جوہانسبرگ: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ کل میچ میں جو زیادہ اسکور کرے گا وہ ٹیم فائدے میں رہے گی، پہلے تین بلے بازوں کا کردار اہم ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم شعیب ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آخری میچ جیت کر سیریز جیتنا چاہتے ہیں، ون ڈے میچ میں وکٹیں لینا سب سے اہم ہے، کرکٹ ورلڈ کپ میرا آخری ٹورنامنٹ ہوگا، ہر لمحہ بھرپور انجوائے کررہا ہوں۔
شعیب ملک نے کہا کہ ورلڈ کپ اہم ایونٹ ہے، تمام ممکنہ کھلاڑیوں کو ورلڈکپ سے قبل آزما رہے ہیں، دورہ جنوبی افریقا ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے اہم ہے، گزشتہ دو سال سے ٹیم کی پرفارمنس اچھی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آخری میچ جیتنے کی کوشش کریں گے جنوبی افریقا کو جلدی آؤٹ کریں اور امام الحق اور بابر اعظم کی بیٹنگ فارم سے فائدہ آُٹھائیں۔
مزید پڑھیں: چوتھا ون ڈے، پاکستان نے جنوبی افریقا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر ہے، چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان نے پروٹیز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اس سے قبل سرفراز احمد کی کپتانی میں پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے اور تیسرے میچ میں جنوبی افریقا نے کامیابی حاصل کی تھی۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان آخری سیریز نومبر 2013 میں ہوئی تھی، مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان نے سیریز دو ایک سے جیتی تھی۔