Tag: پاکستان تحریک انصاف

  • اِدھر اُدھر سے قرض لے کر زرمبادلہ زخائر کو بڑھایا گیا، شبلی فراز

    اِدھر اُدھر سے قرض لے کر زرمبادلہ زخائر کو بڑھایا گیا، شبلی فراز

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نےکہا ہے کہ ادھر ادھر سے قرض لے کر زرمبادلہ زخائر کو بڑھایا گیا، قرضے لیکر ترقی اور معاشی اشارے دکھانا جعل سازی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس کے دوران قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ ادھر ادھر سے قرض لے کر زرمبادلہ  زخائر کو بڑھایا گیا، پچھلے سال بھی مارکیٹ سے 5 ارب ڈالر خریدے گئے۔

    شبلی فراز کا کہنا تھا کہ کاروباری افراد کی ایل سیز نہیں کھل رہیں، قرضے لیکر ترقی اور معاشی اشارے دکھانا جعل سازی ہے، ہمارے دور میں 7 فیصد گروتھ تھی۔

    انہوں نے کہا کہ بجٹ پیدائشی طور پر ہی متنازع ہوگیا ہے، بجٹ اعدادوشمار کی ہیرا پھیری ہے، حکومت اس مضمون میں فیل ہوگئی۔

    شبلی فراز کہتے ہیں ترقی کے بغیر ملک میں استحکام نہیں آسکتا، ترقی ہوگی تو لوگوں کو روزگار بھی ملےگا معیشت کا پھیلاؤ ہوگا اور ملک میں خوشحالی آئے گی۔

    سینیٹر شبلی فراز نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت بھی کی ہے، بلا جواز حملہ ہے، یہ ایسا ہی ہے جیسا بھارت نے پاکستان پر کیا تھا، اسرائیلی حملے سے دنیا اور علاقے میں اثرات پڑیں گے۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کو بریفنگ میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ 2 سال میں ترسیلاتِ زر میں 10 ارب ڈالر کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

    وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ 30 جون تک اسٹیٹ بینک کے مالی ذخائر 14 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے اور ترسیلاتِ زر اس سال 38 ارب ڈالر تک ہوں گی۔

  • پاکستان تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات کھل کر  سامنے آگئے

    پاکستان تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آگئے

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کے صدر نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر لاہور کے صدر کو شوکازنوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات کھل کرسامنےآگئے ، پی ٹی آئی پنجاب کے صدرنےلاہورکےصدر کوشوکازنوٹس جاری کردیا۔

    اکمل خان باری کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پرشوکاز نوٹس جاری کیاگیا، جس میں کہا ہے کہ اکمل باری پارٹی کی اجازت کے بغیرتقریبات کیلئےاین او سی حاصل کرتے ہیں۔

    شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ پارٹی پلیٹ فارم سے ریلی یا جلسے کے اعلان سے قبل قیادت کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، اکمل باری پارٹی کی صوبائی قیادت کو تین روز میں اپنی پوزیشن سے متعلق وضاحت دیں۔

    یاد رہے اکمل باری نے10 اپریل کو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئےریلی نکالنے کا اعلان کر رکھا تھا۔

    مزید پڑھیں : پارٹی رہنماؤں کے ایک دوسرے پر الزامات، چیئرمین پی ٹی آئی کا اہم اقدام

    یاد رہے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے پارٹی رہنماؤں میں چقلش اور اختلافات کی خبریں آنے پر سینئر رہنماؤں کو اہم ہدایت جاری کی تھی۔

    بیرسٹر گوہر نے مرکزی رہنماؤں علی امین گنڈاپور، اسدقیصر اور تیمورجھگڑا سے رابطے کر کے انہیں ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے روک دیا تھا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ آئندہ پارٹی عہدیدار عوامی سطح پر اختلافات کا اظہار نہیں کریں گے پارٹی اپنے تمام معاملات مناسب فورم پر ہی حل کرے گی۔

