Tag: پاکستان الیکشن

  • امریکا کی پاکستان میں پی ٹی آئی ریلی پر حملے کی مذمت

    امریکا کی پاکستان میں پی ٹی آئی ریلی پر حملے کی مذمت

    واشنگٹن : امریکا نے پی ٹی آئی ریلی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستانی عوام کی برداشت اوران کی بحالی کی صلاحیت پریقین رکھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیوملر نے پریس بریفنگ کے دوران پاکستان میں پی ٹی آئی ریلی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے سے متاثر ہونے والوں کیلئےگہری ہمدردی کااظہار کیا۔

    میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی عوام کی برداشت اوران کی بحالی کی صلاحیت پریقین رکھتےہیں، یہ حملہ بھی ان میں سےایک ہےجوگزشتہ ماہ متعددجماعتوں کیخلا ف دیکھے۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھرمیں الیکشن کمیشن خودکئی جگہوں پرحملوں کی زدمیں آیاہے، انتخابی عمل کونقصان پہنچانے والے کسی بھی تشدد کی مذمت کرتے ہیں، پاکستانی عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ بلاخوف و خطر لیڈر کا انتخاب کریں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کےخطرے سے نمٹنے کیلئے پاکستان کیساتھ کام کیلئے پرعزم ہیں، دہشت گردی سےنمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتےہیں۔

    میتھیو ملر نے کہا کہ پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

  • ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن مستعفی ہو: شیری رحمٰن

    ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن مستعفی ہو: شیری رحمٰن

    اسلام آباد: الیکشن 2018 کے نتائج کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج الیکشن کمیشن کے سامنے جاری ہے۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتیں احتجاج میں شریک ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج الیکشن کمیشن کے سامنے جاری ہے۔

    اس موقع پر سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ اسمبلیوں کا بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں میں بڑا فورم ملے گا، وہاں احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔ الیکشن 2018 ملکی تاریخ کے بدترین الیکشن ہیں۔ عوام نے الیکشن 2018 کے نتائج کو مسترد کر دیا ہے۔

    پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے کہا کہ سب لوگوں کو آمادہ کریں گے پارلیمنٹ کاحصہ بنیں۔ پارلیمان کے اندر اپنا کردار ادا کریں گے اور احتجاج کریں گے۔ ملک کو اشتعال کی طرف نہیں لے جانے دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن مستعفی ہو۔

    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن 2018 پر پوری قوم سراپا احتجاج ہے، 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کو کوئی نہیں مانتا۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018 کے نتائج کو عوام و تمام جماعتوں نے مسترد کر دیا، نتائج ناقابل قبول ہیں۔ الیکشن اس طرح رگ کرنے سے قوم و عوام کا نقصان ہوگا۔

    راجہ ظفر الحق نے مزید کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کے مؤقف پر ہم سب متحد ہیں۔ ووٹ کو عزت نہ دینے والوں نے پاکستان و عوام کا نقصان کیا۔

  • کامیاب امیدواروں کو انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت

    کامیاب امیدواروں کو انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابات 2018 میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو انتخابی اخراجات کے گوشوارے جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ہدایات جاری کی ہیں کہ الیکشن 2018 میں کامیاب ہونے والے امیدوار 4 اگست تک انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کروادیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اخراجات کی تفصیلات جمع کروانے کے بعد امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔

    تاحال کسی بھی کامیاب امیدوار نے اخراجات کی تفصیلات جمع نہیں کروائی ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق 9 اگست تک تمام امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا تاہم اس سے قبل امیدواروں کو انتخابی اخراجات کی تفصیلات جمع کروانی ہوں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کمیشن نے انتخابات 2018 کے مکمل نتائج جاری کر دیے

    الیکشن کمیشن نے انتخابات 2018 کے مکمل نتائج جاری کر دیے

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات 2018 کے مکمل نتائج جاری کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات 2018 کے مکمل نتائج جاری کر دیے۔ قومی اسمبلی کے 270 حلقوں کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف 115 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر اور مسلم لیگ ن 64 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

    نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی 43، 13 آزاد، متحدہ مجلس عمل کی 12، ایم کیو ایم کی 6 اور مسلم لیگ ق کی 4 نشستیں ہیں۔

    بلوچستان عوامی پارٹی 4، بی این پی مینگل 3 اور جی ڈی اے 2 نشستوں پر کامیاب ہوئی۔

    عوامی مسلم لیگ اور عوامی نیشنل پارٹی، جمہوری وطن پارٹی اور پاکستان تحریک انسانیت ایک ایک نشست لینے میں کامیاب ہوسکی۔


