Tag: پاکستان

پاکستان بھر سے تازہ ترین خبریں اور معلومات دیکھیں اے آز وائی نیوز کی ویب سائٹ پر

پاکستان بھر سے تازہ ترین خبریں اور معلومات دیکھیں اے آز وائی نیوز کی ویب سائٹ پر 

  • ملک بھر میں پی ٹی سی ایل سروسز مکمل بحال

    ملک بھر میں پی ٹی سی ایل سروسز مکمل بحال

    کراچی (20 اگست 2025): پاکستان ٹیلی کمیونکیشن کمپنی لمیٹڈ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پی ٹی سی ایل سروسز مکمل بحال کر دی گئی ہیں۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ گزشتہ شام سے پی ٹی سی ایل سروسز میں تعطل آ گیا تھا تاہم اب اس تعطل کو دور کر لیا گیا ہے، اور سروسز بحال ہو گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں انٹرنیٹ سروسز سست ہونے سے آن لائن کام کرنے والے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا تھا۔

    انٹرنیٹ سروسز میں تعطل، صارفین کو مشکلات کا سامنا

    وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سروسز میں خرابی کی وجوہ کا تعین کیا جا رہا ہے، عوام کو وجوہ سے متعلق اعتماد میں لیا جائے گا۔ پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ سروسز بحال کر دی گئی ہیں تاہم وجوہ کے بارے میں کوئی اطلاع فراہم نہیں کی گئی۔

    شہریوں نے انٹرنیٹ میں تعطل اور سست روی کی شکایات کی تھیں، جس سے آن لائن ایپس کے ذریعے کاروبار کرنے والے متاثر ہو رہے تھے۔

  • ہنر مندوں کی نقل مکانی سے سالانہ 22 بلین ڈالرز کا نقصان، چشم کشا ویڈیو رپورٹ

    ہنر مندوں کی نقل مکانی سے سالانہ 22 بلین ڈالرز کا نقصان، چشم کشا ویڈیو رپورٹ

    نقل مکانی دنیا بھر میں ہوتی ہے مگر پاکستان کا ہنر مند طبقہ بہت بڑی تعداد میں نقل مکانی کر رہا ہے۔ برین ڈرین کا یہ سفر پاکستان کے لیے کھربوں روپوں نقصان کی قیمت میں ہو رہا ہے۔

    پاکستان سے ہنر مند افراد کی نقل مکانی ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ لاکھوں پروفیشنلز اور طلبہ بہتر روزگار، بہتر زندگی اور محفوظ مستقبل کی تلاش میں پاکستان چھوڑ رہے ہیں، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس کی رپورٹ کے مطابق ملک کو ہنر مندوں کی نقل مکانی سے سالانہ 22 بلین ڈالرز کا نقصان ہو رہا ہے۔

    بیورو آف امیگیریشن کے ڈیٹا کے مطابق پاکستان سے ہر گزرتے سال کے ساتھ نقل مکانی کے رحجان میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ادارے کے مطابق گزشتہ سال 7 لاکھ 700 ہنر مند بیرون ملک گئے، جن میں سب سے بڑی تعداد تعلیم یافتہ جوانوں کی ہے جب کہ دیگر ممالک میں مستقل شہریت اختیار کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد علیحدہ ہے۔

    ڈاؤن سنڈروم کے ساتھ زندگی گزارنے والے بچے جلد ماہر شیف بن جائیں گے، ویڈیو رپورٹ

    پاکستان میں آبادی کا زیادہ حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے مگر بدقسمتی سے وہ ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں، اور ان کی تعداد ہزاروں میں نہیں، بلکہ لاکھوں میں ہے۔ یہ صورت حال نوجوانوں کی ذاتی زندگی کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی کی راہ میں بھی رکاوٹ بن رہی ہے۔

  • چین کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر دکھ کا اظہار

    چین کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر دکھ کا اظہار

    پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور جانی مالی نقصان پر چین کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سیلاب سے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں سے گہری ہمدردی ہے، یقین ہے پاکستانی عوام اس آفت پر قابو پا کر جلد بحالی کی طرف آئیں گے۔

    ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق چینی وزیرخارجہ وانگ ای نے اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے تعزیت بھی کی ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ چینی سفارت خانہ پاکستان میں موجود چینی باشندوں کی خیر خبر لے رہا ہے، فی الحال سیلابی صورتحال میں کسی چینی شہری کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ ملک میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 650 سے تجاوز کرچکی ہے۔

    نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ 26 جون سے اب تک بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے ہونے والے حادثات میں اب تک 657 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان میں سیلاب سے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    اپنے بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ انہیں سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔

    سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرین کی امداد کے لیے عالمی تعاون جاری رکھا جائے گا۔

    صوابی : طوفانی بارشیں، 8 مکانات منہدم، درجنوں افراد جاں بحق

    یاد رہے پاکستان میں حالیہ تباہ کن بارشوں اور فلش فلڈز سے اب تک کم از کم 328 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں زیادہ تر خیبر پختونخوا کے رہائشی شامل ہیں۔

    بونیر میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث پہاڑوں سے پانی کا ریلہ گھروں پر آ گیا، جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔

  • پاکستان کے مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے،  شہریوں میں خوف و ہراس

    پاکستان کے مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے، شہریوں میں خوف و ہراس

    اسلام آباد : پاکستان کے مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے ، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبر پختونخوا کے کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

    زلزلے کے جھٹکے ایبٹ آباد، مانسہرہ، منگورہ، چترال، سوات ، بٹگرام ، ملاکنڈ ، ہری پور، خانپور اور دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جس کے بعد لوگوں نے خوف کے سبب گھروں اور دفاتر سے باہر باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔

    زلزلہ پیما مرکزکے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلےکامرکزہندو کش افغانستان میں تھا اور گہرائی 190کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

    ترجمان حکام کا کہنا ہے کہ اب تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

    یاد رہے جون میں سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، میرپور خاص میں زلزلے کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی، گوادر میں بھی 3 ریکٹر اسکیل شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔

    زلزلہ پیما مرکز نے بتایا تھا کہ زلزلے کا مرکز میرپورخاص سے 56 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا، میرپور ساکرو میں بھی ایک اور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی شدت 3.1 ریکارڈ کی گئی تھی۔

  • اسپتال سے فرار منکی پاکس مریض ٹریس ہو گیا، گھر پر آئسولیٹ

    اسپتال سے فرار منکی پاکس مریض ٹریس ہو گیا، گھر پر آئسولیٹ

    اسلام آباد (19 اگست 2025): پمز سے فرار ہونے والے منکی پاکس مریض کو اٹک میں گھر پر ٹریس کر لیا گیا ہے، اور اسے گھر ہی پر آئسولیٹ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع قومی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ ملک میں ایک اور منکی پاکس کا کیس سامنے آ گیا ہے، جس سے رواں سال رپورٹ ہونے والے ایم پاکس کیسز کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق منکی پاکس کا 42 سالہ مریض اٹک کا رہائشی ہے، جو 15 اگست کو دبئی سے اسلام آباد پہنچا تھا، بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے مریض میں ایم پاکس کی نشان دہی کی تھی اور علامات کی تصدیق کی۔

    مسافر میں ایئرپورٹ پر دوران اسکریننگ منکی پاکس علامات پائی گئی تھیں، جس پر مریض کو ایئرپورٹ سے پمز منتقل کیا گیا، ٹیسٹ کے لیے مریض کا سیمپل 16 اگست کو لیبارٹری بھیجا گیا تھا، جس کے بعد قومی ادارہ صحت نے 18 اگست کو مریض میں ایم پاکس کی تصدیق کر دی۔

