Tag: پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا

  • بابر اعظم نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا

    بابر اعظم نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا

    قومی ٹیم کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا۔

    ہوبارٹ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستانی بیٹنگ ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 18.1 اوورز میں صرف 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ گرین شرٹس کینگروز کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں مسلسل ساتویں شکست سے دوچار ہوئے۔

    آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 11.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے گرین شرٹس کو وائٹ واش کر دیا۔

    آل راؤنڈر مارکس اسٹونس کو 61 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلنے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، فاسٹ بولر اسپینسر جانسن پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔

    تاہم میچ میں بابر اعظم نے 38 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی ان کی اننگز میں 4 چوکے شامل تھے، بابر کو لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے آؤٹ کیا۔

    بابر اعظم نے اس اننگز کے ساتھ ہی ویرات کوہلی کا ٹی 20 میں 4188 رنز کا ریکارڈ توڑ دیا، بابر نے ٹی 20 میں 4192 رنز بنالیے ہیں، روہت شرما 4231 رنز کے ساتھ فہرست میں ٹاپ پر موجود ہیں۔

    سابق کپتان کو روہت شرما کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 40 رنز درکار ہیں۔ آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ 3655 رنز کے ساتھ چوتھے  نمبر پربراجمان ہیں۔

    واضح رہے کہ وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان واحد پاکستانی بیٹر ہیں جو آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ کے ٹاپ ٹین بیٹرز کی فہرست میں شامل ہیں۔

  • کینگروز بابر اعظم سے خائف نظر آنے لگے! ٹاپ آسٹریلوی بولرز نے کیا کہا؟

    کینگروز بابر اعظم سے خائف نظر آنے لگے! ٹاپ آسٹریلوی بولرز نے کیا کہا؟

    پاکستان ٹیم کو کینگروز کے دیس میں مشکل چیلنج درپیش ہے مگر آسٹریلین ٹیم ٹیسٹ سیریز سے قبل ہی بابر اعظم سے خائف نظر آتی ہے۔

    آسٹریلیا کے نامور بولرز کا اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ موجودہ سیریز میں بابر ہمارے لیے چیلنج ثابت ہوسکتے ہیں، کینگرو پلیئرز نے پاکستان کے ٹاپ کلاس بیٹر بابر اعظم کو دنیا کا بہترین بیٹر بھی قرار دیا۔

    ورلڈکپ فاتح کپتان پیٹ کمنز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابر کی بیٹنگ میں ایسی کوئی خاص کمزوریاں نہیں ہیں، وہ دنیا کے بہترین بیٹرز میں سے ایک کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ تکنیک کے اعتبار سے وہ بہت مضبوط ہیں،

    کمنز کا کہنا تھا کہ بابر اعظم بابر اس سیریز میں ہمارے لیے کافی مشکل ہوں گے کیوں کہ وہ میدان کےچاروں طرف اسکور بنانے کی اہلیت سے مالا مال ہیں۔ بابر کو آؤٹ کرنے کے بعد آپ کو ہمیشہ اطمینان کا احساس ہوتا ہے۔

    لیفٹ آرم پیسر مچل اسٹارک نے کہا کہ بابر ہر قسم کے شاٹس کھیلنے کی اہلیت رکھتے ہیں، وہ ایسے کھلاڑی ہیں جو اننگز کو بنا سکتے ہیں۔

    بابر اعظم کسی بھی وقت گیم کا مومینٹم بدل کر اپنی ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کر سکتے ہیں، وہ دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہے لیکن امید ہے کہ بابر کو اس بار رنز نہیں بنانے دیں گے۔

    پیسر جوش ہیزل ووڈ کا بابر سے متعلق کہنا تھا کہ وہ ایک الگ ہی کلاس کے حامل بیٹر ہیں۔ انھوں نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنلز میں اپنا لوہا منوایا، پھر ٹیسٹ کرکٹ میں بھی بہترین کھیل پیش کیا۔

