Tag: پاکستان اور بھارت

  • پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے، امریکی اخبار

    پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے، امریکی اخبار

    نیویارک : امریکی اخبار نے خبردار کیا ہے کہ اگر اب ایٹمی جنگ ہوئی تو شمالی کوریا میں نہیں بلکہ پاکستان اور بھارت میں ہوگی، سرحدوں پردونوں ملکوں کی افواج تیارکھڑی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کا کہنا ہےکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے، افواج سرحدوں پر تیار کھڑی ہیں اورروایتی حریفوں کے درمیان مذاکرات کا بھی کوئی امکان نہیں۔

    امریکی اخبارکے اداریئے میں کہا گیا ہے کہ جنگ چھڑ جانےکی صورت میں دونوں ممالک جوہری ہتھیاروں کا استعمال کرسکتے ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ چھڑنے سے ہونے والے نقصانات کاحجم سوچ سےزیادہ رہےگا۔

    نیویارک ٹائمز کے مطابق مودی پاکستان کے خلاف ہندو انتہا پسندی کو ہوا دے رہےہیں اور بھارتی میڈیا جلتی آگ پرتیل کاکام کررہا ہے جبکہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے بھارتی پائلٹ کو واپس کرکے خیرسگالی کے جذبے کا مظاہرہ کیا۔

    بھارت کا پاکستان پر حملے میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا دعوے مشکوک قرار

    امریکی اخبار نے بھی بھارت کے پاکستان پر حملے میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے دعوے کومشکوک قراردیا ہے۔

    نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے جب تک کشمیر کا فیصلہ نہیں ہوتا، ایسی ہی کشیدہ صورتحال کا سامنا رہے گا، پلوامہ حملے کے بعد سے اب تک پاک بھارت کشیدگی میں کمی آئی ہے لیکن جنگ کےبادل چھٹیں نہیں ہے۔

    خیال رہے پاک بھارت کےدرمیان اہم تنازعہ کشمیر کا ہے،جس کےمستقبل کافیصلہ کیے بغیرخوفناک صورتحال کاسامنارہےگا، اس سے پہلے سابق امریکی صدورکلٹن،بش اور اوباما پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں اہم کردار اداکرچکے ہیں ۔

    مزید پڑھیں : پاکستان نے بھارت کوفضائی جنگ میں شکست دے دی ، امریکی اخبار

    یاد رہے چند روز قبل بھی امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے کہا تھا کہ بھارت پاکستان سےفضائی جنگ ہارگیا، پاکستان کیساتھ فضائی تصادم میں شکست کے بعد بھارت کی بوسیدہ فوج پرسوالات اٹھنے لگے ہیں، جنگ کی صورت میں بھارتی فوج کے پاس صرف10دن کاگولہ بارودہے۔

    امریکی اخبار کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیاکی 2جوہری طاقتوں میں فضائی تصادم بھارتی فوج کا امتحان ثابت ہوا، بھارتی طیارہ اس ملک کی فوج نے تباہ کیا جواس سے تعداد میں آدھی ہے۔

    واضح رہے 27 فروری کو پاکستان نے فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارت کےدو طیارے مارگرائے تھے اور پائلٹ ابھی نندن کوگرفتارکرلیا تھا، جس کے بعد بھارت نے بھی طیاروں کی تباہی اور پائلٹ لاپتہ ہونے کا اعتراف کیا تھا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا تھا بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں نشانہ بنائے، ایک طیارہ آزاد کشمیر دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرایا۔

    اس سے قبل 26 فروری کو بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی ، تاہم پاک فضائیہ کی بروقت ایکشن پر بھاگنے پر مجبور ہوگئے تھے، بعد ازاں بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ حملے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ، جس میں 300 دہشت گرد مارے گئے ۔

  • بہتر ہوگا پاکستان اوربھارت ایک ساتھ چلیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    بہتر ہوگا پاکستان اوربھارت ایک ساتھ چلیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اچھا ہوگا اگر بھارت اور پاکستان تعلقات بہتر کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق اوول آفس میں دستخط کی کی تقریب کے دوران امریکی صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پلوامہ میں خودکش دھماکے کی مذمت کی۔

    [bs-quote quote=”امریکا دہشت گردی کے خلاف ہر جنگ میں بھارت کے ساتھ ہے۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”ترجمان دفتر خارجہ”][/bs-quote]

