Tag: پاکستان آمد

  • مہمان نوازی ذاکر نائیک کو دوبارہ پاکستان کھینچ لائی

    مہمان نوازی ذاکر نائیک کو دوبارہ پاکستان کھینچ لائی

    معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک ایک بار پھر پاکستان پہنچ گئے، کراچی میں آج گورنر سندھ کے افطار ڈنر کے مہمان خصوصی بنے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر ہائوس میں ساتویں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، شہری، فیملیز سمیت اسکول اور جامعات کے طلبا شریک ہوئے، ساتویں افطار/ ڈنر میں شہرہ آفاق اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نےخصوصی شرکت کی۔

    ڈاکٹر ذاکر نائیک نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک میں زیادہ سے زیادہ عبادت کریں، رمضان المبارک میں ایک روپیہ کا 700 گنا ثواب ہوتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر زاکر نائیک نے کہا کہ مجھے پاکستان سے بہت محبت ہے، چار ماہ بعد ہی دوبارہ پاکستان آیا ہوں، میرا جو استقبال ہوا اسکا تصور بھی نہیں کیا تھا۔

    انھوں نے بتایا کہ کئی سال پہلے مجھے میری والدہ نے آخری عیدی دو ہزار انڈین روپے دی تھی، میں اس بار عید مکہ حرم شریف میں منائوں گا، میں رمضان کا آخری عشرہ ہر سال مکہ میں گزارتا ہوں۔

  • انگلینڈ کرکٹ ٹیم 2 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی

    انگلینڈ کرکٹ ٹیم 2 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی

    آئندہ ماہ سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم 2 اکتوبر کو ملتان پہنچے گی، پہلا مقابلہ 7 تاریخ سے شیڈول ہے۔

    انگلش کرکٹ ٹیم اگلے مہینے کی 2 تاریخ کو پاکستانی سرزمین پر قدم رکھے گی جہاں اسے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں میزبان سے پنجہ آزمائی کرنے کا موقع ملے گا، قومی کرکٹ ٹیم اور انگلینڈ کا پہلا پانچ روزہ میچ 7 اکتوبر سے 11 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔

    دوسرا ٹیسٹ میچ 15 اکتوبر سے 19 اکتوبر تک ملتان میں کھیلا جائےگا جبکہ سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 24 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک راولپنڈی میں منعقد ہوگا۔

    اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے نظر ثانی شدہ شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا۔

    تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے میچز ابتدائی طور پر کراچی، ملتان اور پنڈی میں شیڈول تھے تاہم کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے جاری تعمیراتی کام کے باعث وہاں اب میچ نہیں ہوگا۔

    پی سی بی نے مذکورہ ٹیسٹ سیریز کا نظر ثانی شیڈول جاری کیا تھا جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ٹیسٹ کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم منتقل کردیا گیا ہے، ابتدائی دو ٹیسٹ میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے پہلے گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کے خلاف کراچی میں شیڈول ٹیسٹ میچ بھی ترقیاتی کاموں کے باعث پنڈی اسٹیڈیم منتقل کردیا گیا تھا۔

  • ترک بحری جہاز ’کنالیاڈا‘کی پاکستان آمد پر پُرتپاک استقبال

    ترک بحری جہاز ’کنالیاڈا‘کی پاکستان آمد پر پُرتپاک استقبال

    ترک بحریہ کا جنگی بحری جہاز کنالیاڈا (TCG KINALIADA) کراچی پہنچ گیا، پاک بحریہ کی جانب سے روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترک بحریہ کے جنگی بحری جہاز کنالیاڈا کی پاکستانی حدود میں داخلے پر پاک بحریہ کے جہاز نے ترکیہ کے جہاز کو خوش آمدید کہا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق کراچی بندرگاہ پہنچنے پر پاک بحریہ اور ترک سفارت خانے کےافسران نے جہاز کے عملے کا پرتپاک انداز میں استقبال کیا۔