    ٹیسٹ میں تسلسل کے ساتھ وکٹیں لینے والے آف اسپنر ناتھن لیون نے کہا کہ بابر بیٹنگ کے دوران اپنے ہاتھوں کا خوبصورت استعمال کرتے ہیں۔ وہ بہت ہی با صلاحیت کھلاڑی ہیں۔ کوئی بھی پلیئر یہی چاہتا ہے کہ وہ دنیا کے بہترین بیٹر کو بولنگ کرے۔

    واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم آسٹریلین پرائم منسٹر الیون کے خلاف 4 روزہ میچ کھیلنے کے بعد پرتھ پہنچ چکی ہے۔ پاکستان اور میزبان کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں شیڈول ہے۔

  • ویڈیو:پاکستان کیخلاف میچ کے لیے وارنر کی سیدھے ہاتھ سے بیٹنگ کرنیکی پریکٹس

    ویڈیو:پاکستان کیخلاف میچ کے لیے وارنر کی سیدھے ہاتھ سے بیٹنگ کرنیکی پریکٹس

    پاکستان کے خلاف میچ سے قبل ڈیوڈ وارنر نے سیدھے ہاتھ سے بیٹنگ کرنے کی پریکٹس کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    انسٹا گرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کینگرو اوپنر نیٹ پریکسٹس کے دوران اسپنرز کے خلاف سیدھے ہاتھ سے بیٹنگ کررہے ہیں۔ انھوں نے اس دوران سیدھے ہاتھ کے منجھے ہوئے بلے باز کی طرح شاٹس بھی لگائے۔

    36 سالہ بیٹرز اسٹائل بدلنے کے باوجود بھی بہترین انداز میں بیٹنگ کرتے دکھائی دیے۔ یہ تیاری اس حوالے سے بھی تھوڑی دلچسپ ہے کہ چناسوامی اسٹیڈیم کو بیٹرز کی جنت کہا جاتا ہے۔

    ورلڈکپ سے قبل بھارت کے ساتھ ہونے والی سیریز میں بھی ڈیوڈ وارنر سیدھے ہاتھ سے بیٹنگ کرتے نظر آئے تھے۔ تاہم وہ آف اسپنر روی چندرن ایشون کا شکار بن گئے تھے۔

    واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں آج پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں چناسوامی اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے خلاف مدمقابل ہونگی.

  • ایڈیلیڈ ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل، پاکستان کے وائٹ واش کا خطرہ

    ایڈیلیڈ ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل، پاکستان کے وائٹ واش کا خطرہ

    ایڈیلیڈ: پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، دوسری اننگز میں بھی پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑا گئی ہے، آدھی ٹیم صرف 167 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ کے میدان میں پاکستان پر مسلسل دوسرے میچ میں اننگز کی شکست کا خطرہ منڈلا رہا ہے، آج میچ کے چوتھے روز پاکستان نے چائے کے وقفے تک 5 وکٹوں پر 167 رنز بنا لیے ہیں۔

    محمد رضوان اور افتخار احمد 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، امام الحق صفر، اظہر علی 9 اور بابر اعظم 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے، شان مسعود نے 68 اور اسد شفیق نے 57 رنز کی اننگ کھیلی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایڈیلیڈ ٹیسٹ: تیسرے دن کا کھیل ختم، پاکستان کے 3 وکٹوں پر 39 رنز

    ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو پاکستان پر 120 رنز کی برتری حاصل ہے، پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 302 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی جس کے بعد اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا تھا، دوسری اننگز میں بھی بیٹنگ لائن نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا کو دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ برسبین میں کھیلے گئے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو شرم ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک اننگز اور 5 رنز سے ہرا دیا تھا۔

    قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم کم بیک کرے گی، تاہم یہ امید بر آتی نظر نہیں آ رہی ہے۔

  • شعیب اختر نے قومی ٹیم کی شکست کا پوسٹ مارٹم کرڈالا

    شعیب اختر نے قومی ٹیم کی شکست کا پوسٹ مارٹم کرڈالا

    لاہور: سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے آسٹریلیا سے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست پر گرین شرٹس کی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر سنجیدہ بیٹنگ نے کپتان بابراعظم کی محنت پر پانی پھیر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی ہار پر تبصرہ کرتے ہوئے راولپنڈی ایکسپریس کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اچھی پچ ملی جس پر 200 رنز آرام سے ہوسکتے تھے لیکن قومی ٹیم کے بلے بازوں نے سنجیدگی نہیں دیکھائی، بابر اعظم نے بطور کپتان عمدہ اننگز کھیلی مگر افسوس ہوا کہ ان کی محنت ضائع ہوگئی۔

