Tag: پاکستانی زائرین

  • عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

    عراق جانے والے پاکستانی زائرین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

    اسلام آباد : عراق نے پاکستانی زائرین کیلئے ویزہ فیس ختم کردی اور اربعین کے دوران کوٹہ ایک لاکھ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق عراق کےوزیر اعظم محمدشیاع السودانی سے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں عراقی وزیر اعظم نے پاکستانی زائرین کیلئے ویزہ فیس ختم کرنے کی منظوری دے دی۔

    پاکستان زائرین کیلئے اربعین کے دوران کوٹہ 50 ہزارسے ایک لاکھ کرنے کی بھی منظوری دیتے ہوئے پاکستانی سرمایہ کاروں کو ایک ہفتے کے اندرالیکٹرانک ویزہ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    عراقی وزیر اعظم نے معمولی جرائم میں قید پاکستانیوں کی جلدرہائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

    اس موقع پر وزیرداخلہ راناثنااللہ نے کہا کہ پاکستان عراق سےبرادرانہ تعلقات کوانتہائی اہمیت دیتاہے، پاکستانی شہری کثیرتعدادمیں زیارات کیلئےعراق کارخ کرتے ہیں۔

    وزیر داخلہ نے عراقی وزیر اعظم کوپاکستان کے دورے کی دعوت بھی پیش کی ، جس پر عراق کے وزیر اعظم نے جلدپاکستان کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

  • خواتین گائیڈز کا تقرر اور جدید بس سروس: پاکستانی زائرین حج کو کیا کیا سہولیات دی جارہی ہیں؟

    خواتین گائیڈز کا تقرر اور جدید بس سروس: پاکستانی زائرین حج کو کیا کیا سہولیات دی جارہی ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب میں حج کے دوران پاکستانی زائرین کے لیے پاکستانی وزارت مذہبی امور اور حج مشن کی جانب سے خواتین گائیڈ تعینات کی گئی ہیں جبکہ خاص طور پر متعدد سہولیات کا بندوبست کیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق پاکستانی وزارت مذہبی امور اور حج مشن کے تحت عازمین حج کی رہنمائی کےلیے خواتین گائیڈ بھی تعینات کی گئی ہیں۔

    مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے باہر خواتین گائیڈ نماز جمعے کے بعد اپنے فرائض غیر معمولی لگن اور جانفشانی سے ادا کررہی ہیں۔

    پاکستانی وزارت مذہبی امور کے مطابق سیزنل ڈیوٹی اسٹاف کی ٹیمیں ایک حکمت عملی کے تحت مسجد الحرام کے داخلی دروازوں کے باہر پاکستانی عازمین کی رہنمائی کے لیے تعینات ہیں۔

    پاکستانی گائیڈز مسجد الحرام سے عازمین کو ان کی رہائش تک پہنچانے میں مدد کر رہے ہیں، ان کے مقرر کردہ بس اسٹاپ اور رہائشی سیکٹر تک پہنچانے میں معاونت کی جارہی ہے۔

    خیال رہے کہ مسجد الحرام کے اطراف پاکستانی عازمین کی رہنمائی کے لیے 50 سے زائد گائیڈز تعینات کیے گئے ہیں۔ مسجد الحرام کے 7 دروازوں اور کلاک ٹاور کے سامنے پاکستانی پرچم والی جیکٹ اور ٹوپی پہنے گائیڈ عازمین کی رہنمائی کر رہے ہیں۔

    علاوہ ازیں مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کو 24 گھنٹے ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔

    رہائشی سیکٹرز سے پاکستانی عازمین کو 190 جدید ترین مسافر بسیں مہیا کی گئی ہیں، حج سے قبل عازمینِ حج کی تعداد مکمل ہونے پر بسوں کی تعداد 360 تک پہنچ جائے گی۔

    مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کے لیے انتظامی لحاظ سے 9 رہائشی سیکٹرز قائم کیے گئے ہیں، مسجد الحرام کے اطراف میں اجیاد، غزہ، جرول اور کدی کے مقامات پر بس اسٹاپس بنائے گئے ہیں۔

  • بھارت کا پاکستانی زائرین کے ساتھ ناروا سلوک، اجمیر شریف عرس کیلئے ویزا دینے سے انکار

    بھارت کا پاکستانی زائرین کے ساتھ ناروا سلوک، اجمیر شریف عرس کیلئے ویزا دینے سے انکار

    اسلام آباد : بھارت نے اجمیر شریف روانگی کے منتظر پاکستانی زائرین کو عین وقت  پر  ویزا دینے سے انکار کردیا ، وزارت مذہبی امور نورالحق کا کہنا ہے کہ پاکستانی زائرین سےنارواسلوک کوبھارتی وزارت خارجہ سطح پراٹھایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق خواجہ غریب نوازمعین الدین چشتی کےآٹھ سودسویں عرس کااجمیرشریف میں آج آغازہوگا، دنیا بھرسےزائرین کی اجمیر شریف آمد جاری ہے ۔

