Tag: پاکستان

پاکستان بھر سے تازہ ترین خبریں اور معلومات دیکھیں اے آز وائی نیوز کی ویب سائٹ پر

پاکستان بھر سے تازہ ترین خبریں اور معلومات دیکھیں اے آز وائی نیوز کی ویب سائٹ پر 

  • 201 یونٹ پر 5 ہزار روپے  کا  اضافی بل : صارفین کے لیے اہم خبر  آگئی

    201 یونٹ پر 5 ہزار روپے کا اضافی بل : صارفین کے لیے اہم خبر آگئی

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے 201 یونٹس پر اضافی بل کے معاملے پر اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کا عندیہ دے دیا تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ اراکین نے 201 یونٹس پر اضافی بلز بھیجنے کا معاملہ وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے معاملہ اٹھادیا اور صارفین بجلی سے ہونے والی نااصافی سے آگاہ کیا۔

    کابینہ ارکان نے کہا کہ یہ صارفین کے ساتھ زیادتی ہے کہ صرف ایک یونٹ زیادہ ہونے پر انہیں اگلے چھ ماہ تک اضافی 5 ہزار روپے ماہانہ بل ادا کرنا پڑ رہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کابینہ ارکان نے نیپرا اور وزارتِ توانائی کی جانب سے اختیار کی گئی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 200 یونٹس کی حد عبور کرنے پر صارفین کو نان پروٹیکٹڈ کیٹگری میں ڈال دینا ناانصافی ہے۔

    مزید پڑھیں : 200 یونٹ تک 5000 روپے بل اور 201 یونٹ ہوتے ہی بل 15 ہزار کیوں؟ سوالات کھڑے ہوگئے

    وزیراعظم نے اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کا عندیہ دیا، کمیٹی سارے معاملے کا جائزہ لیکر کابینہ میں تجاویز پیش کرے گی تاکہ یہ 200 یونٹس والا معاملہ جلد حل ہو سکے۔

    ذرائع کے مطابق 201 والی سلیب نیپرا اور وزارت پاور نے جان بوجھ کر لاگو کروائی تھی۔

    یاد رہے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی توانائی کے اجلاس میں 200 اور 201 یونٹ پر بلوں میں فرق کا ایجنڈہ زیر بحث آیا تھا اور سوال اٹھایا گیا تھا کہ 200 یونٹ تک 5000 روپے بل اور 201 یونٹ ہوتے ہیں بل 15 ہزار کیوں؟

  • ویسٹ انڈیز اگر پاکستان سے ون ڈے سیریز ہارا تو کیا ہوگا؟

    ویسٹ انڈیز اگر پاکستان سے ون ڈے سیریز ہارا تو کیا ہوگا؟

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر سیریز کل سے شروع ہو رہی ہے میزبان ٹیم اگر سیریز ہاری تو بڑی مشکل میں آ جائے گی۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کل سے شروع ہو رہی ہے۔ تینوں میچ ٹرینیڈاڈ میں کھیلے جائیں گے۔ مہمان ٹیم کو گرین شرٹس سے یہ سیریز ہر حال میں جیتنی ہوگی، اگر سیریز میں شکست ہوئی تو کیربیئن ٹیم بڑی مشکل میں پھنس جائے گی۔

    پاکستان کے خلاف کل سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز ویسٹ انڈیز کے لیے 2027 میں ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں رسائی کے لیے لائف لائن ہے۔

    آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ اکتوبر، نومبر 2027 میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی میزبانی میں کھیلا جائے گا اور پہلی بار میگا ایونٹ میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

    2027 کے ایڈیشن میں آئی سی سی ٹیم رینکنگ کی ٹاپ 10 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی جب کہ بقیہ چار ٹیموں کو کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا ہوگا۔

    اس وقت آئی سی سی کی تازہ ون ڈے ٹیم رینکنگ میں پاکستان چوتھے جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم دسویں نمبر پر ہے۔ اور کیربیئن ٹیم کی میگا ایونٹ میں انٹری کل سے شروع ہونے والی سیریز میں فتح حاصل کرنے سے جڑی ہے۔