    میڈیا نمائندگان کی جانب سے پلوامہ حملے سے متعلق سوال پر کہا کہ ’میں نے دیکھا ہے اور مجھے اطلاعات بھی فراہم ہورہی ہیں لیکن بیان صحیح وقت پر دوں گا‘۔

    دوسری جانب سیکریٹری داخلہ مائیک پومپیو اور ترجمان وائٹ ہاؤس سارا سینڈر نے الگ الگ بیانات میں پاکستان پر الزام تراشی کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان جیش محمد کے سربراہ کے خلاف فوری کارروائی کرے‘۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کےلیے بھارت کے ساتھ کھڑا ہے۔

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں کار بم دھماکا، 42 بھارتی فوجی ہلاک

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے پلواما میں بھارتی فوجیوں کی بس کوکاربم سے نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی اور ساتھ موجود پانچ مزید گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا، دھماکے میں 42 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

    بعد ازاں ہندو انتہا پسندوں نے کشمیریوں پر حملے اور املاک کو نذر آتش کرنا شروع کردیا تھا جبکہ کشمیری طلبہ و طالبات کو ہراساں اور تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

  • پاکستان اور بھارت کے درمیان امن خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہے: چین

    پاکستان اور بھارت کے درمیان امن خطے کے استحکام کے لیے ضروری ہے: چین

    بیجنگ : چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین کا علاقائی امن و سلامتی اور پاک بھارت مستحکم تعلقات پر بہت انحصار ہے، امید ہے دونوں ممالک تحمل سے کام لیتے ہوئے مذاکراتی راہ اختیار کریں گے۔

    یہ بات ترجمان چینی وزارت خارجہ گینگ شوانگ نے منگل کو بیجنگ میں نیوز بریفنگ کے دوران کہی،  ترجمان چینی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بھارت خطے کے اہم ملک ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت تحمل سے کام لیتے ہوئے مذاکراتی راہ اختیار کریں گے، دونوں ممالک مذاکرات کے ذریعے جلد از جلد اپنے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان قیام امن خطے کے استحکام کیلیے بہت ضروری ہے، چین پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں فروغ پر خوش ہے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی بھارت کو پلواماحملے کی تحقیقات کی پیش کش

    پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق چینی وزارت خارجہ کا مؤقف ہے کہ سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت پر پہلےہی فریم ورک طے پاچکا ہے، سی پیک، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں علم بردارکی حیثیت رکھتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چین سی پیک پر تیسرے فریق کو شامل کرنے کیلئے ہرقسم کے مشاورتی عمل کیلئے تیار ہے۔

  • آبی تنازعات، پاکستان اور بھارت کے درمیان 2 روزہ مذاکرات کا آغاز

    آبی تنازعات، پاکستان اور بھارت کے درمیان 2 روزہ مذاکرات کا آغاز

    لاہور : آبی تنازعات پر پاکستان اور بھارت کے وفود کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا، پاکستان مذاکرات میں مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب پر تعمیر کئے جانے والے پن بجلی گھر پکل ڈل اور لوئر کلنائی پر اپنے تحفظات کا اظہار کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آبی تنازعات پر پاک بھارت وفود کے درمیان دو روزہ مذاکرات لاہور میں شروع ہوگئے ،پاکستانی وفد کی قیادت پاکستان انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ جبکہ بھارتی وفد کی سربراہی بھارتی انڈس واٹر کمشنر پی کے سکسینا کر رہے ہیں۔

    مذاکرات کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا جبکہ دونوں وفود اپنے اپنے ممالک کو مذاکرات میں پیش کی جانے والی تجاویز سے آگاہ کریں گے۔

    پاکستان مذاکرات میں مقبوضہ کشمیر میں دریائے چناب پر تعمیر کئے جانے والے پن بجلی گھر پکل ڈل اور لوئر کلنائی پر اپنے تحفظات کا اظہار کرے گا اور بھارتی وفد اپنا مؤقف پیش کرے گا۔

    پاکستان کا موقف ہے کہ بھارت مغربی دریاؤں پر ڈیم تعمیر کرکے پاکستان کو خشک سالی کا شکار کردینا چاہتا ہے جو کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجو د ’سندھ طاس معاہدے‘ کی خلاف ورزی ہے۔

    اس سے قبل بھی پاکستان ان بجلی گھروں کے ڈیزائن پر اعتراضات اٹھا چکا ہے۔

    خیال رہے یہ مذاکرات جولائی میں ہونا تھے تاہم پاکستان میں الیکشن کے انعقاد کے سبب اسے باہمی اتفاق سے آگے بڑھا دیا گیا تھا۔

  • ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ: پاک بھارت ٹیمیں کل مد مقابل ہونگی

    ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ: پاک بھارت ٹیمیں کل مد مقابل ہونگی

    بنکاک : پاکستانی اور بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا اہم میچ کل کھیلا جائیگا۔ پاکستان ٹیم اپنے ابتدائی دو میچز جیت چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنکاک میں کھیلے جانے والے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستانی ٹیم اپنے ابتدائی دو میچز جیت چکی ہے۔

    اہم میچ میں اب روایتی حریف اور دوہزار بارہ کی چیمپیئن ٹیم بھارت سے ٹکراؤ ہوگا۔ گزشتہ ایونٹ میں بھارت نے پاکستان کیخلاف ہی فائنل میچ جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

    پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ثنا میر کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم سے حساب برابر کرنے کا وقت آگیا ہے، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان ٹیم نے کامیابی حاصل کی تھی۔ حریف ٹیم پر نفسیاتی دباؤ زیادہ ہوگا۔

    اس سے قبل ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔

    گرین شرٹس نے 113 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، جویریہ خان نے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

  • ایشئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی، بھارت نے پاکستان کو ایک گول سے ہرا دیا

    ایشئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی، بھارت نے پاکستان کو ایک گول سے ہرا دیا

    کوآنٹن : ایشئن ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت نے پاکستان کےخلاف اہم میچ جیت لیا۔ بھارت نے دو کےمقابلے میں تین گول سے کامیابی حاصل کی۔

    تفصیلات کے مطابق چوتھی ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی کےاہم میچ میں روائتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔ میچ کےآغازسے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے۔

    بھارت کی جانب سے پرادیپ مور نے کھیل کے 22 ویں منٹ میں دوسرے کوارٹر میں گول داغ کربرتری حاصل کی۔ جواب میں پاکستان نے بھرپور حملہ کیا اور بالآخر پاکستان کے محمد رضوان سینئر نے گیند مخالف ٹیم کی گول پوسٹ میں ڈال کر میچ 1-1 گول سے برابر کردیا۔

    پاکستان کی جانب سے دوسرا گول محمد عرفان نے 39 ویں منٹ میں کیا اور اپنی ٹیم کو پہلی بار برتری دلا دی، تیسرے کوارٹر میں بھارت نےشاندار موو کی بدولت حساب برابر کردیا۔ دو منٹ بعد بھارت نےتیسرا گول کرکے میچ میں تین دو کی برتری حاصل کرلی۔

    چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے خسارہ ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن پاکستان میچ نہ جیت سکا۔ بھارت نے اس ایونٹ میں اب تک جاپان کے خلاف واحد میچ کھیلا ہے جس میں اس نے 2 کے مقابلے میں 10 گولوں سے کامیابی سمیٹی۔

    واضح رہے کہ ایشین ہاکی چیمپین شپ میں پاکستان، بھارت، ملائیشیا، جنوبی کوریا، چین اور جاپان کی ٹیمیں شریک ہیں۔ قومی ہاکی ٹیم نے اس ایونٹ میں اپنا پہلا میچ ملائیشیا کے خلاف کھیلا جس میں اسے 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست نصیب ہوئی جبکہ دوسرا میچ جنوبی کوریا کے خلاف کھیلا اور 0 کے مقابلے میں 1 گول سے فتح حاصل کی۔

     

     

  • اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 2-2 سے برابر

    اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 2-2 سے برابر

    بیلجیئم: پاکستان اور بھارت ہاکی ٹیم کےدرمیان اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کا اہم میچ دو دو گول سے برابر رہا، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا ہے۔

    بیلجیئم کے شہر اینٹ ورپ میں جاری اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان اور روایتی حریف بھارت کے درمیان اہم معرکہ ہوا، دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کو شکست دینے کیلئے ابتدائی مرحلے سے ہی بے تاب دکھائی دیں۔

    رمن دیو نے بھارت کیلئے پہلا گول اسکور کیا، کچھ لمحے بعد پاکستان کے کپتان محمد عمران نے گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا، دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے برقرار رکھے لیکن گول کیپرز کی عمدہ پرفارمنس راستے میں حائل رہی۔

