Tag: پاکستان بیت المال

  • بیت المال کو بھی نہ بخشا گیا، کروڑوں کے فنڈز سرکاری ملازمین میں بانٹ دیے گئے

    بیت المال کو بھی نہ بخشا گیا، کروڑوں کے فنڈز سرکاری ملازمین میں بانٹ دیے گئے

    اسلام آباد: پاکستان بیت المال میں بھی اربوں روپے کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آگئیں، کروڑوں کے فنڈز سرکاری ملازمین میں بانٹ دیے گئے۔

    بیت المال کی ذمہ داری غریب، مفلس، بےسہارا، بیواؤں، یتیموں اور نوجوانوں کی مدد کرنا ہے، تاہم یہاں بھی اربوں کی مالی بدعنوانی سامنے آچکی ہے، آڈیٹر جنرل کی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غریبوں کیلئے مختص کروڑوں کے فنڈز سرکاری ملازمین میں بانٹ دیے گئے۔

    آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 2 ارب روپے سے زائد کے اعتراضات سامنے آگئے ہیں، غریبوں کی انفرادی مالی امداد میں سے 2 کروڑ 81 لاکھ 176 روپے سرکاری ملازمین میں تقسیم کیے گئے۔

    دستاویز میں 1 ارب 37 کروڑ روپے کے سرکاری فنڈز کمرشل بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔

    آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیت المال لاہور نے غیراستعمال شدہ 52 کروڑ واپس قومی خزانے میں جمع نہیں کرائے، 16 کروڑ 23 لاکھ روپے کے فنڈز خلاف ضابطہ خرچ کیے گئے۔

  • آئی ایم ایف شرائط، حکومت نے پاکستان بیت المال کو مزید فنڈز فراہمی سے انکارکر دیا

    آئی ایم ایف شرائط، حکومت نے پاکستان بیت المال کو مزید فنڈز فراہمی سے انکارکر دیا

    اسلام آباد: آئی ایم ایف کی شرائط کے سبب حکومت نے پاکستان بیت المال کو مزید فنڈز فراہمی سے انکارکر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر فدا پراچہ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت سے مزید فنڈز مانگے گئے تھے لیکن حکومت نے فنڈز دینے سے انکار کر دیا ہے۔

    ایم ڈی نے کہا کہ بیت المال نے رمضان پیکج اور دیگر مختلف منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت سے مزید 3 ارب روپے فنڈز مانگے تھے، کیوں کہ بیت المال کے ذریعے شروع کیے گئے نئے اور جاری منصوبوں کے لیے مزید فنڈز درکار ہیں، لیکن جواب ملا کہ ہمیں مزید فنڈز نہیں دیے جا سکتے کیوں کہ یہ آئی ایم ایف کی شرائط سے متصادم ہے۔

    عامر پراچہ کا کہنا تھا کہ انھوں نے وزیر خزانہ سے ملاقات کر کے ان سے فنڈز فراہمی کی درخواست کی تھی، وزارت کے توسط سے وزیر اعظم کو بھی فنڈز فراہمی کی درخواست بھجوائی، لیکن انکار کیا گیا۔

    انھوں ںے کہا ’’پاکستان بیت المال کے منصوبوں کے لیے رواں مالی سال 6 ارب روپے کا بجٹ ملا، یہ بجٹ گزشتہ مالی سال کے بجٹ سے نصف ارب روپے کم ہے۔‘‘

    ایم ڈی بیت المال کا کہنا تھا کہ وہ پہلے کی طرح ہر ڈسٹرکٹ میں پانچ پانچ ہزار خاندانوں کو رمضان پیکج دینا چاہتے ہیں، وزیر اعظم کو بھی بیت المال کی جانب سے رمضان پیکج بنوا کر بھجوایا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا ’’اگر مزید فنڈز ملتے تو غریب خاندانوں کو رمضان المبارک میں ریلیف دے سکتے تھے۔‘‘

    عامر پراچہ نے مزید کہا ’’پاکستان بیت المال کے ایک اکاؤنٹ میں خطیر رقم موجود ہے، حکومت سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ ہمیں یہ رقم استعمال کرنے کی اجازت دی جائے۔‘‘

  • سو دن میں 70 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے: بیت المال

    سو دن میں 70 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے: بیت المال

    اسلام آباد: پاکستان بیت المال نے بھی 100 دن کی کارکردگی کی رپورٹ جاری کر دی، ترجمان کا کہنا ہے کہ سو دن میں 70 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف کی حکومت کے ابتدائی سو دن پورے ہونے پر پاکستان بیت المال کی طرف سے سو دن کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔

    [bs-quote quote=”ملک بھر میں 26 نئے سوئٹ ہومز کی بنیاد بھی رکھی گئی ہے، سوئٹ ہومز میں یتیم بچوں کی کفالت کی جائے گی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”ترجمان بیت المال”][/bs-quote]

    بیت المال کا کہنا ہے کہ کینسر، گردہ، دل اور تھیلیسیمیا کے مریضوں کو فنڈز جاری کیے گئے ہیں، ملک بھر سے 542 مستحق طلبا کو وظائف بھی جاری کیے گئے۔

    ترجمان بیت المال نے بتایا کہ وظائف کا اجرا یونی ورسٹی سطح تک کے طالب علموں کو کیا گیا ہے، 214 معذور افراد کے علاج کے لیے بھی 82 لاکھ کے فنڈز جاری کیے گئے۔

    بیت المال کے ترجمان کے مطابق ملک بھر میں 26 نئے سوئٹ ہومز کی بنیاد بھی رکھی گئی ہے، سوئٹ ہومز میں یتیم بچوں کی کفالت کی جائے گی۔

    ترجمان بیت المال نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بیت المال کا دفتر قائم کیا جا رہا ہے، اور ملک میں تھیلیسیمیا کے 6 نئے سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  حکومت کی 100 روزہ کارکردگی، مفصل رپورٹ


    خیال رہے آج پی ٹی آئی حکومت کے ابتدائی سو دن کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں حکومتی وزرا نے خطاب کیا اور قوم کو حکومتی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلات بتائیں۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے خطاب میں کہا کہ حکومت 40 لاکھ بچوں کو وہ غذا دے گی جس سے ان کی نشو نما ہو، زچہ بچہ کے لیے تین سال اسپیشل غذائی پروگرام شروع کیا جائے گا اور غریبوں کے لیے 5 ارب روپے سے گھر بنائیں گے۔

  • بیت المال کی جانب سے سانحہ مری کےزخمیوں میں امدادی چیک تقسیم

    بیت المال کی جانب سے سانحہ مری کےزخمیوں میں امدادی چیک تقسیم

    پاکستان بیت المال کی جانب سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں زیر علاج مری حادثے کے زخمیوں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے گئے ۔تیس ہزار روپے مالیت کے امدادی چیک ایم ڈی بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے زخمیوں کے لواحقین کے حوالے کئے جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے چار افراد نے امدادی رقوم کے چیک لینے سے معذرت کر لی۔

    ۔ابتدائی طور پر بارہ زخمیوں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے گئے ۔میڈیا سے گفتگو میں ایم ڈی بیت المال کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے بھی رابطہ کیا جائے گا اور بیت المال کی جانب سے انہیں ہر ممکن امداد فراہم کی جائیں گی ۔

    گذشتہ روز مری کے قریب سالگراں کے مقام پر دو بسوں کے گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں بارہ افراد جاں بحق جبکہ پینتیس زخمی ہو گئے تھے ۔

    حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا تھا ۔ جن میں سے بارہ مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال سے روانہ کر دیا گیا۔