Tag: پاکستانی فٹبالر

  • پاکستانی فٹبالر ناروے میں غائب ہو گیا

    پاکستانی فٹبالر ناروے میں غائب ہو گیا

    اسٹریٹ چلڈرن فٹبال چیمپئن شپ کے لیے ناروے جانے والے مسلم ہینڈ کلب پاکستان کا کھلاڑی امان اللہ بلوچ وطن واپس آنے کے بجائے ناروے میں ہی غائب ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ناروے میں ہونے والی اسٹریٹ چلڈرن فٹبال چیمپئن شپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل مسلم ہینڈ کلب پاکستان کے کھلاڑی امان اللہ بلوچ وطن واپسی کے بجائے ناروے میں ہی غائب ہو گئے ہیں۔ معاملے کی تحقیقات نارویجین پولیس اور پاکستانی سفارتخانہ کر رہا ہے۔

    امان اللہ کا تعلق لیاری کے علاقے سنگو لین سے ہے اور وہ مسلم ہینڈ کلب کے ہمراہ اسٹریٹ چلڈرن فٹبال چیمپیئن کھیلنے کیلیے ناروے گئے تھے لیکن ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی وہ ٹیم کو چھوڑ کر چلے گئے۔

    اطلاعات کے مطابق اوسلو میں ٹیم کے اعزاز میں تقریب رکھی گئی تھی، جس کے دوران امان اللہ فون پر بات کرتے ہوئے بلڈنگ سے باہر گئے اور ٹیکسی میں بیٹھ کر روانہ ہوگئے۔

    ٹیم مینجمنٹ کے مطابق یہ کیس نارویجین پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور پاکستان ایمبیسی بھی اس معاملے کو دیکھ رہی ہے۔

    فٹبالر کے اہل خانہ سے رابطہ کرنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن وہ اس بارے میں بات کیلیے تیار نہیں ہیں۔

    واضح رہے کہ دو ماہ کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے جب کوئی پاکستانی کھلاڑی کسی دوسرے ملک میں سلپ ہوا ہے۔ اس سے قبل ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں پنجاب کے 2 ایتھلیٹس جرمنی میں غائب ہوگئے تھے۔