  • گرینڈ الائنس میں شرکت ، جے یو آئی نے پی ٹی آئی  کے سامنے شرائط رکھ دیں

    گرینڈ الائنس میں شرکت ، جے یو آئی نے پی ٹی آئی کے سامنے شرائط رکھ دیں

    اسلام آباد : جمعیت علمائے اسلام (ف) نے گرینڈ اپوزیشن الائنس میں شرکت کیلئے پاکستان تحریک انصاف کو اپنی شرائط سے آگاہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرینڈ الائنس میں شرکت کے لیے جمعیت علمائے اسلام (جے یوآئی) ف نے پی ٹی آئی کو شرائط سے آگاہ کردیا ہے۔

    ذرائع نے کہا جے یو آئی کی متعدد شرائط وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور سے متعلق ہیں، اسد قیصر اس معاملے پر بانی پی ٹی آئی سے براہ راست بات کرنا چاہتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ الائنس میں شرکت سے متعلق جے یو آئی نے باضابطہ فیصلہ نہیں کیا، الائنس سےمتعلق جوبھی فیصلہ ہوگا سب کو پتہ چل جائے گا۔

    مزید پڑھیں : اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کا معاملہ کھٹائی کا شکار ہونے کا خدشہ

    گذشتہ روز ترجمان جے یو آئی حافظ حمداللہ نے کہا تھا کہ علی امین گنڈا پور بار بار ہرزہ سرائی کرکے مثبت ماحول کو خراب کر رہے ہیں، پی ٹی آئی قیادت کو واضح کرنا چاہیے کہ گنڈاپور کس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں؟ حافظ حمداللہ

    حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ ایک طرف اسد قیصر اور پی ٹی آئی قیادت اپوزیشن اتحاد تشکیل دینے کیلئےرابطے میں ہیں، دوسری طرف گنڈاپور بلاوجہ مولانا سےمتعلق زبان درازی پر اتر آئے ہیں۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت ارکان کی بات چیت پرنظررکھےتاکہ مذاکرات کامثبت ماحول برقراررہے، ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینے پر مجبور ہو سکتے ہیں۔

  • 26 نومبر کو 90 فیصد معاملات طے ہوچکے تھے لیکن۔۔۔ اسلم گھمن کا انٹرویو میں تہلکہ خیز انکشاف

    26 نومبر کو 90 فیصد معاملات طے ہوچکے تھے لیکن۔۔۔ اسلم گھمن کا انٹرویو میں تہلکہ خیز انکشاف

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن نے کہا کہ پارٹی کے بانی عمران خان سے بیک ڈور رابطے کیے جارہے ہیں، امید ہے ملک کیلئے اچھا ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این اے بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن نے انکشاف کیا کہ 26 نومبر کو 90 فیصد معاملات طے ہوچکے تھے لیکن کسی کے بیان کی وجہ سے بات خراب ہوگئی۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے دوبارہ بات چیت شروع ہوئی ہے اور امید ہے کہ یہ ملک کے لیے اچھا ہوگا۔

    عام انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسلم گھمن کا کہنا تھا کہ مشکل سے الیکشن جیتا لیکن ان کی مہربانی ہے میرا رزلٹ دے دیا، لوگوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ووٹ دیئے میں انکے ساتھ دھوکا نہیں کرسکتا۔

    آئینی ترمیم کی منظوری کے دوران شوکاز نوٹس کے سوال پر اسلم گھمن نے کہا کہ دباؤ کے باوجود 26ویں ترمیم پر بانی پی ٹی آئی کیخلاف ووٹ نہیں دیا، میں نہ اسمبلی گیا نہ ہی 26ویں ترمیم کو ووٹ دیا، پارٹی نے مجھے خود کہا تھا آپ غائب رہیں اور آپ نے قابو نہیں آنا ہے۔

    اسلم گھمن نے مزید کہا کہ بیرون ملک بیٹھ کر وی لاگ بنانے والے جھوٹی خبریں پھیلا رہے تھے جس پر مجھ سے وضاحت طلب کی گئی، میں نےجواب دیا تو پارٹی مطمئن ہوگئی، بانی پی ٹی آئی کا بھی اچھا پیغام ملا۔