    خیبر پختونخواہ اسمبلی کے نتائج

    الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخواہ اسمبلی کی تمام 97 نشستوں کے نتائج بھی جاری کر دیے ہیں۔

    نتائج کے مطابق خیبر پختونخواہ اسمبلی میں تحریک انصاف 66 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔

    متحدہ مجلس عمل 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور عوامی نیشنل پارٹی 6 نشستوں کے تیسرے نمبر پر ہے۔ 6 آزاد امیدوار بھی نشست حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

    پختونخواہ اسمبلی میں مسلم لیگ ن 5 جبکہ پیپلز پارٹی 4 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔


    پنجاب اسمبلی کے نتائج

    الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ 129 نشستیں حاصل کر کے سرفہرست رہی۔

    پاکستان تحریک انصاف 123 نشستیں، آزاد امیدوار 29، مسلم لیگ ق 7، پیپلز پارٹی 6 جبکہ بی اے پی ایک نشست جیت سکی۔


    بلوچستان اسمبلی کے نتائج

    الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کی تمام 50 نشستوں کے نتائج بھی جاری کر دیے۔

    بلوچستان میں بلوچستان عوامی پارٹی 15 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ متحدہ مجلس عمل 9 نشستوں کے ساتھ دوسرے، بی این پی مینگل 6 نشستوں کے ساتھ تیسرے جبکہ آزاد امیدواروں نے بھی 5 نشستیں حاصل کی ہیں۔

    بلوچستان اسمبلی میں تحریک انصاف نے 4، عوامی نیشنل پارٹی اور بی این پی عوامی نے 3، 3، ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی نے 2 جبکہ مسلم لیگ ن، جمہوری وطن پارٹی اور پی کے میپ ایک، ایک نشست حاصل کر سکی۔


    سندھ اسمبلی کے نتائج

    الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی کی 76 نشستیں حاصل کر کے پہلی پوزیشن پر ہے۔

    تحریکِ انصاف نے سندھ کی 23 سیٹیں جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے، جب کہ صوبے میں متحدہ قومی موومنٹ 16 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

    دیگر جماعتوں میں جی ڈی اے نے 11، تحریک لبیک پاکستان نے 2 اور ایم ایم اے نے صرف ایک سیٹ حاصل کی ہے، جب کہ آزاد امیدواروں میں کوئی بھی جیت نہیں پایا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • خواتین ووٹرز کا کم ٹرن آؤٹ، قومی اسمبلی کے دو حلقوں‌ کا نتیجہ معطل ہونے کا خدشہ

    خواتین ووٹرز کا کم ٹرن آؤٹ، قومی اسمبلی کے دو حلقوں‌ کا نتیجہ معطل ہونے کا خدشہ

    اسلام آباد: خواتین  ووٹرز کا ٹرن آؤٹ کم ہونے کے باعث قومی اسمبلی کے دو حلقوں‌ کا نتیجہ معطل ہوسکتا ہے.

    تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کو منعقدہ عام انتخابات کے دو حلقوں کے نتائج پر معطلی کی تلوار لٹکنے لگی۔

    وہ حلقے جہاں خواتین کی ووٹنگ کی شرح انتہائی کم رہی، ان میں این اے 10 شانگلہ اوراین اے 48شمالی وزیرستان  شامل ہیں۔

    دونوں حلقوں میں خواتین کے درکار 10 فی صدووٹ پول نہیں ہوئے، این اے 10سے ن لیگ کےعباداللہ اور این اے 48 سےمحسن داوڑ جیتے ہیں۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اعلان کیا تھا کہ خواتین کے 10 فی صد سے کم ووٹ والے حلقے کا نتیجہ معطل ہوگا۔

    الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ ایسے حلقوں کی مکمل رپورٹ آنے پر نتائج کی معطلی کااعلان ہوگا اور انتخابی حلقے کے متعلقہ پولنگ اسٹیشنزپر دوبارہ پولنگ ہوگی۔

    الیکشن کمیشن ذرایع کے مطابق حتمی نتائج آنے کےبعد ایسے مزید حلقوں کی نشان دہی بھی متوقع ہے۔

    یاد رہے کہ آج فافن نے اپنی رپورٹ جاری کی، جس کے مطابق ووٹرز ٹرن آؤٹ مجموعی طور پر 53 فیصد سے زائد رہا۔ خواتین ووٹرز کا ٹرن آؤٹ ماضی کے مقابلے میں زیادہ رہا۔

    البتہ چند حلقوں میں ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا، جس کے باعث  نتائج معطل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔


    خواتین ووٹرز کی تعداد 10 فیصد لازمی قرار، ورنہ نتائج کالعدم ہوں گے، ای سی پی


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • حمزہ شہباز کا پنجاب میں حکومت بنانے کا اعلان

    حمزہ شہباز کا پنجاب میں حکومت بنانے کا اعلان

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے پنجاب میں حکومت بنانے کا اعلان کرتے ہوئے مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی سے بات کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پنجاب میں حکومت بنائے گی۔

    حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب میں ہماری 129 نشستیں ہیں۔ ق لیگ اور پیپلز پارٹی سے بھی بات کریں گے۔ آزاد امیدوار ہم خیال ہیں اور کئی رابطے میں بھی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں حکومت بنائیں گے روکا گیا تو بھرپور جواب دیں گے۔ نواز شریف نے بھی عمران خان کو پختونخواہ میں حکومت بنانے کا موقع دیا تھا۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب کو اپنی کہی باتوں پر پہرہ دینا پڑے گا۔ تمام تر تحفظات کے باوجود ہم اپوزیشن میں بیٹھ رہے ہیں۔ پاکستان کی گاڑی کو ہم آہنگی کے ساتھ آگے لے کر چلیں۔

    انہوں نے کہا کہ اقتدار نہیں یہ اقدار کی بات ہے، ہمارے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے۔ خود فیصلہ کریں پنجاب میں حکومت بنانا کس کا حق ہے۔ تحریک انصاف نے 118، ن لیگ نے 129 نشستیں حاصل کی ہیں۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پختونخواہ اور پنجاب کے سروے میں ہمیشہ پنجاب ہی آگے آتا تھا۔ تحفظات کے باوجود چاہتے ہیں پاکستان میں جمہوریت پھلے پھولے۔ 2013 میں موقع ملا لیکن نواز شریف نے تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو اہمیت دی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی 114 نشستیں ہیں: ایڈیشنل ڈائریکٹر الیکشن کمیشن

    قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی 114 نشستیں ہیں: ایڈیشنل ڈائریکٹر الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: ایڈیشنل ڈائریکٹر الیکشن کمیشن ندیم قاسم کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی 114 نشستیں ہیں۔ انتخابات میں ملک بھر میں 51.85 ٹرن آؤٹ رہا۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر الیکشن کمیشن ندیم قاسم نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی 114 نشستیں ہیں۔ انتخابات میں ملک بھر میں 51.85 ٹرن آؤٹ رہا۔

    انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں 45.87، پختونخواہ میں 45.12، پنجاب میں 55.05 اور سندھ میں 48.11 فیصد ٹرن آؤٹ رہا۔

    ندیم قاسم کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو 832 حلقوں کے نتائج موصول ہوچکے ہیں۔ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی 67 نشستیں اور ایم ایم اے کی 10 نشستیں ہیں۔

    ان کے مطابق پنجاب میں تحریک انصاف کی 123 نشستیں ہیں جبکہ 29 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔

    خیال رہے کہ الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کی 251 نشتوں کے حتمی نتائج جاری کرچکا ہے جس کے مطابق تحریک انصاف قومی اسمبلی میں 110 نشتوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔

    الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 251، پنجاب کی 289، سندھ کی 118، خیبر پختونخواہ کی 95 اور بلوچستان کی 45 نشستوں کے حتمی نتائج کا بھی اعلان کردیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق قومی اسمبلی اور خیبر پختونخواہ اسمبلی میں تحریک انصاف، پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن، سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی جبکہ بلوچستان اسمبلی میں بلوچستان عوامی پارٹی کو برتری حاصل ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ووٹرز ٹرن آؤٹ 53 فیصد سے زائد رہا: فافن

    ووٹرز ٹرن آؤٹ 53 فیصد سے زائد رہا: فافن

    اسلام آباد: پاکستانی ادارے فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے انتخابات 2018 سے متعلق ابتدائی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق ووٹرز ٹرن آؤٹ مجموعی طور پر 53 فیصد سے زائد رہا۔

    تفصیلات کے مطابق فافن کی جاری کردہ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انتخابات 2018 پر امن تھے اور بڑے تنازعہ سے پاک رہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ نصف سے زائد ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ انتخابی عمل میں بہتری نظر آئی۔

    فافن کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی قواعد پر سختی سے عملدر آمد کروایا۔ الیکشن کمیشن کو با اختیار بنانے کے اچھے نتائج سامنے آئے۔ انتخابات کا دن مجموعی طور پر پرامن رہا۔

