Tag: پاکستان بمقابلہ افغانستان

  • انڈر19 ٹرائی سیریز: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں افغانستان کو شکست دیدی

    انڈر19 ٹرائی سیریز: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں افغانستان کو شکست دیدی

    پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم نے ٹرائی سیریز کے میچ میں سنسنسی خیز مقابلے کے بعد افغانستان انڈر19 ٹیم کو شکست دیدی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی دبئی میں ہونے والے انڈر19 ٹرائی سیریز کے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 244 رنز اسکور کیے، اوپنر عثمان خان اور صاحبزادہ خان نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    دونوں اوپنرز نے بالترتیب 77 اور 78 رنز اسکور کیے، اس کے علاوہ محمد طیب 19 اور سعد بیگ نے 15 رنز بنا کر اپنا حصہ ڈالا، تاہم کوئی اور انڈر19 پاکستانی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

    افغانستان کی طرف سے عبدالعزیز خان اور خاطر خان نے 3،3 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ نصیر خان معروف خیل دو پاکستانی بیٹرز کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہے۔

    ہدف کے تعاقب میں افغانستان انڈر19 ٹیم 231 رنز پر ہم ہار گئی، گرین شرٹس کی جانب سے علی رضا اور فہم الحق نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا، دونوں نے بالترتیب 4 اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔

    شکست خوردہ ٹیم افغانستان کی طرف سے اوپنر عزیراللہ نیازی 70 رنز بنا کر نمایاں رہے، اس کے علاوہ فیصل شینوزادہ اور نصیر خان نے 47، 47 رنز اسکور کیے۔

  • انڈر19 ورلڈکپ:پاکستان نے پہلے میچ میں افغانستان کو آؤٹ کلاس کردیا

    انڈر19 ورلڈکپ:پاکستان نے پہلے میچ میں افغانستان کو آؤٹ کلاس کردیا

    ایسٹ لندن: پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم نے ورلڈکپ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے افغانستان کو پہلے میچ میں آؤٹ کلاس کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی انڈر19 ورلڈکپ اپنے افتتاحی میچ میں افغانستان کو 181 رنز سے عبرتناک شکست دیدی۔ افغان کرکٹ ٹیم 285 رنز کے تعاقب میں محض 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

    افغانستان کی جانب سے نعمان شاہ 26 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ پاکستان کے عبید شاہ نے 4 جبکہ محمد ذیشان نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔

    اس سے قبل پاکستان انڈر19 نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر284 رنز بنائے۔ شاہ زیب خان نے شاندارسنچری اسکور کرتے ہوئے 106 رنز کی اننگز کھیلی۔

    اس کے علاوہ کپتان سعد بیگ 55 اور ریاض اللہ 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔ عبیدشاہ نے 12 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

    افغانستان انڈر19 کی جانب سے خلیل احمد نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ بشیر احمد 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

  • اوسط درجے کے لوگوں کی وجہ سے ٹیم کا یہ حال ہوا، شعیب اختر شدید برہم

    اوسط درجے کے لوگوں کی وجہ سے ٹیم کا یہ حال ہوا، شعیب اختر شدید برہم

    پاکستان کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے افغانستان کے ہاتھوں پاکستان کی شرمناک شکست پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم اور مینجمنٹ کو خوب لتاڑا ہے۔

    راولپنڈی ایکسپریس کا شدید تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اوسط درجے کے لوگوں کی وجہ سے ٹیم کا یہ حال ہوا، اپنی پسند کو ترجیح دینے کے نتیجے میں آج پاکستان کرکٹ اس مقام پر کھڑی ہے۔

    شعیب اختر نے کہا کہ لوگ میری برانڈ بلڈنگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں لیکن برانڈ بلڈنگ دراصل انسٹیٹیوشن بلڈنگ ہے، اسی سے برانڈ بنتے ہیں۔ قومیں اچھے لوگوں کو مقام دیتی ہیں اور پھر یہی لوگ تاریخ بناتے ہیں انہی لوگوں سے ادارے تشکیل پاتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو میں شعیب اختر نے افسوس کا اظہا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ آج جس مقام پر کھڑی ہے وہ ان کے اپنے انتخاب کا نتیجہ ہے۔

    قبل ازیں بھارتی میڈیا سے گفتگو میں شعیب اختر کا کہنا تھا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا تھا کہ پاکستان ان ٹیموں سے شکست کھائے گا