    شعیب اختر نے کہا کہ حارث سہیل نے ایک بار پھر غلط اسٹروک کھیلا جس کی وجہ سے وہ آؤٹ ہوئے، فخر زمان اور آصف علی مکمل ناکام رہے، البتہ محمد رضوان نے گزشتہ اننگز میں اچھی کارکردگی تھی لیکن وہ اس بار خاطر وخواہ پرفارم نہ کرسکے، وہ جلدبازی میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

    یہ بھی پڑھیں: اسمتھ نے بہترین بیٹنگ کرکے پاکستان سے فتح چھین لی، بابر اعظم

    راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ بولرز کی کارکردگی پر شعیب اختر نے کہا کہ محمد عامر کی بولنگ اچھی تھی مگر عرفان ایک بار پھر مشکلات میں نظر آئے، دراز قد بولر عرفان کی ایک ٹانگ کام نہیں کررہی اس کے باوجود انہیں کھلایاگیا۔

    شعیب اختر کا کہنا تھاکہ اسٹیو اسمتھ جیسی بیٹنگ کمانڈ پاکستانی بلے بازوں میں نظر نہیں آئی، بڑے دکھ سے کہنا پڑتا ہے کہ بابر اعظم کے علاوہ کوئی ایسا بیٹسمین نہیں جو حریف بولر کی پٹائی کر سکے۔

    سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ بیٹنگ کے لیے سازگار پچ پر بلے باز 200 رنز بنا سکتے تھے اور آسانی سے میچ جیت کر برتری حاصل کرسکتے تھے مگر بیٹسمینوں نے پچ کا فائدہ نہیں اٹھایا۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔گرین شرٹس نےآسٹریلیا کو 151 رنز کا ہدف دیا تھا جسے میزبان ٹیم نے اسٹیو اسمتھ کی 80 رنز کی بدولت با آسانی حاصل کرلیا۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا، قومی ٹیم کی بیٹنگ بولنگ دونوں ناکام رہی تھی۔

  • پاکستان نے آسٹریلیا الیون کو شکست دے کر خطرے کی گھنٹی بجادی

    پاکستان نے آسٹریلیا الیون کو شکست دے کر خطرے کی گھنٹی بجادی

    سڈنی: قومی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی وارم اپ میچ میں آسٹریلیا الیون کو با آسانی شکست دے کر دورے کا پرُاعتماد آغاز کیا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سڈنی کے بینکس ٹاؤن کے میدان پر کھیلے گئے پریکٹس میچ میں شاہینوں نے کینگروز کو دبوچ لیا، قومی کھلاڑیوں نے عمدہ پرفارمنس کی بدولت نہ صرف حریف کھلاڑیوں پر اپنی دھاک بٹھا دی بلکہ آسٹریلیا کے لیے خطرے کی گھنٹی بھی بجا دی۔

    میزبان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس کے بولرز نے ابتدا سے ہی بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا جس کی وجہ سے انہیں کھل کر اسٹروکس کھیلنے کا موقع نہ مل سکا۔

    قومی بولرز کی نپی تلی بولنگ کی بدولت میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 135 رنز ہی بنا سکی، لیگ اسپنر شاداب خان نے 3، محمد عرفان، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    ہدف کے تعاقب میں اوپنرز فخرزمان اور بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کی جیت کو آسان بنا دیا، پاکستان نے مقررہ ہدف 18 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

    فخر زمان 43 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہےجب کہ بابر اعظم نے 34 اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل نے 32 رنز بنائے۔

    پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 3 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا 5 نومبرکو کنبیرا اور تیسرا 8 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

    قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز بھی کھیلی گی جس کی قیادت اظہر علی کریں گے۔