    ویسٹ انڈیز اگر سیریز جیت گیا تو اس کی رینکنگ دسویں نمبر سے کم نہیں ہوگی اور وہ نویں پوزیشن حاصل کر کے 2027 کے ورلڈ کپ میں اپنی سیٹ پکی کر لے گا۔ پاکستان شکست کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر چلا جائے گا تاہم اس سے ورلڈ کپ کوالیفائی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

    تاہم اگر یہ سیریز پاکستان اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا تو ویسٹ انڈیز ٹاپ ٹین سے باہر ہو جائے گا اور پھر اس کو ممکنہ طور پر 2027 کے عالمی کپ میں شرکت کے لیے آئندہ برس ہونے والا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔

    ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی کہتے ہیں ورلڈ کپ 2027 میں براہ راست کوالیفائی کرنے کے لیے پاکستان جیسی ٹیموں کے خلاف رینکنگ پوائنٹس حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔

    پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 11 بجے شروع ہوگا۔

    واضح رہے کہ رواں دورے میں پاکستان نے تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز کو دو، ایک سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کی ہے۔

  • پاک امریکا تجارتی معاہدے کی اہم تفصیلات سامنے آگئیں

    پاک امریکا تجارتی معاہدے کی اہم تفصیلات سامنے آگئیں

    اسلام آباد (7 اگست 2025): پاکستان اور امریکا کے درمیان ہونے والے غیر معمولی تجارتی معاہدے کی اہم تفصیلات سامنے آگئیں۔

    تجارتی معاہدے کی تفصیلات وزارت تجارت کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کی گئیں جن کے مطابق امریکا نے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

    وزارت تجارت نے بتایا کہ امریکا نے تانبا، لوہا، فولاد اور ایلومینیم درآمد پر 50 فیصد ٹیکس عائد کیا ہے جبکہ ریفائن تانبا کو 50 فیصد ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ پاکستان کیلیے امریکا کو ریفائن تانبا کی برآمد سودمند ہوگی، اسلام آباد کو عالمی سطح پر معدنیات کے بااعتماد سپلائر کے طور متعارف کرائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا، وزارت خزانہ

    ’حکومت پاکستان کے ورکنگ گروپ اور اسٹیرنگ کمیٹی نے واشنگٹن سے بات کی ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر سربراہی اسٹیرنگ کمیٹی نے تین نکاتی حکمت عملی وضع کی ہے، اسٹیرنگ کمیٹی کی حکمت عملی کا مقصد پاکستانی برآمدات پر اثرات کم کرنا ہے، پاکستان امریکا کا تجارتی خسارہ کم کرنے کیلیے درآمدات میں اضافہ کرے گا۔‘

    ان کا بتانا تھا کہ پاکستان اور امریکی حکومت مصنوعات پر ٹیکسز کے بارے میں بات کریں گے، کم ٹیکسز والی پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈیوں تک بہتر رسائی دی جائے گی۔

    ’غیر محصولاتی رکاوٹوں کا جائزہ لے کر انہیں ختم یا نرم کیا جائے گا، پاکستان اور امریکا کے درمیان فریم ورک پر اتفاق ہوگیا ہے، امریکا نے پاکستانی برآمدات پر ٹیکس 29 سے 19 فیصد کر دیا ہے۔‘

