Tag: پاکستانی مزاح نگار

  • حکومت ”قومی گالی“ کا بھی تعین کر ہی دے!

    حکومت ”قومی گالی“ کا بھی تعین کر ہی دے!

    گرامر کی طرح گالی کے بھی کچھ قواعد و ضوابط ہیں۔

    اگرچہ یہ قواعد و ضوابط بعض ممالک کے دساتیر کی طرح غیر تحریری ہیں، مگر ان کا احترام کچھ ریاستوں کے تحریری آئین کے مندرجات سے زیادہ کیا جاتا ہے۔ اس طرح کئی ملکوں میں گالی آئین سے کہیں زیادہ معتبر حیثیت رکھتی ہے۔ جہاں تک پاکستان میں رائج قواعدِ دشنام کا تعلق ہے تو ہمارے یہاں تین قسم کی گالیاں مروج ہیں۔

    1- موٹی سی گالی
    2- چھوٹی سی گالی
    3- جھوٹی سی گالی

    اور ان گالیوں کی مزید کئی قسمیں ہیں۔ ویسے ہماری سمجھ میں نہیں یہ آتا کہ گالی کو خلافِ اخلاق اور بدتہذیبی کی علامت کیوں سمجھا جاتا ہے؟ آخر گالی میں ایسی کون سی بات ہے جسے اخلاقیات کے ضابطوں سے روگردانی قرار دیا جائے؟ ہمارے سوالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ذرا مروجہ گالیوں کے عناصر ترکیبی پر غور کیجیے!………. آپ کو ان گالیوں میں فقط وہ لوازمات ملیں گے جن کے بغیر ہماری زندگی نامکمل ہے۔ مثلاً بنیادی انسانی رشتے، ضروری جسمانی اعضا اور ناگزیر افعال۔ ان لوازمات کو مناسب ترتیب دینے سے گالی وجود میں آجاتی ہے۔ ان عناصر کے ”ظہورِ ترتیب“ پر ناک بھوؤں چڑھانا اور انھیں اجزائے پریشاں کی صورت میں دیکھ اور سُن کر کوئی اعتراض نہ کرنا………آپ ہی بتائیے، یہ کہاں کا انصاف ہے؟

    ہم تو سمجھتے ہیں کہ تہذیب و ثقافت، رسم و رواج، علوم و فنون اور آثارِ قدیمہ کی طرح کسی قوم کی گالیاں بھی اس کی پہچان ہوا کرتی ہیں۔ کیا اچھا ہو کہ حکومتِ پاکستان ہمارا ”فلسفۂ مغلظات“ تسلیم کرتے ہوئے گالیوں کو بھی قومی ورثہ قرار دے دے۔ قومی پھول، قومی کھیل اور قومی جانور کی طرح ”قومی گالی“ کا بھی تعین کر دیا جائے۔ قومی گالی کے تعین کے سلسلے میں کراچی اور پنجاب کے درمیان چشمک ہوسکتی ہے۔ مشاعروں اور ادبی نشستوں کی طرح ملک بھی میں ”گالی بازی“ پر نشستیں منعقد ہوں، جن میں ”گالی باز“ یا دشنام طراز اپنی نئی نئی گالیاں پیش کرکے داد حاصل کریں۔ گالیوں پر تنقیدی نشستیں ہوں، جن میں نقاد گالیوں کے بارے میں اپنی آراء کا اظہار کریں اور تنقیدی نظریات کی روشنی میں یہ ثابت کریں کہ کون سی گالی سماج کی آئینہ دار ہو کر ترقی پسندی کے رجحان کا پتا دے رہی ہے، کس میں علامتی انداز اختیار کیا گیا ہے۔ کون سی گالی فطری ہے اور کون سی غیر فطری۔ کس دشنام طراز کی تخلیق شعور کی لہر کا نتیجہ ہے اور کس گالی باز کی کاوش منفرد لب و لہجہ رکھتی ہے۔ ہمارے خیال میں یہ اپنی نوعیت کی واحد تنقیدی نشستیں ہوں گی، جن میں نقّاد تنقید سے پہلے گالیاں سنیں گے!