    اسلم گھمن نے پارٹی کے اندر اختلافات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان تنقید سے کبھی ناراض نہیں ہوئے، ایک اور سوال کے جواب میں اسلم گھمن نے کہا کہ بشریٰ بی بی اب پیچھے ہٹ گئی ہیں، پارٹی بانی نہیں چاہتے کہ وہ سیاست میں آئیں۔

  • حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات پر پارلیمانی کمیٹی بنائے جانے کا امکان

    حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات پر پارلیمانی کمیٹی بنائے جانے کا امکان

    حکومت اپوزیشن مذاکرات کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنائے جانے کا امکان ہے۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق قائم کریں گے پارلیمانی کمیٹی رواں ہفتے بنانے کا امکان ہے۔

    حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی مصروفیات کی وجہ سے یہ معاملہ آگے نہیں بڑھ سکا، کمیٹی کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے، پارلیمانی کمیٹی کو فیصلوں کا مکمل اختیار ہوگا۔

    خیال رہے کہ شیر افضل مروت نے کہا کہ پہلا مرحلہ ہے کہ مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھا جائے، سب سے اہم ہے فریقین کا خلوص دل سے مسائل سے نکلنے کیلئے ٹیبل پر بیٹھنا، مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے، ہمارے حقوق متاثر ہوئے ہیں، ہم مطالبات تو کرتے رہے ہیں، مطالبات پر تو آپ پابندی نہیں لگا سکتے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مذاکرات کیلئے بھیک نہیں مانگیں گے، حکومت پہل کرے گی۔

  • بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی بنائی مگر حکومت کو مذاکرات میں دلچسپی نہیں: عمر ایوب

    بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی بنائی مگر حکومت کو مذاکرات میں دلچسپی نہیں: عمر ایوب

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی بنائی مگر حکومت کو مذاکرات میں دلچسپی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے القادر ٹرسٹ کیس میں کل دیر تک عدالت میں سماعت جاری رہی، کیس میں کل دیر تک سماعت کیوں ہوئی؟کیس کا محفوظ فیصلہ 23 دسمبر کو آئے  گا تو پتا چلے گا۔

    پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو گنجائش سے زیادہ جیلوں میں رکھا ہوا ہے،  ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

    عمر ایوب کا کہنا تھا کہ مذکراتی کمیٹی بانی پی ٹی آئی نے تشکیل دی ہوئی ہے، لگتا ہے حکومت کو مذاکرات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، ہم کسی کے پاس نہیں جارہے،کسی نے مذاکرات کرنے ہیں تو کریں نہیں تو نہ کریں۔

    واضح رہے چند دنوں سے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی خبریں زیر گردش ہیں مگر اب تک کسی جانب سے باقاعدہ مذاکرات شروع ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

  • سول نافرمانی تب شروع ہوگی جب کوئی دوسرا راستہ نہیں ہوگا: شیر افضل مروت

    سول نافرمانی تب شروع ہوگی جب کوئی دوسرا راستہ نہیں ہوگا: شیر افضل مروت

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ سول نافرمانی تب شروع ہوگی جب کوئی دوسرا راستہ نہیں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو میں انکشاف کیا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان 25 نومبر سے مذاکرات جاری تھے پھر تعطل پیدا ہوا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، اب سب کو اس بات کا اندازہ ہے، مذاکرات کیلئے کمیٹی بنی ہے، مذاکرات اب بھی ہونے چاہئیں۔

    شیرافضل مروت نے کہا کہ سول نافرمانی تب شروع ہوگی جب کوئی دوسراراستہ نہیں ہوگا، پاکستان تحریک انصاف کو ملک کی ضرورت کا احساس ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ معاشی استحکام سے بڑھ کر پاکستان کوآزاد عدلیہ کی ضرورت ہے، مسائل سنگین صورتحال اختیار کرچکے، مذاکرات ناگزیر ہے۔

  • وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کل پنجاب پولیس نے روایتی بدمعاشی کی: فیصل چوہدری

    وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کل پنجاب پولیس نے روایتی بدمعاشی کی: فیصل چوہدری

    پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کل پنجاب پولیس نے روایتی بدمعاشی کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ کل کے ڈرامے کا آج اختتام ہوا، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کل پنجاب پولیس نے روایتی بدمعاشی کی۔