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

  • بڑی خبر: ایک لاکھ ٹن چینی امپورٹ کرنے کا ٹینڈر منسوخ کرنے کا حکومتی فیصلہ

    بڑی خبر: ایک لاکھ ٹن چینی امپورٹ کرنے کا ٹینڈر منسوخ کرنے کا حکومتی فیصلہ

    اسلام آباد (07 اگست 2025): وفاقی حکومت نے ایک لاکھ ٹن چینی امپورٹ کرنے کا ٹینڈر منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اعلیٰ سرکاری ذرائع نے کہا ہے کہ حکومت امپورٹڈ چینی کے حصول میں کوئی خلاف ضابطہ اقدام نہیں کرے گی اور چینی کی درآمد میں قیمت اور سائز پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ ٹن چینی امپورٹ کرنے کا ٹینڈر منسوخ کیا جا رہا ہے، کیوں کہ اس کے ٹینڈر میں چینی کے ریٹ کا سائز معیار کے مطابق نہیں ملا ہے، اور ایک لاکھ ٹن چینی کی امپورٹ کی بولی دینی والی تینوں کمپنیوں سے ڈیل فائنل نہیں ہو سکی۔

    ذرائع کے مطابق ایک لاکھ ٹن باریک چھوٹی چینی کے لیے 539 اور 567 ڈالر فی ٹن کا ریٹ ملا جو قابل قبول نہیں، جب کہ درمیانی سائز کی چینی کے لیے 599 ڈالر فی ٹن کا ریٹ ملا جو قابل قبول نہیں۔


    حکومت نے چینی درآمد کا ایک اور ٹینڈر جاری کر دیا


    حکومت کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ ٹن چینی کے کراچی پورٹ پہنچنے پر کارگو ہینڈلنگ چارجز بھی دینا ہوں گے، چینی کی اَن لوڈنگ اور پھر ٹرکوں پر لوڈنگ کے اخراجات بھی دینا پڑیں گے، اور پورٹ سے مارکیٹوں تک پہنچانے کے لیے ترسیلی اخراجات بھی دینا پڑیں گے۔

  • پاکستان میں کیسٹر کی کاشت کے حوالے سے اہم فیصلہ

    پاکستان میں کیسٹر کی کاشت کے حوالے سے اہم فیصلہ

    اسلام آباد (07 اگست 2025): پاکستان میں کیسٹر کی منافع بخش کاشت کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت بین الاقوامی ملٹی گروپ آف کمپنیز کے وفد کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کیسٹر کی کاشت کو خصوصی توجہ کا مرکز قرار دیا گیا، کیوں کہ یہ نہ صرف اقتصادی طور پر سودمند ہے بلکہ برآمدات کے لیے بھی بہت زیادہ امکانات رکھتی ہے۔

    وفد نے پاکستان میں مختلف اعلیٰ منافع بخش فصلیں متعارف کروانے کی پیشکش کی، جن میں کیسٹر کو سب سے زیادہ موزوں اور منافع بخش قرار دیا گیا۔

    رانا تنویر حسین نے کہا کہ کیسٹر ایک کم لاگت اور زیادہ پیداوار دینے والی فصل ہے جو پاکستان کے غیر زرخیز اور نیم بنجر علاقوں کے لیے انتہائی موزوں ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ فصل ان زمینوں میں بھی آسانی سے کاشت کی جا سکتی ہے جہاں دیگر روایتی فصلیں اگنا مشکل ہوتی ہیں، یوں یہ کسانوں کے لیے آمدنی کا ایک مؤثر ذریعہ بن سکتی ہے۔


    پاکستانی عوام نے گزشتہ مالی سال ’’صرف پٹرول لیوی‘‘ کی مد میں کتنے کھرب دیے؟


    ان کا کہنا تھا اس وقت کیسٹر کی مقامی منڈی میں قیمت 7000 روپے فی چالیس کلو ہے، جو روایتی فصلوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔ اس منصوبے میں شامل ایک چینی غیر منافع بخش ادارہ ہائبرڈ کیسٹر بیج فراہم کرے گا، جس سے موجودہ پیداوار 50 من فی ایکڑ سے بڑھ کر 100 من فی ایکڑ تک ہو جائے گی۔ کمپنی نے کسانوں کے ساتھ باقاعدہ معاہدے کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جس کے تحت وہ مقررہ قیمت پر کسانوں کی تمام پیداوار خریدے گی، اس سے کسانوں کو مالی تحفظ بھی حاصل ہوگا۔

