Tag: پاکستانی عازمین حج

  • پاکستانی عازمین کو لےکر پہلی حج پرواز 11جون کو صبح 3 بجے اسلام آباد پہنچےگی

    پاکستانی عازمین کو لےکر پہلی حج پرواز 11جون کو صبح 3 بجے اسلام آباد پہنچےگی

    اسلام آباد: پاکستانی حاجیوں کو لےکر پہلی حج پرواز11جون کو صبح 3 بجے اسلام آباد پہنچےگی، شارٹ حج کرنے والے 307 حاجی واپس آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حج کی سعاد حاصل کرنے والے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ 11 جون سے شروع ہوگا، حاجیوں کی وطن واپسی کیلئے سعودی عرب سے پروازوں کا آغاز 10 جون کی رات کو ہوگا۔

    پہلی حج پرواز 10 جون کی شب 11 بجکر 50 منٹ پر جدہ سے روانہ ہوگی، پہلی پرواز سے شارٹ حج کرنے والے 307 حاجی وطن واپس پہنچیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن مکمل

    11 جون کو 8 پروازوں سے حاجیوں کو واپس لایاجائے گا، ایک ماہ کے فلائٹ آپریشن میں سرکاری اسکیم کے تحت 88ہزار 390 حاجیوں کو واپس لایا جائےگا۔

    سرکاری حج اسکیم کے تحت جو لوگ حجاز مقدس روانہ ہوئے ہیں ان حاجیوں کو 342 پروازوں کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔

    https://urdu.arynews.tv/hajj-pilgrims-how-much-food-prepared-companies-provide/

  • مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین حج کو حرم شریف تک پہنچنے میں مشکلات

    مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین حج کو حرم شریف تک پہنچنے میں مشکلات

    پاکستان سے عازمین حج کی روانگی جاری ہے تاہم وہ پاکستانی عازمین جو مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں انہیں حرم شریف تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رواں برس حج کی ادائیگی کے لیے پاکستان سے عازمین کی روانگی جاری ہے اور اب تک ہزاروں عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں۔ تاہم مکہ مکرمہ میں مقیم پاکستانی عازمین حج کو حرم شریف تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    اس حوالے سے وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عازمین کے اکٹھے نکلنے کے سبب رش ہو جاتا ہے۔

    ترجمان کے مطابق بسوں کے تاخیر سے آنے کی بھی چند شکایات موصول ہوئی ہیں اور شکایات کے ازالے کے لیے بروقت اقدامات کیے جاتے ہیں۔ عازمین کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔

    دوسری جانب 67 ہزار نجی عازمین کا مسئلہ تاحال حل نہیں ہوسکا ہے۔ گزشتہ دنوں وزارت مذہبی امور نے ایک خط بھی سعودی حکام کو لکھا تھا، تاہم اب تک اس حوالے سے مزید کوئی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-67000-private-haj-pilgrims-ministry-ministry-of-religious-affairs-letter-to-saudia-arabia/

  • پاکستانی حکام کی بد انتظامی، منیٰ میں پاکستانی عازمین حج مشکلات سے دوچار

    پاکستانی حکام کی بد انتظامی، منیٰ میں پاکستانی عازمین حج مشکلات سے دوچار

    دنیا بھر سے لاکھوں فرزندان اسلام حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے مناسک حج ادا کرنے میں مصروف ہیں، ایسے میں اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ منیٰ میں پاکستانی عازمین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق پاکستانی حجاج کرام کو منیٰ میں مکتب فراہم نہیں کیا گیا جبکہ پاکستان کیلئے مختص مکتب میں دیگر ممالک کے عازمین موجود ہیں۔

    خیمے نہ ملنے کی وجہ سے پاکستانیوں نے پورا دن کڑی دھوم میں گزارا، عازمین بسوں اور خیموں کے باہر بیٹھے رہے جب کہ عازمین حج کو کھانا بھی فراہم نہیں کیا گیا۔

    یہ بھی شکایات سامنے آئی ہیں کہ منیٰ میں پاکستانی حج رضا کار بھی موجود نہیں، جس کے باعث پاکستان عازمین حج کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    واضح رہے کہ عازمین حج گزشتہ روز منیٰ پہنچے، رات کو وہیں قیام کیا، عازمین آج حج وقوف عرفہ کیلئے میدان عرفات روانہ ہونگے۔

