Tag: پاکستانی ہائی کمیشن

  • بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے،شبلی فراز

    بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے،شبلی فراز

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ بھارت پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کے خلاف جھوٹے الزامات کی مہم چلا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کے خلاف جھوٹے الزامات کی مہم چلائی جا رہی ہے جبکہ پاکستانی ہائی کمیشن عالمی قوانین کے تحت ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔

    وفاقی وزیر اطلاعات کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی جانب سفارتی ذمہ داریوں سے روکنا، عملے کی گرفتاری وتشدد قابل مذمت ہے،اس مہم کا مقصد اپنے جرائم کو چھپانا ہے۔

    شبلی فراز نے کہا کہ بھارت اقلیتوں پر بدنامی اور کشمیریوں پر مظالم سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے،عالمی برادری عالمی قانون کے منافی رویے پر بھارت کا محاسبہ کرے،بھارت خطے میں تمام ہمسایوں کے خلاف جارحیت کا مجرم ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی سوچ امن پسند چین کو بھی سرحد پر فوج لانے پر مجبور کرچکی ہے،نیپال کے حوالے سے بھی اسی نوعیت کی خبریں آرہی ہیں۔

    بھارت کے پاکستانی ہائی کمیشن کے 2 افسران پر بے بنیاد الزامات

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن کے 2 افسران پر الزامات عائد کرتے ہوئے ناپسندیدہ قرار دیا تھا، دونوں پاکستانی افسران کو 24 گھنٹے میں بھارت چھوڑنےکا حکم دیا گیا تھا۔

    بھارتی الزام پر پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے واضح کیا تھا کہ جن 2 افراد کو ناپسندیدہ قرار دیا گیا وہ سفارت کار نہیں ہیں۔حکام کا کہنا تھا کہ صورتحال کا مزید جائزہ لے رہے ہیں تاہم بھارت نے بے بنیاد الزامات لگائے ہیں جن کی کوئی حقیقیت نہیں۔

  • جج ویڈیو اسکینڈل: اسلام آباد ہائی کورٹ میں ناصر بٹ کی درخواست مسترد

    جج ویڈیو اسکینڈل: اسلام آباد ہائی کورٹ میں ناصر بٹ کی درخواست مسترد

    اسلام آباد: ہائی کورٹ نے جج بلیک میلنگ اسکینڈل کے مرکزی ملزم ناصر بٹ کی پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے خلاف درخواست خارج کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے دستاویزات وصول کرنے سے متعلق کیس میں جج ویڈیو اسکینڈل کے ملزم ناصر بٹ کی درخواست خارج کر دی ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں دائرہ اختیار کے مسائل ہیں، ناصر بٹ عدالت میں پیش ہونے کے لیے بھی رضا مند نہیں، اس کے خلاف کیسز بھی زیر سماعت ہیں، جب کہ ماتحت عدالت نے ناصر بٹ کو طلب بھی کر رکھا ہے، کیس کو دیکھتے ہوئے ناصر بٹ کی درخواست کو خارج کیا جاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جج بلیک میلنگ اسکینڈل: دہشت گردی دفعات مقدمے میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ چیلنج

    خیال رہے کہ ناصر بٹ نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے دستاویزات کی تصدیق نہ کرنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔ کیس کا فیصلہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سنایا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جج بلیک میلنگ اسکینڈل کیس میں دہشت گردی کی دفعات شامل نہ کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے، ٹرائل کورٹ کا فیصلہ ایف آئی اے نے چیلنج کیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کو دی گئی درخواست میں کہا گیا کہ مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں منتقل کرنے کی درخواست ٹرائل کورٹ نے مسترد کی، سائبر کرائم کورٹ نے قانون کے خلاف فیصلہ دیا ہے۔

  • جج بلیک میلنگ کیس : پاکستانی ہائی کمیشن نے ناصر بٹ کو گرفتاری کے سمن وصول کرا دیے

    جج بلیک میلنگ کیس : پاکستانی ہائی کمیشن نے ناصر بٹ کو گرفتاری کے سمن وصول کرا دیے

