Tag: پاکستان تحریک انصاف

  • پیپلز پارٹی کو فنڈنگ کرنے والے پاکستانی نہیں: فیاض الحسن چوہان

    پیپلز پارٹی کو فنڈنگ کرنے والے پاکستانی نہیں: فیاض الحسن چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ فنڈنگ سے متعلق کیس سپریم کورٹ میں جیت چکے ہیں، تحریک انصاف کو فنڈنگ کرنے والے تمام پاکستانی ہیں، پیپلز پارٹی کو فنڈنگ کرنے والے پاکستانی نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر برائے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوٹ مار ایسوسی ایشن کو جگ ہنسائی کے علاوہ کچھ نہیں ملا، کہا گیا تھا کہ اسمبلیوں سے استعفے دیں گے جس میں بھی وہ ناکام رہے۔

    فیاض چوہان نے کہا کہ یہ کہتے تھے بجٹ نہیں لانے دیں گے اس میں بھی ناکام ہوئے، آخری آپشن لانگ مارچ کی صورت میں لایا گیا، مارچ کے 2 سے 3 شرکا سردی کے باعث جاں بحق بھی ہوئے۔ اپوزیشن والے خود حلوہ پارٹیاں کرتے رہے، فارن فنڈنگ کیس کا نیا لالی پاپ دینا شروع کر دیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اس پر اسٹینڈ لیا تھا اور عدالتوں میں لے گئے، الزام لگا رہے ہیں تحریک انصاف کیس کو آگے نہیں بڑھنے دے رہی۔ حنیف عباسی سپریم کورٹ گئے تھے۔ سپریم کورٹ نے کیس سننے کے بعد الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا۔ الیکشن کمیشن نہ کوئی عدالت ہے نہ ٹریبونل، الیکشن کمیشن کو حق ہے وہ پارٹی کی اسکروٹنی کرے۔

    صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنے طور پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کر سکتا ہے، الیکشن کمیشن ایسے فرد کی تحقیقات نہیں کر سکتا جس کا اپنا کردار مشکوک ہو، مخالفین نے ذاتی مفاد کے لیے تحریک انصاف پر الزامات لگائے۔

    انہوں نے کہا کہ آل شریف اور آل فضل الرحمٰن نے لوٹ مار کا ماحول بنا رکھا تھا، رادھا آؤ مل کر کھائیں آدھا آدھا، یہ تھا میثاق جمہوریت۔ پاکستان کی تمام ایجنسیوں کے پاس رپورٹس موجود ہیں پہلے روایت تھی کس لیڈر کو کتنے پیسے دے کر جتوایا جاتا تھا۔ تحریک انصاف نے پیسوں کی روایت ختم کی۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن میں 2 پارٹیاں رجسٹرڈ کروا رکھی ہیں، ایک آصف زرداری اور دوسری بلاول بھٹو کے نام رسے جسٹرڈ ہے۔ زرداری نے 2012 تک کوئی فائل الیکشن کمیشن میں جمع نہیں کروائی۔

    انہوں نے کہا کہ احسن اقبال کے بھائی کے اوپر 100 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام ہے، میٹرو پروجیکٹس میں پھول پتیاں لگانے سے متعلق 100 کروڑ کا الزام ہے، دوسرے پر الزام لگانے سے پہلے سوچ لیا کریں خود کہاں کھڑے ہیں۔ پیپلز پارٹی کو فنڈنگ کرنے والے پاکستانی نہیں، تحریک انصاف کو فنڈنگ کرنے والے تمام پاکستانی ہیں۔

    فیاض الحسن نے پیپلز پارٹی کی فنڈنگز کی تفصیلات اور مسلم لیگ ن کے آڈیٹر کی رپورٹ دکھاتے ہوئے کہا کہ ان دونوں رپورٹس کی بنیاد پر فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن میں کیس کیا ہے، اب کیسز چلیں گے اور فیصلہ ہوگا۔ ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے سے اضافی پیسہ جمع کروانا ہوتا ہے پارٹی پر پابندی نہیں لگتی۔

  • بنی گالا کو گھیرنے کی باتیں کرنے والے حدود میں رہیں، راجہ اظہر

    بنی گالا کو گھیرنے کی باتیں کرنے والے حدود میں رہیں، راجہ اظہر

    کراچی: تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر خان نے کہا کہ بنی گالا کو گھیرنے کی باتیں کرنے والے حدود میں رہیں، عمران خان کے جانثار ہیں، اسلام آباد میں موجود رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی بنی گالا کو گھیرنے کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے راجہ اظہر خان نے کہا کہ عمران خان کے جانثار ہیں،اسلام آباد میں موجود رہیں گے، بنی گالا کو گھیرنے کی باتیں کرنے والے حدود میں رہیں۔

    تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر کی قیادت میں کراٹے ٹیم کینٹ اسٹیشن سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئی۔

    آزادی مارچ: فضل الرحمان کی تنقید، حکومت کو 2 دن کی مہلت

    یاد رہے دو روز قبل جے یو آئی کے آزادی مارچ میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے شرکت کی تھی اور خطاب کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

    آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کے دوران فضل الرحمان نے اپنے مطالبات سامنے رکھتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت دو روز میں استعفیٰ دے ورنہ آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے، یہ مجمع قدرت رکھتا ہے کہ وزیراعظم کو گھر سے گرفتار کرلے، ادارے 2دن میں بتادیں موجودہ حکومت کی پشت پر نہیں کھڑے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم کی گرفتاری کی بات بغاوت قرار دے کر حکومت نے مولانا فضل الرحمان کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سینئر قانون دان بابر اعوان اور اٹارنی جنرل نے اس سلسلے میں مشاورت کی ہے، قانونی ماہرین نے بھی وزیر اعظم کی گرفتاری سے متعلق بیان کو جرم قرار دے دیا ہے۔

  • اقتدار سے باہر مولانا فصل الرحمان کا دم گھٹ رہا ہے، جمال صدیقی

    اقتدار سے باہر مولانا فصل الرحمان کا دم گھٹ رہا ہے، جمال صدیقی

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جمال صدیقی کا کہنا ہے کہ اقتدار سے باہر مولانا فصل الرحمان کا دم گھٹ رہا ہے، مذاکرات سے ہی سیاسی جماعتیں اپنے تحفظات دور کرسکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی نے کہا کہ اقتدار سے باہر مولانا فصل الرحمان کا دم گھٹ رہا ہے، مولانا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی کوششوں سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا کہ مذاکرات سے ہی سیاسی جماعتیں اپنے تحفظات دور کرسکتی ہیں۔

    فضل الرحمان امن کے چراغ کیوں بجھانا چاہتے ہیں؟ فردوس عاشق اعوان

    اس سے قبل فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ امن کے لیے قوم نے بہت بھاری قیمت دی ہے، ہزاروں جانوں کی قربانی سے ملک میں امن کے دیے روشن ہوئے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات نے کہا کہ فضل الرحمان امن کے چراغ کیوں بجھانا چاہتے ہیں؟۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں مذاکرات ہی غلط فہمیوں کے خاتمے کا راستہ ہیں، مذاکرات اتفاق رائے پیدا کرنے کا واحد راستہ ہیں، بات چیت سے ہی مسائل کا حل نکلتا ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان اپنی انا، ضد اور ذات کے خول سے باہرنکلیں، ملک کو درپیش چیلنجز کے تناظرمیں اتحاد ویکجہتی وقت کی ضرورت ہے،

  • غریب لوگوں کی زندگی میں بہتری لانا حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے، عثمان بزدار

    غریب لوگوں کی زندگی میں بہتری لانا حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ غریب لوگوں کی زندگی میں بہتری لانا حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے، غریبوں کی فلاح وبہبود کے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ غربت معاشرے میں بگاڑ کا بڑا سبب ہے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہماری حکومت نےغربت میں کمی کے لیے پروگرامز شروع کیے ہیں، غریب لوگوں کی زندگی میں بہتری لانا حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے معاشرے کا ہر فرد اپنا موثر کردار ادا کرے، غریبوں کی فلاح وبہبود کے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

    غربت کے خاتمے کا عالمی دن

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج غربت کے خاتمے کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد ترقی پذیر ممالک سے غربت کا خاتمہ اور غریبوں کا معیار زندگی بلند کرنا ہے۔

    غربت کے خاتمے کا یہ دن منانے کا آغاز سنہ 1993 سے ہوا۔ اس دن دنیا بھر میں غربت، محرومی اور عدم مساوات کے خاتمے، غریب عوام کی حالت زار اور ان کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا پیغام اجاگر کیا جاتا ہے۔

  • آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے وزیر اعظم نے اہم اجلاس طلب کر لیا

    آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے وزیر اعظم نے اہم اجلاس طلب کر لیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے پارٹی ارکان کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، اجلاس کل سہ پہر 3 بجے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے کل سہ پہر پارٹی ارکان کا اہم اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس میں ارکان سے آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے تجاویز لی جائیں گی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تحریک انصاف آزادی مارچ سے متعلق حکمت عملی بنائے گی، اجلاس میں سیاسی، معاشی معاملات، اور مہنگائی سے متعلق فیصلوں کا بھی امکان ہے۔

