Tag: پاکستانی قوم

  • ’’پاکستانی قوم بھارتیوں سے زیادہ خوش‘‘ اقوام متحدہ کی خوش ممالک کی نئی فہرست جاری

    ’’پاکستانی قوم بھارتیوں سے زیادہ خوش‘‘ اقوام متحدہ کی خوش ممالک کی نئی فہرست جاری

    اقوام متحدہ نے دنیا کے سب سے زیادہ خوش ممالک کی فہرست جاری کر دی ہے پاکستان نے پھر بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

    اقوام متحدہ کی جانب سے دنیا کے سب سے زیادہ خوش ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے۔ فن لینڈ کو مسلسل آٹھویں مرتبہ دنیا میں سب سے زیادہ خوش رہنے والے لوگوں کا ملک قرار دیا گیا ہے۔

    اس فہرست میں پاکستان نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور پاکستانی لوگ بھارتی عوام سے زیادہ خوش رہنے والے شہری قرار دیے گئے ہیں۔ پاکستان 108 جب کہ بھارت 126 نمبر پر موجود ہے۔
    فہرست میں برطانیہ اور امریکا ٹاپ 20 ممالک میں جگہ نہ بنا سکے۔ امریکا کو 24 واں نمبر ملا ہے جو اس کی اب تک اس فہرست میں سب سے کم ترین سطح ہے۔

    اقوام متحدہ کی جاری فہرست کے مطابق فن لینڈ پہلے، ڈنمارک دوسرے، آئس لینڈ تیسرے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد سوئیڈن، نیدر لینڈ، کوسٹاریکا، ناروے، اسرائیل، لیسمبرگ اور میکسیکو بالترتیب چوتھے سے 10 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

    یہ نتائج 140 ممالک کے گیلپ ورلڈ پول پر مبنی ہیں۔ خوشی کی رپورٹ میں چھ اہم عوامل سماجی آسودگی، آمدنی ، صحت،آزادی اور امن وامان کو شامل کیا گیا ہے۔
    فہرست کے مطابق سب سے ناخوش ممالک میں افغانستان کا نمبر آتا ہے جو خوش ممالک کی فہرست میں سب سے نیچے 147 ویں نمبر پر ہے۔

    اس کے بعد سیرالیون، لبنان، مالاوی اور زمبابوے سب سے زیادہ ناخوش ممالک میں شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ ہر سال 20 مارچ کو خوشی کے عالمی دن کے موقع پر دنیا کے خوش ترین ممالک کی فہرست جاری کرتی ہے۔

  • ’پوری پاکستانی قوم اپنے حقوق کیلئے اٹھ کھڑی ہو‘

    ’پوری پاکستانی قوم اپنے حقوق کیلئے اٹھ کھڑی ہو‘

    اسد قیصر نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم اپنے حقوق کیلئے اٹھ کھڑی ہو، آئین پر ڈاکا ڈالا گیا، 26ویں ترمیم نے رہی سہی کسر بھی ختم کردی۔

    پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ آئین تمام سیاسی جماعتوں نے مشترکہ طور پر بنایا تھا، 26ویں ترمیم کے ذریعے عدلیہ کے اختیارات بھی ایگزیکٹیو کو دے دیے گئے، عدالتیں اپاہج ہورہی ہیں، وکلا اور بار سے پوچھتا ہوں کیا ضمیر نہیں جاگ رہا۔

    اسد قیصر نے کہا کہ عدالتوں کی حفاظت کیا ہم سب کی ذمہ داری نہیں ہے، مصطفیٰ نواز کھوکھر کا شکریہ کہ وہ آئین کی بحالی کیلئے ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے۔

    تمام اسٹیک ہولڈرز، سیاستدان، مزدوروں اور طلبہ سمیت سب کو متحد کررہے ہیں، آئین کی حکمرانی ہوگی تو کوئی قانون سے بالاترنہیں ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ افغانستان کیساتھ سرحد پر جو ہو رہا ہے بہت تشویشناک ہے، کسی کو احساس ہی نہیں ہے کہ افغانستان کیساتھ سرحد پر کیا ہورہا ہے،خیبر پختونخوا حکومت کو ناکام کرنے کیلئے تمام حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔

    اسد قیصر نے کہا کہ کےپی کی عوام سے انتقام لیا جارہا ہے کیونکہ انھوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، بانی پی ٹی آئی آئین و قانون کی بالادستی کیلئے جیل میں ہیں۔

  • 2024: پاکستانی قوم کو ان کھیلوں سے خوشیاں ملیں جنہیں ہمیشہ نظر انداز کیا گیا!