    لندن : پاکستان کے ہائی کمیشن نے جج بلیک میلنگ کیس کے مرکزی کردار ناصر بٹ کو گرفتاری کے سمن وصول کرا دیے وہ ویڈیو فرانزک رپورٹ کی تصدیق کرانے ہائی کمیشن آئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق جج بلیک میلنگ ویڈیو اسکینڈل لندن پہنچ گیا، ویڈیو اسکینڈل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، اسکینڈل کے مرکزی کردار ناصر بٹ جب فرانزک ریکارڈ کے ہمراہ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن پیش ہوئے تو ناصر بٹ کو گرفتاری کے سمن وصول کرا دیے گئے۔

    یاد رہے کہ ناصر بٹ نے برطانیہ کی دو ڈیجیٹل فرم سے ویڈیو کی فرانزک کرا لی ہے۔ پاکستان کی عدالت میں برطانیہ سے شواہد بجھوانے کیلئے ہائی کمیشن سے تصدیق لازمی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں برطانوی فرم نے ویڈیو کے درست ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اور ماہرین نے ویڈیو کو درست قرار دے دیا ہے۔

    واضح رہے کہ ناصر بٹ نواز شریف کی لندن موجودگی کے موقع پر تمام انتظامات کا ذمہ دار رہا ہے، برطانوی شہریت کا حامل ناصر بٹ مبینہ قتل کی وارداتوں کے بعد برطانیہ فرار ہوا، ن لیگ دور میں ناصر بٹ کو لندن سے واپس بلایا گیا اور اس کے خلاف مقدمات نمٹائے جاتے رہے۔

    اس کے علاوہ مریم نواز کی جانب سے جاری کردہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو میں کہا جا رہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی اور نا انصافی ہوئی۔ یہ مبینہ ویڈیو جج ارشد ملک اور ناصر بٹ نامی شخص کی ہے۔

  • حکومت کی اوّلین ترجیح ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہے، اسپیکر اسد قیصر

    حکومت کی اوّلین ترجیح ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہے، اسپیکر اسد قیصر

    لندن : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملکی معیشت دہشت گری کی وجہ سے تباہ ہوئی، سب سے اہم مسئلہ معاشی بحران سے نکلنا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی صورتحال آپ سب کے سامنے ہے، بجٹ میں خسارہ 30ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دہشت گری کی پے در پے کارروائیوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہوئی، حکومت اپنے اہداف سامنے رکھ کر کام کر رہی ہے، سب سے اہم مسئلہ پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنا ہے، درآمدات اوربرآمدات میں توازن حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ برطانیہ کی ترقی میں پاکستانیوں کا اہم کردار ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے تحریک انصاف کو بھی بہت زیادہ سپورٹ کیا۔

    مزید پڑھیں: احتساب قانون کے مطابق سب کا ہونا چاہیے، عام انتخابات وقت پرہی ہوں گے، اسد قیصر

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان یورپ اور چین میں رابطے کا کردار ادا کرسکتا ہے، مدینے کی ریاست کی بنیاد انصاف ہے، ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے وزیراعظم عمران خان صبح نو سے رات آٹھ بجے تک کام کرتے ہیں۔

  • ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے کمپیوٹرز چوری ہوگئے

    ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے کمپیوٹرز چوری ہوگئے

    ڈھاکہ: بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن میں چوری کا واقعہ پیش آیا ہے جس پر پاکستان نے بنگلہ دیش سے احتجاج کرتے ہوئے سیکیورٹی کو بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے قونصلر سیکشن سے کمپیوٹر چوری کر لیے گئے ہیں۔ ڈکیتی کا معاملہ بنگلہ دیش کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھایا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش پولیس کے پاس واقعے کی ایف آئی آر بھی درج کروائی ہے۔ بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کو سیکیورٹی مزید بڑھانے کی درخواست کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن انتہائی مصروف اور محفوظ جگہ پر واقع ہے۔ پاکستانی وزارت خارجہ نے اسلام آباد اور ڈھاکہ میں حکام سے شدید احتجاج کیا ہے۔

    ترجمان نے مطالبہ کیا کہ بحیثیت میزبان ملک بنگلہ دیش ہائی کمیشن کو سیکیورٹی فراہم کرے، بنگلہ دیشی حکومت تحقیقات کر کے ملزمان کو کٹہرے میں لائے۔