    ’ذیابطیس کے مریضوں میں ذہنی امراض، جان لیوا ڈپریشن کی شرح 50 فیصد ہو گئی‘

    ذرائع کے مطابق ایم پاکس کے مریض کو ایئرپورٹ سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ آئیسولیشن وارڈ سے فرار ہو گیا تھا، جسے اٹک کے قریب محکمہ صحت کے تعاون سے دوبارہ ٹریس کیا گیا۔

    قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کے مریض کو گھر پر آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے، اور اس کی حالت تسلی بخش ہے، رواں سال ملک میں منکی پاکس کے 9 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ایم پاکس کو اگست 2024 میں انٹرنیشنل ہیلتھ ایمرجنسی ڈکلیر کیا گیا تھا، جب کہ اگست 2024 کے بعد پاکستان میں 15 ایم پاکس کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

  • ’پاکستان میں‌ مایوسی بڑھنے کی وجہ موبائل فون ہے‘

    ’پاکستان میں‌ مایوسی بڑھنے کی وجہ موبائل فون ہے‘

    اسلام آباد (18 اگست 2025): پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز نے موبائل فون کو نوجوانوں میں مایوسہ بڑھنے کی بڑی وجہ قرار دے دیا۔

    سینیٹ اجلاس میں خواتین کے خلاف تشدد میں اضافے سے متعلق تحریک پر پی ٹی آئی سینیٹر محسن عزیز نے اس کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد میں اضافے کی کچھ وجوہات ہیں۔ ملک میں تعلیم کی کمی ہے اور دوسری جانب موبائل فون کی وجہ سے نوجوانوں کی مایوسی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں لاقانونیت میں اضافے کی وجوہات ہیں، ایلیٹ کلاس اپنا اثر ورسوخ بڑھاتی جا رہی ہے۔

    وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ غیرت کے نام پر معصوم لڑکیاں قتل ہوئیں۔ خواتین کوغیرت کےنام پر قتل کرنا افسوسناک ہے۔ ان کا تحفظ یقینی بنانے کیلیے قوانین موجود ہیں۔ قانون سازی بہت احتیاط کےساتھ کرنی چاہیے اور سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے جو کچھ ہونا چاہیے وہ ہمیں کرنا چاہیے۔

    پی ٹی آئی سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ قانون موجود ہو پھر بھی سزا نہ ملے تو لوگ استثنیٰ سمجھنے لگتے ہیں۔ گھر تک پہنچ کر ملزمان کو گرفتار کرنا ضروری ہے۔

    بیرسٹر علی ظفر نے مزید کہا کہ اینٹی ریپ قانون کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی گئیں۔ سوال ہےکہ کیا یہ عدالتیں فعال بھی ہیں یا نہیں۔ گھریلو تشدد کے لیے الگ عدالتیں بنانا ہوں گی۔ انویسٹیگیشن افسران کی خصوصی ٹریننگ لازمی قرار دی جائے۔

  • چاندی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان جاری

    چاندی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان جاری

    پاکستان میں چاندی کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں چاندی کی مانگ و رسد، ڈالر کی قیمت، مہنگائی، عوامی مانگ اور سرکاری پالیسیوں جیسے مختلف عوامل پر منحصر ہوتی ہے۔

    ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کا تعین اس لیے اہم ہے کہ تاریخی طور پر یہ ایک معیاری وزن سمجھا جاتا ہے اور زیادہ تر چاندی کے زیورات اسی وزن اور مخصوص معیار کے تحت تیار کیے جاتے ہیں، پاکستان کے مختلف شہروں میں چاندی کی قیمت میں تھوڑا سا اتار چڑھاؤ پایا جاسکتا ہے۔

    ملک میں مقامی کرنسی کے حساب سے روزانہ چاندی کی قیمت اپ ڈیٹ ہوتی ہے، فی گرام چاندی، دس گرام چاندی اور فی تولہ چاندی کی قیمت آج ملک میں کیا رہی اس حوالے سے ذیل میں قیمتوں کی تفصیلات بتائی گئی ہی۔