    2024: پاکستانی قوم کو ان کھیلوں سے خوشیاں ملیں جنہیں ہمیشہ نظر انداز کیا گیا!

    آج 2024 کا سورج ہمیشہ کے لیے غروب ہو جائے گا۔ اس سال پاکستانی قوم کو ان کھیلوں سے زیادہ خوشیاں ملیں جنہیں ہمیشہ نظر انداز کیا گیا۔

    ایک اور سال رخصت ہو رہا ہے۔ دنیا 2024 کو الوداع کہنے کے ساتھ نئے سال 2025 کو خوش آمدید کہنے کی تیاریاں کر رہی ہے۔ ہر گزرتا سال ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ اپنی کارگزاریوں پر نظر ڈالیں اور ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے نئے اہداف کا تعین اور مستقبل کی منصوبہ بندی کریں۔

    جب بات ہو زندگی کے مختلف شعبوں کی تو کھیل بھی ان میں سے ایک شعبہ ہے۔ کھیل ہمیں صرف تفریح فراہم نہیں کرتا، بلکہ یہ ایک صحت مند معاشرے کی نشانی بھی ہے۔ کہتے ہیں کہ جہاں کھیل کے میدان آباد ہوں وہاں اسپتال ویران ہوتے ہیں اور یہ درست بھی ہے، اس کے ساتھ ہی کھیل نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کا سبب بھی ہوتے ہیں۔

    پاکستان کا قومی کھیل یوں تو ہاکی ہے جب کہ سب سے مقبول کرکٹ کا کھیل ہے۔ لیکن جب ہم بات کریں گے سال 2024 میں کارکردگی کی تو پاکستانی قوم کو زیادہ خوشیاں ان کھیلوں نے دیں۔ جو بدقسمتی سے نہ تو ہمارے ہاں عوامی سطح پر پذیرائی رکھتے ہیں اور نہ ہی حکومتی سطح پر ان پر کوئی خاص توجہ دی جاتی ہے۔ ان تمام تر تلخ حقائق اور مشکلات کے باوجود ان کھیلوں میں کھلاڑیوں کا بیرون ملک سبز ہلالی پرچم اور قوم کا سر فخر سے بلند کرنا یقیناً قابل ستائش ہے۔

    سال 2024 میں کھیل کے میدان سے ہمیں سب سے بڑی خوشخبری فرانس میں ہونے والے پیرس اولمپکس سے ملی۔ پاکستانی اپنا جشن آزادی ہر سال 14 اگست کو مناتے ہیں اور رواں سال اس جشن سے قبل 8 اگست کو پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو مقابلے میں ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت کر قوم کو جشن آزادی کی دُہری خوشیاں منانے کا موقع فراہم کیا۔

    ارشد نے 92.97 میٹر کی تھرو کر کے نہ صرف اولمپکس کی حالیہ 118 سالہ تاریخ کا ریکارڈ توڑا بلکہ ان کی اس غیر معمولی تھرو کو اب تک دنیا کی چھٹی بہترین تھرو بھی قرار دیا گیا۔ پاکستان کی 77 سالہ تاریخ یہ پہلا انفرادی اولمپک گولڈ میڈل ہے۔

    صدر آصف زرداری کا ارشد ندیم کیلئے بڑے انعام کا اعلان قومی ایتھلیٹ کی خوشی دوبالا ہو گئی

    قومی ہیرو کی اس کام یابی کے ساتھ ہی وطن عزیز کے لیے گولڈ میڈل لانے کا 40 سالہ قحط بھی ختم ہوا۔ اس سے قبل آخری بار گولڈ میڈل 1984 کے اولمپک میں قومی ہاکی ٹیم نے حاصل کیا تھا۔ حکومت نے اس تاریخی کارنامے پر ارشد ندیم کو سب سے دوسرے بڑے سول اعزاز ہلال امتیاز سے بھی نوازا۔ اس کے بعد پیرالمپکس میں پاکستان کے حیدرعلی نے بھی کمال کیا اور ڈسکس تھرو میں کانسی کا تمغہ جیتا۔

