Tag: پاکستانی سفارتخانہ

  • پیرس میں اوورسیز پاکستانیوں اور سفارت خانے کے عملے کو بڑی مشکل کا سامنا

    پیرس میں اوورسیز پاکستانیوں اور سفارت خانے کے عملے کو بڑی مشکل کا سامنا

    کراچی: فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی سفارت خانے کا بینک اکاؤنٹ نہ ہونے سے ملازمین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیرس میں پاکستانی سفارتخانے کا بینک اکاؤنٹ نہ ہونے سے ملازمین مشکل میں پڑ گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سفارت خانے کی ترسیلات زر اور عملے کی تنخواہیں فرینکفرٹ کے نیشنل بینک آف پاکستان کے ذریعے ان کے ذاتی اکاؤنٹس میں آ رہی ہیں۔

    پیرس میں نیشنل بینک کی برانچ کی بندش سے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، ذرائع کے مطابق اکتوبر 2022 میں پیرس میں نیشنل بینک آف پاکستان کی برانچ کچھ وجوہ پر بند کر دی گئی تھی۔

    اب ذرائع نے امید ظاہر ہے کہ فرانس میں پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کے بعد قوی امید ہے کہ پیرس میں نیشنل بینک کی برانچ بھی دوبارہ سے بحال ہو جائے گی۔


    بڑی خبر: برطانیہ نے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دیں


    واضح رہے کہ پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، اور پاکستانی ایئر لائنز پر پابندیاں ختم ہو گئی ہیں۔ برطانوی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ پاکستانی ایئر لائنز اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت کی درخواست دے سکتی ہیں۔

    برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پابندیوں کے خاتمے کا فیصلہ ایوی ایشن سیفٹی میں بہتری پر یو کے ایئر سیفٹی کمیٹی نے کیا ہے، اب ایئر لائنز کو پروازوں کے لیے یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہوگی۔

  • جرمنی میں افغان شہریوں کی پاکستانی سفارتخانے کے باہر ہنگامہ، 2 افغانی گرفتار

    جرمنی میں افغان شہریوں کی پاکستانی سفارتخانے کے باہر ہنگامہ، 2 افغانی گرفتار

    جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں نے پاکستانی قونصل خانے کے باہر ہنگامہ کیا جس کے بعد 2 افغان شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں افغان شہریوں نے پاکستانی قونصل خانے پر دھاوا بول دیا، 8 سے 10 افغان شہریوں نے پاکستانی قونصل خانے کے اندر جانے کی کوشش کی۔

    افغان شہریوں نے فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے کی عمارت پرپتھراؤ بھی کیا، جرمن حکام نے افغان شہریوں کو قونصل خانے کے سامنے احتجاج کی اجازت دی تھی۔

    جرمن پولیس نے اس واقعے کے بعد 2 افغان شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ مزید گرفتاریوں کا امکان ہے، جرمن پولیس حکام ویڈیوز کی مدد سے مزید مظاہرین کی شناخت کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب پاکستانی سفارتی حکام نے برلن میں جرمن وزارت خارجہ کے سامنے یہ معاملہ اٹھایا ہے، جرمن حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتی حکام کو تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

  • پاکستانی ورثے کو محفوظ بنانے پر پاکستانی تاجر کی امریکن کانگریس میں پذیرائی

    پاکستانی ورثے کو محفوظ بنانے پر پاکستانی تاجر کی امریکن کانگریس میں پذیرائی

    واشنگٹن: پاکستانی ورثے کو محفوظ بنانے پر پاکستانی امریکی تاجر حفیظ خان کی امریکن کانگریس میں پذیرائی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رکن کانگریس جاسمین کروکٹ نے ایوان نمائندگان میں خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ورثہ محفوظ بنانے پر حفیظ خان کے اقدام کو سراہا۔

