Tag: پاکستانی سفارت خانہ

  • کابل میں‌ پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

    کابل میں‌ پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

    کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستان ہیڈ اف مشن عبید الرحمان نظامانی پر قاتلانہ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ایس آئی ٹی ای انٹیلیجنس گروپ‘ پر شائع بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کی علاقائی شاخ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ‘مرتد پاکستانی سفیر اور ان کے گارڈ پر حملہ کیا ہے۔‘

    یاد رہے کہ جمعے کو کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے کمپاؤنڈ پر حملہ کیا گیا تھا، جس کا نشانہ پاکستانی ناظم الامور عبید الرحمان نظامانی تھے، وہ اس حملے میں محفوظ رہے تھے، تاہم سیکیورٹی گارڈ گولیاں‌ لگنے سے شدید زخمی ہو گئے تھے۔

    کابل میں پاکستانی سفارتخانے پر حملہ‌: امریکا اور یواین سیکیورٹی کونسل کی سخت مذمت ، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

    اے ایف پی کے مطابق کابل پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اور جائے وقوعہ کے قریب عمارت سے دو ہتھیار بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ ماضی میں بھی افغانستان میں پاکستانی سفارت کاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

  • بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کی گرفتاری پر نئی دہلی میں پاکستانی سفارت خانے کا محاصرہ

    بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کی گرفتاری پر نئی دہلی میں پاکستانی سفارت خانے کا محاصرہ

    نئی دہلی: بھارتی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں کی گرفتاری پر نئی دہلی میں پاکستانی سفارت خانے کا محاصرہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے ایک بار پھر سفارتی آداب کی دھجیاں اڑا دیں، نئی دہلی میں پاکستانی سفارت خانے کا محاصرہ کر لیا گیا۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن دہلی کے افسران کو ہراساں کرنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کر دیاگیا، بھارتی ایجنسیوں کی جانب سےافسران کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ہائی کمشنر کی سرویلنس کی جا رہی ہے۔

    بھارتی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں کو پولیس نےگرفتار کرلیا

    خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج صبح تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والے بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کی گاڑی بی ایم ڈبلیو (QL-104) کی ٹکر سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا تھا۔

    بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں نے حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم موقع پرموجود شہریوں نے دونوں بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

    پولیس حکام کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ دونوں اہلکاروں کی شناخت سلوادیس پال اور دوامو براہمو کے نام سے ہوئی ہے۔

    بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ پھر شروع

    اس سے قبل رواں ماہ 4 جون کو بھارتی ایجنسیوں کے اہلکاروں نے نئی دہلی میں پاکستانی ناظم الامور و قائم مقام ہائی کمشنر سید حیدر شاہ کی گاڑی کا راستہ روک کر انہیں ہراساں کیا تھا۔

  • سعودی عرب: پاکستانی سفارت خانے میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تقریب

    سعودی عرب: پاکستانی سفارت خانے میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تقریب

    ریاض: سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفارت خانے میں منعقدہ تقریب میں سفارتی عملے کے علاوہ پاکستانی کیمونٹی نے بھی بھرپور شرکت کی۔

    فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطین کے نہتے عوام پر اسرائیلی فورسز کی جانب سے قتل عام اور بیت المقدس پر قبضہ انتہائی شرمناک عمل ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جس طرح امریکہ اسرائیل کو مضبوط بنا رہا ہے اور فلسطین کے مؤقف سے پیچھے ہٹ چکا ہے اس سے امریکی عزائم کھل کر پوری دنیا کے سامنے آگئے ہیں۔

    قائم مقام سفیر سردار خان خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی قوم اور حکومت ہمیشہ فلسطین کے مؤقف کی حمایت کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی ان کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔

    انھوں نے کہا کہ اقوام عالم کو بھی چاہیے کہ وہ فلسطینیوں کی زمین پر اسرائیلی قبضے اور اس کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کے بہتے ہوئے خون کا نوٹس لے۔

    امریکی سفارت خانے کی یروشلم منتقلی غیر قانونی ہے، سعودی وزیرخارجہ


    قائم مقام سفیر نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں پر اسرائیل کی جانب سے ہونے والے بد ترین مظالم کو روکے تاکہ فلسطینی بھی آزاد اور پُر امن ماحول میں زندگی بسر کر سکیں۔

