Tag: پاکستانی شہریوں کا قتل

  • ساراوان میں پاکستانی شہریوں کا قتل قابل مذمت ہے، ایران

    ساراوان میں پاکستانی شہریوں کا قتل قابل مذمت ہے، ایران

    تہران : ایرانی حکومت کی جانب سے ساراوان میں  9بے گناہ پاکستانی شہریوں کے قتل کی مذمت کی گئی ہے۔ 

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سرحد سے ملحقہ ایران کے علاقے ساراوان میں 9 پاکستانی مزدوروں کے قتل کے واقعے پر ایرانی وزارت خارجہ نے گہرے دکھ اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان ایرانی وزارت خارجہ ناصرکنعانی نے اپنے بیان میں کہا کہ متعلقہ حکام کی طرف سے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دشمنوں کو ایران، پاکستان برادرانہ تعلقات کو کسی صورت نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

    قبل ازیں پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی اپنے بیان میں ایران میں پاکستانی شہریوں کا قتل ہولناک اور قابل نفرت واقعہ قرار دیا۔

    ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان واقعے کی مذمت کرتا ہے۔ ہم ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، پاکستان نے واقعے کی تحقیقات اور گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کا محاسبہ کرنے پر زور دیا۔

  • ایران میں پاکستانی شہریوں کا قتل ہولناک اور قابل نفرت ہے، پاکستان

    ایران میں پاکستانی شہریوں کا قتل ہولناک اور قابل نفرت ہے، پاکستان

    اسلام آباد: پاکستانی دفتر خارجہ نے اپنے تازہ ترین بیان میں کہا ہے کہ ایران میں پاکستانی شہریوں کا قتل ہولناک اور قابل نفرت واقعہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان واقعے کی مذمت کرتا ہے۔ ہم ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ پاکستانی شہریوں کا ایران میں قتل ہولناک اور قابل نفرت واقعہ ہے۔

    ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے واقعے کی تحقیقات اور گھناؤنے جرم میں ملوث افراد کا محاسبہ کرنے پر زور دیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ زاہدان میں قونصلر اسپتال جارہے ہیں، جہاں زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ طویل مسافت اور حفاظتی امور کی وجہ سے چند گھنٹے میں پہنچ جائیں گے۔

    ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستانی قونصلر مقامی حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔ جرم کے مرتکب افراد کیخلاف کارروائی پر زور دیں گے۔ سنگین معاملے سے پوری طرح آگاہ ہیں اور اقدامات کررہے ہیں۔

    ممتاززہرابلوچ نے کہا کہ سفارتخانہ لاشوں کو جلد وطن لانے کی پوری کوشش کرےگا۔ بزدلانہ حملے پاکستان کو دہشت گردی سے لڑنے کے عزم سے نہیں روک سکتے۔

  • کینیڈا: ٹرک سے کچل کر 4 پاکستانی شہریوں کا قتل، ملزم کا فیصلہ سنا دیا گیا

    کینیڈا: ٹرک سے کچل کر 4 پاکستانی شہریوں کا قتل، ملزم کا فیصلہ سنا دیا گیا

    کینیڈا میں 2 سال قبل ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جب پاکستان سے تعلق رکھنے والے 4 افراد کو ٹرک سے کچل کر قتل کردیا گیا تھا، تاہم اب جیوری کی جانب سے گرفتار شخض کو مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 12 رکنی جیوری نے فیصلہ دیا کہ 22 سالہ ملزم نیتھینیل ویلٹمین نے جان بوجھ کر افضال فیملی کو موت کی نیند سلادیا تھا۔

    نیتھینیل ویلٹمین نے جون 2021 میں لاہور سے تعلق رکھنے والے خاندان فزیو تھراپسٹ سلمان افضال کی فیملی کو کینیڈا کے شہر لندن اونٹاریو میں ٹرک سے کچل دیا تھا۔

    سفاک ملزم نے ٹرک سے کچل کر سلمان افضال، ان کی اہلیہ، بیٹی اور والدہ کو بے رحمی سے قتل کردیا تھا، واقعے میں مقتول خاندان کا کمسن بیٹا زخمی بھی ہوا تھا۔

    مقامی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹرک سے روندنے والا دہشتگرد مذہبی تعصب میں مبتلا تھا جسے پولیس نے حراست میں لے کر مزید کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