    دونوں گول کیپرز پینلٹی کارنر پر کپتان محمد عمران نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو سبقت دلائی لیکن بھارتی ٹیم کیجانب سے رمن دیو نے بھی دوسرا گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا اور دونوں ٹیمیں کو ایک ایک پوائنٹ ملا، پاکستان اپنا آخری گروپ میچ اتوار کو فرانس سے کھیلے گا۔

  • پاک بھارت کرکٹ سیریز:  بھارت ایم او یو معاہدے پر برقرار

    پاک بھارت کرکٹ سیریز: بھارت ایم او یو معاہدے پر برقرار

    لاہور: پاک بھارت کرکٹ روابط کی بحالی پر بی جے پی کے سائے منڈلانے لگے، بھارت نے واضح کیا ہے کہ ایم او یو برقرار ہے، لیکن کلیرنس بھارتی حکومت سے مشروط ہے۔

    پاک بھارت کرکٹ روابط ایک بار پھر کھٹائی میں پڑتے نظر آرہے ہیں، بھارتی بورڈ نے بھی گیند کو مودی سرکارکی کورٹ میں پھینک دیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیئرمین شہریارخان کا کہنا تھا کہ بھارت ایم او یو پر برقرار ہے، لیکن کرکٹ روابط کی بحالی کیلئے حکومتی اجازت بھی مشروط ہے۔

    شہریار خان نے کہا کہ ایم او یو پر دستخط گذشتہ حکومت کے ساتھ کیے،اب وقت اور حالات بدل چکے ہیں۔امید ہے مودی سرکار معاہدے کی پاسداری کرے گی۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ایم او یو میں دونوں ممالک آئندہ آٹھ سالوں میں چھ سیریز کھیلی جائیں گی، چار میچز کی میزبانی پاکستان اور دو میچ کی بھارت کرے گا۔

  • پاکستان اوربھارت کومذاکرات بحال کرنے چاہیے، امریکا

    پاکستان اوربھارت کومذاکرات بحال کرنے چاہیے، امریکا

    واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو اپنے معاملات حل کرنے کے کیلئے مذاکرات بحال کرنے چاہیے۔

    واشنگٹن میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جین ساکی نے نیوز بریفنگ میں کہا ہے کہ تعلقات اور معاملات کی سمت پاکستان اور بھارت نے خود طے کرنی ہے، امریکہ کے پاکستان اور بھارت کیساتھ تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں۔

    انکا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان اور بھارت کیساتھ الگ الگ سطح پر کام کررہا ہے۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ جان کیری نے حالیہ دورہ پاکستان میں امریکہ کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے اور بھارت کیساتھ سول نیوکلر ٹیکنالوجی کا معاہدہ ایک انتظامی معاملہ ہے جسکی زیادہ تفصیلات عام نہیں کرسکتے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر بارک اوباما تین روزہ بھارت کے دورہ پر تھے ، جہاں انھوں نے سلامتی کونسل میں بھارت کی مستقل رکنیت کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

  • پاکستان اور بھارت کے عسکری حکام کے درمیان ہاٹ لائن پررابطہ

    پاکستان اور بھارت کے عسکری حکام کے درمیان ہاٹ لائن پررابطہ

    راولپنڈی :پاکستان اور بھارت کے عسکری حکام کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطے میں دونوں ممالک کے ڈائریکٹرملٹری آپریشنز نے سیز فائر پر بات چیت کی، پاکستان کے ڈائریکٹرملٹری آپریشن نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر شدید تحفظات سے آگاہ کیا۔

    عسکری حکام کے مطابق پاکستان اور بھارت کی بری فوج کے ملٹری آپریشنز ونگ کے ڈائریکٹرز کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ کیا گیا، یہ معمول کا ہفتہ وار رابطہ تھا، جس میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

    حکام کے مطابق پاک فوج کے ڈائریکٹر ملٹری آپریشنز نے بھارت کی لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری پر مسلسل اشتعال انگیزی اور فائرنگ سے سول آبادی کی جان و مال کو پہنچنے والے نقصانات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

    گزشتہ دوہفتے سے بھارت کی ورکنگ باؤنڈری اور لائن آٖ کنٹرول پر فائرنگ اور گولہ باری سے خواتین اور بچوں سمیت ایک درجن سے زیادہ پاکستانی شہید اور پچاس کے قریب افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

    بھارتی جارحیت میں کئی مکانات تباہ اور سیکڑوں مویشی بھی ہلاک ہوئے۔