  • ون ڈے سیریز، آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

    ون ڈے سیریز، آسٹریلیا نے پاکستان کو وائٹ واش کردیا

    دبئی: آسٹریلیا نے پاکستان کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کردیا، حارث سہیل کی 130 رنز کی اننگز بھی پاکستان کو پانچویں ون ڈے میچ میں شکست سے نہ بچاسکی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے پاکستان کو پانچویں ون ڈے میچ میں بھی 20 رنز سے شکست دے کر وائٹ واش کردیا، 328 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز ہی بناسکی، جیسن بینڈروف نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    پاکستان کی پہلی وکٹ ایک رن پر گری جب چوتھے ون ڈے میچ میں سینچری بنانے والے عابد علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، شان مسعود نے 54 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی انہیں زمپا نے آؤٹ کیا۔

    حارث سہیل نے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد رضوان 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عمر اکمل 43 رنز بنا کر لیون کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، سعد علی 4 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔

    قائم مقام کپتان عماد وسیم نے 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یاسر شاہ 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

    آسٹریلیا کے جیسن بینڈروف نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیون، رچرڈسن، ایڈم زمپا اور میکسویل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے پانچویں ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 328 رنز کا ہدف دیا، گلین میکسویل نے برق رفتار نصف سنچری اسکور کی۔

    آسٹریلوی اوپنرز ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا، کینگروز کی پہلی وکٹ 134 رنز پر گری جب ایرون فنچ 53 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عثمان خواجہ نے 98 رنز بنائے۔

    شان مارش 61 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر عابد علی کو کیچ دے بیٹھے، آل راؤنڈر اسٹونس 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، گلین میکسویل نے 70 رنز کی اننگز کھیلی۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر عثمان شنواری نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ جنید خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    قبل ازیں پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر کینگروز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے، قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے محمد حسنین کی جگہ محمد عباس کو شامل کیا گیا ہے۔

    آسٹریلوی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر کالٹر نیل کی جگہ جیسن بینڈروف کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ آسٹریلیا ون ڈے سیریز پہلے ہی اپنے نام کرچکا ہے، کینگروز کو سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل ہے۔

  • دوسرا ون ڈے، فنچ کی مسلسل دوسری سنچری، پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست

    دوسرا ون ڈے، فنچ کی مسلسل دوسری سنچری، پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست

    شارجہ: آسٹریلیا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں بھی 8 وکٹوں سے شکست دے دی، کینگروز کپتان ایرون فنچ کیریئر بیسٹ نے مسلسل دوسری سنچری جڑ دی، آسٹریلیا کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق شارجہ میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 285 رنز کا ہدف باآسانی 13 گیندوں‌ پہلے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان ایرون فنچ نے ناقابل شکست 155 رنز کی اننگز کھیلی۔

    کینگروز کی پہلی وکٹ 209 رنز پر گری جب آسٹریلوی اوپنر بلے باز عثمان خواجہ 88 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے، گلین میکسویل 19 رنز بنا کر حارث سہیل کی ڈائریکٹ تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔

    پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، دیگر کوئی کھلاڑی وکٹ حاصل نہیں کرسکا۔

    قبل ازیں شارجہ میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے اور کینگروز کو جیت کے لیے 285 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    محمد رضوان نے 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کپتان شعیب ملک 60 رنز بنا کر نمایاں رہے، حارث سہیل 34 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    آسٹریلیا کے جھائے رچرڈسن اور کارٹر نیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایڈم زمپا، لیون اور ایرون فنچ کے حصے میں ایک، ایک آسکی۔

    قبل ازیں شارجہ میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان ٹیم میں محمد عامر کی جگہ محمد حسنین کو ڈڈیبیو کرایا گیا ہے جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

    قومی ٹیم نے اننگز کا آغاز کیا تو بغیر کوئی رنز بنائے امام الحق پویلین لوٹ گئے، دوسرے اوپنر شان مسعود بھی 35 رنز کے مجموعی اسکور پر 19 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔

    آسٹریلیا کے جھائے رچرڈسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

    اسکواڈ قومی کرکٹ ٹیم

    واضح رہے کہ پہلے ون ڈے میچ میں کینگروز نے گرین شرٹس کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

