Tag: پاکستانی جیلوں

  • پاکستانی جیلوں میں 261 بھارتی قیدی ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

    پاکستانی جیلوں میں 261 بھارتی قیدی ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : پاکستان نے جیل میں قید بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کردی ہے ، جس کے مطابق پاکستانی جیلوں میں 261 بھارتی قیدی ہیں، دونوں ممالک میں ہر 6 ماہ میں فہرستوں کا تبادلہ ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا پاکستان نے جیل میں قید بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کردی ہے، لسٹ آج اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کی گئی۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا پاکستانی جیلوں میں 261 بھارتی قیدی ہیں، بھارتی قیدیوں میں 52 سولین جبکہ 209ماہی گیرشامل ہیں ، معاہدے کے تحت دونوں ممالک میں ہر 6 ماہ میں فہرستوں کا تبادلہ ہوتا ہے۔

    خیال رہے دونوں ممالک معاہدے کے تحت سال میں دو مرتبہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کرتے ہیں۔

    دونوں‌ ممالک میں ایک دوسرے کے سیکڑوں شہری قید ہیں‌ جن میں بڑی تعداد ماہی گیروں‌ کی ہے جو سمندری حدود کی نشاندہی نہ ہونے کے سبب دوسرے ملک کی حدود میں‌ داخل ہوجاتے ہیں‌ جہاں‌ سمندری حدود کی خلاف ورزی پر میری ٹائم سیکیورٹی کے اہلکار انہیں‌ پکڑ کر لے جاتے ہیں۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک قید پاکستانیوں کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے وزارت خارجہ کو قید پاکستانیوں کی رہائی کا ٹاسک سونپ دیاتھا اور 40 دن میں دنیا بھر میں قید پاکستانیوں کی تفصیلات طلب کرلیں تھیں۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان کا بیرون ملک قید پاکستانیوں کے لیے بڑا قدم

    وزیراعظم آفس نے وزارت خارجہ کوقید پاکستانیوں کی رہائی پرخط لکھا تھا ، جس میں کہا گیا تھا بیرون ملک پاکستانیوں کی رہائی کے کےفوری اقدامات کیےجائیں، وزیراعظم آفس اور وزارت خارجہ کے درمیان ٹاسک مینجمنٹ سسٹم قائم کیا جائے۔

    خط میں کہا گیا تھا معمولی سزا یاجرمانہ نہ ادا کرنےوالوں کی رہائی کےفوری اقدامات کیےجائیں اور اچھے سفارتی تعلقات ہونےپرقیدیوں کی بلامعاوضہ رہائی کی بات کی جائے، جوخاندان جرمانےادا نہیں کر سکتے، حکومت ان کوادائیگی میں مدد کرے گی۔

  • پاکستان کا جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ

    پاکستان کا جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پاکستان نے جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ، قونصلر رسائی اس ماہ کے آخر تک دے دی جائے گی، پاکستانی جیلوں میں 537 بھارتی قیدی موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے علاقائی اور خطے میں پرامن ہمسائیگی کے لئے بڑا اقدام کرتے ہوئے پاکستانی جیلوں میں موجود بھارتی قیدیوں کوقونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ طریقے سے بھارت سے بات کی اور بھارت بچگانہ حرکتیں کرتا رہا۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایک سو دو بھارتی قیدیوں تک قونصلر رسائی کی اجازت دی، قیدیوں میں 100 کراچی اور 2 راولپنڈی کی جیلوں میں موجود ہیں، قونصلر رسائی اس ماہ کے آخر تک دے دی جائے گی۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی جیلوں میں 537 بھارتی قیدی موجود ہیں، امید ہے بھارت بھی 347 پاکستانی قیدیوں تک قونصلر رسائی دے گا۔

    سفارتی ذرائع نے کہا کہ اقدام دونوں ممالک میں اعتماد سازی کے لئے فائدہ مند ہوگا، قونصلر رسائی دینا پاکستان کا پرامن ہمسائیگی کی جانب ایک اور قدم ہے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان نے بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کردی

    خیال رہے پاکستان اور بھارت کے درمیان معاہدے کے تحت سال میں دو مرتبہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کیا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ یکم جنوری کو بھارت نے پاکستانی قیدیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی تھی، آٹھ جنوری کو مزید ایک سو چھیالیس بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا تھا، پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت ایک سو پینتالیس بھارتی ماہی گیروں کو اٹھائیس دسمبر کو رہا کیا تھا۔