    وفاقی وزیر کے مطابق وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اس منصوبے کی مکمل سرپرستی کرے گی اور صوبائی محکمہ جاتِ زراعت کے ساتھ مل کر آگاہی مہمات اور بیج کی فراہمی کے اقدامات کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان عالمی مارکیٹ میں کیسٹر آئل کی برآمدات کے میدان میں ایک مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے، کیوں کہ یہ آئل دوا سازی، کاسمیٹکس، لبریکنٹس اور بائیو فیول سمیت کئی صنعتوں میں استعمال ہوتا ہے۔

  • ’عراق پاکستان کے لیے فیری سروس شروع کرنے کا خواہاں‘ دونوں ملک بحری تعاون بڑھانے پر متفق

    ’عراق پاکستان کے لیے فیری سروس شروع کرنے کا خواہاں‘ دونوں ملک بحری تعاون بڑھانے پر متفق

    اسلام آباد (6 اگست 2025) پاکستان اور عراق کے درمیان بحری تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے عراق پاکستان کیلیے فیری سروس شروع کرنے کا خواہاں ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے عراقی سفارتی مشن کے سربراہ نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک نے بحری شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور نئی سمندری راہیں تلاش کرنے پر غور کیا گیا۔

    عراقی سفارتی مشن کے سربراہ عبدالقادر سلیمان الہمیری نے کہا کہ بحری شعبہ مستقبل کے تعاون کا اہم ذریعہ ہے جب کہ عراق پاکستان کے لیے فیری سروس شروع کرنے کا خواہاں ہے۔

    وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ پاک عراق فیری سروس تعلقات کا نیا باب ثابت ہوگی اور اس سے تجارت، لاجسٹکس اور مذہبی سفر کو بھی فروغ ملے گا۔

    جنید انوار نے کہا کہ یوم عاشور پر 88 ہزار سے زائد پاکستانی زائرین نے عراق کا سفر کیا۔ فیری سروس سے مسافر اور کارگو روابط سے بلیو اکانوی کو بھی تقویت ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں عراقی تیل کی درآمد، پاکستانی گوشت اور چاول کی برآمد پر بھی بات چیت ہوئی۔

    وفاقی وزیر کے مطابق ایران اور جی سی سی ممالک سے فیری روٹس پر کام جاری ہے۔

  • بھارتی میڈیا کا پاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا جھوٹا الزام

    بھارتی میڈیا کا پاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا جھوٹا الزام

    بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر منفی پروپیگنڈہ کرتے ہوئے پاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر دیا جس کی تردید بھارتی فوج نے کر دی۔

    بھارتی میڈیا جو پاکستان کے خلاف ہر وقت منفی پروپیگنڈے کے تانے بانے بنتا رہتا ہے۔ اب ایک اور جھوٹ گھڑ لایا اور پاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کر دیا۔

    بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر منفی پروپیگنڈے کو فروغ دیتے ہوئے جھوٹا الزام عائد کیا کہ پاکستاننے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائرنگ کی۔

    تاہم گودی میڈیا کو اس وقت منہ کی کھانی پڑی جب خود بھارتی فوج نے ان خبروں کو من گھڑت قرار دیا اور اپنے میڈیا کے پاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزام کو جھٹلاتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں جب بھارت نے پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا ہو۔ جنگ کا میدان ہو یا کھیل کا، گودی میڈیا ہمیشہ من گھڑت اور پاکستان مخالف پروپیگنڈا خبروں سے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

    آکسفورڈ سے صحافت کے ماہر راسموس کلیس نیلسن کی بھارتی میڈیا پروپیگنڈے پر کڑی تنقید

    تاہم اب دنیا کی آنکھیں کھل چکی ہیں اور وہ بھارتی میڈیا کے منفی پروپیگنڈے میں نہیں آتے۔ خود بھارت میں انڈین میڈیا کی جھوٹی خبروں پر تنقید ہو رہی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/fake-news-watchdog-india-pakistan-war/

  • چاندی کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ کے بعد پھر سے اضافہ