    جہازکے کمانڈنگ افسر، پاک بحریہ کے فیلڈ کمانڈرز اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، ملاقاتوں میں دونوں ملکوں کی بحریہ میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ترک بحریہ کا وفد مزار قائد پر حاضری بھی دے گا، ترک بحریہ کے جہاز کا یہ دورہ برادر ملکوں کی بحریہ میں مضبوط اور دیرینہ تعلقات کا عکاس ہے۔

  • کورونا ایس او پیز : بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے اہم خبر

    کورونا ایس او پیز : بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے اہم خبر

    اسلام آباد: بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلیے کورونا ایس او پیز میں 18 مارچ تک توسیع کردی گئی ، سی کیٹیگری ممالک کے شہریوں کی پاکستان آمد پر عارضی سفری پابندی برقرار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مسافروں کی پاکستان آمد سے متعلق کورونا ایس او پیز میں 18 مارچ تک توسیع کر دی گئی، ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے ایس اوپیز سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

    نئے نوٹیفیکشن کے مطابق کیٹیگری سی کے ممالک کی تعداد 8 رکھی گئی ہے، جن میں برطانیہ، جنوبی افریقہ،آئرلینڈ، برازیل، پرتگال، نیدر لینڈ، بوٹسوانا ،زیمبیا شامل ہیں۔

    کیٹیگری سی کے ممالک کے شہریوں کی پاکستان آمد پر عارضی سفری پابندی برقرار ہیں جبکہ سی کیٹیگری مسافروں کے لیے کورونا نیگیٹو ٹیسٹ رپورٹ اور سی اے اے کا این سی او سی لازم قرار دیا ہے۔

    نوٹیفیکشن کے مطابق کیٹیگری اے میں آسٹریلیا چائینہ سعودی عرب قطر سمیت 24 ممالک شامل ہیں جبکہ کیٹیگری اے اور سی کے علاوہ باقی تمام ممالک کیٹیگری بی میں شامل ہیں ،کیٹیگری بی ممالک سے آنے والوں کو سفر سے قبل کورونا ٹیسٹ لازمی کرانا ہو گا۔

  • امریکی سرمایہ کاروں کی پاکستان آمد، سرمایہ کاری کے حوالے بڑی خبر آگئی

    امریکی سرمایہ کاروں کی پاکستان آمد، سرمایہ کاری کے حوالے بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے امریکی سرمایہ کاروں کی پاکستان آمد سرمایہ کاری میں دلچسپی کا عندیہ ہے ،ادارے مزید معلومات کے لیے چیئرمین سرمایہ کاری سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطے ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکی نجی مالیاتی ترقیاتی سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کادورہ کرے گا، وفدکی قیادت عالمی ترقیاتی مالیاتی کوآپریشن کے سی ای او ایڈم بوہیلرکریں گے، امریکی وفد کی آمد پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا عندیہ ہے۔

    عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ پاکستانی نجی شعبہ امریکی وفدکی آمد سے قبل تجاویز تیار کرے ، ادارےمزیدمعلومات کے لیے چیئرمین سرمایہ کاری سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

    یاد رہے مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہوم اپلائنسز عالمی معیار کے مطابق ہیں، پاکستان سے جلد ہوم اپلائنسز کی برآمد شروع ہوجائے گی 5روایتی برآمدات سے بڑھ کر برآمدات کے کیلئے کوشاں ہیں، انجینئرنگ اور فارما سوٹیکل کی برآمدات پر خصوصی ہے، بجٹ میں خام مال پر درآمدی ڈیوٹیز میں کمی اور ٹیرف پر نظرثانی کی گئی۔

    عبد الرزاق داؤد نے کہا تھا کہ انجینئرنگ اور ہوم اپلائنسز کی مصنوعات عالمی معیار کے مطابق ہیں، موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی سے بھی برآمدات میں اضافہ متوقع ہے۔

