Tag: پاکستانی حجاج

  • حج 2025: پاکستانی حجاج کو سب سے زیادہ کیا مشکلات پیش آئیں؟

    حج 2025: پاکستانی حجاج کو سب سے زیادہ کیا مشکلات پیش آئیں؟

    اسلام آباد (13 اگست 2025): رواں برس حج کے دوران پاکستانی حجاج کی شکایات سے وزیر مذہبی امور نے قومی اسمبلی میں جواب جمع کرا دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رواں برس حج کے دوران پاکستانی حجاج کرام کو سب سے زیادہ کیا مشکلات پیش آئیں اور کتنے حجاج نے شکایات کیں۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کرا دیا ہے۔

    وزارت مذہبی امور کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق رواں برس پاکستانی حجاج کی جانب سے 3267 شکایات موصول ہوئیں۔

    سب سے زیادہ 1322 حجاج کرام نے کمروں کی الاٹمنٹ اور صفائی وغیرہ سے متعلق شکایات کیں جب کہ 748 حجاج کی شکایات ٹرانسپورٹ مشکلات سے متعلق تھیں، جس میں بسوں کی تعداد، دیر سے آمد اور مزید اسٹاپ بنانے کے مطالبات پر مبنی تھیں۔

    وزارت مذہبی امور کے تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ 689 حجاج نے کھانے کے معیار، مینیو، معالج، شوگر لیول سے متعلق شکایات کیں۔ 508 حجاج کرام ایسے بھی تھے جنہوں نے موبائل فون نیٹ ورک، ایپس اور وائی فائی سے متعلق شکایات کیں۔

    تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ یہ شکایات آن لائن اور براہ راست جمع کرائی گئیں جن کو دور کرنے کے لیے موثر نظام اپنایا گیا اور شکایتی دفتر حجاج کرام کی شکایات دور کرنے کے لیے 24 گھنٹے کام کرتے رہے۔

    https://urdu.arynews.tv/hajj-2026-2nd-phase-of-receiving-applications-begins/

  • سعودی ایئر لائن نے پاکستانی حجاج کو خوش خبری سنا دی

    سعودی ایئر لائن نے پاکستانی حجاج کو خوش خبری سنا دی

    اسلام آباد: حج پروازوں سے متعلق وزارت مذہبی امور اور سعودی ایئر لائن کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے، سعودی ایئرلائن نے پاکستانی حجاج کوبہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سعودی ایئرلائن 35 ہزار پاکستانی سرکاری حجاج کرام کو سفری سہولیات فراہم کریگی۔

    وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستانی حجاج کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ سرکاری حج اسکیم میں 3 مرتبہ مدت بڑھانے کے باوجود کوٹہ مکمل نہ ہوسکا، 7 ہزار کم درخواستوں کی وصولی ہوئی۔

    ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے کوٹہ پورا کرنے کے لیے تیسری بار حج فارم جمع کرانے کی مدت بڑھائی تھی تاہم یہ حربہ بھی کام نہ آیا، حج درخواستوں کی تیسری مدت ختم ہونے تک 82 ہزار حج درخواست موصول ہوسکیں۔

    وزارت مذہبی امور نے تمام درخواست گزاروں کو کامیاب قرار دے دیا ہے، وزارت مذہبی امور نے 7 ہزار رہ جانے والے کوٹے کو پُرکرنے کیلیے سر جوڑ لیے ہیں۔

    حج پر جانے کے خواہشمند پاکستانی کب تک درخواست جمع کرواسکتے ہیں؟ اہم خبر

    ذرائع نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج درخواستوں کی دوبارہ وصولی کھولنے یا پرائیویٹ حج آپریٹرزکو کوٹہ دینے پرغور کیا جارہا ہے۔

  • پاکستانی حجاج کرام کے لئے اچھی خبر

    پاکستانی حجاج کرام کے لئے اچھی خبر

    مکہ مکرمہ : وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہٰ محمود کا کہنا ہے کہ پاکستانی حجاج کیلئے سعودی ٹیکسز میں مکمل چھوٹ یا نرمی کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہٰ محمود کی سربراہ رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر محمد سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستانی عازمین حج کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات کے حصول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ حجاج کیلئے سعودی ٹیکسز میں مکمل چھوٹ یا نرمی کیلئے کوشش کر رہے ہیں، جس پر سربراہ رابطہ عالم اسلامی کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود پاکستانی عوام کا حرمین شریفین سے لگاؤ قابل ذکرہے۔

    طلحہٰ محمود نے پاکستانی حجاج کو منیٰ عرفات میں سہولیات دینے والی جنوبی ایشیا طواف کمپنی کا دورہ کیا، جہاں ان کی ضیوف البیت سروسز کمپنی کے سربراہ اسامہ دانش سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں منیٰ عرفات میں خیموں، خوراک اور سفری سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

    وزیرمذہبی امور نے مشاعر کی سہولیات پر مبنی تھری ڈی ماڈلز اور آرکائیوز انکلوژر کا دورہ کیا اور ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور ڈائریکٹر حج مکہ فہیم آفریدی کو ہدایات جاری کیں۔