    ملک بھر میں چاندی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان جاری ہے، کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں 10 گرامی چاندی کی قیمت تقریباً 3,447 روپے رہی جبکہ ان شہروں میں ایک تولہ چاندی کی قیمت تقریباً 4,016 روپے ریکارڈ کی گئی۔

    اسی طرح راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی چاندی کے نرخ یکساں رہے، ان شہروں میں 10 گرامی چاندی کی قیمت 3,447 روپے رہی جبکہ ایک تولہ چاندی کی قیمت 4,016 روپے رہی۔

    پاکستان میں چاندی کو صرف زیورات کے طور پر ہی نہیں بلکہ ایک محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔ یہاں چاندی کی سرمایہ کاری کے بارے میں کچھ اہم باتیں جاننا ضروری ہے:

    مہنگائی کے خلاف ایک ہیج: چاندی کو اکثر مہنگائی کے خلاف ایک ہیج سمجھا جاتا ہے۔ جب مہنگائی بڑھتی ہے تو چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہونے کا امکان ہوتا ہے۔

    طویل مدتی سرمایہ کاری: چاندی میں سرمایہ کاری کو طویل مدتی سرمایہ کاری کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اس کی قیمت میں مختصر مدت میں اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے لیکن طویل مدت میں یہ ایک اچھی سرمایہ کاری ثابت ہو سکتی ہے۔

    سونا کے مقابلے میں کم خطرناک: سونا کے مقابلے میں چاندی کو کم خطرناک سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔ اگرچہ سونا بھی ایک محفوظ سرمایہ کاری ہے لیکن چاندی کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کم ہوتا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/gold-rates-in-pakistan-18-august-2025/

  • آسان اقساط پر لیپ ٹاپ  حاصل کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا

    آسان اقساط پر لیپ ٹاپ حاصل کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا

    اسلام آباد : وزیراعظم لیپ ٹاپ لون اسکیم کے تحت نوجوانوں کے لیے آسان قسطوں پر لیپ ٹاپ حاصل کرنے کا طریقہ کار سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے وزیراعظم لیپ ٹاپ لون اسکیم 2025 کا باضابطہ آغاز کر دیا، یہ اسکیم نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی تک رسائی دینے اور ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔

    اس پروگرام کے تحت طلبا، فری لانسرز اور نئے کاروباری افراد کو بغیر سود کے آسان اقساط پر لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود جدید ڈیوائسز خریدنے کے قابل ہوسکیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ یہ اسکیم پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں ایک اسٹریٹجک سرمایہ کاری ہے، جس کے ذریعے نوجوان آن لائن تعلیم، فری لانسنگ پلیٹ فارمز اور ای کامرس کے شعبے میں آگے بڑھ سکیں گے۔

    قرض کی کیٹیگریز


    اسکیم کے تحت درخواست گزار اپنی ضرورت کے مطابق تین درجوں میں سے قرض حاصل کر سکیں گے

    بنیادی (Basic): 1 لاکھ 50 ہزار روپے

    درمیانی (Medium): 3 لاکھ روپے

    اعلیٰ (Advanced): 4 لاکھ 50 ہزار روپے

    یہ تمام قرضے آسان ماہانہ اقساط میں کئی سال کی مدت میں واپس کیے جا سکیں گے۔

    اہلیت


    اہلیت صرف 18 سے 35 سال تک کے پاکستانی شہریوں کے لیے ہے، جن میں یونیورسٹی کے طلبا، فری لانسرز اور نوجوان پروفیشنلز شامل ہیں۔ کم آمدنی والے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی، تاہم سرکاری ملازمین اس اسکیم کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔

    درکار دستاویزات


    درخواست دینے کے لیے امیدواروں کو درج ذیل دستاویزات تیار رکھنا ہوں گی:

    قومی شناختی کارڈ (سامنے اور پچھلی سائیڈ کی اسکین کاپی)

    حالیہ پاسپورٹ سائز فوٹو

    آمدنی کا ثبوت (تنخواہ کی پرچی یا سرپرست کی آمدنی کا سرٹیفکیٹ)