  • کورونا وائرس کیخلاف جنگ، چین سے طبی سامان کی ایک اور کھیپ کی پاکستان آمد

    کورونا وائرس کیخلاف جنگ، چین سے طبی سامان کی ایک اور کھیپ کی پاکستان آمد

    اسلام آباد : کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں چین سے طبی سامان کی ایک اور کھیپ کی پاکستان پہنچ گئی ، چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ آئندہ چندروزمیں مزیدسامان پاکستان پہنچے گا۔

    تفصیلات کے مطابق چین سے حفاظتی سامان کی ایک اورکھیپ پاکستان پہنچ گئی، پی آئی اےکاخصوصی طیارہ 18ٹن سامان لےکراسلام آباد پہنچا ، سامان میں حفاظتی کٹس،وینٹی لیٹراوردیگرسامان شامل ہیں۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے اور این ڈی آرایم ایف کےسربراہ ندیم احمدنےسامان وصول کیا، سامان میں 159 وینٹی لیٹراور 15ایکسرے مشین، 200 تھرمل گنز ، ذاتی حفاظتی سامان کی کٹس، 2لاکھ 90ہزار سرجیکل ماسک اور 15ہزار حفاظتی سوٹ شامل ہیں جبکہ 30 ہزار دستانوں کے جوڑے اور 5ہزار حفاظتی عینکیں بھی سامان کا حصہ ہیں، سامان کے علاوہ ضروری دوائیں بھی منگوائی گئی ہیں

    اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ آئندہ چندروزمیں مزیدسامان پاکستان پہنچےگا، آج پاکستان دن میں 30سے40ہزارٹیسٹ کرسکتاہے، عملےکی دستیابی پرروز30سے40ہزارٹیسٹ کرسکیں گے، سامان کی فراہمی میں این ڈی آرایم ایف کاتعاون اہم ہے۔

    سربراہ این ڈی آر ایم ایف نے بتایا کہ اے ڈی بی105ملین ڈالرمزیدفنڈ اور ورلڈبینک سے60 ملین ڈالرمل رہے ہیں۔

    گذشتہ روز چائینہ تھری گارجز کپمنی کی طرف سے پاکستان کیلئے کوڈ-19 وبا سے بچاو کے سامان کی وصولی کی تقریب منعقد کی گئی تھی، جس میں وفاقی وزیر پاور و پٹرولیم عمر ایوب خان ،چینی سفیر یاؤ جنگ، چیر مین سی پیک اٹھا رٹی لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عاصم سلیم باجوہ، این ڈی ایم کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

    چائینہ تھری گارجزکپمنی کی طرف سے سرجیککل ماسک،آین 95ماسک، کٹس، ونٹیلیٹرز اور دیگر سامان پاکستان کے حوالے کیا گیا ، جس پر وفاقی وزیرعمر ایوب نے چین کی کمپنیوں کا شکریہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان چین دوستی لازوال ہے۔

  • کشمیر کی حمایت پر بھارت سے ڈی پورٹ شدہ برطانوی رکن پارلیمنٹ پاکستان پہنچ گئیں

    کشمیر کی حمایت پر بھارت سے ڈی پورٹ شدہ برطانوی رکن پارلیمنٹ پاکستان پہنچ گئیں

    اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی بربریت کے خلاف بولنے والی برطانوی رکن پارلیمنٹ ڈیبی ابراہمز بھارت سے ڈی پورٹ ہونے کے بعد پاکستان پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی رکن پارلیمنٹ اور برطانوی پارلیمنٹ کی آل پارٹی پارلیمنٹری گروپ کی چیئر پرسن ڈیبی ابراہمز وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئیں۔ ڈیبی ابراہمز کی قیادت میں 9 رکنی برطانوی پارلیمانی وفد اسلام آباد پہنچا ہے۔

    ان کے وفد میں لارڈ قربان حسین، عمران حسین اور جیمز ڈیلے شامل ہیں۔ حریت رہنما عبد الحمید لون نے برطانوی وفد کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

    ڈیبی ابراہمز بھارت سے ڈی پورٹ ہونے کے بعد پاکستان پہنچی ہیں، بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچنے کے بعد، مقبوضہ کشمیر کی حمایت میں بولنے کی پاداش میں ان کا ویزا منسوخ کردیا گیا تھا۔

