نکال کر ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز کے حوالے کر دیا۔

    ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے محمد نعیم جان کا شمار کویت کی ان معروف شخصیات میں ہوتا تھا جو دیار غیر میں رہ کر بھی ملک کا روشن کرتے تھے، مرحوم کا تعلق پشاور سے تھا جبکہ وہ روزگار کے سلسلے میں کویت میں سکونت اختیار کئے ہوئے تھے۔

    محمد نعیم جان کویت میں منعقد ہونے والے کسی بھی پاکستانی ایونٹ میں کسی نہ کسی صورت میں اپنا حصہ ضرور ڈالتے تھے، محمد نعیم جان کی اچانک موت پر ہر کویت میں مقیم ہر پاکستانی غمگین ہے۔

  • سعودیہ: ہولناک ٹریفک حادثہ، متعدد پاکستانی جاں بحق

    سعودیہ: ہولناک ٹریفک حادثہ، متعدد پاکستانی جاں بحق

    سعودیہ میں ایک افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے اوکاڑہ کے رہائشی ایک ہی خاندان کے دو سگے بھائیوں اور دو کزنوں سمیت 4 افراد زندگی کی بازی گئے۔ حادثہ گاڑی کا ٹائر بلاسٹ ہونے کے سبب پیش آیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بد قسمت گاڑی کا جیسے ہی ٹائر برسٹ ہوا تو پیچھے سے آنے والا تیز رفتار ٹرالر گاڑی پر چڑھ گیا۔

    خاندانی ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ افسوسناک حادثے میں طارق اور شکور نامی دو سگے بھائی اور رمضان اور اسد نامی نوجوان انکے کزن تھے، جبکہ کار میں نواز نامی ایک اور نوجوان بھی تھا جو شدید زخمی ہوا ہے۔

    حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے پانچوں نوجوان عمرہ پہ جانے کے لئے فنگر پرنٹس کروانے ریاض جا رہے تھے کہ حادثہ رونما ہوگیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے پانچویں نوجوان کی حالت بھی نازک ہے۔

    اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار پانچوں پاکستانی نوجوان روزگار کے حصول کے لئے سعودیہ میں مقیم تھے، ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی موت کے بعد پورے گاؤں میں سوگ کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔

    حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کے خاندان نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کے پیاروں کی لاشوں کو جلد از جلد پاکستان لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

  • اردن میں گھر میں آگ لگ گئی، 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی جاں بحق

    اردن میں گھر میں آگ لگ گئی، 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی جاں بحق

    عمان: اردن کے مغربی علاقے میں ایک گھر میں آگ لگنے سے 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی جاں بحق ہو گئے، جب کہ 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    ترک میڈیا کے مطابق مغربی اردن میں ایک زرعی اراضی میں بنی رہایش گاہ میں آتش زدگی کے باعث تیرہ پاکستانی جاں بحق ہو گئے ہیں، جن میں آٹھ بچے بھی شامل ہیں۔

    اردن کے سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ فارم ہاؤس میں آگ آدھی رات کے بعد لگی، شواہد بتاتے ہیں کہ آگ بجلی کے باعث لگی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ کرامہ قصبے کے متاثرہ گھر میں 2 پاکستانی خاندان رہایش پذیر تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہ کا حتمی علم نہیں ہو سکا ہے، واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے، جس کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ تین زخمی افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ اردن ویلی میں ہزاروں غیر ملکی مزدور نہایت خراب حالت میں نجی فارمز میں رہایش پذیر ہیں، یہ علاقہ پھل اور سبزیوں کی کاشت کے لیے زرخیز ہے۔ اردن حکام کے مطابق تقریباً 8 ہزار پاکستانی اردن میں رہایش پذیر ہیں اور ایگریکلچرل سیکٹر میں کام کر رہے ہیں۔

  • سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ،3پاکستانی جاں بحق

    سعودی عرب میں ٹریفک حادثہ،3پاکستانی جاں بحق

    سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں تین پاکستانی جاں بحق اور بیس زخمی ہوگئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس پاکستانی مسافروں کو لے کر جدہ سے مکہ جا رہی تھی، حادثے کے حوالے تفصیلات حاصل کرنے کے لئے سعودی عرب میں قونصل خانے سے رابطے میں ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