پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے عوام سے مدد طلب کی ہے۔
فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں شہزاد رائے اور اسکول کی طالبات ہاتھ جوڑے ہوئے نظر آئیں، ویڈیو میں شہزاد رائے نے اسکول کے ارد گرد کے علاقوں میں صفائی کی حالت پر بات کی۔
View this post on Instagram
انہوں نے اسکول کی سابقہ حالت اور موجودہ بہتری کو بھی دکھایا، جہاں پہلے چرسیوں اور قبضہ مافیا کا راج تھا، وہاں اب اسکول کی بچیاں پڑھ رہی ہیں، شہزاد رائے نے کہا کہ اسکول کی تین ہزار بچیاں اہلِ محلہ سے گزارش کر رہی ہیں کہ وہ اسکول میں کچرا نہ پھینکیں۔
شہزاد رائے نے کہاکہ عوام شکایت کرتے ہیں کہ حکمراں بُرے ہیں، کے ایم سی کچرا نہیں اُٹھاتی، ہمارے ملک اور شہر کو تباہ کر دیا ہے اور بالکل صحیح کہتے ہیں۔
گلوکار نے کہا کہ میں تمام رہائشوں کو قصور وار نہیں ٹھہراؤں گا، لیکن یہاں کے کئی رہائشیوں نے اپنی آنکھوں سے اس جگہ کو تبدیل ہوتے ہوئے دیکھا ہے اس کے باوجود وہ اپنے گھر کا کچرا ان بچیوں کے اسکول میں پھینکتے ہیں۔
شہزاد رائے نے کہا کہ اگر ان بچیوں کی گزارش سننے کے بعد بھی اگر لوگ یہاں کچرا پھینکتے ہیں تو شاید یہ قوم جنت میں بھی کچرا پھینکے گی۔
انسٹاگرام پوسٹ کے کیپشن میں گلوکار نے لکھا ہے کہ اب ہم کیا کریں کہ لوگ ہمارے اسکول میں کچرا نہ پھینکیں؟ کوئی مشورہ دیں؟