  • پاکستان آسٹریلیا ون ڈے سیریز، ٹرافی کی رونمائی، میدان آج شارجہ میں سجے گا

    پاکستان آسٹریلیا ون ڈے سیریز، ٹرافی کی رونمائی، میدان آج شارجہ میں سجے گا

    شارجہ: پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی شارجہ میں کردی گئی، پہلا ون ڈے میچ آج سہ پہر تین بجے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق یو اے ای میں آج سے میدان سجے گا، پاکستان اور آسٹریلیا ون ڈے سیریز میں مدمقابل ہوں گے، ایرون فنچ اور شعیب ملک نے ٹرافی کی رونمائی کی اور دونوں کپتانوں نے جیت کا عزم ظاہر کیا۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کا موقع ملے گا، کینگروز کے بعد انگلش ٹیم کے خلاف سیریز ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مددگار ثابت ہوگی۔

    پاکستان ٹیم نے شارجہ کے میدان میں گزشتہ روز بھرپور پریکٹس کی، قومی ٹیم کی قیادت شعیب ملک کررہے ہیں جبکہ سرفراز احمد کو آرام کی غرض سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل سرفراز احمد پر تین میچوں کی پابندی کے سبب جنوبی افریقا کے خلاف شعیب ملک نے ون ڈے سیریز میں کپتانی کے فرائض انجام دئیے تھے سیریز میں پاکستان کو 3-2 سے شکست ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل شعیب ملک کی سربراہی میں 38 ایک روزہ میچز کھیلے گئے جس میں سے 25 میں وہ فتح یاب ہوئے جبکہ 13 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ، اس حساب سے ان کی فتح کا تناسب بہت عمدہ ہے۔

    پاکستان کے خلاف کپتان ایرون فنچ کی قیادت میں آسٹریلوی اسکواڈ میں شان مارش، عثمان خواجہ، پیٹرہینڈسکومب، کین رچرڈسن، گلین میکسویل، جیسن بہرنڈوف، ایڈم زمپا اور نیتھن لیون شامل ہیں۔

    دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ میں شعیب ملک کپتان، امام الحق، عمراکمل، شان مسعود، عماد وسیم، حارث سہیل، فہیم اشرف، محمد عامر، جنید خان، عثمان خان شنواری، محمد عباس، سعد علی، یاسر شاہ اور محمد حسنین شامل ہیں۔

  • پاکستان اور آسٹریلیا ون ڈے سیریز، لوگو کی تقریب رونمائی

    پاکستان اور آسٹریلیا ون ڈے سیریز، لوگو کی تقریب رونمائی

    کراچی: پاکستان اور آستریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کے لوگو کی تقریب رونمائی ہوئی، پی سی بی ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان نے اسپانسر کے ساتھ لوگو کی رونمائی کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 22 مارچ سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لوگو کی رونمائی کردی گئی، پی سی بی ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان نے کہا کہ کوشش تھی آسٹریلیا ون ڈے سیریز پاکستان میں کھیلتی، یو اے ای ون ڈے سیریز ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد دے گی۔

    ذاکر خان نے کہا کہ کچھ اہم کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیا ہے، امید ہے نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے اور سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 22 مارچ کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: عثمان خواجہ کی ’اسٹرائیک‘، آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

    دوسرا میچ 24 مارچ کو شارجہ جبکہ تیسرا میچ 27 مارچ کو ابوظبی میں ہوگا، گرین شرٹس اور کینگروز کی ٹیمیں چوتھے میچ میں 29 مارچ کو دبئی میں مدمقابل ہوں گی۔

    سیریز کا آخری ون ڈے میچ 31 مارچ کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

    خیال رہے کہ اب تک پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 98 میچ کھیلے جاچکے ہیں جس میں کینگروز کا پلڑا بھاری ہے، آسٹریلیا نے 62 جبکہ قومی ٹیم نے 32 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    یاد رہے کہ قومی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں 2002 میں آسٹریلیا میں ہی کامیابی حاصل کی تھی جس میں اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