    بھارت نے پاکستانی زائرین سے ناروا سلوک کرتے ہوئے ویزا دینے سے انکار کردیا ، پاکستانی زائرین نے 3 فروری کو حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے سالانہ عرس پر انڈیا روانہ ہونا تھا۔

    وزارت مذہبی انور کا کہنا ہے کہ بھارتی سفارتخانے نے عرس پر روانگی کیلئے تیار رہنے کا کہا تھا اور ویزوں کے اجراء سے عین وقت پر انکار کردیا، اجمیر شریف کی حاضری کیلئے ہندوستان حکومت سے جاری تمام ہدایات پر عمل کے باوجود آخری وقت پر انکار ناقابل فہم ہے۔

    نورالحق کا کہنا تھا کہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے مزار مقدس پر حاضری کے خواہشمند مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی، پاکستانی زائرین سے اس ناروا سلوک اور رویہ کو بھارت کے ساتھ وزارت خارجہ کے سطح پر اٹھایا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہمیشہ بھارتی ہندو اور سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے لیکن بھارت نے کرونا کا بہانہ بنا کر عین وقت پر دونوں ملکوں کے مابین زیارت پروٹوکول کی خلاف ورزی کی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گذشتہ 2 سال سخت کورونا پابندیوں کے باوجود مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے احترام میں ہندو اور سکھ یاتریوں کو ویزے  دیے ۔ جبکہ بھارتی سفارتخانے کی سستی کے باعث دور دراز علاقوں سے لاہور آنے والے سینکڑوں زائرین ذہنی اذیت کا شکار ہے۔

  • پاکستانی زائرین کو عمرے کی اجازت، سعودی سفیر  نے بڑی خوشخبری سنادی

    پاکستانی زائرین کو عمرے کی اجازت، سعودی سفیر نے بڑی خوشخبری سنادی

    اسلام آباد : سعودی سفیر نے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سے ملاقات میں عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عنقریب پاکستانی زائرین سے عمرہ کی پابندی اٹھا لی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری سے سعودی سفیر کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں عمرہ زائرین کیلئے فلائٹس کی بحالی اور پابندی والے ممالک سے نکالنے پر گفتگو ہوئی۔

    ملاقات میں پاک سعودی تعلقات اورباہمی دلچسپی کےامورپربھی تبادلہ خیال کیا گیا ، وفاقی وزیر مذہبی امور نے سعودی سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ وزارت مذہبی امور سعودی ہدایات پر ہر ممکن تعاون کرے گی۔

    سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ عمرہ آپریشن بحالی کامطالبہ جلدسعودی حکام کےسامنےپیش کیا جائے گا اور عنقریب پاکستانی زائرین سےعمرہ کی پابندی اٹھا لی جائے گی۔

    یاد رہے وزیراعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے پاکستان کی مدد کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے تھا کہ بہت جلد پاکستان سے بھی عمرہ زائرین اور فلائٹس کا سلسلہ شروع ہوگا۔

  • پاکستانی زائرین کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے پر عراق کی معذرت

    پاکستانی زائرین کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے پر عراق کی معذرت

    اسلام آباد: عراق نے پاکستانی زائرین کو بدتمیزی و تشدد کا نشانہ بنائے جانے پر پاکستان سے معذرت کرلی، واقعے میں ملوث ایئر ویز اور پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں پاکستانی زائرین سے بدتمیزی کرنے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے پر عراق نے پاکستان سے معذرت کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عراقی حکومت نے پاکستانی سفیر کے ذریعے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ایئر ویز اور پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے، عراقی حکام نے یقین دہانی کروائی ہے کہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ پاکستانی زائرین نے عراقی ایئر لائن میں ایئر کنڈیشنڈ خراب ہونے پر احتجاج کیا تھا جس پر انتظامیہ نے انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور بغداد ایئر پورٹ پر محصور کردیا تھا۔

    مسافروں کے مطابق عراقی پولیس نے پاکستانی مسافروں سے موبائل فون میں تشدد کی ویڈیو ڈیلیٹ بھی کروائی اور تمام مسافروں کا موبائل فون چیک کیا۔

    پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے بر وقت پہنچ کر مسافروں کو رہا کروایا، بعد ازاں پاکستانی مسافر پی آئی اے کی پرواز 409 کے ذریعے کراچی پہنچے۔

  • کراچی : عراقی پولیس کے تشدد کے شکار پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    کراچی : عراقی پولیس کے تشدد کے شکار پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