  • بھارتی جیلوں میں 357 پاکستانی قید ہیں، سفارتی ذرائع

    بھارتی جیلوں میں 357 پاکستانی قید ہیں، سفارتی ذرائع

    اسلام آباد : بھارت  نے جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی فہرست پاکستان کے حوالے کردی ، جس کے مطابق  بھارتی جیلوں  میں 357 پاکستانی شہری قید ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے مابین قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا، بھارت نے جیل میں قید پاکستانی قیدیوں کی فہرست پاکستان کے حوالے کردی ہے، فہرست پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی کے حکام کو دی گئی۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی جیلوں میں 357 پاکستانی شہری قید ہیں، قیدیوں میں249 پاکستانی عام شہری جبکہ 108 پاکستانی ماہی گیر قید ہیں۔

    اس سے قبل پاکستان نے بھی بھارتی ہائی کمیشن کو بھارتی قیدیوں کی تفصیلات دی تھی۔


    مزید پڑھیں : پاکستان نے بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کردی، ترجمان دفتر خارجہ


    ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جیل میں قید بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کردی ہے، بھارت کے 471 قیدی پاکستانی جیلوں میں قید ہیں، بھارتی قیدیوں میں 418 ماہی گیر اور 53 سول قیدی ہیں۔

    ڈاکٹر فیصل کے مطابق قیدیوں کی فہرست کے تبادلہ دونوں ملکوں کے درمیان سال میں دو بار ہوتا ہے، دونوں ممالک معاہدے کے تحت سال میں دو مرتبہ یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ یکم جنوری کو بھارت نے پاکستانی قیدیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حوالے کی تھی، آٹھ جنوری کو مزید ایک سو چھیالیس بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا تھا، پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت ایک سو پینتالیس بھارتی ماہی گیروں کواٹھائیس دسمبر کو رہا کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دو ماہ میں 26 پاکستانی شہید، 107 زخمی، بھارتی ہائی کمشنر سے احتجاج

    دو ماہ میں 26 پاکستانی شہید، 107 زخمی، بھارتی ہائی کمشنر سے احتجاج

    کراچی: لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی مسلسل بلااشتعال فائرنگ پر دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے، سیکریٹری خارجہ نے کہا ہے کہ دو ماہ میں فائرنگ سے 26شہری شہید اور 107 زخمی ہوئے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے ایل او سی اور ورکنگ بائونڈری پر بھارت کی مسلسل بلااشتعال فائرنگ پر بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور احتجاج کیا۔

    سیکریٹری اعزاز چوہدری نے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران 26 شہری شہید اور 107 زخمی ہوئے،بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کررہا اور شہریوں پر بلااشتعال فائرنگ کررہا ہے ،فائرنگ سے خواتین اور بچے بھی زخمی ہوئے جب کہ بھارت نے گزشتہ روز تیرہ برس بعد آرٹلری کا بھی استعمال کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے فوج مبصر مشن کے ساتھ تعاون کررہے ہیں لیکن بھارت بھی اقوام متحدہ کے وفد کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے۔

    دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت فائر بندی کے سال 2003ء میں ہونے والے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے، لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈی پر ہونے والی فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں،بھارت جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنارہا ہے۔

  • نئی دہلی: پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کی گرفتاری و رہائی، ملک چھوڑنے کا حکم

    نئی دہلی: پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کی گرفتاری و رہائی، ملک چھوڑنے کا حکم

    نئی دہلی: بھارت پاکستان دشمنی میں سفارتی آداب بھول گیا۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکار کو جھوٹے الزام لگا کر گرفتار کرلیا گیا۔ چند گھنٹے بعد سفارتی اہلکار کو رہا کردیا گیا تاہم انہیں 48 گھنٹوں میں بھارت چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا۔

    بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے افسر محمود اختر کو دہلی پولیس نے جاسوسی کے الزام میں حراست میں لیا تھا تاہم کچھ دیر بعد انہیں رہا کردیا گیا۔

    بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے تصدیق کی کہ پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک افسر کو جاسوسی کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

    انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ’سیکریٹری خارجہ نے پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور انہیں اس بات سے آگاہ کیا کہ ان کے ایک افسر کو ناپسندیدہ شخص قرار دیا گیا ہے‘۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس حکام کے مطابق محمود اختر کو تفتیش کے بعد رہا کردیا گیا کیوں کہ انہیں سفارتی استثنیٰ حاصل ہے تاہم انہیں 48 گھنٹوں میں بھارت چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا۔

    دوسری جانب پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارتی حکومت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے پاکستانی اہلکار سے ناروا سلوک پر بھارتی دفتر خارجہ سے شدید احتجاج کیا ہے۔

    عبدالباسط کا کہنا ہے کہ پاکستانی اہلکار سے روا رکھا گیا سلوک ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ یقینی بنایا جائے کہ آئندہ اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی پاکستانی اہلکار سفارتی آداب کے منافی کسی سرگرمی میں ملوث نہیں۔

    پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی بھارت کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے کی مذمت کی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے سفارتکار پر لگائے گئے تمام بھارتی الزامات مسترد کرتا ہے۔ بھارتی اقدام نہ صرف سفارتی آداب بلکہ ویانا کنونشن کی بھی خلاف ورزی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کا یہ فیصلہ انتہائی منظم طور پر منفی میڈیا مہم کا شاخسانہ ہے۔ پاکستانی ہائی کمیشن نے ہمیشہ سفارتی اصولوں اور عالمی قوانین کی پاسداری کی ہے۔

    نفیس زکریا نے کہا کہ بھارتی حکومت کا یہ اقدام پاکستانی ہائی کمیشن کے سفارتکاری کے کردار کر محدود کرنے کی کوشش کا عکاس ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مذموم بھارتی مقاصد کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھارتی اقدام کشمیر میں اس کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، جس میں اسے کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

  • بھارت پاکستان کے داخلی معاملات میں دخل اندازی بند کرے، خلیل اللہ قاضی

    بھارت پاکستان کے داخلی معاملات میں دخل اندازی بند کرے، خلیل اللہ قاضی

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان خلیل اللہ قاضی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے داخلی معاملات میں دخل اندازی بند کرے۔

    وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کو بارہا یہ باور کرایا ہے کہ وہ پاکستان کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرے۔

     پاکستان نے سیکرٹری خارجہ سطح کی حالیہ بات چیت سمیت کئی مواقع پر اپنے داخلی معاملات میں بھارت کی مداخلت کے ثبوت فراہم کئے ہیں۔

    بھارتی شہری داؤد ابراہیم کی موجودگی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ داؤد ابراہیم کی اپنی سرزمین پر موجودگی کی تردید کرتا رہا ہے اور اب بھارتی وزیر نے بھی اس کی تائید کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ انہیں اس کی رہائش کا کوئی پتہ نہیں۔

     خلیل اللہ قاضی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن اور استحکام کی حمایت کی ہے اور حکومت اس مقصد کے حصول کے لئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔

  • نئی دہلی: پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب، پرچم کشائی

    نئی دہلی: پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب، پرچم کشائی

    نئی دہلی : ملک بھرکی طرح بیرون ملک میں بھی یوم پاکستان جوش و جذبے سے منایا گیا۔ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےہائی کمشنرعبدالباسط نےکہاکہ مسئلہ کشمیربات چیت کے ذریعے ہی حل ہو سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب  کا انعقاد کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے مسئلہ کشمیر کےحل کی ضرورت پرزوردیا۔

    عبدالباسط بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے میں سنجیدہ ہے۔

    عبدالباسط پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارتی میڈیا کی جانب سے کشمیری رہنماؤں کو تقریب میں شرکت کی دعوت کے معاملےکو ہدف تنقید بنانے پرغیر ضروری شور شرابا قرار دیا۔

    عبدالباسط پاکستانی سفارتخانے میں کشمیری رہنمابھی شریک ہوئے اوربھارتی حکومت نے کوئی اعتراض بھی نہیں کیا اور اسی وجہ سے بھارتی میڈیا زہریلاپروپیگنڈہ کرنے کے باوجوداپنا سا منہ لے کررہ گیا۔

    پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ ہائی کمشنر عبدالباسط نے پرچم کشائی کی۔ جس کے بعد کئی پونڈ وزنی کیک کاٹاگیا۔ بچوں نےملی نغموں پرشاندار ٹیبلوز بھی پیش کئے۔