    ڈیبی کا کہنا تھا کہ بھارت میں ان کے ساتھ ایک مجرم جیسا سلوک کیا گیا اور انہیں ڈی پورٹ کیے جانے والے افراد کے سیل میں رکھا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کا موجودہ ای ویزا گزشتہ برس اکتوبر میں جاری کیا گیا تھا اور اس کی مدت معیاد اکتوبر 2020 تک ہے تاہم دہلی ایئرپورٹ پر حکام نے انہیں مطلع کیا کہ ان کا ویزا منسوخ کردیا گیا ہے۔

    تاہم یہ ابھی بھی واضح نہیں ہوسکا کہ ڈیبی کا ویزا کیوں مسترد کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر کے ایک صحافی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ برطانیہ میں موجود بھارتی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈیبی کے پاس مؤثر ویزا نہیں تھا، علاوہ ازیں برطانوی شہریوں کے لیے بھارت میں آن ارائیول ویزا کی کوئی پالیسی نہیں لہٰذا ڈیبی سے واپس جانے کی درخواست کی گئی ہے۔

    جواباً ڈیبی ایڈمز نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ سوال یہ ہے کہ ویزا کیوں اور کب منسوخ کیا گیا؟ انہوں نے اپنے ویزے کی تصویر بھی ٹویٹر پر پوسٹ کی جس میں ویزے کی مدت رواں برس اکتوبر تک کی ہے۔

    دوسری جانب بھارتی حکومت اور میڈیا نے ڈیبی ابراہمز کو پاکستانی ایجنٹ قرار دینا شروع کردیا۔

    کانگریس رہنما ابھیشک سنگھوی نے حکومت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیبی ابراہمز صرف برطانوی رکن پارلیمنٹ نہیں بلکہ پاکستانی حکومت اور آئی ایس آئی کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کے لیے جانی جاتی ہیں، بھارت سے ان کا ڈی پورٹ کیا جانا ضروری تھا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی خود مختاری پر حملے کی ہر کوشش کو ناکام بنانا ضروری ہے۔

    تاہم معروف سفارتکار اور لوک سبھا کے رکن ششی تھرور نے کہا کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں سب ٹھیک ہے تو حکومت مخصوص لوگوں کو دورے کروانے کے بجائے اس مسئلے پر بنے متعلقہ گروپ کے سربراہ کو وہاں کا دورہ کروائے۔

  • اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس پاکستان پہنچ گئے، انتونیو گتریس صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ افغان پناہ گزینوں کے 40 سال پر کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، انتونیو گتریس غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے جہاں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ان کا استقبال کیا۔

    اپنے دورے کے دوران انتونیو گتریس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ پاکستانی قیادت مسئلہ کشمیر کے تمام پہلوؤں سے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کرے گی۔

    سیکریٹری جنرل مہاجرین سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ وہ یو این فوجی مبصر گروپ پاک بھارت آفس کا بھی دورہ کریں گے، اس دوران وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور یو این کمشنر پناہ گزین سے ملاقات بھی کریں گے۔

    انتونیو گتریس پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں پر بھی خصوصی گفتگو کریں گے۔ وہ افغان پناہ گزینوں کے 40 سال پر کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم کی شرکت متوقع ہے۔

    اپنے دورے کے دوران سیکریٹری جنرل پاکستان میں انسداد پولیومہم کا بھی آغاز کریں گے، اور بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کریں گے۔

    اپنی آمد سے قبل انتونیو گتریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستان کی امن کاوشوں کا برملا اعتراف کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے پاک فوج کی خواتین افسران کے دستے کی گروپ فوٹو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان، پوری دنیا میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شامل ہے۔ پاکستان امن کا مستقل مزاج اور قابل بھروسہ حصہ دار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امن کے لیے کام کرنے والوں سے اظہار تشکر کے لیے پاکستان جا رہا ہوں۔