    فافن کی رپورٹ کے مطابق ووٹرز ٹرن آؤٹ مجموعی طور پر 53 فیصد سے زائد رہا۔ خواتین ووٹرز کا ٹرن آؤٹ ماضی کے مقابلے میں زیادہ رہا۔

    رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں ووٹرز ٹرن آؤٹ 59 فیصد، اسلام آباد میں 58.2 فیصد، سندھ میں 47.7 فیصد، خیبر پختونخواہ میں 43.6 فیصد جبکہ بلوچستان میں 39.6 فیصد ووٹرز ٹرن آؤٹ رہا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن 2018: جنرل نشست سے مسلسل 5 بار جیتنے والی پہلی خاتون

    الیکشن 2018: جنرل نشست سے مسلسل 5 بار جیتنے والی پہلی خاتون

    کراچی: ملک بھر میں عام انتخابات 2018 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس میں نئے نئے ریکارڈز بھی بن رہے ہیں۔

    ایسا ہی ایک ریکارڈ سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہیدہ مرزا نے بھی بنا دیا ہے جو ایک ہی حلقے کی جنرل نشست سے مسلسل 5 بار الیکشن جیتنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

    گزشتہ طویل عرصے سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والی فہمیدہ مرزا اس بار گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے پلیٹ فارم سے اپنے آبائی حلقے این اے 230 بدین کی نشست پر کھڑی ہوئیں اور اس بار بھی فتحیاب ہوئیں۔

    انہوں نے پیپلز پارٹی کے امیدوار حاجی رسول بخش چانڈیو کو معمولی ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

    فہمیدہ مرزا نے سنہ 1997 سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

    سنہ 2008 کے انتخابات کے بعد وہ قومی اسمبلی کی 18 ویں اسپیکر بھی رہ چکی ہیں اور وہ اس عہدے پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔

    ان کے شوہر ذوالفقار مرزا بھی اہم حکومتی عہدوں پر فائز رہے جبکہ وہ سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست بھی سمجھے جاتے ہیں تاہم اختلافات کے باعث دونوں نے اس بار پیپلز پارٹی کے خلاف قائم اتحاد کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سال 2013 کے مقابلے میں2018 کے الیکشن زیادہ بہتر ہوئے، چیف آبزرور مشن

    سال 2013 کے مقابلے میں2018 کے الیکشن زیادہ بہتر ہوئے، چیف آبزرور مشن

    اسلام آباد : یورپی یونین مشن کے چیف آبزرور کا کہنا ہے کہ دوہزارتیرہ کے مقابلے میں دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن زیادہ بہترہوئے،انتخابات سے متعلق رپورٹ جمعہ کو جاری کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین مشن کے چیف آبزرور نے کہا 2018 کے انتخابات 2013 کے مقابلے بہتر ہوئے، انتخابات سےمتعلق رپورٹ جمعہ کوجاری کی جائے گی۔

    چیف آبزرور ای یو مشن کا کہنا تھا کہ ۔ہمارے تجزیے کے مطابق فوج کو ضابطہ اخلاق کے تحت تعینات کیا گیا تھا اورانہوں نے سختی سے کوڈ آف کنڈکٹ کی پاسداری کی، دہشت گردی کے کچھ واقعات کے علاوہ مجموعی صورتحال تسلی بخش رہی۔

    یاد رہے کہ پاکستان کے عام انتخابات 2018 کے دوران یورپی یونین کے وفد نے کراچی کے حلقہ این اے 53 کے پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا تھا۔

    پولنگ اسٹیشن کے دورے کے دوران چیف آبزرور یورپی یونین مائیکل گیلر کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ الیکشن کا دن امن و امان کے ساتھ گزرے گا۔

    یورپی یونین وف کے چیف آبزرور مائیکل گیلر نے کہا تھا کہ ’وفد نے متعدد پولنگ اسٹیشن کا جائزہ لیا ہے، عوام میں الیکشن کے حوالے سے جوش و جذبہ ہے، الیکشن کمیشن کے انتظامات سے مطمئن ہیں۔


    مزید پڑھیں : الیکشن 2018: تحریک انصاف وفاق اور کے پی میں حکومت بنانے کی

    پوزیشن میں


    واضح رہے کہ انتخابات 2018 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کا سلسلہ جاری ہے، جس میں تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہیں اور عمران خان وزیراعظم بننے کی پوزیشن میں ہیں۔

    قومی اسمبلی میں تحریک انصاف 115 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ مسلم لیگ ن نے 64 اور پیپلزپارٹی نے 38 نشستیں حاصل کیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