    علاوہ ازیں، وزیر اعظم دورۂ سعودی عرب، ایران اور چین پر بھی ارکان کو اعتماد میں لیں گے، تنظیم سازی، صوبائی تنظیموں کو تحلیل کرنے کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر غور آئے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  آزادی مارچ پر مذاکرات کا آپشن کھلا ہے، ہمارے دروازے بند نہیں، وزیراعظم عمران خان

    یاد رہے کہ اس سے قبل 12 مارچ کو وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ آزادی مارچ پر بات چیت کا آپشن کھلا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام سے بات چیت کے لیے کمیٹی کی فی الحال ضرورت نہیں، اگر کوئی خود مدرسہ ریفارمز سمیت تمام اہم ایشوز پر بات کرنا چاہے تو ہمارے دروازے بند نہیں۔

    یہ بات انھوں نے حکومتی ترجمانوں کا اجلاس میں کہی تھی، جس میں جے یو آئی ف کا آزادی مارچ اور دھرنا زیر غور آیا تھا، عمران خان نے حکومتی ترجمانوں پر واضح کیا کہ کسی کو قانون توڑنے کی اجازت نہیں دیں گے خلاف ورزی کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری کو بھی اہم ٹاسک دیا تھا اور سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔

  • وزیر اعظم خطے میں امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے: فردوس عاشق

    وزیر اعظم خطے میں امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے: فردوس عاشق

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کے ذریعے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملت اسلامیہ میں اتحاد و یگانگت کے داعی بن کر ابھر رہے ہیں، وہ خطے میں امن کے فروغ کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق نے وزیر اعظم کے مختصر دورہ سعودی کے بارے میں کہا ہے کہ عمران خان سعودی قیادت سے دو طرفہ تعلقات، عالمی اور علاقائی صورت حال پر بات کریں گے۔

    انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی روابط ہیں، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے باہمی اعتماد اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے آزمایش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔

    تازہ ترین:  ایران سعودی عرب کشیدگی ختم کرانے کا مشن ، وزیراعظم سعودی عرب روانہ

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے لیے روانہ ہو چکے ہیں، جہاں وہ سعودی قیادت کو دورۂ ایران میں پیش رفت پر اعتماد میں لیں گے، عمران خان کا دورہ خطے میں امن و سلامتی کے اقدام کا حصہ ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان دورے کے دوران سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے۔

    یاد رہے اتوار کو وزیر اعظم عمران خان نے خلیج میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ایران کا دورہ کیا تھا، جہاں انھوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر حسن روحانی کے ساتھ ملاقاتیں کیں، وزیر اعظم نے انھیں بتایا کہ وہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے سہولت کاری کے لیے تیار ہیں۔

  • سب اکٹھے ہو جائیں عمران خان مقابلہ کریں گے: جہانگیر ترین

    سب اکٹھے ہو جائیں عمران خان مقابلہ کریں گے: جہانگیر ترین

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ مخالفین اکٹھے ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، سب اکھٹے ہو جائیں عمران خان سب کا مقابلہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین نے پشاور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ بڑی پارٹیوں کے لیڈر پیسا بنانے سیاست میں آتے تھے، عمران خان نے آ کر لوٹ مار بند کر دی ہے۔

    جہانگیر ترین کا کہنا تھا مجھے پتا ہے مہنگائی کا مسئلہ ہے، تھوڑا صبر کرنے کی ضرورت ہے، چھ ماہ سے ایک سال میں حالات بدلنا شروع ہو جائیں گے، پھر پاکستان پائیدار ترقی کرے گا۔

    انھوں نے کہا ملک میں اوپر کی سطح پر معیشت میں استحکام آ رہا ہے، عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی نئے پروجیکٹس پر کام شروع کر دیا جس سے ملک آگے بڑھے گا اور لوگوں میں خوش حالی آئے گی۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لوگوں کو پیسا دینے کی بجائے انھیں خود مختار بنانے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم نے یہ کام شروع کیا، لوگ اگر مرغی اور چوزے پالیں تو معیشت بہتر ہو سکتی ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا کہ حالات نہ بگاڑے جائیں، پانچ سال انتظار کریں، اگلے چار سال پی ٹی آئی کے ہیں جو ہم ضرور گزاریں گے۔

    قبل ازیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے صوبے میں وزیر اعظم کے اقدام برائے دیہی گھریلو مرغ بانی پروگرام کا باضابطہ افتتاح کیا، بتایا گیا کہ یہ پروگرام نیشنل ایگریکلچرل ایمرجنسی پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت آیندہ چار سالوں میں صوبے میں 10 لاکھ مرغیاں تقسیم کی جائیں گی۔

  • وزیراعظم عمران خان ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے پُرعزم ہیں، ڈاکٹر شاہد صدیق

    وزیراعظم عمران خان ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے پُرعزم ہیں، ڈاکٹر شاہد صدیق

