Tag: پاکستان تحریک انصاف

  • سفارتی محاذ پرمودی سرکارکوشکست حکومت کی بڑی کامیابی ہے، ملک کرامت علی کھوکھر

    سفارتی محاذ پرمودی سرکارکوشکست حکومت کی بڑی کامیابی ہے، ملک کرامت علی کھوکھر

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھر کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور ان کی لازوال قربانیوں کی بدولت بہت جلد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا پرچم لہرائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کی چین یا ترا ناکام ہوئی، چین نے کھل کر کشمیر پر بھارتی اقداما ت کی مخالفت کی۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے سفارتی محاذ پر بھی مودی سرکار کو شکست د ی ہے، مودی سرکار جس طرح مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہی ہے، پور ی دنیا اس کی مذمت کررہی ہے، اب انڈیا کو مقبوضہ کشمیر سے شکست کھا کرنکلنا ہوگا۔

    ملک کرامت علی کھوکھر نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور ان کی لازوال قربانیوں کی بدولت بہت جلد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا پرچم لہرائے گا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ پاکستانی حکومت، بہادر افواج اور عوام کشمیریوں کے ساتھ ہے اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا مسلسل 12واں روز

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 12ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

  • تحریک انصاف کے وفد کی اقوام متحدہ کے مبصر مشن سے ملاقات، کشمیر سے متعلق یادداشت پیش

    تحریک انصاف کے وفد کی اقوام متحدہ کے مبصر مشن سے ملاقات، کشمیر سے متعلق یادداشت پیش

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے اقوام متحدہ کے مبصر مشن سے ملاقات میں کشمیر سے متعلق یادداشت پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے میں کردار ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے اقوام متحدہ کے مبصر مشن سے ملاقات کی، وفد میں عامر کیانی، افتخار درانی اور فیصل جاوید شامل تھے۔

    وفد کی جانب سے یوم سیاہ پر مبصر مشن کو خصوصی یادداشت پیش کی گئی۔ یادداشت میں کہا گیا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت کا وادی نیلم میں کلسٹر بم کا استعمال کھلی جارحیت ہے۔ جموں کشمیر کا حتمی فیصلہ مقامی افراد کی رائے کے بغیر نہیں ہو سکتا۔

    اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو پیش کی گئی یادداشت میں کہا گیا کہ کشمیر عالمی سطح پر متنازعہ علاقہ تسلیم کیا گیا ہے، بھارت کی جانب سے غیر آئینی اقدام کشمیر کی عالمی حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا۔ جموں و کشمیر میں موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، بھارت کی جانب سے بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی جاری ہے۔

    یادداشت میں کہا گیا کہ مقبوضہ وادی میں قتل عام جاری ہے، حریت قیادت کو نظر بند کردیا گیا۔ قید کیے گئے افراد کو کسی قسم کی قانونی معاونت بھی فراہم نہیں کی جارہی، وادی میں کرفیو لگا کر میڈیا پر بھی بد ترین سنسر شپ لگا دی گئی۔ وادی سے ایک بھی اخبار کے چھپنے پر مکمل پابندی ہے۔

    یادداشت میں مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کشمیری عوام کی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں کا نوٹس لے اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے میں کردار ادا کرے۔ کشمیر کے معاملے کو سنجیدہ نہ لیا گیا تو خطے کا امن داؤ پر لگ سکتا ہے۔

  • قومی خزانہ لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ملک کرامت علی کھوکھر

    قومی خزانہ لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ملک کرامت علی کھوکھر

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عوام سے کیے گئے وعدے ضرور پورے کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھرنے کہا کہ قومی خزانہ لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک سال میں داخلی و خارجہ سطح پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اپوزیشن کی طرف سے احتجاج کی کال کو مسترد کرکے عوام نے بھرپور سیاسی شعور کا مظاہرہ کیا ہے۔

    ملک کرامت علی کھوکھر نے کہا کہ عوام کو حکومت کی ان پالیسیوں پراعتماد ہے جو عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مرتب کی گئی ہیں۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ہر آنے والا دن سابق حکمرانوں کے چہروں سے نقاب اتار رہا ہے۔

