Tag: پاکستان بمقابلہ انگلینڈ

  • پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری

    لاہور: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا، 30 جولائی سے 2 ستمبر 2020 تک ہونے والے دورے کے دوران 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آئندہ سال سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ 30 جولائی سے 2 ستمبر 2020 تک جاری رہے گا۔

    دورے کے دوران 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے، سیریز میں شامل 3 ٹیسٹ میچز ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ پہلا ٹیسٹ میچ 30 جولائی سے 3 اگست 2020 تک لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے 11 اگست 2020 تک اولڈ ٹریفورڈ اور تیسرا 20 سے 24 اگست 2020 تک ٹرینٹ برج کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔

    سیریز کا پہلا ٹی 20 مقابلہ 29 اگست 2020 کو لیڈز میں ہوگا، دوسرا ٹی 20، 31 اگست کو کارڈف اور تیسرا 2 ستمبر 2020 کو ساؤتھ ہمپٹن میں منعقد ہوگا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سیریز سے قومی کھلاڑیوں کو ٹیسٹ فارمیٹ میں بہتری کا موقع ملے گا، سریز سے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔ 4 سال میں تیسری دو طرفہ سیریز کا انعقاد دوستانہ تعلقات کا عکاس ہے۔

    پاکستان کے دورے کے بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو سال 2022 میں پاکستان کا جوابی دورہ کرنا ہے، جوابی سیریز میں 3 ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

  • ورلڈ کپ 2019: سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر جرمانہ

    ورلڈ کپ 2019: سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر جرمانہ

    ناٹنگھم: آئی سی سی نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر جرمانہ عائد کیا، پاکستانی ٹیم نے مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرایا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں کے چھٹے میچ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر آئی سی سی نے جرمانہ کر دیا۔

    کپتان سرفراز احمد پر میچ فیس کا 20 فی صد اور دیگر کھلاڑیوں پر 10 فی صد جرمانہ عاید کیا گیا ہے۔

    گزشتہ روز ناٹنگھم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ 2019 کے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست دے کر شان دار کم بیک کیا تھا۔

    دوسری طرف اسی میچ میں آئی سی سی نے انگلش کھلاڑی جوفرا آرچر اور بیٹسمین جیسن رائے کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان ٹیم کو اس جیت کی ضرورت تھی، سرفراز احمد

    آئی سی سی کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فاسٹ بولر جوفرا آرچر اور جیسن رائے پر میچ فیس کا 15 فی صد جرمانہ عاید کیا گیا۔

    انگلش فاسٹ بولر نے میچ کے دوران امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا، جب کہ جیسن رائے دوران میچ نازیبا کلمات کہے۔

    واضح رہے کہ کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف جیت سے ٹیم کے مورال میں اضافہ ہوا ہے، مستقبل میں ہم اچھی کارکردگی دکھائیں گے، ٹٰیم کو اس جیت کی ضرورت تھی۔

  • ورلڈ کپ میں پاکستان کا شاندار کم بیک، انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست

    ورلڈ کپ میں پاکستان کا شاندار کم بیک، انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست

    ناٹنگھم: ورلڈ کپ 2019 کے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان نے میزبان انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست دے دی، جو روٹ اور جوز بٹلر کی سنچریاں بھی انگلینڈ کے کام نہ آسکیں، محمد حفیظ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی جانب دئیے جانے والے 349 رنز ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بناسکی، وہاب ریاض نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

    انگلینڈ کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گری جب شاداب خان نے جیسن رائے کو 8 رنز پر پویلین روانہ کیا، بیرسٹو 32 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔

    جو روٹ نے 9 رنز پر بابر اعظم کی جانب سے کیچ ڈراپ کیے جانے کے بعد 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کپتان اوئن مورگن کو 9 رنز پر محمد حفیظ نے بولڈ کیا۔

    بین اسٹوکس 13 رنز بنا کر شعیب ملک کا شکار بنے، جوز بٹلر نے برق رفتار 103 رنز کی اننگز کھیلی، بٹلر کو محمد عامر نے آؤٹ کیا، معین علی 19 رنز پر ہمت ہار گئے۔

    کرس ووکس 21 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے، جوفرا آرچر نے ایک رن پر پویلین لوٹ گئے۔