    مسجد نمرہ میں امام کعبہ خطبہ حج دیں گے، اس کے بعد عازمین حج مزدلفہ میں مغرب، عشا کی نمازیں ایک ساتھ اداکرینگے۔

    حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کے لئے کنکریاں اکٹھی کریں گے، 10ذی الحجہ کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد عازمین جمرات روانہ ہوجائیں گے۔

    حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ آج ادا کیا جائے گا

    جمرات پر شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج قربانی کرینگے، اس کے بعد احراموں کو کھول دیا جائے گا۔

  • رواں سال  کتنے  پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے؟

    رواں سال کتنے پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے؟

    اسلام آباد: رواں سال کتنے پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے؟ اس حوالے سے تفصیلات آگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

    نجی حج کمپنیوں کے ذریعے 90 ہزار کے قریب پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے، چھ جون تک 236 حج پروازوں کے ذریعے 62 ہزار 5 سو عازمین کرام مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔

    پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 36 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچے ہیں، ترجمان مذہبی امورنے کہا کہ حج فلائٹ آپریشن 9 جون تک جاری رہے گا۔

    سعودی عرب میں ڈی جی حج اور پاکستان حج مشن کی سربراہی میں 6 ڈائریکٹرز مختلف شعبہ جات کے انتظامی امور کے ذمہ دار ہیں۔

    وزارتِ مذہبی امور کے 166 حج میڈیکل مشن کے 375 ڈاکٹرز اور سٹاف کو ذمہ داری دی گئی ہے ، پانچ سوگیارہ معاونین حج مکہ ، مدینہ اور جدہ میں 24 گھنٹے مصروف عمل ہیں۔

    مکہ مکرمہ کے مین کنٹرول شکایات منجمنٹ سیل، قائم کئے گئے ہیں اور کال سینٹر، گمشدگی و بازیابی، حرم گائیڈز، مدینہ روانگی و آمد سیل، وہیل چیئر ڈیسک، اکاونٹس سیل کام کر رہے ہیں۔

    ڈائریکٹر معاونین کے زیر انتظام مکہ کے 9 انتظامی سیکٹرز میں عازمینِ حج کی رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ کا نظام مصروف عمل ہیں۔

    ڈائریکٹر مانیٹرنگ کی سربراہی میں 902 نجی حج کمپنیوں کی مانیٹرنگ اور انکے ذریعے آنے والے قریبا 90 ہزار نجی حجاج کی شکایات کا اذالہ اور فیڈ بیک حاصل کیا جا رہا ہے، اب تک 457 نجی حج کمپنیوں کی مانیٹرنگ مکمل ہو چکی ہے، 85شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 78 کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔

    ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن کے زیر انتظام مکہ اور مدینہ میں ایک ایک مرکزی ہسپتال اور درجن بھر ڈسپنسریاں کام کر رہی ہیں ۔ وزارت کے نئے اقدام میں حج ڈیجیٹائزیشن ہیں۔

    پاک حج موبائل ایپ کے ذریعے عازمینِ حج کی تمام تر معلومات، راستوں کی رہنمائی، شکایات کا فوری ازالہ کیاگیا، شارٹ حج پیکیج بھی متعارف کیا گیا ہے، مصروفیت یا مختصر چھٹی کے باعث مقامی و سمندر پار پاکستانیوں کیلئے 20 تا 25 دن پر مشتمل شارٹ حج ہوگا۔

    ملک بھر میں تحصیل اور ضلع کی سطح پر ملٹی میڈیا کے ذریعے دو تربیتی ورکشاپس کا انعقادکیاگیا، تمام عازمین کرام کیلئے ایام حج میں منیٰ، عرفات، مذدلفہ اور جمرات کے درمیان مشاعر ٹرین کی سہولت میسرآئے گی۔

    تمام عازمینِ حج کیلئے مخصوص شناخت اور کیو آر کوڈ سے مزئین ایک بڑا ٹرالی بیگ، ایک ہینڈ کیری اور شوز بیگ، خواتین عازمینِ حج کیلئے پاکستانی پرچم والا ایک عدد سبز سکارف اور مرد عازمینِ حج کیلئے ایک عدد احرام بیلٹ میسر ہوگی۔