    فیصل چوہدری نے کہا کہ جیل سے نکلنے والے ہمارے رہنماؤں کو غیر قانونی گرفتار کیا گیا، عدالت کے حکم پر ہم اپنے رہنماؤں کو ٹرائل کیلئے لے گئے تھے اس دوران اڈیالہ چوکی کے افسران کسی نامعلوم جگہ سے ہدایات لیتے رہے، جج صاحب نے پولیس کی کلاس لیتے ہوئے تمام افراد کو رہا کیا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی بحران سے مستفید ہوتی ہے اس لیے ختم ہونے نہیں دیتی، بحران میں کمی مذاکرات سے ہی آسکتی ہے جسے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی، عمر ایوب کی گرفتاری دراصل مذاکراتی کمیٹی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی۔

    فیصل چوہدری نے کہا کہ عدالتی احکامات ہوا میں اڑائے جارہے ہیں، آئین وقانون کے ساتھ ہونے والےکھلواڑ کا نوٹس لیا جائے، عوام میں موجود غم وغصہ عدالتیں ہی کنٹرول کرسکتی ہیں۔

    فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان تیزی سے تصادم کی طرف جارہا ہے، پہلے ہی بہت دیر ہوچکی ہے اس لیے عدالتی وقار کی حفاظت کی جائے۔

  • پاکستان تحریک انصاف کا پروپیگنڈا بےنقاب

    پاکستان تحریک انصاف کا پروپیگنڈا بےنقاب

    پاکستان تحریک انصاف کا پروپیگنڈا بےنقاب ہوگیا، پی ٹی آئی نے جام امان نامی نوجوان کے ڈی چوک پر قتل ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا تھا کہ جام امان نامی نوجوان کا تعلق خان پور سے ہے، احتجاج میں کریک ڈاؤن کے بعد تحریک انصاف کی جانب سے سوشل میڈیا پر جام امان کے قتل کی جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں۔

    جام امان نامی نوجوان خان پورکا رہائشی ہے اور وہ زندہ ہے، نوجوان کے اہل خانہ اس کے قتل کی تردید کررہے ہیں۔

    اہل خانہ کی جانب سے جام امان کے قتل کی خبر کو جھوٹ اور پاکستان تحریک انصاف کا پروپیگنڈا قرار دیا گیا ہے۔

     

    پی ٹی آئی کا احتجاج ختم : جڑواں شہروں اور لاہور میں معمولات زندگی اور انٹرنیٹ سروس بحال

     

    دوسری جانب تحریک انصاف کا احتجاجی دھرنا ختم ہونے کے بعد سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگنے والی ہے۔

    سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سنگجانی میں جلسہ کرنے پر راضی ہوجاتے تو عزت رہ جاتی، تمام لیڈر شپ نے کہا اس خاتون نے ہمارے لیے مصیبت بنائی، علی امین گرفتار نہیں ہونگے، بشری بی بی گرفتار ہوں گی۔

  • کراچی کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس متاثر

    کراچی کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس متاثر

    کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے موبائل فون انٹرنیٹ سروس متاثر ہوگئی جس کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہے، جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

     گزشتہ روز ترجمان وزارت داخلہ نے اپنے اعلامیے میں کہا تھا کہ صرف سکیورٹی خدشات والے علاقوں میں ہی موبائل ڈیٹا اور وائی فائی سروس کی بندش کا تعین کیا جائے گا، ملک کے باقی حصوں میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس چلتی رہے گی۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد کو 33 مقامات جبکہ لاہور اور فیصل آباد سے وفاقی دارالحکومت کو آنے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 24 آج اسلام آباد میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں داخل ہونے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیےگئے ہیں۔

    فیض آباد سمیت 6 مقامات کو کنٹینرز رکھ کر بند کر دیا گیا ہے، فیض آباد، آئی جے پی روڈ، روات ٹی چوک، کیرج فیکٹری، مندرہ اور ٹیکسلا روڈ کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ کچہری چوک کو یکطرفہ ٹریفک کے طور پر چلایا جائے گا، اسلام آباد اور راولپنڈی کی تمام رابطہ سڑکوں کو مکمل سیل کیا جائے گا۔