    پاکستان کے وہاب ریاض نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاداب خان اور محمد عامر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد حفیظ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    قبل ازیں ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ میں گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنائے اور میزبان انگلینڈ کو جیت کے لیے 349 رنز کا ہدف دے دیا، بابر اعظم اور سرفراز احمد نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے 82 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، فخر زمان 36 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے، امام الحق کو بھی 44 رنز پر معین علی نے پویلین روانہ کیا۔

    بابر اعظم نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، محمد حفیظ 62 گیندوں پر 84 رنز بنا کر نمایاں رہے، حفیظ کی اننگز میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

    کپتان سرفراز احمد نے 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں ووکس نے آؤٹ کیا، آصف علی 14 رنز بنا کر کرس ووکس کا نشانہ بنے، شعیب ملک صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    وہاب ریاض کو 4 رنز بنا کر کرس ووکس نے آؤٹ کیا، حسن علی اور شاداب خان 10، 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    انگلینڈ کے کرس ووکس نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، معین علی نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں، مارک ووڈ نے دو وکٹیں لیں۔

    قبل ازیں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کر لیا تھا، انگلش کپتان کا کہنا ہے کہ پچ اچھی لگ رہی ہے، باؤنڈریز بھی چھوٹی ہیں۔

    انگلش کپتان اوئن مورگن کا کہنا ہے کہ کوشش کریں گے پاکستان کو کم رنز پر روکیں، ٹیم میں مارک ووڈ کو شامل کیا گیا ہے۔

    دوسری طرف پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، حارث سہیل اور عماد وسیم کی جگہ شعیب ملک اور آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ورلڈ کپ 2019: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بولنگ ہی کرتے، پچ اچھی ہے، کوشش کریں گے اچھا کھیلیں اور اچھا اسکور کریں۔

    پاکستان ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ بھلا کر اچھا کھیلیں گے، خیال رہے کہ پاکستان نے اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے مقابل ہار دیا تھا۔

    31 مئی کو کھیلے گئے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی، پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 106 رنز کا ہدف، پاکستان کا ورلڈ کپ میں دوسرا کم ترین اسکور تھا جسے ویسٹ انڈین ٹیم نے 13.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

    یہ ایونٹ کا چھٹا میچ ہے، دونوں ٹیمیں اپنا ایک ایک میچ کھیل چکی ہیں جس میں انگلینڈ کو کام یابی اور پاکستان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

  • امید ہے کل کے میچ میں کم بیک کریں گے، اظہر محمود

    امید ہے کل کے میچ میں کم بیک کریں گے، اظہر محمود

    ناٹنگھم: قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ مومنٹم حاصل کرنے کے لیے ایک جیت کی تلاش ہے، امید ہے کل کے میچ میں کم بیک کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ ٹیم باؤنس بیک کرے گی، سابق کھلاڑیوں کو چاہئے کہ ٹیم کو سپورٹ کریں۔

    اظہر محمود نے کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامر کا فارم میں آنا خوش آئند ہے، ہماری بولنگ میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ انگلینڈ کو 300 سے کم پر آؤٹ کردے گی۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ نے کہا کہ انگلینڈ کو بڑا اسکور کرنے کے لیے 300 گیندیں کھیلنی ہے جبکہ پاکستانی بولرز کو بس 10 اچھی گیندیں پھینکنی ہیں۔

    واضح رہے کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ کل انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی، قومی ٹیم نے ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں بھرپور پریکٹس کی۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ کا آغاز مایوس کن ہوا: مکی آرتھر

    بارش کے باوجود پاکستانی پلیئرز فیلڈ میں رہے، بارش تھمنے کے بعد بلے بازوں نے پریکٹس کی اور آصف علی کو ہارڈ ہٹنگ کی بھرپور پریکٹس کرائی گئی۔

    خیال رہے کہ پاکستانی ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ہم نے شارٹ پچ بولنگ کی بہترین تیاری کی تھی، معلوم تھا کہ ان کے فاسٹ بولر ز شارٹ کریں گے۔ مکی آرتھر نے امید ظاہر کی کہ انگلینڈ کے خلاف ہونے والے آئندہ میچ میں بہترکارکردگی ہوگی۔

    یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی، پاکستانی ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

  • پاکستان کو پانچویں ون ڈے میں بھی شکست، سیریز 4-0 سے انگلینڈ کے نام

    پاکستان کو پانچویں ون ڈے میں بھی شکست، سیریز 4-0 سے انگلینڈ کے نام

    لیڈز: انگلینڈ نے پاکستان کو پانچویں ون ڈے میچ میں 54 رنز سے شکست دے کر سیریز 4-0 سے اپنے نام کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق لیڈز میں کھیلے جانے والے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 54 رنز سے شکست دے دی، 352 رنز ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم 297 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، سرفراز احمد کی 97 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آسکی۔

    پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، دوسرے اوپنر عابد علی بھی صرف 5 رنز بنا کر کرس ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

    بابر اعظم نے 80 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، کپتان سرفراز احمد بھی 97 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

    محمد حفیظ بھی بغیر کوئی رن بنائے ووکس کا شکار بنے، شعیب ملک چار بنا کر پویلین لوٹ گئے، آصف علی نے 22 عماد وسیم نے 25 رنز بنائے۔

    حسن علی 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد حسنین 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، شاہین شاہ آفریدی 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

    انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ڈیوڈ ولے اور عادل رشید نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں لیڈز میں کھیلے جانے والے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 352 رنز کا ہدف دیا، شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

    انگلینڈ کی پہلی وکٹ 63 رنز پر گری جب جیمز ونس 33 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، بریسٹو 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    جو روٹ نے شاندار 84 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ انگلش کپتان اوئن مورگن نے 76 رنز بنائے ان کی اننگز میں 5 بلند و بالا چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

    بٹلر نے 34 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بین اسٹوکس 21 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے، ٹام کُرن نے 15 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے چار اور عماد وسیم نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد حسنین اور حسن علی ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    واضح رہے کہ پانچ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، دوسرے میچ میں گرین شرٹس کو صرف 12 رنز سے شکست ہوئی تھی، تیسرے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے 6 وکٹوں جبکہ چوتھے ون ڈے میچ میں 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

  • برسٹل : انگلینڈ نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو6 وکٹ سے شکست دے دی

    برسٹل : انگلینڈ نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو6 وکٹ سے شکست دے دی

    برسٹل : انگلینڈ نے تیسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کو چھ وکٹ سے شکست دے دی، پاکستانی بولرز358رنز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔ امام الحق کے151اور آصف علی کی نصف سنچری بھی کام نہ آئی۔

    تفصیلات کے مطابق برسٹل میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والا سیریز کا تیسرا ون ڈے میچ میزبان ٹیم نے 45 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر  باآسانی جیت لیا، پانچ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-2کی برتری حاصل ہوگئی۔

    امام الحق کی151رنز کی اننگز بھی کام نہ آئی، میچ میں پاکستانی فیلڈرز نے کیچ بھی گرائے، انگلینڈ کے جوہنی بئیرسٹو نے دھواں دھار سنچری اسکور کی جبکہ جیسن رائے نے76رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    پاکستانی بولنگ لائن ناکام ہوگئی، پاکستانی بالرز نے بیٹسمینوں کی محنت پر پانی پھیردیا، شاہین اپنے تین سو انسٹھ رنز کے ہدف کا دفاع نہ کرسکے، انگلینڈ نے تیسرا ون ڈے جیت لیا۔

    انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف45اوورز میں چار وکٹوں پر حاصل کیا،  انگلش اوپنرز نے ٹیم کو شاندارآغاز فراہم کیا، جوئے روٹ 43،بین اسٹوکس 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان 17 اور معین علی 43 رنز کے ساتھ ناقبل شکست رہے۔جنید خان، عماد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    ابتدا میں کیچز ڈراپ ہونا پاکستان ٹیم کو بھاری پڑگیا، پانچ میچز کی سیریز میں انگلینڈٖ کو دو صفر کی برتری حاصل ہے، اگر پاکستان اپنے اگلے دونوں میچ جیت گیا تو سیریز 2-2 سے برابر ہوگی جبکہ انگلینڈ کو سیریز جیتنے کیلئے صرف ایک فتح درکار ہوگی۔