    کراچی : عراقی پولیس کے تشدد کے شکار پاکستانی زائرین کئی گھنٹوں بعد وطن واپس پہنچ گئے، زائرین نے عراقی ایئرلائن میں اے سی خراب ہونے پر احتجاج کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی کوششیں رنگ لے آئیں۔ عراق میں بغداد ایئرپورٹ پر پھنسے مسافر کراچی پہنچ گئے، پاکستانی زائرین نے عراقی ایئرلائن میں اے سی خراب ہونے پر احتجاج کیا تھا جس پر انتظامیہ نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور بغداد ایئر پورٹ میں محصور کردیا تھا۔

    پاکستانی مسافر کئی گھنٹے بعد پرواز آئی اے409 کےذریعےکراچی پہنچ گئے۔ مسافروں نے پاکستانی سفارتخانے اور اے آر وائی نیوز کا شکریہ ادا کیا۔

    وطن واپس پہنچنے والے مسافروں کے مطابق عراقی پولیس نے تین سے زائد مسافروں کو تشدد کا نشانہ بنایا، عمر رسیدہ مسافر سمیت خواتین مسافروں پر بھی تشدد کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز پرخبر نشرہوئی جس پر پاکستانی سفارت خانے نے ایکشن لیتے ہوئے عراقی حکام سے کامیاب مذاکرات کئے اور پرواز روانہ کی گئی۔

    مزید پڑھیں : پاکستان اور عراق کے درمیان مسافر کارگو سروس شروع کرنے پر غور

    مسافروں کے مطابق عراقی پولیس نے پاکستانی مسافروں سے موبائل فون میں تشدد کی ویڈیو ڈیلیٹ کروائی اور تمام مسافروں کا موبائل فون بھی چیک کیا۔

  • خواجہ غریب نوازؒ کا عرس : بھارت نے پاکستانی زائرین کو ویزے جاری نہیں کئے

    خواجہ غریب نوازؒ کا عرس : بھارت نے پاکستانی زائرین کو ویزے جاری نہیں کئے

    اسلام آباد : بھارت نے روائتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 805 ویں عرس کیلیے جانے والے زائرین کو تاحال ویزے جاری نہیں کیے، عرس کے آغاز میں صرف دو دن رہ گئے، ترجمان وزارت مذہبی امور نے حکومتی اعلان تک زائرین کو سفر سے منع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر اجمیر میں حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 805 ویں عرس کے آغاز میں صرف دو دن باقی رہ گئے لیکن اس کے باوجود بھارتی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان سے جانے والے زائرین کو ویزے جاری نہیں کیے جارہے۔

    بھارت کی جانب سے روایتی ٹال مٹول کے باعث ملک بھر سے زائرین کو ویزوں کا انتظار ہے، دس روزہ عرس 19 سے29 مارچ  تک بھارتی ریاست راجستھان کے شہراجمیر میں ہونا ہے۔

    پاکستانی زائرین کوعرس میں شرکت کیلئے18مارچ کو بھارت روانہ ہونا تھا جو اب تک روانگی کیلئے ویزوں کے منتظر ہیں۔

    اس حوالے سے ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ہرسال 500 پاکستانی زائرین اجمیر شریف عرس میں شرکت کیلئے بھارت روانہ ہواتے ہیں، دونوں ممالک کے زائرین 1974 کے معاہدے کے تحت اپنے اپنے مذہبی مقامات پر جاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت ویزوں کے حصول کیلئے بھارتی حکام سےمسلسل رابطےمیں ہے، پاکستانی زائرین حتمی اعلان تک لاہور کا سفر نہ کریں۔

    یاد رہے کہ عظیم صوفی بزرگ خواجہ معین الدین چشتیؒ کے عرس میں مسلمانوں کے علاوہ ہندو اور سکھ برادری بھی شرکت کرتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایران جانے والے 200 سے زائد زائرین سرحد پرپھنس گئے

    ایران جانے والے 200 سے زائد زائرین سرحد پرپھنس گئے

    تفتان : ایران سے پاکستان واپس آنے والے دو سو سے زائد زائرین پاک ایران سرحد پر پھنس گئے ہیں، جس میں ایک سو تین خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سے ایران مزارات کی زیارت کرنے کیلئے جانے والے دو سو سے زائد زائرین چار روز سے سرحد پر پھنسے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    پاکستانی زائرین کو ایرانی حکام نے سیکیورٹی اسکواڈ نہ ملنے کے باعث چار روز سے روکا ہوا ہے، زائرین کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کھانے پینے کا سامان ختم ہوگیا ہے اور شدید گرمی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    زائرین میں ایک سو تین خواتین اور پندرہ بچے بھی شامل ہیں، ذرائع کے مطابق حکام کی جانب سے اب تک سرحد پر پھنسنے والے زائرین کو نکالنے کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