    خاتون رکن کانگریس کا کہنا تھا کہ حفیظ خان پاکستانی امریکن کمیونٹی کے لیے روشن مثال ہیں، انھوں نے پاکستانی سفارت خانے کی تاریخی عمارت کی فروخت کا سنا تو خصوصی دل چسپی لی، اوراس تاریخی عمارت کو خرید کر ثقافتی ورثے کوہمیشہ کے لیے محفوظ بنا لیا۔

    پاکستانی سفارت خانے کی ملکیت تاریخی اور قیمتی عمارت فروخت، خریدار کون؟

    واضح رہے کہ حفیظ خان نے پاکستانی سفارتخانے کی عمارت 71 لاکھ ڈالرز میں خریدی ہے۔

  • پاکستانی سفارت خانہ غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں مدد کر رہا ہے، سی این این

    پاکستانی سفارت خانہ غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں مدد کر رہا ہے، سی این این

    کابل: عالمی میڈیا پر کابل میں پاکستانی سفارت خانے اور پی آئی اے کی پذیرائی ہونے لگی ہے، امریکی میڈیا کمپنی سی این این نے کہا ہے کہ پاکستانی سفارت خانہ غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں مدد کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان سے نہ صرف پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے سفارت خانے اور قومی ایئر لائن نے متحرک کردار ادا کیا بلکہ اس دوران دیگر غیر ملکی شہریوں کے انخلا کے سلسلے میں بھی سفارت خانے اور ایئر لائن نے بہت مدد کی۔

    اس کارکردگی کو سراہتے ہوئے سی این این نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ غیر ملکی شہریوں کے انخلا میں مدد کر رہا ہے، اور انخلا میں معاونت کرنے کے لیے پاکستانی سفارت خانہ کھلا ہے۔

    سی این این نے کہا کہ پی آئی اے نے 1100 سے زائد لوگوں کو دو دنوں میں افغانستان سے بہ حفاظت نکالا، دوسری طرف پاکستانی سفارت خانہ بھی ترجیحی بنیادوں پر ویزے جاری کر رہا ہے۔

    طالبان نے واضح کیا تھا طاقت میں آئیں گے تو اتحادی حکومت بنائیں گے: پاکستانی سفیر

    رپورٹ میں‌ کہا گیا ہے کہ نکالے گئے لوگوں میں متعدد ممالک کے شہری شامل ہیں، جب کہ کئی ممالک اور بین الاقوامی ایجنسیوں نے پی آئی اے سے ان کے شہری نکالنے کے لیے مدد کی درخواست کی ہے، ان میں امریکا، فلپائن، کینیڈا، جرمنی، جاپان اور نیدرلینڈز شامل ہیں۔

    آج اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کابل میں موجود پاکستانی سفیر منصور خان نے بتایا کہ آج بھی ایک فلائٹ کابل گئی ہے، کل 2 مزید جائیں گی۔

    سفیر کے مطابق پاکستانی سفارت خانے نے 4 ہزار ویزے جاری کیے ہیں، 600 ویزے افغانستان میں کام کرنے والے صحافیوں کو دیے گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ہم نے افغان شہریوں کے لیے ویزا پالیسی میں گزشتہ سال تبدیلی کی تھی، اب ویزے کے لیے لوگ آ رہے ہیں لیکن بہت زیادہ تعداد میں نہیں۔

  • سعودی عرب میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت، وزیر اعظم کی ہدایت پر اہم کارروائی

    سعودی عرب میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت، وزیر اعظم کی ہدایت پر اہم کارروائی

    اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت پر سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارت خانے کے 3 سینئر افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں قائم پاکستانی سفارت خانے میں بدنظمی کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کے نوٹس پر شروع کی گئی تحقیقات مکمل ہو گئیں، رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دی گئی، جس میں غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

    یہ انکوائری رپورٹ وزیر اعظم انسپیکشن کمیٹی کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کا بھی جائزہ لیا، اور سفارت خانے کے 3 سینئر افسران مجرمانہ غفلت کے مرتکب پائے گئے۔