    اب ہم رخ کریں اسکواش کورٹ کا تو یہ وہ کھیل ہے جس میں پاکستان کا ماضی کافی روشن رہا ہے۔ اس ملک نے روشن خان، جہانگیر خان، جان شیر خان جیسے کھلاڑی دیے، جنہوں نے دو دہائیوں تک پاکستانی پرچم کو دنیا میں بلند رکھا، لیکن جان شیر خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد اس کا حال بھی کچھ قومی کھیل ہاکی کی طرح ہوا۔ تاہم 2024 میں اسکواش کورٹ سے جیت کی کرن پھوٹنے کے بعد تاریکی چھٹنے اور روشن مستقبل کی صبح نو کی امید ہو چلی ہے۔

    2024 میں اسکواش کے کورٹ کے کئی اچھی خبریں قوم کو ملیں۔ جہاں میلبرن میں ہونے والی ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں نوجوان حمزہ خان نے مصر کے محمد ذکریا کو ہرا کر 37 سال بعد پاکستان کو چیمپئن بنایا، وہیں سنگاپور جونیئر اسکواش اوپن چیمپئن شپ میں پاکستان کی ماہ نور علی نے چین کی فینک چن کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔ پاکستان کے 13 سالہ حذیفہ شاہد نے جاپان میں کھیلی گئی جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت کر ملک وقوم کا نام روشن کر دیا۔

    یہ سال پاکستان کے لیے اسنوکر کے حوالے سے بھی اچھا رہا۔ کیوئسٹ محمد آصف نے اسنوکر کا عالمی چیمپئن بن کر سبز ہلالی پرچم اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

    قطر میں کھیلی گئی ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف نے ایران کے علی غاراگوزلو کو پانچ تین سے شکست دے کر تیسری بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے روایتی بھارتی حریف پنکج ایڈوانی کا تین مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ بھی برابر کیا۔

    پاکستان کے ابھرتے ہوئے مکسڈ مارشل آرٹ کھلاڑی شاہ زیب رند نے اسی سال ورلڈ کراٹے چیمپئن شپ جیت کر قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیریں۔ انہوں نے سنگاپور میں ہونے والی کراٹے کمبیٹ چیمپیئن شپ (KC-49) کے فائنل مقابلے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد برازیلین حریف ’’برونو ایسیس‘‘ کو شکست دی اور کراٹے کومبیٹ انٹیرم چیمپئن کا بیلٹ اپنے نام کیا۔

    پاکستان پہلی ورلڈ بیچ کبڈی چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیتنے میں کامیاب ہوگیا۔ ایران میں ہونیوالے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کو میزبان ملک سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    ورلڈ بیچ کبڈی چیمپئن شپ کے فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد ایران کو چھ پوائنٹس سے کامیابی ملی، پاکستان کے خلاف ایران کی کامیابی کا اسکور 41-45 رہا۔

    یہ بھی سنیے: سال 2024 پاکستان میں کھیلوں کے لیے کیسا رہا؟

     

    اس کے علاوہ کولمبو میں کھیلی گئی ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے تین گولڈ میڈل اور ایک سلور میڈل اپنے نام کیا ہے۔ ارشاد علی، سیف اللہ نے گولڈ میڈل جب کہ قومی ویمن ایتھلیٹ آرزو نے جونیئر کیٹیگری میں ایک سلور میڈل جیت لیا۔

    نوح دستگیر نے تاشقند میں ہونے والے ایشین پاور لفٹنگ مقابلوں میں 400 کلو گرام وزن اٹھا کر ایشین ریکارڈ قائم کر کے نئی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے120 کلو گرام سے زائد کٹیگری میں گولڈ میڈل جیتنے کے ساتھ ایک اور کٹیگری میں سلور میڈل بھی جیتا۔

    سال کی آخری ایام میں جہاں پاکستان کے ننھے محمد ابراہیم انفرادی طور پر گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے والے دنیا کے سب کم عمر مارشل آرٹس کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس ہونہار نونہال نے صرف 6 سال کی عمر میں ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا تو دوسری جانب پاکستائی روئرز نے تھائی لینڈ انٹرنیشنل روئنگ مقابلوں میں دھوم مچاتے ہوئے 9 گولڈ میڈل جیتے۔