    پاکستانی گالیوں کے عالمی سطح پر فروغ کے لیے ملک میں اور بیرون ملک پاکستانی گالیوں کی نمائشیں بھی منعقد کی جاسکتی ہیں۔ ان نمائشوں میں قدیم اردو شعرا کی ہجویات سے لے کر دورِ حاضر کے سیاست دانوں کی مغلظات تک پھیلے ہمارے عظیم ”دشنامی ورثے“ کو ”سُن“ کر غیرملکیوں کو اندازہ ہوجائے گا کہ ہم کوئی ”ایویں“ قوم نہیں بلکہ گالیوں کی ایک طویل روایت سے جڑے ہوئے ہیں۔

    اگر حکومت نے ہمارا پیش کردہ ”فلسفۂ مغلظات“ اپنا لیا اور اسے عملی شکل دے دی تو یقین مانیے ہماری کرخت گالیاں راتوں رات ہمارا وہ ”سوفٹ امیج“ بنا دیں گی، جس کے لیے حکومت ایک مدت سے کوشاں ہے۔

    (معروف مزاح نگار، شاعر اور صحافی محمد عثمان جامعی کی ایک شگفتہ تحریر، یہ مزاح پارے مصنّف کی کتاب "کہے بغیر” سے مقتبس ہیں)

  • "بجلی بچانے کے طریقے”

    "بجلی بچانے کے طریقے”

    وفاقی وزیرِ "قلتِ آب و بند بجلی” پرویز اشرف نے کچھ دنوں پہلے عوام کو، بہ الفاظِ دیگر، یہ کہتے ہوئے ڈانٹا تھا، ”اوئے! رولا نہ پاؤ، بجلی بچاؤ۔“ اب انھوں نے یہی بات بڑے پیار سے کہی ہے۔ ساتھ ہی عوام کو یہ کہتے ہوئے ڈرانے کی کوشش بھی کی ہے کہ تین ہفتوں تک بجلی کی صورتِ حال بدترین رہے گی۔

    اس جملے سے یہ غلط فہمی پیدا ہوتی ہے کہ وزیر موصوف موجودہ صورتِ حال کو محض بد یا بدتر سجھتے ہیں۔ ایسا نہیں، مسئلہ دراصل اردو کی تنگ دامنی کا ہے۔ اس بیچاری کے پاس وہ لفظ ہی نہیں جو ”بد ترین“ سے آگے کی صورتِ حال کا نقشہ دکھا سکے۔ بس یہی ہو سکتا ہے کہ ”بد“ کے آگے بہت سارے ”تر“ لگا کر آخر میں ”ترین“ لگا دیا جائے۔

    وزیرِ محترم کا حکم سر آنکھوں پر، مگر انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ عوام کس وقت بجلی بچائیں؟ کہ بجلی نے تو خود ہی اپنے آپ کو عوام سے بچا کر رکھا ہوا ہے۔ آئی، جھلک دکھائی اور یہ جا وہ جا۔

    بہ ہر حال، جمہوری حکم رانوں کا حکم ہے، سو ماننا تو ہوگا، ورنہ نافرمانی جمہوریت کے خلاف سازش گردانی جائے گی، چناں چہ عوام کی آسانی کے لیے ہم بچی کُھچی بجلی بچانے کے کچھ نسخے پیش کردیتے ہیں:

    ٭ ٹی وی ہمیشہ بند کر کے دیکھیں۔ یوں بجلی کے ساتھ آئینے کا خرچ بھی بچے گا۔

    ٭ استری ہندی کی ہو یا اردو کی، بیکار چیز ہے۔ البتہ ہندی والی استری بجلی سے نہیں چلتی، ویسے ہی کرنٹ مارتی ہے، اس لیے اسے گھر میں پڑا رہنے دیں۔ لیکن اردو والی استری فی الفور کباڑیے کو بیچ دیں اور ان پیسوں سے موم بتیاں خرید لیں۔

    ٭ استری بِک گئی! اب کپڑے نہ استری ہوں گے نہ ہینگر میں ٹنگیں گے۔ تو اب فریج کو الماری بنالیں اور کپڑے اس میں تہ کر کے رکھ دیں۔