    چاندی کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ کے بعد پھر سے اضافہ

    پاکستان میں چاندی کی قیمت بین الاقوامی مارکیٹ میں چاندی کی مانگ و رسد، ڈالر کی قیمت، مہنگائی، عوامی مانگ اور سرکاری پالیسیوں جیسے مختلف عوامل پر منحصر ہوتی ہے۔

    ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کا تعین اس لیے اہم ہے کہ تاریخی طور پر یہ ایک معیاری وزن سمجھا جاتا ہے اور زیادہ تر چاندی کے زیورات اسی وزن اور مخصوص معیار کے تحت تیار کیے جاتے ہیں، پاکستان کے مختلف شہروں میں چاندی کی قیمت میں تھوڑا سا اتار چڑھاؤ پایا جاسکتا ہے۔

    ملک میں مقامی کرنسی کے حساب سے روزانہ چاندی کی قیمت اپ ڈیٹ ہوتی ہے، فی گرام چاندی، دس گرام چاندی اور فی تولہ چاندی کی قیمت آج ملک میں کیا رہی اس حوالے سے ذیل میں قیمتوں کی تفصیلات بتائی گئی ہی۔

    ملک بھر میں چاندی کی قیمتوں میں کمی کے بعد پھر سے اضافہ ہوگیا، کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں آج 10 گرامی چاندی کی قیمت تقریباً 3,409 روپے رہی جبکہ ان شہروں میں ایک تولہ چاندی کی قیمت تقریباً 3,972 روپے ریکارڈ کی گئی۔

    اسی طرح راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی چاندی کے نرخ یکساں رہے، ان شہروں میں 10 گرامی چاندی کی قیمت 3,409 روپے رہی جبکہ ایک تولہ چاندی کی قیمت 3,972 روپے رہی۔

    پاکستان میں چاندی کو صرف زیورات کے طور پر ہی نہیں بلکہ ایک محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔ یہاں چاندی کی سرمایہ کاری کے بارے میں کچھ اہم باتیں جاننا ضروری ہے:

    مہنگائی کے خلاف ایک ہیج: چاندی کو اکثر مہنگائی کے خلاف ایک ہیج سمجھا جاتا ہے۔ جب مہنگائی بڑھتی ہے تو چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہونے کا امکان ہوتا ہے۔

    طویل مدتی سرمایہ کاری: چاندی میں سرمایہ کاری کو طویل مدتی سرمایہ کاری کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اس کی قیمت میں مختصر مدت میں اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے لیکن طویل مدت میں یہ ایک اچھی سرمایہ کاری ثابت ہو سکتی ہے۔

    سونا کے مقابلے میں کم خطرناک: سونا کے مقابلے میں چاندی کو کم خطرناک سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔ اگرچہ سونا بھی ایک محفوظ سرمایہ کاری ہے لیکن چاندی کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کم ہوتا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/gold-rates-in-pakistan-5-august-2025/

  • حکومتِ پاکستان اور معروف چینی کمپنی کے درمیان سرمایہ کاری کیلئے بڑا معاہدہ

    حکومتِ پاکستان اور معروف چینی کمپنی کے درمیان سرمایہ کاری کیلئے بڑا معاہدہ

    اسلام آباد : پاکستان اور چینی کمپنی کے درمیان گوادر سرمایہ کاری کیلئے معاہدہ طے پاگیا، معاہدے کے تحت موجودہ سہولتوں کی اپ گریڈیشن اور توسیع کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ بحری امور اور چین کی معروف کمپنی شننگ انٹرپرائز کے درمیان گوادر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت دونوں فریقین نے لیٹر آف انٹینٹ (Letter of Intent) پر دستخط کیے ہیں۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے معاہدے کو پاکستان کی میری ٹائم معیشت کے لیے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے گوادر بندرگاہ کو علاقائی سطح پر ٹرانس شپمنٹ کا مرکز بنانے کی راہ ہموار ہوگی۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ معاہدے کے تحت گوادر فری زون میں نئی صنعتوں اور منصوبوں کے قیام پر اتفاق رائے ہوا ہے، جس سے بندرگاہ کی تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شننگ انٹرپرائز کے تعاون سے گوادر کی موجودہ بندرگاہی سہولیات کی اپ گریڈیشن اور توسیع کی جائے گی تاکہ گوادر کو عالمی سطح پر ایک فعال میری ٹائم گیٹ وے میں تبدیل کیا جا سکے۔

