اسلام آباد : پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ویزہ فری داخلے کا معاہدہ طے پاگیا ، معاہدہ آئندہ 5 سال تک مؤثر رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سفارتکاروں اور حکومتی پاسپورٹ رکھنے والے اہلکاروں کے لیے ویزہ فری داخلے کا معاہدہ طے پا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس معاہدے کی باضابطہ منظوری دونوں ممالک کی ایڈوائزری کونسل کمیٹی نے دی ہے۔
معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے سفارتکار اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے اہلکار اب ویزے کے بغیر ایک دوسرے کے ملک میں داخل ہو سکیں گے۔
حکام کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور دوطرفہ تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
اس معاہدے کی مدت پانچ سال ہوگی اور یہ اسی عرصے تک مؤثر رہے گا، بعد ازاں باہمی رضا مندی سے اس کی تجدید کی جا سکے گی۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان سفارتی روابط مزید آسان ہوں گے بلکہ سرکاری سطح پر مختلف منصوبوں اور پالیسی مذاکرات میں تیزی آئے گی۔
مزید پڑھیں : پاکستانیوں کیلیے ویزا فری ممالک کون سے ہیں؟
یاد رہے جولائی میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ جہانگیر عالم چوہدری سے ملاقات ہوئی تھی ، ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی و سرکاری پاسپورٹس کو ویزا فری انٹری کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
دونوں وزرائے داخلہ کا انٹرنل سیکیورٹی اور پولیس ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ ڈھاکہ آمد پر اپنے بھائی کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، آپ کا دورہ پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے انتہائی اہم ہے.