    ٭ فریج الماری بن گیا، اب خالی الماری کیا یوں ہی بھائیں بھائیں کرتی رہے گی؟ اسے استعمال میں لائیں۔ کمپیوٹر ڈبے میں بند کریں اور اسے الماری کو سونپ دیں۔

    ٭ کمپیوٹر ٹرالی خالی خالی کتنی بُری لگ رہی ہے۔ چلیے! ایئر کنڈینشر اُکھاڑیے اور لاکر اس پر رکھ دیجیے۔

    ٭ اب گھر میں نہ کوئی شور ہے نہ مشغولیت، لہٰذا آپ با آسانی دستک سُن سکتے ہیں۔ پھر ڈور بیل کیوں لگا رکھی ہے؟ نکال پھینکیے۔

    ٭ ان بَلبوں اور ٹیوب لائٹوں کا آخر فائدہ کیا ہے؟ آپ نہ اپنا گھر پہلی بار دیکھ رہے ہیں اور نہ گھر والوں کو۔ یہ روشنی خواہ مخواہ ہی ہوئی نا۔ تو یہ تمام روشنیاں گُل کردیجیے۔

    (معروف صحافی، مزاح نگار اور شاعر محمد عثمان جامعی کی کتاب "کہے بغیر” سے انتخاب، مصنف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے اُس وقت کے وزیرِ‌اعظم کے ایک بیان پر یہ شگفتہ تبصرہ سپردِ قلم کیا تھا)

  • "موئے کبوتر باز”

    "موئے کبوتر باز”

    میں ایک میاں ہوں۔ مطیع و فرماں بردار، اپنی بیوی روشن آرا کو اپنی زندگی کی ہر ایک بات سے آگاہ رکھنا اصولِ زندگی سمجھتا ہوں اور ہمیشہ اس پر کاربند رہا ہوں۔ خدا میرا انجام بخیر کرے۔

    چناں چہ میری اہلیہ میرے دوستوں کی تمام عادات و خصائل سے واقف ہیں جس کا نتیجہ یہ ہے کہ میرے دوست جتنے مجھ کو عزیز ہیں اتنے ہی روشن آرا کو برے لگتے ہیں۔ میرے احباب کی جن اداؤں نے مجھے مسحور کر رکھا ہے انہیں میری اہلیہ ایک شریف انسان کے ليے باعثِ ذلّت سمجھتی ہیں۔

    آپ کہیں یہ نہ سمجھ لیں کہ خدانخواستہ وہ کوئی ایسے آدمی ہیں، جن کا ذکر کسی معزز مجمع نہ کیا جاسکے۔ کچھ اپنے ہنر کے طفیل اور کچھ خاکسار کی صحبت کی بدولت سب کے سب ہی سفید پوش ہیں۔ لیکن اس بات کو کیا کروں کہ ان کی دوستی میرے گھر کے امن میں اس قدر خلل انداز ہوتی ہے کہ کچھ کہہ نہیں سکتا۔

    مثلاً مرزا صاحب ہی کو لیجیے، اچھے خاصے اور بھلے آدمی ہیں۔ گو محکمہ جنگلات میں ایک معقول عہدے پر ممتاز ہیں لیکن شکل و صورت ایسی پاکیزہ پائی ہے کہ امام مسجد معلوم ہوتے ہیں۔ جوا وہ نہیں کھیلتے، گلی ڈنڈے کا ان کو شوق نہیں۔ جیب کترتے ہوئے کبھی وہ نہیں پکڑے گئے۔ البتہ کبوتر پال رکھے ہیں، ان ہی سے جی بہلاتے ہیں۔

    ہماری اہلیہ کی یہ کیفیت ہے کہ محلے کا کوئی بدمعاش جوئے میں قید ہوجائے تو اس کی ماں کے پاس ماتم پرسی تک کو چلی جاتی ہیں۔ گلی ڈنڈے میں کی آنکھ پھوٹ جائے تو مرہم پٹی کرتی رہتی ہیں۔ کوئی جیب کترا پکڑا جائے تو گھنٹوں آنسو بہاتی رہتی ہیں، لیکن وہ بزرگ جن کو دنیا بھر کی زبان میں مرزا صاحب کہتے تھکتی ہے وہ ہمارے گھر میں "موئے کبوتر باز” کے نام سے یاد کیے جاتے ہیں۔