    انھوں نے کہا کہ مجھے پتا ہے کہ پاکستان ٹیم نے دل گردہ نہیں دکھانا اور افغانستان سے شکست سے بری شکست کوئی نہیں ہوسکتی لیکن اسے برداشت کرنا پڑے گا۔

    1992 کا تذکرہ کرتے ہوئے شعیب اختر نے کہا کہ اس عالمی کپ میں بھی یہی حالات تھے کیا بابر اعظم، عمران خان بن سکتا ہے یہ دیکھنا ہوگا۔

    کیا شاہین شاہ، وسیم اکرم، حارث رؤف، عاقب جاوید اور شاداب خان ثقلین مشتاق بن سکتا ہے؟ دوسری صورت میں 8 نومبر کو گھر واپسی ہوگی۔

  • ’ٹاپ 4 میں کسی ایک کا آج سنچری بنانا بہت ضروری ہے‘

    ’ٹاپ 4 میں کسی ایک کا آج سنچری بنانا بہت ضروری ہے‘

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ٹاپ 4 میں کسی ایک کا سنچری بنانا بہت ضروری ہے۔

    ڈائریکٹر قومی ٹیم مکی آرتھر نے میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹاپ 4 میں کسی ایک کا سنچری بنانا ٹیم کے لیے بہت ضروری ہے، آسٹریلیا کے خلاف میچ سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کا مزید کہنا تھا کہ شاہین آفریدی کا فارم میں آنا ٹیم کے لیے اچھی علامت ہے۔

    دوسری جانب آسٹریلیا کےخلاف پانچ وکٹیں لینےوالےشاہین شاہ آفریدی افغانستان کے خلاف کامیابی کے لیے پُرعزم  ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارتی پچز پر انگلینڈ اور آسٹریلیا جیسا سوئنگ اور باؤنس نہیں مل رہا  لیکن ایک دواچھے کیچ اور رن آؤٹ میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔

    اوپنر امام الحق کا کہنا ہے پچھلے دو میچوں میں شکست کا تجزیہ کرلیا، آج مداحوں کو بہتر ٹیم نظر آئے گی، آج کا میچ جیت کرٹیم کودوبارہ ٹریک پر لائیں گے۔

  • ورلڈکپ: پاکستان اور افغانستان کے میچ میں موبائل، کیمرے لانے پر پابندی عائد

    ورلڈکپ: پاکستان اور افغانستان کے میچ میں موبائل، کیمرے لانے پر پابندی عائد

    آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین میچ میں شائقین اپنے موبائل فونز اور کیمرے ساتھ نہیں لاسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کل چنائی میں قومی کرکٹ ٹیم اور افغانستان اہم میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہونگے۔ تاہم گراؤنڈ میں آنے والے شائقین کے لیے بری خبر یہ ہے کہ ان کے کیمرہ اور فون ساتھ لانے پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔

    تمل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ورلڈکپ میں مذکورہ میچ کے حوالے سے تماشائیوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔

    ٹی این سی اے نے جاری اعلامیے میں کہا کہ تماشائی ہینڈ بیگ، لیپ ٹاپ، آئی پوڈ، کیمرہ اور فون ساتھ نہ لائیں۔ چارجر، پاور بینک، لائٹر، تمباکو، بوتلیں، بینرز لانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

    واضح رہے کہ افغان ٹیم کے خلاف پیر کو ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ کے میچ میں قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔

    آسٹریلیا کیخلاف کھیلنے والی ٹیم کل افغانستان کیخلاف بھی میدان میں اترے گی۔ اوپنرفخر زمان نے بھی نیٹس میں بیٹنگ کرنا شروع کر دی ہے تاہم وہ میچ نہیں کھیل پائیں گے۔

  • ’ہماری یہ حالت ہوگئی ہے کہ افغانستان کیخلاف بھی پلاننگ کرنا پڑ رہی ہے‘

    ’ہماری یہ حالت ہوگئی ہے کہ افغانستان کیخلاف بھی پلاننگ کرنا پڑ رہی ہے‘

    پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر کامران اکمل کا کہنا ہے کہ ہماری یہ حالات ہوگئی ہے کہ افغانستان کے خلاف بھی پلاننگ کرنی پڑ رہی ہے۔

    اے آر وائی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے اسٹینڈرڈ اتنا گرا دیا ہے کہ چھوٹی ٹیموں کے خلاف بھی سوچنا پڑتا ہے، افغانستان کے خلاف میچ میں 3 فاسٹ بالرز کو ٹیم میں لازمی رکھنا پڑے گا۔