    قبل ازیں تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے  امام الحق کی شاندار سنچری کی بدولت انگلینڈ کو جیت کے لیے 359 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    امام الحق نے انگلش ٹیم کے خلاف اپنی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے 151 رنز بنائے انہیں کُرن نے بولڈ کیا، امام الحق کی اننگز میں 16 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، حارث سہیل 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

    کپتان سرفراز احمد 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، آصف علی 43 گیندوں پر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عماد وسیم 22 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

    آل راؤنڈر فہیم اشرف خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 13 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ٹام کُرن نے دو اور پلنکٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں تیسرے ون ڈے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے یاسر شاہ کی جگہ جنید خان کو شامل کیا گیا ہے۔

    قومی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 7 رنز پر گری جب فخر زمان 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم 15 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

    واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا تاہم انگلینڈ نے 12 رنز سے پاکستان کو شکست دی۔

    یاد رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر چکن پاکس کے باعث تیسرے ایک روزہ میچ سے باہر ہوئے تھے انہیں ڈاکٹرز نے پانچ روز آرام کا مشورہ دیا ہے۔

  • دوسرے ون ڈے میں انگلش بالر کی مبینہ بال ٹمپرنگ کی ویڈیو سامنے آگئی

    دوسرے ون ڈے میں انگلش بالر کی مبینہ بال ٹمپرنگ کی ویڈیو سامنے آگئی

    ساؤتھ ہمٹن: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں انگلش بالر کی مبینہ بال ٹمپرنگ کی ویڈیو سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ساؤتھ ہمٹن میں کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں انگلش فاسٹ بولر لیام پلنکٹ کی مبینہ بال ٹمپرنگ کی ویڈیو سامنے آگئی، انگلش ٹیم نے پاکستان کو 12 رنز سے شکست دی تھی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لیام پلنکٹ گیند کھرچکتے ہوئے نظر آرہے ہیں، میچ کے آخری اوور میں گیند بہت کھردری ہوچکی تھی۔

    چونتیس سالہ فاسٹ بولر لیام پلنکٹ نے اپنے 9 اوورز میں 64 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھی، انہوں نے فہیم اشرف اور حارث سہیل کو آؤٹ کیا، پلنکٹ نے 49ویں اور میں صرف 8 رنز دئیے تھے۔

    مزید پڑھیں: دوسرا ون ڈے: قومی ٹیم کی شاندار بیٹنگ، انگلینڈ 12 رنز سے کامیاب

    واضح رہے کہ میچ میں انگلش ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 374 رنز کا ہدف دیا تھا، قومی ٹیم صرف 12 رنز سے میچ ہار گئی تھی، فخر زمان نے شاندار سنچری اسکور کی تھی۔

    ذرائع کے کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے فوٹیج اور تصاویر کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

    آئی سی سی نے بال ٹمپرنگ کے الزامات مسترد کردئیے

    دوسری جانب آئی سی سی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر اوور پر گیند کی کنڈیشن چیک کی گئی، بال ٹمپرنگ کے شواہد نہیں ملے، میچ آفیشلز مطمئن ہیں، گیند سے کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہوئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال آسٹریلوی ٹیم کے تین کھلاڑی بال ٹمپرنگ کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے، تینوں کھلاڑیوں پر ایک سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

    ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ کو سزا پوری ہونے کے بعد آسٹریلیا کی جانب سے ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

  • حارث سہیل انگلینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم

    حارث سہیل انگلینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم

    لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل انگلینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل نے کہا کہ کوشش کروں گا آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کی طرح یہاں بھی پرفارم کروں، انگلینڈ کی ٹیم نمبر ون ہے، اس کی بولنگ بھی اچھی ہے، ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف کھیل کر فائدہ ہوگا۔

    پہلے میچ سے متعلق حارث سہیل نے کہا کہ کنڈیشنز بولرز کو سپورٹ کررہی تھیں لیکن بعد میں میرے اور امام الحق کے درمیان پارٹنر شپ لگی پر بارش کی وجہ سے پورا موقع نہ مل سکا، بقیہ میچز میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے میچ بارش کی نذر