    کبھی بھولے سے بھی میں آسمان کی طرف نظر اٹھا کر کسی چیل، کوئے، گدھ، شکرے کو دیکھنے لگ جاؤں تو روشن آرا کو فوراً خیال ہوجاتا ہے کہ بس اب یہ بھی کبوتر باز بننے لگا۔

    اس کے بعد مرزا صاحب کی شان میں ایک قصیدہ شروع ہو جاتا ہے۔ بیچ میں میری جانب گریز۔ کبھی لمبی بحر میں، کبھی چھوٹی بحر میں۔

    ایک دن جب یہ واقعہ پیش آیا، تو میں نے مصمم ارادہ کرلیا کہ اس مرزا کم بخت کو کبھی پاس نہ پھٹکنے دوں گا، آخر گھر سب سے مقدم ہے۔ بیوی کے باہمی اخلاص کے مقابلے میں دوستوں کی خوش نودی کیا چیز ہے؟

    چناں چہ ہم غصّے میں بھرے ہوئے مرزا صاحب کے گھر گئے، دروازہ کھٹکھٹایا۔ کہنے لگے اندر آجاؤ۔ ہم نے کہا، نہیں آتے، تم باہر آؤ۔ خیر اندر گیا۔ بدن پر تیل مل کر ایک کبوتر کی چونچ منہ میں لیے دھوپ میں بیٹھے تھے۔ کہنے لگے بیٹھ جاؤ ہم نے کہا، بیٹھیں گے نہیں، آخر بیٹھ گئے۔ مرزا بولے کیوں بھئی؟ خیر باشد! میں نے کہا کچھ نہیں۔ کہنے لگے اس وقت کیسے آنا ہوا؟

    اب میرے دل میں فقرے کھولنے شروع ہوئے۔ پہلے ارادہ کیا کہ ایک دم ہی سب کچھ کہہ ڈالو اور چل دو، پھر سوچا کہ مذاق سمجھے گا اس ليے کسی ڈھنگ سے بات شروع کرو۔ لیکن سمجھ میں نہ آیا کہ پہلے کیا کہیں، آخر ہم نے کہا۔

    "مرزا، بھئی کبوتر بہت مہنگے ہوتے ہیں؟” یہ سنتے ہی مرزا صاحب نے چین سے لے کر امریکا تک کے تمام کبوتروں کو ایک ایک کرکے گنوانا شروع کیا۔ اس کے بعد دانے کی مہنگائی کے متعلق گل افشانی کرتے رہے اور پھر محض مہنگائی پر تقریر کرنے لگے۔ اس دن تو ہم یوں ہی چلے آئے لیکن ابھی کھٹ پٹ کا ارادہ دل میں باقی تھا۔

    خدا کا کرنا کیا ہوا کہ شام کو گھر میں ہماری صلح ہوگئی۔ ہم نے کہا، چلو اب مرزا کے ساتھ بگاڑنے سے کیا حاصل؟ چناں چہ دوسرے دن مرزا سے بھی صلح صفائی ہوگئی لیکن میری زندگی تلخ کرنے کے ليے ایک نہ ایک دوست ہمیشہ کارآمد ہوتا ہے۔

    ( ممتاز ادیب اور مزاح نگار پطرس بخاری کے مضمون "میں ایک میاں‌ ہوں” سے اقتباس)

  • تربیتِ اطفال کے کچھ وکھرے مشورے!

    تربیتِ اطفال کے کچھ وکھرے مشورے!