    تعلیمی اسناد یا یونیورسٹی میں داخلے کا ثبوت

    فری لانسرز کے لیے آن لائن پروفائلز (فائیور، اپ ورک وغیرہ) کے لنکس

    تمام درخواستیں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے آفیشل پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کرائی جائیں گی تاکہ شفافیت اور آسانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

    حکومت کا کہنا ہے کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ لون اسکیم 2025 نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے مساوی مواقع فراہم کرے گی، ڈیجیٹل خواندگی کو فروغ دے گی اور انہیں علم پر مبنی صنعتوں میں عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گی۔

    نادرا شاختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکٹ سے متعلق معلومات

  • پاکستان میں پہلی بار چھاتی کے کینسر سے بچاؤ کے لیے ویکسین تیار

    پاکستان میں پہلی بار چھاتی کے کینسر سے بچاؤ کے لیے ویکسین تیار

    لاہور: پاکستان میں پہلی بار چھاتی کے کینسر سے بچاؤ کے لیے ویکسین تیار کرلی گئی، 12 سال کی بچیوں کو اس ویکسین کی تین ڈوزز لگائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ نے چھاتی کے کینسرسے بچاؤ کیلئے ویکسین تیار کرلی ، انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی جانب سے ہیومن پیپیلوما ویکسین کی تیاری کے بعد اس پر پالیسی ڈائیلاگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    اس موقع پر صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور پیپیلوما ویکسین کی تیاری انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کا ایک بڑا کارنامہ ہے۔

    پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرام نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اس ویکسین کے ذریعے چھاتی کے کینسر کی روک تھام میں نمایاں مدد ملے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ 12 سال کی بچیوں کو اس ویکسین کی تین ڈوزز لگائی جائیں گی، جو انہیں زندگی بھر چھاتی کے کینسر سے محفوظ رکھ سکیں گی۔

    خیال رہے چھاتی کے سرطان سے متعلق آج کے اعدادوشمار کا ایک دہائی پہلے سے موازنہ کیا جائے تو ہمارے سامنے کچھ حیران کن حقائق آتے ہیں۔

    خواتین میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص کی اوسط عمر 60 کے بجائے 30 یا 40 سال ہوگئی ہے۔ آج نوجوان لڑکیاں بھی اس بیماری کا شکار ہو رہی ہیں۔ جس سے پاکستان جیسے ممالک کے لیے صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جارہی ہے جہاں دیگر ایشیائی ممالک کے مقابلے میں چھاتی کا سرطان زیادہ پایا جاتا ہے۔

  • پاکستان میں ایک روز میں 2 نئے پولیو کیسز رپورٹ

    پاکستان میں ایک روز میں 2 نئے پولیو کیسز رپورٹ

    اسلام آباد : پاکستان میں ایک روز میں مزید دو پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے بعد رواں سال کیسز کی تعداد بڑھ کر 21 ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں ایک ہی روز کے دوران دو نئے پولیو کیس سامنے آئے ہیں، نئے کیسز ضلع لوئر کوہستان (خیبر پختونخوا) اور ضلع بدین (سندھ) سے رپورٹ ہوئے۔

    ای او سی کا کہنا تھا کہ رواں سال اب تک ملک بھر میں پولیو کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 21 ہوگئی ہے۔

    حکام نے کہا کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے جس سے بچاؤ صرف بروقت ویکسینیشن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملک بھر میں انسدادِ پولیو کی خصوصی مہم یکم ستمبر سے شروع کی جائے گی۔ والدین سے اپیل ہے کہ وہ بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رہ سکیں۔

    حکام کا مزید کہبا تھا کہ پولیو ویکسین کے ساتھ حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی بروقت مکمل کروانا نہایت ضروری ہے، انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے والدین، کمیونٹی اور مقامی قیادت کا بھرپور کردار اہم ہے۔

    نیشنل ای او سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کریں کیونکہ یہ بچوں کے محفوظ اور بہتر مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