Tag: پاکستانی شناختی کارڈ

  • پاکستانی شناختی کارڈ جعل سازی سے حاصل کرنے والی 3 خواتین گرفتار

    پاکستانی شناختی کارڈ جعل سازی سے حاصل کرنے والی 3 خواتین گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے نے جعل سازی سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے والی 3 خواتین کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کی گلشن اقبال میں کی گئی ایک کارروائی میں تین مفرور خواتین پکڑی گئی ہیں، جن پر پاکستانی شناختی کارڈ جعل سازی سے حاصل کرنے کا الزام ہے۔

    گرفتار خواتین عائشہ ناز، حنا ناز، افشاں ناز کا تعلق بنگلادیش سے بتایا گیا ہے، جو ایف آئی اے کو 2022 سے مطلوب تھیں، ان خواتین ملزمان نے غیر ملکی ہونے کے باوجود قومی شناختی کارڈ حاصل کیے، ابتدائی تفتیش کے مطابق خواتین نے جعل سازی سے قومی شناختی کارڈز حاصل کیے ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق خواتین ملزمان نے ایجنٹ کی مدد سے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر برتھ اور ڈیتھ سرٹیفیکیٹ حاصل کیے تھے، ملزمان کو سیکریٹری یونین کونسل، رضویہ سوسائٹی، لیاقت آباد ٹاؤن نے برتھ ڈے اور ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری کیے، پھر ان جعلی دستاویزات کی مدد سے قومی شناختی کارڈ حاصل کر لیے۔

    ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ملزمان کی سہولت کاری میں ملوث عناصر کے خلاف بھی تحقیقات کو وسیع کر دیا گیا ہے، اور خواتین سے تفتیش کے دوران نادرا اہلکاروں کے ملوث ہونے کا تعین بھی کیا جائے گا، اور ملزمان کی نشان دہی پر مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

  • افغانیوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ

    افغانیوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ

    کراچی : افغان باشندوں کو پاکستانی شناختی کارڈ کے اجراء کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ایف آئی اے نے ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہوگئیں، ذمہ دار نادرا اہلکاروں کا تعین کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نادرا ذمہ داران نے افغان باشندوں کو شناختی کارڈ کے اجراء کیلئے پاکستانی خاندانوں کا رکن ظاہر کیا۔

    پاسپورٹ آفس سے ایک افغان سمیت دیگر ایجنٹوں کی گرفتاری کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا گیا، پاکستانی شناختی کارڈ کا حامل افغان باشندہ مجیب اللہ پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرنا چاہتا تھا۔

    مجیب اللہ کو جس پاکستانی خاندان کا رکن ظاہر کیا گیا نادرا سے اس فیملی کا ریکارڈ طلب کیا گیا، نادرا کی جانب سے ریکارڈ فراہمی کے بعد متعلقہ نادرا اہلکاروں کے بیانات لئے گئے۔

    مزید پڑھیں : افغانستان سے غیرقانونی طور پر آنیوالے درجنوں ازبک افغانی باشندے گرفتار

    تحقیقات کے آخری مرحلے میں مبینہ ملوث نادرا اہلکاروں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی، نادرا کی جانب سے بھی محکمانہ تحقیقات میں متعلقہ اہلکاروں کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔

  • دہشتگردوں کو شناختی کارڈ فراہم کرنے والا نادرا کا ملازم گرفتار

    دہشتگردوں کو شناختی کارڈ فراہم کرنے والا نادرا کا ملازم گرفتار

    لاہور: پولیس نے دہشت گردوں کو شناختی کارڈ تیار کرکے دینے والے نادرا کے ملازم کو گرفتار کرلیا اور اس کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

    مغل پورہ پولیس کے مطابق نادرا میں ڈیٹا انٹری آپریٹر شاہد کا دہشت گردوں سے رابطہ تھا اور اس نے دہشت گردوں سے اکانوے شناختی کارڈ بنانے کی ڈیل کی اور اکیس شناختی کارڈ تیار کرکے ان کے حوالے کیے۔

     ملزم کے مطابق اسے نہیں معلوم تھا کہ وہ دہشت گرد ہیں اس نے ایجنٹ سمجھ کر شناختی کارڈ بنائے اور اب تک چھ لاکھ روپے وصول کرچکا ہے۔

    ملزم کا کہنا ہے کہ اس کی محکمانہ کارروائی جاری تھی اسے ایک مہینہ پہلے پکڑا گیا اور اب پولیس کے حوالے گیا ہے۔