    جنید انوار چوہدری نے واضح کیا کہ بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری نہ صرف گوادر بلکہ پورے پاکستان کی سمندری معیشت کے فروغ کا ذریعہ بنے گی۔

    انہوں نے مزید کہا۔ "ہم گوادر کو عالمی سطح پر تجارتی مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہیں، اور عالمی شراکت داروں کی شمولیت ہماری ترقی کی رفتار کو دوگنا کرے گی۔”

    معاہدے پر دستخط کا یہ عمل پاکستان کے بندرگاہی انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے لیے ایک مثبت اشارہ تصور کیا جا رہا ہے۔

  • آئی ایم ایف نے پاکستان میں کرپشن کی نشاندہی کر دی

    آئی ایم ایف نے پاکستان میں کرپشن کی نشاندہی کر دی

    اسلام آباد : آئی ایم ایف نے پاکستان میں کرپشن کی نشاندہی کر دی اور کہا ایف بی آر میں کرپشن موجود ہے، ادارہ کرپشن کنٹرول کرنے اور ٹیکس پیچیدگیوں کو ختم کرے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں گورننس اورکرپشن سے متعلق جامع رپورٹ جاری کرتے ہوئے وفاقی اداروں خصوصاً ایف بی آر اور وزارتِ خزانہ پر متعدد سنگین تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    "گورننس اینڈ کرپشن ڈائگناسٹک اسسمنٹ رپورٹ” وزارتِ خزانہ کو باضابطہ طور پر بھجوا دی گئی ہے، جس میں آئی ایم ایف نے کرپشن کنٹرول، بجٹ اصلاحات، ٹیکس نظام میں بہتری، اور شفافیت کے حوالے سے تفصیلی سفارشات پیش کی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر میں کرپشن اب بھی موجود ہے، جس کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں، ادارے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ٹیکس نظام میں موجود پیچیدگیوں کو ختم کرے، اسپیشل رجیمز، اضافی ودہولڈنگ اور ایڈوانس ٹیکسز میں کمی کے لیے اسٹریٹیجی مرتب کر کے رپورٹ پیش کرے۔

    آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ کی اجازت کے بغیر کسی بھی قسم کی سپلیمنٹری گرانٹس یا بجٹ ایڈجسٹمنٹ پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔

    رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ وزارت خزانہ بجٹ بنانے کے عمل کو مزید شفاف اور موثر بنائے، جبکہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو مکمل خودمختاری دینے کے لیے قانونی فریم ورک میں اصلاحات کی جائیں۔

    آئی ایم ایف نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکس پالیسی سازی کو ایف بی آر سے الگ کر کے ایک آزاد اور خودمختار ادارے کے تحت فعال کیا جائے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مختلف شعبوں اور سرمایہ کاری پر دی گئی ٹیکس چھوٹ اور استثنیٰ کو محدود کیا جائے تاکہ ریونیو میں بہتری لائی جا سکے اور مساوی ٹیکس نظام قائم ہو۔

    آئی ایم ایف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان تمام سفارشات پر عملدرآمد کی تفصیلی رپورٹ مئی 2026 تک پیش کی جائے۔ اس سلسلے میں آئی ایم ایف نے اپریل کے دوران پاکستان کے 30 مختلف سرکاری اداروں کے ساتھ مذاکرات بھی کیے تھے۔

    رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کی گورننس اسسمنٹ ٹیم نے فروری میں چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی ملاقات کی تھی تاکہ عدالتی نظام میں شفافیت اور احتساب سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