    ان کھیلوں میں شاندار اور ناقابل فراموش کارکردگی کے بعد کھلاڑیوں کا وطن واپسی پر شاندار استقبال ہوا۔ حکومت اور نجی سطح پر کھلاڑیوں کو کئی اعزازات اور انعامات سے بھی نوازا گیا لیکن یہ سلسلہ یہی پر تمام نہیں ہونا چاہیے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ان کھیلوں کے فروغ پر بھی توجہ دے۔ حکومتی وسائل اجازت نہ دیں تو نجی اداروں کو شراکت دار بنا کر کھیل اور کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ کامیابیوں کا یہ سلسلہ یہیں نہ رکے بلکہ دراز ہوتا رہے۔

  • کشمیری،پاکستانی قوم اور مسلح افواج سب ایک ہیں،وزیر خارجہ

    کشمیری،پاکستانی قوم اور مسلح افواج سب ایک ہیں،وزیر خارجہ

    مظفرآباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیری،پاکستانی قوم اور مسلح افواج سب ایک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لائن آف کنٹرول پر مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نہتے، مظلوم لوگوں کوگولیوں کا نشانہ بناتے ہیں،آپ کے درمیان بیٹھے یہ زخمی اشخاص ان مظالم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں آپ کے عزم و ہمت اور حوصلے کی داد دیتا ہوں،انشا اللہ فتح آپ کی ہوگی کیونکہ آپ حق پر ہیں، یہ اور بات ہے کہ دنیا تجارتی،دیگر مصلحتوں کے تحت کھل کر آواز بلند نہیں کرتی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ،عسکری وسیاسی قیادت مسئلہ کشمیر پر اتفاق رائے رکھتے ہیں،ہم آپ کی آواز کو دنیا کے ہر فورم پر اٹھائیں گے،عمران خان بطور سفیر اور میں کشمیریوں کا مقدمہ ہر فورم پر لڑ رہے ہیں، ہم آپ کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑیں گے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت جھوٹا تاثر دے رہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر ہیں،اگر حالات معمول پر ہیں تو مساجد کے تالے کھول دو؟ حالات معمول پر ہیں تو شہدا کی میتیں کیوں واپس نہیں کر رہے؟

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوج بلا وجہ تعینات نہیں کی، بھارت نفسیاتی طور پر انحطاط کا شکار ہو رہا ہے،نفسیاتی طور پر کشمیری فتح یاب ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیری، پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہم سب ایک ہیں۔وزیر خارجہ کا خطاب کے دوران کہنا تھا کہ کشمیر ہائی وے اب سری نگر ہائی وے کہلائےگی،ہماری منزل سری نگر ہے،وہ دن دور نہیں جب کشمیری سری نگر جامع مسجدمیں شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔

  • دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے، عثمان بزدار

    دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ زبردست عوامی اجتماعات سے کھلا پیغام گیا کہ پاکستان اور کشمیرجد انہیں ہوسکتے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم یکجہتی کشمیرشاندارطریقے سے منانے پرعوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیرمیں پنجاب کےعوام کی بھرپورشرکت پران کا شکرگزار ہوں۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر ہر شہر میں بھارتی ظلم کے خلاف پر زور آواز بلند کی گئی، زبردست عوامی اجتماعات سے کھلا پیغام گیا کہ پاکستان اور کشمیرجدا نہیں ہوسکتے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے۔

    دنیا کشمیر سے آنکھیں نہیں چرا سکتی، بھارتی مظالم نہ رُکے، تو جنگ کا خطرہ ہے: عمران خان

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے نیویارک ٹائمز میں اپنے آرٹیکل کہا کہ دنیا کشمیر سے آنکھیں چرا نہیں سکتی، بھارتی مظالم نہ روکے گئے، تو جنگ کا خطرہ ہے۔

    انھوں نے لکھا کہ مودی اور ان کے وزرا ایسی جماعت کے رکن ہیں، جو ہٹلر سےمتاثر ہے، آر ایس ایس دہشت گرد جماعت ہے، اس کی بنیاد مسلمانوں کے خلاف نفرت ہے

  • اسٹیٹ بینک نے مہنگائی میں اضافے کی پیش گوئی کر دی

    اسٹیٹ بینک نے مہنگائی میں اضافے کی پیش گوئی کر دی

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک میں مہنگائی میں اضافے کی پیش گوئی کر دی ہے، ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قومی پیداوار کا مقررہ ہدف رواں مالی سال میں حاصل کرنا ممکن نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے دوسری سہ ماہی جائزہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے مالی سال 19-2018 میں قومی پیداوار کا 6.2 فی صد شرح نمو کا ہدف ممکن نہیں۔

