Tag: پاکستان اور روس

  • سستے تیل اور ایل این جی کی خریداری: پاکستان اور روس کے درمیان مذاکرات کا آغاز

    اسلام آباد : پاکستان اور روس کے درمیان سستے تیل اور ایل این جی خریداری کے معاملے پر مذاکرات کا آغاز ہوگیا، جو 20 جنوری تک جاری رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق روس سے سستے تیل اور ایل این جی خریداری کے معاملے پر پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے ماہرین سطح کے مذاکرات شروع ہو گئے۔

    ذرائع نے بتایا دونوں ممالک کے وزرا کی سطح پر مذاکرات کل ہوں گے، مذاکرات کے لئے روسی وزیر توانائی آج پاکستان پہنچیں گے۔

    بین الحکومتی کمیشن اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر اقتصادی امور ڈویژن ایاز صادق اور روسی وفد کی نمائندگی روسی وزیر توانائی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق پاک روس مذاکرات 18 سے 20 جنوری تک جاری رہیں گے، مذاکرات میں روس سے سستا خام تیل پٹرول اور ڈیزل سمیت ایل این جی خریداری پر بات چیت ہو گی۔

    اس دوران پاکستان اور روس پاک سٹریم گیس پائپ لائن کی تعمیر پر بھی بات کریں گے جبکہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی بات چیت ہوگی۔

  • پاکستان اور روس کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات

    پاکستان اور روس کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات

    اسلام آباد : پاکستان اور روس کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ، جس میں بین الحکومتی کمیشن کے اگلے اجلاس کے جلد انعقاد پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ پہنچے ، جہاں شاہ محمود قریشی نے معزز مہمان کا استقبال کیا، روسی وزیر خارجہ نے دفترخارجہ میں پودا بھی لگایا۔

    جس کے بعد پاکستان اورروس کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ، پاکستانی وفد کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور روسی وفد کی قیادت روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے کی۔

    مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات اورخطے کی صورتحال پر بات چیت ہوئی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آپ اور آپ کے وفد کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، کورونا کے دوران روس میں ہونیوالے جانی نقصان پر افسوس ہے، قابل تحسین ہے جو انمردی سے روس نے عالمی وبائی چیلنج کا سامنا کیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بہت سے ممالک روسی ویکسین سپوٹنک 5 سے مستفید ہو رہے ہیں، عمران خان اور روسی صدرمیں متواتررابطہ تعلقات کےاستحکام کا مظہر ہے۔

    مذاکرات میں دونوں رہنماؤں میں بین الحکومتی کمیشن کے اگلے اجلاس کے جلد انعقاد پر اتفاق کیا گیا جبکہ روسی وزیر خارجہ کومقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا روس کے اشتراک سے اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کے آغاز کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان افغانستان سمیت خطے میں امن کیلئے مصالحانہ کرداراداکرتا آرہا ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے روس کی کاوشوں کوسراہا۔

  • پاکستان اور روس کے درمیان 10 ارب ڈالر کا گیس پائپ لائن کا بڑا معاہدہ

    پاکستان اور روس کے درمیان 10 ارب ڈالر کا گیس پائپ لائن کا بڑا معاہدہ

    اسلام آباد: ملک میں سستی توانائی کی فراہمی کیلئے حکومت نے روس سے گیس خریدنے کا فیصلہ کرلیا، روس پاکستان تک آف شور پائپ لائن بچھائے گا، معاہدے پردستخط آج ماسکو میں متوقع ہے۔

    پاکستان اور روس کے تعلقات میں بہتری آرہی ہے، ملک میں توانائی کے خاتمے کیلئے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان اور روس میں آف شور پائپ لائن کا منصوبہ طے پا گیا ہے، معاہدے کیلئے حکومتی وفد آج ماسکو روانہ ہوگا۔

    پاکستان روس سے گیس درآمد کرے گا، ڈیل کا حجم دس ارب ڈالر تک متوقع ہے، روس گوادر تک زیر سمندر گیس پائپ لائن بچھا ئے گا اور منصوبہ تین سے چار سال میں مکمل ہوگا۔

    پاکستان یومیہ ایک ارب مکعب فٹ تک گیس خریدے گا، روسی گیس درآمدات کا حجم 62کروڑ 10لاکھ کیوبک ہے۔

    روس کی جانب سے اس معاہدے پر عمل درآمد توانائی کی بڑی کمپنی گز پراوم کرے گی جبکہ منصوبے فیزیبلیٹی بنانے کی ذمہ داری میں بھی اسی کمپنی کے پاس ہے۔

    خیال رہے روس کے پاس اس وقت دنیا میں سب سے بڑے گیس کے ذخائر موجود ہیں۔

    پاکستان کی طرف سے گیز پارم کے ساتھ آف شور پائپ لائن منصوبے پر کام کے لیے سرکاری کمپنی انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم (ISGS) کو نامزد کیا گیا ہے جو ملک میں گیس درآمدی منصوبوں کو دیکھتی ہے۔

    ISGS دس بلین ڈالر کے ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور انڈیا (Tapi) گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے، جو جنوبی اور وسطی ایشیا کو آپس میں جوڑ دے گا، اس منصوبے پر تعمیراتی کام اگلے برس مارچ میں شروع ہوگا۔

    خیال رہے کہ روس کے ساتھ ممکنہ آف شور پائپ لائن منصوبہ دراصل روس کا بنایا ہوا ہے، جس کا مقصد پاکستان میں توانائی کی مارکیٹ تک رسائی ہے۔