  • پاکستانی عازمین حج کے لئے بڑا اعلان

    پاکستانی عازمین حج کے لئے بڑا اعلان

    کراچی : سیکرٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹرعطا الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال عازمین حج کو سعودی ایئرپورٹ پر قطار میں نہیں کھڑا ہونا پڑے گا، کراچی ایئرپورٹ پر تمام سہولیات مل جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سیکرٹری وزارت مذہبی امور ڈاکٹرعطا الرحمان نے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ روٹ ٹومکہ پراجیکٹ کی بدولت کراچی میں ہی امیگریشن مراحل مکمل ہوں گے۔

    سیکرٹیری وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا کہ رواں برس عازمین حج کو کراچی ایئرپورٹ پر تمام سہولیات مل جائیں گی، عازمین حج کو سعودی ائرپورٹ پر قطار میں نہیں کھڑا ہونا ہوگا۔

    ڈاکٹرعطا الرحمان نے بتایا کہ کراچی سے مکہ تک روٹ کی توسیع کےمنصوبے کےسلسلےمیں سعودی وفد کو بریف کیا گیا ہے۔

    یاد رہے روٹ ٹو مکہ اقدام کا پائلٹ پراجیکٹ 2019 میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شروع کیا گیا تھا، جس کے بعد اب تک کل 22000 حجاج نے اس پروجیکٹ کے ذریعے سفر میں آسانی حاصل کی ہے۔

  • پاکستانی عازمین حج کو واجبات کی واپسی،  اہم خبر آگئی

    پاکستانی عازمین حج کو واجبات کی واپسی، اہم خبر آگئی

    اسلام آباد : وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے عازمین حج کو جلد اپنے واجبات بینکوں سے واپس نکلوالنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تمام نامزد بینک 28 جولائی تک رقوم کی واپسی کا عمل مکمل کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے حج درخواست گزاروں کو واجبات واپس لینے کی ہدایات دوبارہ جاری کرتے ہوئے کہا درخواست گزارجلد اپنے واجبات بینکوں سے واپس نکلوالیں۔

    ترجمان نے تمام نامزدبینکوں کو28جولائی تک رقوم کی واپسی کا عمل مکمل کرنےکی ہدایت کردی اور کہا وزارت نے بینکوں میں پیسے رکھنے یا نیا اکاؤنٹ کھلوانے کی ہدایت نہیں کی، نامزد بینک بلاکٹوتی تمام واجبات ادا کرنے کے پابند ہیں۔

    وزارت مذہبی امور کا مزید کہنا تھا کہ مشکل یاپریشانی کی صورت میں صارفین مذہبی امورکے شکایات نمبرپررابطہ کریں۔

    یاد رہے سعودی عرب کی جانب سے حتمی اعلان کیا گیا تھا کہ رواں سال محدود پیمانے پر صرف مقامیوں کو حج کی اجازت ہوگی جس کے بعد تمام رجسٹرڈ حج امیدواروں کو رقوم واپس کی جارہی ہے۔

    ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا کہ تمام درخواست گزاروں کو بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع دی جارہی ہے، واجبات کی نقد واپسی کے لیے درخواست گزار کا بینک آنا ضروری ہے۔

    بعد ازاں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ حج کی محدود پیمانے پر ادائیگی کے سعودی فیصلےکا خیر مقدم کرتے ہیں، یہ فیصلہ شریعت کےحکم اور موجودہ حالات کےعین مطابق ہے۔

  • پاکستانی عازمین حج کی معاونت کے لیے موبائل ایپ متعارف

    پاکستانی عازمین حج کی معاونت کے لیے موبائل ایپ متعارف

    اسلام آباد: وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے پاکستانی حجاج کرام  کے لیے موبائل ایپ متعارف کرادی جس کے ذریعے انہیں دورانِ حج معاونت فراہم کی جائے گی۔

    ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزارت نے زائرین سے درخواست کی ہے کہ وہ دورانِ حج ایپ سے استفادہ کرنے کے لیے  اینڈرائیڈ موبائل  استعمال کریں۔