    پاکستانی سفارت خانے میں منعقد ہونے والی اس تقریب سے ہیڈ آف چانسری سیف اللہ، تصدق گیلانی، ڈاکٹر آصف اور دیگر نے بھی خطاب کرکے فلسطینیوں کے ساتھ یک جہتی کا بھرپور اظہار کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ریاض: پاکستانی سفارت خانے میں میوزیکل شو منعقد ہوگا

    ریاض: پاکستانی سفارت خانے میں میوزیکل شو منعقد ہوگا

    ریاض: پاکستانی سفارت خانے میں میوزیکل شو منعقد کیا جائے گا جس میں کلاسیکل استاد حامد علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں 21 اکتوبر کو رنگا رنگ کلچرل اینڈ میوزیکل شو منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں ہزاروں پاکستانی شرکت کریں گے شو کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

    یہ میوزیکل ایونٹ سفارت خانہ پاکستان کے تحت پاکستان کی 70 ویں یوم آزادی کے حوالے سے دارالحکومت ریاض کے کنگ فہد کلچرل ہال میں منعقد ہوگا جہاں پاکستانی ثقافت کے رنگ نمایاں ہونگے وہیں پر معروف پاکستانی کلاسیکل گلوکار استاد حامد علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

    تقریب میں پاکستانیوں کے علاوہ دیگر ممالک کے سفیر اور سعودی حکومت کے اعلی حکام بھی شرکت کریں گے، اس حوالے سے سفارت خانہ پاکستان کے کیمونٹی ویلفئیر اتاشی محمود لطیف کا کہنا ہے کہ تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

  • سعودی عرب: پاکستانی سفارت خانے میں رنگا رنگ تقریب

    سعودی عرب: پاکستانی سفارت خانے میں رنگا رنگ تقریب

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارت خانے میں رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی سفیر سمیت ہم وطنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اس تقریب کا اہتمام خواتین کی تنظیم ہمنوا کے زیر اہتعمام کیا گیا جس میں سفیر پاکستان خان ھشام بن صدیق کے علاوہ سیکڑوں پاکستانی مردو خواتین نے بھرپور شرکت کی۔

    اس موقع  پر پاکستانی سفیر خان ھشام بن صدیق اور دیگر مقررین نے خواتین کے بارے میں کہا کہ پاکستانی خواتین نے سعودی عرب میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اب بھی پاکستانی خواتین تمام شعبہ ہائے زندگی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں اور ملک سے باہر پاکستان کا نام روشن کر رہی ہیں۔

    تقریب کے آخر میں طب کے شعبے میں نمایاں سرگرمیوں پرڈاکٹر ارم قلبانی کو یادگاری شیلڈ سے نوازا گیا تقریب میں پاکستانی اسکول کے بچوں نے مختلف ٹیبلو بھی پیش کیے اور ملی نغموں پر بھی حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔

  • سعودی عرب: پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی، ہم وطنوں‌ کی شرکت

    سعودی عرب: پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی، ہم وطنوں‌ کی شرکت

    ریاض: سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی کیمونٹی کے مرد و خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔

    سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ سفیر پاکستان خان ھشام بن صدیق نے پرچم کشائی کی۔

    سفارت خانہ کے ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خان ھشام بن صدیق کا کہنا تھا کہ پاکستان بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، ہم اقتصادی، معاشی اور دفاعی اعتبار سے مضبوط ہو رہے ہیں، ہمیں باہمی بھائی چارے اور یگانگت کو فروغ دیتے ہوئے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں بھی کھڑے ہونا ہے۔

    تقریب میں سفارت خانے کے عملے سمیت افواج کے بری، بحری اور فضائیہ کے افسران اور جوان بھی موجود تھے، فوجی بینڈ نے پاکستانی ملی نغموں کی دھن پیش کرکے ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔

  • کابل: پاکستانی سفارتخانے کے 2 لاپتہ اہلکار بازیاب

    کابل: پاکستانی سفارتخانے کے 2 لاپتہ اہلکار بازیاب

    اسلام آباد: افغان دارالحکومت کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے 2 لاپتہ اہلکاروں کو بازیاب کروالیا گیا۔ دونوں کو مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کے 2 اہلکاروں کو کابل ایئرپورٹ سے مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا۔ لاپتہ سفارتی اہلکاروں میں پروٹوکول آفیسر اور ڈرائیور شامل ہیں۔