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا۔

    پاکستان نے 19 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے، میچ منسوخی سے قبل امام الحق 42 اور حارث سہیل 14 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے، فخر زمان 3 اور بابر اعظم 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کی دوسرا ون ڈے میچ 11 مئی کو ساؤتھ ہمٹن میں کھیلا جائے گا، دوسرے ون ڈے میں شعیب ملک کی بھی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔

  • شعیب ملک دوسرے ون ڈے سے قبل قومی ٹیم کو جوائن کریں‌ گے

    شعیب ملک دوسرے ون ڈے سے قبل قومی ٹیم کو جوائن کریں‌ گے

    لندن: پاکستان کے تجربہ کار کرکٹر شعیب ملک جمعرات 9 مئی کو قومی ٹیم کو انگلینڈ میں جوائن کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نجی مصروفیات کے سبب 10 دن کے لیے دورہ انگلینڈ سے دستبردار ہونے والے تجربہ کار بلے باز شعیب ملک 9 مئی کو قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔

    پی سی بی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا ہے کہ سینئر بلے باز شعیب ملک دوسرے ون ڈے میں قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے میچ کل کھیلا جائے گا، دوسرا ون ڈے میچ 11 مئی کو کھیلا جائے گا۔

    شعیب ملک نے ٹی ٹوینٹی میچ سے قبل کھلاڑی کو مورال بلند کرنے کے لیے ٹویٹ بھی کیا تھا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل واحد ٹی ٹوینٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی، ایون مورگن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

    خیال رہے کہ لیگ اسپنر شاداب خان ہیپاٹائٹس سی میں مبتلا ہونے کے سبب پہلے ہی سیریز سے باہر ہوچکے ہیں، امید ہے کہ ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کو شاداب خان کی خدمات دستیاب ہوں گی۔

  • واحد ٹی ٹوینٹی، انگلینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    واحد ٹی ٹوینٹی، انگلینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    کارڈف: انگلینڈ نے پاکستان کو واحد ٹی ٹوینٹی میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے دی، انگلش کپتان ایون مورگن نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔

    تفصیلات کے مطابق کارڈف میں کھیلے جانے والے واحد ٹی ٹوینٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 174 رنز کا ہدف 4 بالز قبل تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

    انگلینڈ کے ایون مورگن نے تین چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے شاندار ناقابل شکست 57 رنز بنائے، جو روٹ 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جو ڈینلی نے 20 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    پاکستان کی جانب سے عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوینٹی میچ میں گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے اور انگلش ٹیم کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دیا، بابر اعظم اور حارث سہیل نے بالترتیب 65 اور 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

    پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ 16 رنز پر گری جب فخر زمان 7 رنز بنا کر ٹام کرن کی گیند پر آؤٹ ہوئے، امام الحق بھی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    بابر اعظم 65 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ حارث سہیل 50 رنز بنا کر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوئے، کرس جارڈن کے ہاتھوں عماد وسیم کا کیچ ڈراپ ہونے کے بعد آصف علی رنز بنانے لگے تو  تین رنز کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔

    فہیم اشرف 17 رنز بنا کر کرس جارڈن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، عماد وسیم نے ناقابل شکست 18 رنز کی اننگز کھیلی۔

    انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرکر نے دو اور ٹام کرن اور کرس جارڈن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں کارڈف میں کھیلے جانے والے واحد ٹی ٹوینٹی میچ میں گرین شرٹس نے انگلش ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو فیلڈنگ کی دعوت دی ہے۔

    قومی ٹیم میں دو کھلاڑیوں محمد حسنین اور امام الحق کو ڈیبیو کرایا گیا ہے، سرفراز احمد نے کہا کہ اسکور بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجانے کی کوشش کرہے ہیں۔

    انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے کہا کہ ٹاس ہارنے پر کوئی افسوس نہیں ہے، پہلے بولنگ کرکے خوش ہیں، انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرکر کو ڈیبیو کرایا گیا ہے۔

    انگلینڈ کی پلیئنگ الیون میں جیمز ونس، ڈکٹ، جو روٹ، ایون مورگن، جو ڈینلی، فوکس، ڈیوڈ ویلی، کرن، کرس جورڈن، راشد خان اور جوفا آرکر شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم نے تیسری پوزیشن پر قبضہ کررکھا ہے۔