    کامران اکمل کا کل پاکستان اور افغانستان کے میچ کے حوالے سے مزید کہنا تھا کہ افغانستان کے خلاف آخری اوورز میں فاسٹ بولنگ کا کردار بہت اہم ہوگا۔

    اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا کہ سب کے ذہن میں ہے کہ افغانستان کا اسپن کا شعبہ اچھا ہے۔ افغانستان کی اسپن بالنگ کے لیے ہمیں تیاری کرنی چاہیے۔

    اظہرعلی نے کہا کہ قومی ٹیم کو اسپن شعبہ کمزور ہونے کی وجہ سے فاسٹ بالنگ پربھروسہ کرنا پڑے گا۔ افغانستان کے خلاف حارث کو بھی کھلانا پڑے گا۔

    انھوں نے کہا کہ اسامہ میر افغانستان کے خلاف وکٹیں لے سکتے ہیں۔ اسپن شعبے میں سعود کو بھی استعمال کرنا پڑے گا۔

  • پاکستان بمقابلہ افغانستان، لندن پولیس کی چار افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق

    پاکستان بمقابلہ افغانستان، لندن پولیس کی چار افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق

    لیڈر: لندن پولیس نے پاکستان اور افغانستان کے میچ میں ہنگامہ آرائی کرنے والے چار افراد کو حراست میں لینے کی تصدیق کردی۔

    لندن کی ویسٹ ورکشائر پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اسٹیڈیم میں زبردستی داخل ہونے اور میچ کے دوران حالات خراب کرنے میں ملوث چار افراد گرفتار ہیں جن سے تفتیش شروع کردی گئی۔ ورکشائر پولیس نے حراست میں لیے جانے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

    دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور ورکشائر پولیس نے لیڈز اسٹیڈیم کے باہر پاکستان مخالف مہم کا بھی نوٹس لے لیا جبکہ میچ کے دوران اسٹیڈیم کی حدود میں اڑنے والے جہاز کے پاکستان مخالف بینرز لہرانے پر تحقیقات شروع کردیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان نے آئی سی سی سے ٹیم سیکیورٹی بڑھانے کا مطالبہ کردیا

    فلائٹ پاتھ پربنا اجازت جہاز اڑانے پر لیڈز کے ائیرٹریفک کنٹرول نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔

    آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کسی کو میچ کے دوران سیاسی یا نفرت آمیزتشہیرکی اجازت نہیں دی جاسکتی، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

    پاک افغان میچ کےدوران گراؤنڈاورراونڈسےباہرکشیدہ صورتحال رہی، میچ سے قبل کئی افغان تماشائیوں نے ایک پاکستانی تماشائی کو تشدد کا نشانہ بنایا۔میچ کے اختتام پر افغان تماشائی گراؤنڈ کے اندر بھی داخل گئے تھے، انہوں پاکستانی ٹیم کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔اس لڑائی جھگڑے میں ملوث متعدد افراد کو مقامی سیکیورٹی اہلکاروں نے پکڑا، بعد ازاں اس واقعے پر آئی سی سی نے ہنگامہ آرائی میں ملوث افغان تماشائیوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: لیڈز: ٹیم کی شکست دیکھ کر افغان تماشائی بپھر گئے، پاکستانی فینز پر حملہ

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیا گیا 228 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے شدید دباؤ میں بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، فتح کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر آ گیا ہے، جب کہ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے قومی ٹیم کو اس میچ میں فتح حاصل کرنا لازمی تھی۔

  • پاکستان کا افغانستان کے ساتھ میچ کے بعد پیش آنے والے واقعے پر اظہار تشویش

    پاکستان کا افغانستان کے ساتھ میچ کے بعد پیش آنے والے واقعے پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: پاکستان نے ورلڈ کپ 2019 کے لیڈز گراؤنڈ میں کھیلے گئے پاک افغان میچ کے بعد پیش آنے والے واقعے پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو کچھ تماشائیوں کے کھلاڑیوں پر دھاوا بولنے پر گہری تشویش ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ مخالفانہ پروپیگنڈے کے لیے کھیلوں کو استعمال کرنا نا قابل قبول ہے، اسپورٹس اور قانون نافذ کرنے والی اتھارٹیز سے واقعے کی جامع تحقیقات کی توقع ہے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، یہ معاملہ سفارتی سطح پر بھی اٹھایا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نے آئی سی سی سے ٹیم سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کر دیا