  • ترک صدر کی پاکستان آمد، پاکستانی تاجروں کے لئے خوشخبری

    ترک صدر کی پاکستان آمد، پاکستانی تاجروں کے لئے خوشخبری

    اسلام آباد :مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ ترک صدر کی پاکستان آمدپرترک تاجروں کابڑاوفد بھی آرہا ہے ، تاجر نمائندے ملاقاتوں اور رابطوں کیلئےمتعلقہ چیمبرز سے رجوع کریں، پاک ترک تجارت کے فروغ کیلئے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ترک صدر رجب طیب اردوان کی پاکستان آمد سے متعلق پیغام میں کہا ترک صدرکی پاکستان آمدپرترک تاجروں کابڑاوفدبھی آئےگا، ترک تاجروں کی تفصیلات ایوان ہائےصنعت وتجارت کوفراہم کردی، ایف پی سی سی آئی سمیت تمام بڑےچیمبرزکوفہرستیں فراہم کی ہیں۔

    رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ تاجر نمائندے ملاقاتوں اور رابطوں کیلئےمتعلقہ چیمبرز سے رجوع کریں، پاک ترک تجارت کے فروغ کیلئے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

    اس سے قبل بھی مشیرتجارت رزاق داؤد نے کہا تھا ترک صدر 13اور14 فروری کوپاکستان کاسرکاری دورہ کریں گے،  ترک صدر کے ہمراہ تاجروں کابڑاوفدبھی پاکستان آئےگا، کاروباری مواقع کی تلاش کےخواہاں پاکستانی تاجر موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

    یاد رہے ترک صدر کا 13 اور 14 فروری کو دورہ پاکستان کا قوی امکان ہے ، وہ کاروباری شخصیات سمیت اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آبادپہنچیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ترک صدر پاکستانی سیاسی وعسکری قیادت سےاہم ملاقاتیں کریں گے جبکہ صدر،وزیراعظم، ترک صدر اور مہمانوں کے اعزازمیں ضیافتوں کا اہتمام کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق پاک، ترک اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل کا اجلاس منعقد ہو گا، وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے، متعدد معاہدے، تعاون کی یادداشتوں پر دستخط اور کئی منصوبے شروع ہوں گے۔

    ترک صدر کے دورے کے دوران تذویراتی اقتصادی فریم ورک، باہمی تعاون کے تحت معاہدات کا امکان ہے جبکہ سرمایہ کاری، تجارت، دفاعی پیداوار، بینکنگ، مالیات میں تعاون بڑھایا جائے گا۔

  • حسن علی کی بھارتی اہلیہ گوجرانوالہ پہنچ گئیں، شاندار استقبال

    حسن علی کی بھارتی اہلیہ گوجرانوالہ پہنچ گئیں، شاندار استقبال

    گوجرانوالہ: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کی اہلیہ سامعیہ پاکستان پہنچ گئیں، حسن علی کے آبائی شہر گوجرانوالہ میں سامعیہ کا پرجوش و شاندار استقبال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حسن علی کی بھارتی اہلیہ سامعیہ شادی کے بعد پہلی بار پاکستان آئی ہیں، سامعیہ نجی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے دبئی سے سیالکوٹ پہنچیں۔

    بعد ازاں حسن علی انہیں ایئر پورٹ سے لے کر گوجرانوالہ پہنچے جہاں دونوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اہل علاقہ اور حسن علی کے اہلخانہ نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے سامعیہ کا استقبال کیا۔

    خیال رہے کہ حسن علی اور سامعیہ رواں برس 20 اگست کو دبئی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔

    سامعیہ کا تعلق بھارتی ریاست ہریانہ سے ہے، انہوں نے انگلینڈ سے انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے جبکہ وہ اپنے والدین کے ساتھ دبئی میں رہائش پذیر ہیں۔

    دونوں کی ملاقات ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ہوئی جس کے ایک سال بعد ہی حسن اور سامعیہ نے زندگی بھر کے لیے ایک دوسرے کا ساتھی بننے کا فیصلہ کیا۔