    انکوائری رپورٹ میں جن تین افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے ان میں سابق سفیر راجہ اعجاز علی، ڈپٹی ہیڈ آف مشن راجہ ذیشان، اور قونصلر سیکرٹیریٹ گروپ محمد اورنگزیب شامل ہیں۔

    وفاقی کابینہ نے کارروائی کی منظوری دے دی، 2 عہدے داران کو فوری وطن واپس پہنچنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    اس تحقیقاتی رپورٹ میں سعودی عرب میں قائم سفارت خانے کی سروسز بہتر بنانے سے متعلق 11 تجاویز بھی دی گئی ہیں۔

  • وزیر اعظم کا وژن، امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں ای کچہری

    وزیر اعظم کا وژن، امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں ای کچہری

    واشنگٹن: وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے غیر جانب دار اور شفاف گورننس کے وِژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں ای کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں وزیر اعظم عمران خان کے شفاف گورننس کے وژن کی عملی تفسیر پیش کرتے ہوئے ای کچہری منعقد کی گئی۔

    ای کچہری میں امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سنے گئے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے گئے، کچہری میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    اس موقع پر سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے لوگوں کو درپیش مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے تجاویز بھی لیں، انھوں نے کہا ای کچہری کا انعقاد ماہانہ بنیادوں پر ہر ماہ کے پہلے ہفتے کے روز کیا جائے گا۔

    سفیر پاکستان کا کہنا تھا امریکا میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

  • کورونا کے ممکنہ  پھیلاؤ کا خطرہ، امریکا میں  پاکستانی سفارتخانہ بند

    کورونا کے ممکنہ پھیلاؤ کا خطرہ، امریکا میں پاکستانی سفارتخانہ بند

    واشنگٹن : امریکا میں کورونا کیسز کے ممکنہ پھیلاؤ کے خطرات کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانہ بند کر دیا تاہم ویزہ یا پاسپورٹ کیلئے آن لائن سروس کھلی رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کیسز کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانہ بند کر دیا گیا ، ترجمان پاکستانی سفارتخانہ نے کہا پاکستانی سفارتخانہ آئندہ 3روز 4 سے 6 جنوری تک بند رہے گا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سفارتخانہ کوجراثیم کش اسپرے کرنے کے بعد کھول دیا جائے گا، 3 روز تک قونصلر سروسز بھی بند رہیں گی۔

    پاکستانی سفارتخانہ نے مزید کہا کہ سفارتخانے کے تمام عملے کا کورونا ٹیسٹ کرایا جائے گا تاہم ویزہ یا پاسپورٹ کیلئے آن لائن سروس کھلی رہے گی۔

    خیال رہے دنیا بھر میں امریکا کورونا سے متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہے، امریکا میں کورونا سے ریکارڈ 3900 اموات سامنے آئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ساڑھے 3 لاکھ سے زائد جبکہ کیسز کی تعداد 2 کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔

    امریکا کے ماہر وبائی امراض ڈاکٹر فاؤچی کا کہنا تھا کہ امریکا میں کلینیکل ٹرائلز کی ہدایات کے مطابق کورونا ویکسین دی جانی چاہیے ورنہ کورونا کی نئی قسم امریکا میں پھیل جائے گی۔

  • ریاض میں موجود پاکستانیوں کے لیے اہم اعلان

    ریاض میں موجود پاکستانیوں کے لیے اہم اعلان

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارتخانے نے پاسپورٹ، نادرا شناختی کارڈ، دستاویزات کی تصدیق اور کمیونیٹی ویلفیئر سے متعلق امور سمیت تمام خدمات بحال کردی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارت خانے نے ویزا سروسز کے علاوہ اپنی تمام قونصلر خدمات مکمل طور پر بحال کر دی ہیں۔

    بحال کی جانے والی خدمات میں پاسپورٹ، نادرا شناختی کارڈ، دستاویزات کی تصدیق اور کمیونیٹی ویلفیئر سے متعلقہ تمام سروسز شامل ہیں۔ سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قونصلر خدمات کے لیے ریاض ریجن میں مقیم پاکستانی پیشگی وقت لیے بغیر آسکتے ہیں۔

