Tag: پاکستانی ٹیکسٹائل

  • پاکستانی ٹیکسٹائل کی صنعت کے لیے بری خبر، کپاس کی پیداوار میں کمی

    پاکستانی ٹیکسٹائل کی صنعت کے لیے بری خبر، کپاس کی پیداوار میں کمی

    کراچی: پاکستانی ٹیکسٹائل کی صنعت کے لیے بری خبر ہے، کپاس کی پیداوار میں کمی نوٹ کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں کپاس کی پیداوار میں کمی سے ملکی ٹیکسٹال ایکسپورٹ میں بھی کمی ہو سکتی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سفید مکھی اور بارشوں سے کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    ذرائع کے مطابق کپاس کا پیداواری ہدف ایک کروڑ 27 لاکھ بیلز حاصل نہ ہونے کے امکان ہے، رواں سال ہدف سے 37 لاکھ بیلز کم پیداوار ہوگی، اور کپاس کی کُل پیداوار 90 لاکھ بیلز تک محدود رہنے کے امکانات ہیں۔

    محکمہ موسمیات کی طرف سے درجہ حرارت میں غیر متوقع اضافے کے بارے میں پیش گوئی نہ ہونا اور سفید مکھی کے حملے میں اضافہ موجودہ صورت حال کا باعث بنا ہے۔

    کاٹن جنرز فورم کے چیئرمین احسان الحق کا کہنا ہے کہ روئی کی قیمتیں 500 روپے فی من مندی کے بعد پنجاب میں 19 ہزار جب کہ سندھ میں 18 ہزار روپے فی من تک گر گئیں۔

    رواں کاٹن سیزن کے آغاز پر میعاری کپاس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر ایکسپورٹ کے سودے ہوئے ہیں، اور 7 ہزار 500 کاٹن بیلز ایکسپورٹ ہو چکی ہیں، تاہم سفید مکھی کے حملے کے سبب روئی کا میعار گرنے کی وجہ سے مزید کاٹن بیلز کے سودے منسوخ ہو رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے نا اہلی کی وجہ سے بروقت درجہ حرارت میں اضافے کی پیشگوئی نہیں کی، کاٹن ایریاز میں موسمیاتی تبدیلی کے سبب درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے سفید مکھی حملہ آور ہوئی ہے۔

  • پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدکنندگان کو بڑے آرڈرز ملنے کی توقع

    پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدکنندگان کو بڑے آرڈرز ملنے کی توقع

    کراچی: پیرس میں ٹیکس ورلڈ اپیرل سورسنگ اختتام پذیر ہو گئی، پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدکنندگان کو بڑے آرڈرز ملنے کی توقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیرس میں ٹیکس ورلڈ ایکسپو میں 30 سے زائد پاکستانی ٹیکسٹائل اور لیدر مصنوعات بنانے والی کمپنیوں نے شرکت کی، پاکستانی کمپنیوں نے فیبرک، گارمنٹس اور لیدر کی مصنوعات نمائش میں رکھیں۔

    نمائش میں 26 ممالک سے 1,350 نمائش کنندگان اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہوئے، پاکستانی لیدر اور ٹیکسٹائل مصنوعات کے پویلین نے میں غیر ملکی خریداروں نے دورہ کیا۔

    یورپی کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی پاکستانی پویلین میں فیبرک اور ایپرل مصنوعات میں کافی دل چسپی دکھائی، ٹریڈ ڈیولپمنٹ کے تحت لگائے گے پویلین میں پاکستانی اسٹالز پر برطانیہ، امریکا، ترکی، جرمنی، فرانس اور دیگر یورپی اور وسطی ایشیائی ممالک سے تجارتی نمائندوں نے معلومات حاصل کیں۔

    پاکستانی تاجر تنویر افضل ملک نے کہا کہ ہمیں بہت اچھا رسپانس ملا اور مخلتف ممالک سے آئے ہوئے بہت سے خریداروں نے معلومات حاصل کی ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ ہم ان کے ساتھ اچھا کاروبار کریں گے، ہمیں بہت سے ورلڈ فیشن برانڈز سے مثبت فیڈ بیک ملا ہے۔

    تاجر عبدالحق زاہد نے کہا ٹیکس ورلڈ نمائش سے بہت مطمئن ہیں، خریداروں نے ہماری مصنوعات میں دل چسپی ظاہر کی ہے۔