    بچوں سے کبھی کبھی نرمی سے بھی پیش آئیے۔ سوال پوچھیں تو جواب دیجیے، مگر اس انداز میں کہ دوبارہ سوال نہ کر سکیں۔

    اگر زیادہ تنگ کریں تو کہہ دیجیے جب بڑے ہو گے سب پتا چل جائے گا۔

    بچوں کو بھوتوں سے ڈراتے رہیے۔ شاید وہ بزرگوں کا ادب کرنے لگیں۔ بچوں کو دل چسپ کتابیں مت پڑھنے دیجیے، کیوں کہ کورس کی کتابیں کافی ہیں۔

    اگر بچے بے وقوف ہیں تو پروا نہ کیجیے۔ بڑے ہو کر یا تو جینیئس بنیں گے یا اپنے آپ کو جینیئس سمجھنے لگیں گے۔

    بچے کو سب کے سامنے مت ڈانٹیے۔ اس کے تحت الشعور پر برا اثر پڑے گا۔ ایک طرف لے جا کر تنہائی میں اس کی خوب "تواضع” کیجیے۔

    بچوں کو پالتے وقت احتیاط کیجیے کہ ضرورت سے زیادہ نہ پَل جائیں، ورنہ وہ بہت موٹے ہو جائیں گے اور والدین اور پبلک کے لیے خطرے کا باعث ہوں گے۔

    اگر بچے ضد کرتے ہیں تو آپ بھی ضد کرنا شروع کر دیجیے۔ وہ شرمندہ ہو جائیں گے۔

    ماہرین کا اصرار ہے کہ موزوں تربیت کے لیے بچوں کا تجزیۂ نفسی کرانا ضروری ہے، لیکن اس سے پہلے والدین اور ماہرین کا تجزیۂ نفسی زیادہ مناسب ہو گا۔

    دیکھا گیا ہے کہ کنبے میں صرف دو تین بچے ہوں تو وہ لاڈلے بنا دیے جاتے ہیں۔ لہذا بچے دس بارہ ہونے چاہییں، تاکہ ایک بھی لاڈلا نہ بن سکے۔

    اسی طرح آخری بچہ سب سے چھوٹا ہونے کی وجہ سے بگاڑ دیا جاتا ہے، چناں چہ آخری بچہ نہیں ہونا چاہیے۔

    (معروف مزاح‌ نگار شفیق الرحمٰن کی کتاب سے چند شگفتہ سطور)

  • امورِ خانہ داری: میز پوش سینے اور کپڑے دھونے کا انوکھا طریقہ!

    امورِ خانہ داری: میز پوش سینے اور کپڑے دھونے کا انوکھا طریقہ!

    میز پوش سینا

    جس میز کے لیے پوش درکار ہوں، اس کا ناپ لو۔
    بہتر ہو گا کہ کپڑے کو میز پر پھیلا کر لمبائی چوڑائی کے مطابق وہیں قینچی سے قطع کر لیا جائے۔
    اب ہاتھ یا پاؤں سے چلنے والی سلائی کی مشین منگاؤ۔ سوئی میں دھاگہ پرو کر میز پوش کے ایک کونے سے سلائی شروع کرو اور سیتی چلی جاؤ حتیٰ کہ وہی کونا آ جائے جہاں سے بخیہ شروع کیا تھا۔
    اب میز پوش کو استعمال کے لیے تیار سمجھو۔ اگر سیتے وقت سارے کپڑے کے دو چکر لگ جائیں تو دگنا پائیدار میز پوش تیار ہو گا۔ ضرورت کے مطابق بعد میں کسی سے بیل بوٹے کڑھوائے جا سکتے ہیں۔

    کپڑے ڈرائی کلین کرنا

    مناسب کپڑے چُن کر ایک سمجھ دار ملازم کے ہاتھ ڈرائی کلین کی دکان پر بھجوا دو۔
    بھیجنے سے پہلے بہتر ہو گا کہ صرف وہی کپڑے بھیجو جنہیں بعد میں پہچان سکو۔ یہ معلوم کرنے کے لیے کہ کپڑے واقعی ڈرائی کلین کیے گئے ہیں ایک بڑی آزمودہ ترکیب ہے۔
    کپڑوں کو سونگھ کر دیکھو، اگر پٹرول کی بو آ رہی ہو تو سمجھ لو ٹھیک ہے۔ اب کپڑے ڈرائی کلین ہو چکے ہیں اور انہیں فوراً استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔
    (ایک شگفتہ تحریر، معروف مزاح نگار شفیق الرحمٰن کے قلم سے)