نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یومِ آزادی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر سعد احمد وڑائچ نے ہائی کمیشن میں قومی پرچم لہرایا۔
تقریب کا باقائدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، اس کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا، تقریب میں صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، پاکستانی ہائی کمشنر سعد احمد وڑائچ نے قائداعظم اور علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے حالیہ معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی کو اُجاگر کیا، پاکستانی ہائی کمشنر سعد احمد وڑائچ نے دوقومی نظریہ کی ضرورت پرروشنی ڈالی، انھوں نے نے آزادی کی عظیم جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
سعد احمد نے کہا کہ قائداعظم کی قیادت میں مسلمانوں نے تاریخ کا دھارا بدل دیا، پاکستان مسلمانوں کے حقِ خودارادیت کی عظیم جدوجہد کا ثمر ہے۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ معرکہ حق نے ثابت کیا پاکستان دفاعِ خودمختاری کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان ہر جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، دشمن نے غلبے کی جنگ چھیڑی، خود مغلوب ہوگیا۔
سعد احمد وڑائچ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 78 سال میں ترقی و خوشحالی میں نمایاں پیشرفت کی، خطے میں پائیدار امن کا انحصار مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل پر ہے۔
پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ سفارت کاری اور مذاکرات خطے کے روشن مستقبل کی کنجی ہیں، تسلط و بالادستی کا رویہ جنوبی ایشیا کی ترقی میں رکاوٹ ہے۔
تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے، ہائی کمشنر نے اپنی اہلیہ اور مشن کے دیگر افسران کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔
https://urdu.arynews.tv/field-marshal-asim-munir-on-independence-day/