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شاہد صدیق خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین ملکی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب کی میڈیا ٹیم کے ممبر ڈاکٹر شاہد صد یق خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملکی معیشت کی مضبوطی کے لیے پُرعزم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سا بق حکمرانو ں کی کرپشن نے ملک کی بنیادیں کمزور کیں، پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کو آئی سی یو سے نکالا۔

    ڈاکٹر شاہد صدیق خان نے کہا کہ ترقی اور خو شحالی ملک کا مقدر بن چکی ہے اپوزیشن ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ساری ٹیم انتہائی لگن اورمحنت سے ملک کو بحرانو ں سے نکالنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

    اپوزیشن جماعتوں کا گٹھ جوڑ صرف قوم کی لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لیے ہے، ڈاکٹر شاہد صدیق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شاہد صدیق خان کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے اپنے دور میں عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔

  • وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر اسکردو جائیں گے

    وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر اسکردو جائیں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کل ایک روزہ دورہ پر اسکردو جائیں گے جہاں وہ عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر اسکردو پہنچیں گے جہاں وہ 250 بستروں کے اسپتال کا افتتاح کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم کل دوپہر اڑھائی بجے اسکردو میونسپل کمیٹی گراؤنڈ میں عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔

    وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور انتظامات کا جائزہ لینے اسکردو پہنچ گئے ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کو سات روزہ دورہ امریکہ کی کامیابی پر ہر طرف سے مبارکباد پیش کی جا رہی ہیں، خاص طور پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے شاندار خطاب پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے، ان کی پاکستان واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا تھا اور ٹویٹر پر خوش آمدید عمران خان کا ٹرینڈ ٹاپ پر رہا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال 17 جون کو وزیراعظم عمران خان نے اسکردو ایئرپورٹ کا دورہ کیا تھا جہاں چیف آپریٹنگ آفیسر نے انہیں توسیعی منصوبے سے متعلق بریفنگ دی تھی۔

  • شاپنگ بیگزپرپابندی، ہائی کورٹ نے حکومت سے قانون کا مسودہ طلب کرلیا

    شاپنگ بیگزپرپابندی، ہائی کورٹ نے حکومت سے قانون کا مسودہ طلب کرلیا

    لاہور: عدالت عالیہ نے پنجاب میں شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی کی درخواست پر حکومت سے پابندی کے قانون کا مسودہ طلب کر لیا۔ 

    تفصیلات کے مطابق شاپنگ بیگز پر پابندی سے متعلق مقدمے کی سماعت جسٹس  مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی، درخواست ابوذر سلمان نیازی نامی درخواست گزار کی جانب سے دائر کی گئی تھی ۔

    درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے قرار دیا کہ چند لاکھ لوگوں کے روزگار کی وجہ سے کروڑوں افراد کی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالا جاسکتا، تاہم حکومت کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ پابندی سے متاثر افراد کا ازالہ کیسے کیا جائے۔

    چیف سیکرٹری پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ اس حوالے سے قانون سازی کی جارہی ہے جس میں تمام پہلوؤں کو دیکھا جا رہا ہے ۔

    درخواست گزار سلمان نیازی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ شاپنگ بیگز کی وجہ سے لوگ یرقان، کینسر ودیگر بیماریاں پھیل رہی ہیں۔  پلاسٹک کے شاپنگ بیگ انتہائی مضر صحت ہیں جبکہ پلاسٹک سے بنے کپ اور سٹراز بھی انسانی صحت کے لیے خطرناک ہیں اس لیے عدالت اس پر پابندی کا حکم دے ۔

    عدالت نے کیس کی سماعت دس اکتوبر تک سماعت م ملتوی کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سے قانون سازی کا مسودہ طلب کرلیا ہے جس کے تحت پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    پلاسٹک کی تباہ کاری کے بارے میں مزید مضامین پڑھیں

    یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں پاکستان تحریک انصاف کی رکن سعدیہ سہیل رانا نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران پلاسٹک بیگز کی فروخت کے خلاف تحریک التوا جمع کروائی تھی۔تحریک التوا کے متن میں کہا گیا تھا کہ ماحول دشمن شاپنگ بیگز پر پابندی آج تک یقینی نہ بنائی جا سکی۔ شاپنگ بیگز انسانی صحت کی خرابی کا باعث ہیںرکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ پلاسٹک کے شاپنگ بیگز سیوریج نظام کے لیے تباہ کن اور آبی حیات کے لیے جان لیوا ہیں۔

    تحریک کے بعد پنجاب اسمبلی نے اس معاملے پر پیش رفت کرتے ہوئے اقدامات کیے تھے تاہم تاحال پلاسٹک بیگز پر پابندی لگانا ممکن نہیں ہوسکا ہے۔