    خیال رہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ میں پاک افغان میچ کے دوران گراؤنڈ اور گراؤنڈ سے باہر صورت حال کشیدہ رہی، میچ سے قبل کئی افغان تماشائیوں نے ایک پاکستانی تماشائی کو تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ میچ کے اختتام پر افغان تماشائی گراؤنڈ کے اندر داخل ہو گئے، انھوں نے پاکستانی ٹیم کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

    ادھر پاکستانی ٹیم کے سیکورٹی آفیسر نے لوکل آرگنائزنگ کمیٹی اور آئی سی سی اہل کاروں سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں گزشتہ روز کی صورت حال کے پیشِ نظر مطالبہ کیا گیا کہ پاکستانی ٹیم کی سیکورٹی میں مزید اضافہ کیا جائے۔

  • بیٹنگ کے لیے گیا تو ہاتھ میں شدید تکلیف تھی، سب اللہ پر چھوڑ دیا تھا، وہاب ریاض

    بیٹنگ کے لیے گیا تو ہاتھ میں شدید تکلیف تھی، سب اللہ پر چھوڑ دیا تھا، وہاب ریاض

    لیڈز: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ بیٹنگ کے لیے گیا تو ہاتھ میں شدید تکلیف تھی مگر سب کچھ اللہ پر چھوڑ دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز افغانستان کے خلاف میچ میں انگلی میں فریکچر کے باوجود عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وہاب ریاض نے کہا ہے کہ ہاتھ میں تکلیف کے باوجود میچ کھیلنے کا فیصلہ ان کا اپنا تھا۔

    فاسٹ بولر نے کہا کہ میچ سے قبل مجھ سے پوچھا گیا تھا کہ درد برداشت کرسکتے ہو، پریکٹس کے بعد میں نے کہا میچ میں سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

    وہاب ریاض کے مطابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ یقین ہے بولنگ میں وہاب کی کارکردگی سو فیصد ہوگی، کپتان کے الفاظ نے میرے اعتماد میں اضافہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ جب بیٹنگ کرنے کے لیے میدان میں اترا تو ہاتھ میں شدید درد تھا لیکن میں نے سب کچھ اللہ پر چھوڑ دیا تھا، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم میت جیت گئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے جانے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دی تھی، عماد وسیم کو 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ افغانستان کو شکست دینے کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر آگیا ہے اور اس کے 9 پوائنٹس ہیں، قومی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 5 جولائی بروز جمعہ کو بنگال ٹائیگر کے خلاف کھیلے گی۔

  • لیڈز: ٹیم کی شکست دیکھ کر افغان تماشائی بپھر گئے، پاکستانی فینز پر حملہ

    لیڈز: ٹیم کی شکست دیکھ کر افغان تماشائی بپھر گئے، پاکستانی فینز پر حملہ

    لیڈز: پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین لیڈز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آج کے میچ میں اپنی ٹیم کی شکست دیکھ کر افغان تماشائی ایک بار پھر بپھر گئے اور پاکستانی فینز پر حملہ آور ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ کے 36 ویں میچ میں پاکستان ٹیم کے ہاتھوں اپنی ٹیم کو منہ کی کھاتی دیکھ کر افغان تماشائی آپے سے باہر ہو گئے، افغان تماشائیوں نے اسٹیڈیم میں موجود پاکستانی پرستاروں پر حملہ کیا اور بوتلیں ماریں۔

    پاکستان نے عماد وسیم کی شان دار بیٹنگ کی بدولت آج سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

    میچ میں شکست کے بعد افغان تماشائیوں کی ہلڑ بازی پر پولیس نے کئی افغانوں کو پہلے بھی گراؤنڈ سے نکالا تھا، آئی سی سی نے بھی افغان تماشائیوں کی غنڈہ گردی کا نوٹس لیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: عماد وسیم کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے افغانستان کو شکست دے دی

    اس سے قبل بھی لیڈز گراؤنڈ کے باہر افغان شایقین اپنی ٹیم کی پے در پے گرتی وکٹوں پر آپے سے باہر ہو کر ایک پاکستانی پر حملہ آور ہوئے تھے اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

    خیال رہے کہ آج کے میچ میں افغانستان کی جانب سے دیا گیا 228 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے شدید دباؤ میں بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، فتح کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر آ گیا ہے، جب کہ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے قومی ٹیم کو اس میچ میں فتح حاصل کرنا لازمی تھی۔