قصور: بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے سے ضلع بہاولنگر میں نچلے درجے کے سیلاب کے باعث دریائی بیلٹ میں فصلیں، ڈیرے زیرآب آگئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا بڑا سیلابی ریلہ پاکستانی حدود میں داخل ہوگیا، جس کے باعث دریائے ستلج میں نچلے درجے کا سیلاب آ گیا ہے اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا اخراج 70 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا۔
سیلابی ریلے سے قصور کی سیکڑوں ایکڑ فصلیں زیرِ آب آگئیں جبکہ درجنوں آبادیاں متاثر ہوئیں اور مقامی آبادی کی نقل مکانی جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کرکے وارننگ جاری کردی ہے اور دریائی بیلٹ سے لوگوں کو فوری انخلاء کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں : بھارت نے دریائے ستلج میں پانی چھوڑ دیا، الرٹ جاری
ریسکیو 1122 نے متاثرہ علاقوں میں بوٹ سروس شروع کر دی ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو دو وقت کا کھانا اور مویشیوں کے لیے چارہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔ ڈپٹی کمشنر قصور کے مطابق متاثرین کی ہر ممکن مدد اور حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تلوار پوسٹ پر ریسکیو، پولیس، ریونیو اور محکمہ انہار کے کیمپ بھی قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ امدادی سرگرمیوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