Tag: پاکستانی فنکاروں

  • ملالہ یوسف زئی کا مستقبل میں پاکستانی فنکاروں کیساتھ کام کرنے کا عندیہ

    ملالہ یوسف زئی کا مستقبل میں پاکستانی فنکاروں کیساتھ کام کرنے کا عندیہ

    نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن اور فلم پروڈیوسر ملالہ یوسف زئی نے مستقبل میں پاکستانی فلم سازوں و فنکاروں کے ساتھ بھی کام کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

    کینیڈا میں ہونے والے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پاکستانی صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے ملالہ یوسف زئی نے مستقبل میں پاکستانی فلموں کو پروڈیوس کرنے سمیت اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا عندیہ دیا۔

    ملالہ نے کہا کہ میں نے پہلے بھی پاکستانی فلم کو سپورٹ کیا ہے اور جب بھی مجھے موقع ملتا ہے میں پاکستانی فلموں کو سپورٹ کرتی رہوں گی، ہر کسی کو پاکستانی فلموں، ڈراموں اور اداکاروں کو سپورٹ کرنا چاہیے۔

    ملالہ نے پاکستانی ڈراموں اور فلموں کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اچھے موضوعات پر ڈرامے اور فلمیں بنتی ہیں، اس لیے ہر پاکستانی کو کوشش کرنی چاہیے کہ وہ پاکستانی فلموں اور ڈراموں کو بطور ہدایت کار یا پروڈیوسر سپورٹ کرے یا پھر بطور مداح ڈراموں اور فلموں کو شوق سے ضرور دیکھیں۔

    نوبیل انعام یافتہ کارکن نے کہا کہ پاکستان میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے، شوبز انڈسٹری کی سپورٹ کرنے سے ہی اسے آگے لے کر جایا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی ماضی میں پاکستانی فلم ”جوائے لینڈ“ کو پروڈیوس کر چکی ہیں اور حال ہی میں بطور پروڈیوسر ان کی پہلی ہولی وڈ دستاویزی فلم ”دی لاسٹ آف دی سی ویمن“ کا ٹریلر بھی سامنے آیا تھا۔

  • پاکستانی فنکاروں نے بھارتی انڈسٹری کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا

    پاکستانی فنکاروں نے بھارتی انڈسٹری کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا

    لاہور: پاکستانی فنکاروں نے بھارتی جنگی جنون کے بعد انڈین فلم انڈسٹری کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا، اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ میں آئندہ کسی بھارتی فلم میں کام نہیں کروں گی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب کلچر کمیٹی کے زیر اہتمام بھارتی جنگی جنون اور پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی سے متعلق سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شرکت کی۔

    اس موقع پر پاکستانی گلوکارہ نے پاکستان کا مطلب کیا نعرہ لگا کر بھارت کو جواب دیا جبکہ نامور گلوکار وارث بیگ نے بھی نغمہ گن گنا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔

    نامور پاکستانی اداکارہ ریما نے کہا کہ ہماری یہی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے عمل، کردار،گفتگو ، لباس اور اپنے کام سے ملک و قوم کے لیے عزت کا باعث بنیں۔ پاکستانی اداکارہ میرا نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ کسی بھی بھارتی فلم میں کام نہیں کریں گی۔

    پنجاب کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان میزائل پروگرام رکھتا ہے، ہم نے ایٹم بم شبِ برات پر چلانے کے لیے نہیں بلکہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے بنایا۔اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے ایٹم بم استعمال کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ترنوالہ سمجھنے والی ہندوستانی قیادت یاد رکھے کہ وفاع وطن کیلئے بائیس کروڑ پاکستانی عوام ایک پیج پر ہیں۔