    اہلکاروں کے اغوا میں مبینہ طور پر افغان خفیہ ایجنسی نیشنل ڈائریکٹوریٹ سیکیورٹی این ڈی ایس کا ہاتھ تھا۔ دونوں اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور 3 گھنٹے تک حراست میں رکھا گیا۔

    واقعے کے فوراً بعد پاکستانی سفارتخانے نے افغان حکام سے رابطہ کیا جس کے کچھ دیر بعد اہلکاروں کی بازیابی عمل میں آئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب: غیر قانونی مقیم پاکستانیوں‌ کی واپسی کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم

    سعودی عرب: غیر قانونی مقیم پاکستانیوں‌ کی واپسی کیلئے ہیلپ ڈیسک قائم

    ریاض: سعودی حکومت کی جانب سے غیر قانونی طریقے سے مقیم افراد کو 3 ماہ کے اندر اپنے ممالک میں جانے کی رعایت دینے کے حوالے سے پاکستانی سفارت خانے سمیت 7 شہروں میں ہیلپ ڈیسک قائم کردی گئیں۔


    یہ پڑھیں: سعودی عرب: غیرقانونی مقیم پاکستانیوں کو 3 ماہ میں ملک چھوڑنے کی رعایت


     ریاض میں پاکستانی سفارت خانے کے اعلامیے کے مطابق سعودی عرب میں بہت سے ایسے پاکستانی موجود ہیں جو غیر قانونی طور پر رہائش پذیر ہیں ان میں زیادہ تر افراد ،حج، عمرہ ،زائدالمیعادویزا، کفیل یا مختلف کمپنیوں سے بھاگے ہوے ہیں۔

    سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان سمیت تمام ممالک کے ایسے افراد کو سعودیہ عرب چھوڑنے کے لیے 3 ماہ کی رعایت دی گئی ہے اور اس سلسلے میں ریاض میں پاکستانی سفارت خانے سمیت سعودی عرب کے 7 شہروں میں فوکل پرسن بھی تعینات کر دیے ہیں۔

    سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ اگر 3 ماہ کے بعد بھی اگر کوئی غیر قانونی طریقے سے مقیم رہا تو اس کے خلاف سعودی حکومت سزا کے ساتھ بھاری جرمانے بھی عائد کرے گی۔

    قائم مقام پاکستانی سفیر نے اپنے شہریوں کو بر وقت سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام سفارتی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ ایسے تمام پاکستانیوں کے زائد المیعاد پاسپورٹوں کی مفت تجدید کرنے کے ساتھ سفری دستاویزات بھی فراہم کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں سعودی عرب کے مختلف شہروں میں سفارتی عملے کی ٹیمیں بھی دورہ کریں گی۔

  • کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستانی سفیر

    کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستانی سفیر

    ریاض : سعودی عرب میں پاکستانی سفیر منظور الحق نے کہا ہے کہ پوری امت مسلمہ اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے اور تحریک آزادی کشمیر کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔

    یہ بات انہوں نے ریاض میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر گزشتہ 70 برسوں سے حل طلب ہے۔

    سعودی عرب میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل کیا جانا چاہیے تاہم بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث یہ انسانی المیہ ہنوز تعطل کا شکار ہے۔

    پاکستانی سفیر منظور الحق نے کہا کہ پاکستان آزدی کشمیر کے حصول کے لیے ہمیشہ اپنے کشمیریوں بھائیوں کی اخلاقی اور سیاسی مدد کرتا رہے گا اور اپنے مظلوم کشمیریوں کا مسئلہ عالمی سطح پر اُٹھاتا رہے گا۔

    اس موقع پر انہوں نے جموں وکشمیر کے مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں قراردار پیش کی گئی جسے شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کر لیا آکر میں انہوں نے سعودی عرب کا کشمیریوں کے حق خودارادیت اور پاکستانی نقطہ نظر کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالٰی ہمیں وہ دن جلد دیکھنا نصیب کرے جب کشمیر آزاد ہو.۔