    رپورٹ میں اسٹیٹ بینک نے مہنگائی میں اضافے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجموعی قومی پیداوار کی شرح نمو 3.5 سے 4 فی صد تک رہے گی۔

    اسٹیٹ بینک نے توقع ظاہر کی ہے کہ افراطِ زر کی شرح 6.5 سے 7.5 فی صد تک رہے گی، مالیاتی خسارہ اور جاری کھاتے کا خسارہ بھی قابو سے باہر رہے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسٹیٹ بینک کے ذخائر 8 ارب 12 کروڑ  ڈالر سے تجاوز کر گئے

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالیاتی خسارہ 4.9 فی صد کے ہدف کے مقابلے میں 6 سے 7 فی صد تک رہنے کا امکان ہے، اور توقع ہے کہ جاری کھاتے کا خسارہ بھی 5.5 فی صد تک رہے گا۔

    اسٹیٹ بینک کے ذرایع کا کہنا ہے کہ چین سے 2 ارب 20 کروڑ ملنے سے زرِ مبادلہ ذخائر 18 ارب ڈالرز تک پہنچ جائیں گے، رقم سے مرکزی بینک زر مبادلہ ذخائر 11 ارب ڈالرز تک پہنچ جائیں گے، بینکوں کے پاس زر مبادلہ کے ڈیپازٹ 6 ارب 90 کروڑ ڈالرز ہیں۔

    یاد رہے کہ 14 مارچ کو اسٹیٹ بینک سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، مرکزی بینک کے ذخائر میں 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر 8 ارب 12 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئے۔

  • خوش رہنے والے ممالک کی فہرست جاری، پاکستانی قوم نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا

    خوش رہنے والے ممالک کی فہرست جاری، پاکستانی قوم نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا

    نیویارک: اقوام متحدہ نے دنیا کے سب سے زیادہ خوش رہنے والے ممالک کے شہریوں کی فہرست کردی جس میں پاکستان نے بھارتیوں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کی جانب سے دنیا کے خوش رہنے والے ممالک کی فہرست جاری کی گئی جس میں فن لینڈ نے ایک بار پھر مقابلہ اپنے نام کیا، گزشتہ برس بھی فن لینڈ کے شہری دنیا بھر میں سب سے زیادہ خوش اور مطمئن رہنے قرار پائے تھے۔

    اقوام متحدہ کی فہرست کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ خوش اور مطمئن رہنے میں پاکستانی قوم نے بھارتیوں کو پیچھے چھوڑ دیا کیونکہ انڈیکس میں پاکستان 67ویں اور بھارت 140ویں نمبر پر ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ انڈیکس میں پاکستان کا نمبر 87 واں تھا تاہم اس میں 20 درجے ترقی ہوئی۔

    رپورٹ کے مطابق فہرست میں پہلی دس پوزیشنز حاصل کرنے والے ممالک میں فِن لینڈ پہلے، ڈنمارک دوسرے، ناروے تیسرے، آئس لینڈ چوتھے، نیدرلینڈز پانچویں، سوئٹزرلینڈ چھٹے، سوئیڈن ساتویں، نیوزی لینڈ آٹھویں، کینیڈانویں اور آسٹریا نے دسواں نمبر حاصل کیا۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ منشیات کی بڑھتی ہوئی عادت کی وجہ سے پچھلے سال کی نسبت امریکا کی ایک درجہ تنزلی ہوئی جس کے بعد وہ انیسویں نمبر پر پہنچ گیا۔ فہرست میں جنوبی سوڈان سب سے آخری 156 واں نمبر حاصل کرسکا۔

    اقوام متحدہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ رپورٹ مرتب کرتے وقت مختلف باتوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے، جن میں عوام کا حکومت پر اعتماد، سرکار کی طرف سے ملنے والی سہولیات، جدید ٹیکنالوجی کی سہولیات وغیرہ شامل ہیں۔

    جنوبی ایشیا کے خطے کی بات کی جائے تو پاکستان سرفہرست جبکہ دوسرے پر بھوٹان، تیسرے پر نیپال، بنگلہ دیش چوتھے، سری لنکا پانچویں، بھارت چھٹے اور سب سے آخری میں افغانستان ہے۔