Tag: پاکستانی لیبر

  • پاکستان سے ہنر مند افراد سعودی عرب بھیجے جائیں گے

    پاکستان سے ہنر مند افراد سعودی عرب بھیجے جائیں گے

    ریاض : افرادی قوت کی فراہمی کے حوالے سے پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعاون میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (پی او ای سی) اور سعودی عرب کی معروف کنٹریکٹ کمپنی نیسما اینڈ پارٹنرز نے سعودی عرب کو افرادی قوت کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔

    یہ پیش رفت وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک اور نیسما اینڈ پارٹنرز کے سی ای او ثمر عصام عبدالصمد کے درمیان ملاقات کے بعد ہوئی۔

    پی او ای سی اور نیسما اینڈ پارٹنرز کے درمیان ’تاریخی‘ معاہدہ سعودی عرب کو ہنر مند پاکستانی لیبر برآمد کرنے کی اجازت دے گا، خاص طور پر نیسما کے جاری اور آئندہ منصوبوں کے لیے جو تعمیرات میں مہارت رکھتا ہے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی تارکین وطن کی سب سے بڑی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہے اور یہ جنوبی ایشیائی ملک میں ترسیلات زر کی آمد میں سب سے بڑا حصہ دار ہے۔

  • سعودی عرب سے بے دخل پاکستانیوں کے لیے خوشخبری

    سعودی عرب سے بے دخل پاکستانیوں کے لیے خوشخبری

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی بہترین خارجہ پالیسی کے ثمرات نمودار ہونا شروع ہوگئے، سعودی عرب سے بے دخل پاکستانیوں کو واپس بلایا جانے لگا۔

    تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم نے اپنے دورہ سعودی عرب میں پروفیشنل ورک ویزہ ہولڈرز کے مسائل پر گفتگو کی تھی اور اب بیرون ملک کام کرنے کے خواہش مند پاکستانیوں کو عید سے پہلے ہی خوش خبری مل گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ پیشہ ور افراد جنہیں کچھ عرصہ قبل سعودی عرب سے بے دخل کردیا گیا تھا، سعودی حکومت کی جانب سے ان پروفیشنل ویزاہولڈرزکوواپس بلایا جارہا ہے ۔

    صرف یہی نہیں بلکہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی پروفیشنل ویزہ کے حامل افراد کو ہر سال اپنے اہل خانہ کے لیے عمرے کے پانچ مفت ویزے نکلوانے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔

    بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ6ماہ میں بےدخل ہونے والے پروفیشنل ویزاہولڈرزکوواپس بلایاجارہاہے۔ جوپاکستانی بےدخل ہوئےتھے، عید کےبعد ان کی واپسی کا عمل شروع ہوجائےگا۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان اپنی کامیاب خارجہ پالیسی کے سبب پہلے ہی سعودی عرب سے کئی اہم معاملات میں پاکستان کے حق میں فیصلے کرانے میں کامیاب رہے ہیں ، جن میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی، تین سال تک موخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی اور پاکستان کے قرضے کی ادائیگی کے لیے خطیر رقم شامل ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان اہم شخصیات کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر تھے ، جہاں انہوں نے عمرہ ادا کرنے کے علاوہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات بھی کی۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کے 14 ویں اجلاس میں شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کی سیاسی جدوجہد پر دہشت گردی کا لیبل درست نہیں، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