    بیان میں کمیونٹی سے درخواست کی گئی کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھیں۔

    یاد رہے کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد قونصلر خدمات کے لیے ہر روز سفارت خانے اور قونصلیٹ سے رجوع کرتی ہے۔

    سفارتخانے کا کہنا ہے کہ قونصلر خدمات کے لیے رجوع کرنے والے پاکستانی سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

  • کابل: پاکستانی سفارتخانے کے کلرک میں کرونا وائرس کی علامات

    کابل: پاکستانی سفارتخانے کے کلرک میں کرونا وائرس کی علامات

    کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتخانے میں تعینات کلرک میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں، مذکورہ ملازم کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارتخانے میں تعینات کلرک میں کرونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ انکشاف کے بعد کابل میں پاکستانی سفارتخانے کا ویزا سیکشن بند کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مذکورہ ملازم کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ افغانستان میں کرونا وائرس ٹیسٹ کرنے کی سہولت موجود نہیں، ویزا سیکشن کو ڈس انفیکٹ کرنے کے بعد کھول دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ افغانستان میں اب تک 8 کرونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے ایک ہرات، اور بقیہ 7 سمنگان صوبے میں موجود ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان میں بھی اب تک کرونا وائرس کے 19 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے بڑی تعداد سندھ، کراچی میں موجود ہے۔ پاکستان اور افغانستان میں سامنے آنے والے کرونا وائرس کے بیشتر مریض ایران یا شام سے واپس آئے ہیں۔

    دونوں ممالک سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 1 لاکھ 19 ہزار 217 ہوگئی ہے جبکہ 4 ہزار 299 اموات ہوچکی ہیں۔

    جان لیوا وائرس سے اب تک 66 ہزار 623 افراد علاج کے بعد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

  • حکومت سائنسی سفارت کاری کی طرف گامزن ہے: شاہ محمود قریشی

    حکومت سائنسی سفارت کاری کی طرف گامزن ہے: شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارتِ خارجہ میں سائنسی سفارت کاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سائنسی سفارت کاری کی جانب گام زن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے سائنسی سفارت کاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر معاشی سفارت کاری کا آغاز کیا تھا، آج سائنسی سفارت کاری کی طرف گام زن ہیں۔

    [bs-quote quote=”پاکستان کو اسموگ اور پانی کی کمی سمیت بہت سے ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وزیرِ خارجہ”][/bs-quote]

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے ہمارے ہاں صحت اور تعلیم پر کم توجہ دی جاتی رہی ہے، حالاں کہ ہمارے پاس بہترین لوگ ہیں جو ملک کے لیے سود مند ثابت ہو سکتے ہیں۔

    وزیرِ خارجہ نے کہا ’ہم نے ایڈوائزری کونسل برائے خارجہ امور میں ماہرین کو شامل کیا ہے، اپنے اہداف کے حصول کے لیے مشاورت اور باہمی تعاون کو جاری رکھنا چاہیے۔‘

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے مسئلے کی طرف توجہ کرنے اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت ہے ۔

    یہ بھی پڑھیں:  پالیسی سازی میں عالمی شہرت یافتہ سابق سفارت کاروں سے استفادہ کریں گے: شاہ محمود

    وزیرِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو اسموگ اور پانی کی کمی سمیت بہت سے ماحولیاتی چیلنجز کا سامنا ہے، مسائل سے نمٹنے کے لیے ہم نے سائنسی سفارت کاری کے پلیٹ فارم کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی وزیرِ خارجہ نے عالمی شہرت یافتہ سابق سفارت کاروں کے تجربات سے ملکی پالیسی سازی میں استفادے کی بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریٹائرڈ خارجہ سیکریٹریز سے مشاورت کا عمل جاری ہے، خارجہ پالیسی کے لیے ماہرین کی سفارشات پر عمل کیا جائے گا۔