    ایپ سے معاونت کس طرح ملے گی؟                                   

    پاک حج معاون نامی موبائل ایپلیکیشن کے لوکیٹر کو استعمال کر کے صارف منا کی رہائش گاہ، کیمپوں، مکتوں، ٹرین اسٹیشنز، مساجد، اسپتال سمیت منا اور مزدلفہ سمیت دیگر مقامات کی طرف آسانی سے جاسکے گا۔

    اپیلیکشن کے ذریعے مسجد الحرام کے اندرونی حصوں کی تھری ڈی زیارت کی جاسکے گی، اسی طرح ایپ کے ذریعے صارف کو زائرین، گروپ معلومات، عمارتوں اور سفر کی تفصیلات بھی فراہم کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: حجاج کرام کو آب زم زم کی فراہمی کیلیے ضروری اقدامات کیے جائیں، وزارت مذہبی امور

    زائرین کو اردو زبان میں رہنمائے حج، ارکان کی ادائیگی کے حوالے سے بھی معلومات اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ایپلیکیشن کے ذریعے حج کی تیاری بشمول عمرہ اور زیارت مدینہ کی ادائیگی کے طریقہ کار کے حوالے سے معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ عازمین کو ارکان کی ادائیگی یا کسی بھی حوالے سے پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    موبائل ایپ گوگل پلے اسٹور سے بالکل مفت ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔

    یاد رہے کہ حج فلائٹ آپریشن کا آغاز چار جولائی سے شروع ہوچکا، ملکی تاریخ میں پہلی بار روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت پاکستانی عازمین کی امیگریشن کا مرحلہ مقامی ائیرپورٹس پر ہی مکمل کیا جارہا ہے۔

  • 90 فیصد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہوگی،ذرائع

    90 فیصد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہوگی،ذرائع

    کراچی: پاکستان کو روڈ ٹو مکہ منصوبہ میں شامل کرنے سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی ، منصوبہ کے تحت رواں سال 90 فیصد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہوگی، اس سلسلے میں 14 رکنی اعلیٰ سطحی سعودی وفد یکم اپریل کو پاکستان پہنچے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی عازمین حج کے لئے بڑی خوشخبری آگئی، وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کے درمیان مذاکرات رنگ لے آئے ہیں، پاکستان کو روڈ ٹو مکہ منصوبہ میں شامل کرنے سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ، منصوبہ کے تحت رواں سال 90 فیصد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان میں ہو گی۔

    عازمین کو پہلے مر حلے میں اسلام آباد اور کراچی ایئر پورٹ پر ہی پری کلرینس کردی جائے گی، کراچی اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر سعودی امیگریشن کا عملہ عازمین کو دستاویزات دیکھ کر کلیرکرے گا۔

    سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان روڈ ٹو مکہ منصوبہ کو قابل عمل بنانے پر مشاورت ہوگی ، اس سلسلے میں 14 رکنی اعلیٰ سطحی سعودی وفد یکم اپریل کو پاکستان پہنچے گا، سعودی وفد ڈی جی پاسپورٹ سعودی عرب کی سربراہی میں پاکستان پہنچے گا۔

    سعودی وفد کی وزارت مذہبی امور، وزارت خارجہ، داخلہ، ایوی ایشن ڈویژن معاونت کریں گے، وفد چار پاکستانی ائیر پورٹس کا دورہ کرے گا اور اسلام آباد، لاہور، پشاور، کراچی ائیرپورٹس پر سہولیات کا جائزہ لے گا۔

    مزید پڑھیں : سرکاری حج اسکیم قرعہ اندازی: ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان

    خیال رہے روڈ ٹو مکہ منصوبہ میں پاکستان کو شامل کرنے کا پہلے اعلان ہوچکاہے۔

    یاد رہے چند روز قبل حکومت نے سرکاری اسکیم کے تحت حج قرعہ اندازی کر کے حج پر جانے والے ایک لاکھ 7 ہزار سے زائد خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔

    وزیرِ مذہبی امور کا کہنا تھا کہ حکومت کا سب سے بڑا انقلابی اقدام روڈ ٹو مکہ ہے، اس کا سعودی ولی عہد نے دورہ پاکستان میں وزیر اعظم کے مطالبے پر اعلان کیا، وزیر اعظم کی درخواست پر پاکستانی عازمین کو روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل کیا گیا ہے۔