    طلحہٰ محمود کا کہنا تھا کہ امسال حج مکمل گنجائش پر ہوگا، کم قیمت میں اچھی سہولیات کے حصول کا چیلنج پورا کرنا ہوگا۔

  • سعودی حکومت رضامند، پاکستانی حجاج کے لیے دو بڑی خوش خبریاں

    سعودی حکومت رضامند، پاکستانی حجاج کے لیے دو بڑی خوش خبریاں

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب نے رواں برس کے لیے پاکستان کا حج کوٹہ بڑھا دیا جبکہ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ دینے کی تجویز تسلیم کرلی۔

    سرکاری نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اُن کی سعودی وزیر خارجہ سے گفتگو ہوئی جس میں انہوں نے حج کوٹہ بڑھانے کا اعلان کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے رواں برس حج کوٹہ 1 لاکھ 84 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ کردیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے وزیر خارجہ عادل الجبیر کو فون کر کے اُن کا اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

    وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ’حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: قومی حج پالیسی 2019 منظور، سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ، سہولیات پر سمجھوتا نہ کرنے کا اعلان

    دوسری جانب وفاقی وزیر برائے مذہبی امور  اور بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے عمران خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ سروس فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

    وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے دورہ پاکستان کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان سے درخواست کی تھی کہ سعودی پاکستانی حجاج کو آسان سہولیات فراہم کرے تاکہ سب آسانی کے ساتھ فریضہ مقدس ادا کرسکیں۔

    نورالحق قادری کا کہنا تھاکہ پاکستانی حجاج کو ویزہ اُن کی دہلیز پر ہی مل جائے گا، ابتدائی مرحلے میں ای ویزہ سروس لاہور اور اسلام آباد میں شروع کی جائے گی بعد ازاں کراچی میں بھی اسے شروع کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: دوسری بار عمرے پر جانے والے کو 2 ہزار ریال اضافی ادا کرنا ہوں گے، وفاقی وزیر

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی حجاج کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ انہیں ای ویزہ فراہم کیا جائے کیونکہ سعودی عرب کے ائیرپورٹس پر انتظار میں بہت زیادہ وقت لگ جاتا ہے۔

  • پاکستانی حجاج کے لیے ای ویزا جاری کرنے کا فیصلہ

    پاکستانی حجاج کے لیے ای ویزا جاری کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: سعودی عرب کی حکومت نے پاکستان کو ای ویزہ کی سہولت دینے کا عند یہ دیا ہے جس سے پاکستانی عازمین حج کو ویزہ انٹرنیٹ سے آن لائن دیا جاسکےگا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نےاس بات کی تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادر ی کا کہنا تھا کہ حکومت عازمین حج کو ای ویزہ کی فراہمی کا بندوست کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ڈالر کے حساب سے ہمارا حج دیگر ممالک سے سستا ہے۔

    حج کے اخراجات میں اضافے کی وضاحت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی اس کی بڑی وجہ ہے اور یہ کہ سعودی عرب نے بعض ٹیکسز عائد کیے ہیں اور ٹرین سروس کے ٹکٹس بھی مہنگے کیے ہیں ۔حجاج کی رہائش گاہیں بھی کچھ مہنگی ہو ئی ہیں جبکہ ہوائی جہاز کے ٹکٹس مہنگے ہونے کی وجہ سے بھی حج پیکیج میں اضافہ ہوا۔،

    وفاقی وزیر کے مطابق مکہ 23 سو ریال اور مدینہ میں 900 ریال میں رہائش گاہیں ہوں گی۔ اس وجہ سے 76 ہزار کا اضافہ ہوا ہے ۔تمام اخراجات ملاکر 1 لاکھ 57 ہزار اضافہ ہوجاتا ہے۔دوسری جانب 42 ہزار 426 فی حاجی سبسڈی گزشتہ حکومت نے دی ، ہم اس کلچر کو ختم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈالرز کے حساب سے ہمارا حج پیکج بھارت، بنگلہ دیش، ایران، ملائیشیا سے بھی کم ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہ سلمان دورہ پاکستان کے موقع پر ان سے پاکستان کے حج کوٹہ میں اضافے کی بات بھی کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بہتر سے بہتر حج کے لیے انتظامات کر رہے ہیں اور سعودی حکومت نے ہمیں بہترین انتظامات کی یقین دہانی بھی کروائی ہے ۔

    انہوں نے بتایا کہ روڈ ٹو مکہ منصوبہ کا سعودی حکومت کیساتھ معاہدہ ہوگیا ہے۔سعودی حکومت نے اس سال پاکستان کو روڈ ٹو مکہ منصوبے میں شامل کرلیا ہے۔لاہور اور کراچی سے روڈ ٹو مکہ منصوبے کا آغازہوگا۔ وزیر مذہبی امور کا کہنا تھاکہ پی آئی اے، سعودی ائر لائن اور ایئر بلیو حج آپریشن میں حصہ لیں گی۔