    ملک کرامت علی کھوکھر نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام سے کیے گئے وعدے ضرور پورے کریں گے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

    عمران خان ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے اپنی تمام توانائیاں وقف کیے ہوئے ہیں،ملک کرامت علی کھوکھر

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھر کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب اسلامی جمہوریہ پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک میں ہونے لگے گا

  • وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں میں مالیاتی مشیر کا عہدہ ختم کر دیا

    وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں میں مالیاتی مشیر کا عہدہ ختم کر دیا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں میں مالیاتی مشیر کا عہدہ ختم کر دیا، وزارتِ خزانہ نے اس حوالے سے با ضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے مالیاتی مشیر کا عہدہ ختم کر دیا ہے، وزارتوں اور ڈویژنوں کے مالی امور کی ذمہ داری اب چیف فنانس اور اکاؤنٹس افسر کے پاس ہوگی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مالیاتی مشیر کا عہدہ فنانشل مینجمنٹ ایکٹ 2019 کے تحت ختم کیا گیا ہے۔

    وزارتِ خزانہ کے مطابق مالیاتی مشیر کے عہدے کا خاتمہ اقتصادی اصلاحات پروگرام کا حصہ ہے، خیال رہے کہ مالیاتی مشیر کا عہدہ عمومی طور پر وزارتِ خزانہ کے افسران کے پاس ہوتا تھا۔

    مزید تازہ خبریں پڑھیں:  سابقہ حکمرانوں کی سرکاری پیسے پر شاہ خرچیوں کی تفصیلات طلب

    وزارتِ خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں وزارتوں اور ڈویژنز میں اے جی پی آر کے اختیارات محدود ہونے کا بھی امکان ہے، تمام اداروں میں چیف انٹرنل آڈیٹر کی اسامی بھی تخلیق کی جائے گی۔

    ادھر ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 6 دن رہ گئے ہیں۔ گزشتہ روز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے کہا تھا کہ 500 گز سے زاید کے گھر یا 1 ہزار سی سی سے زیادہ کی گاڑی رکھنے والے افراد لازماً ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے ذمہ دار ہیں۔

  • کوئی کرپٹ نہیں بچے گا، لوٹی گئی دولت واپس لیں گے، ملک کرامت علی کھوکھر

    کوئی کرپٹ نہیں بچے گا، لوٹی گئی دولت واپس لیں گے، ملک کرامت علی کھوکھر

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھر کا کہنا ہے کہ مریم نواز قوم کو گمراہ نہیں کرسکتیں اور نہ ہی شریف برادران کی کرپشن پر پردہ ڈال سکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھرنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے عوام کو عارضی طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر اب ملکی معیشت مستحکم ہونے کی جانب گامزن ہے جس سے عوام کو بہتر نتائج ملیں گے۔

    ملک کرامت علی کھوکھرنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے چوروں کو جیلوں میں ڈالنے کا جو اعلان کیا تھا اس پر عملدرآمد کیا جارہا ہے کوئی کرپٹ انشاءاللہ بچے گا نہیں، لوٹی گئی دولت واپس لیں گے۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ مریم نواز قوم کو گمراہ نہیں کرسکتیں اور نہ ہی شریف برادران کی کرپشن پر پردہ ڈال سکتی ہیں کیونکہ تمام کرپشن کے ثبوت حکومت کے پاس موجود ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب لیا جارہا ہے، شریف برادران نے جو بویا تھا آج انہیں وہی کاٹنا پڑ رہا ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ملک کرامت علی کھوکھر کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب اسلامی جمہوریہ پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ اور خوشحال ممالک میں ہونے لگے گا۔

  • پاکستان تحریک انصاف آج یوم تشکر منائے گی، فردوس عاشق اعوان

    پاکستان تحریک انصاف آج یوم تشکر منائے گی، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج قوم کے مال میں خیانت کرنے والوں کی شکست کا دن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف آج یوم تشکرمنائے گی۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 25 جولائی کوعوام کی امنگیں، عمران خان کی 23 سالہ جدوجہد رنگ لائی، عوام نےعمران خان کو احتساب کا جو مینڈیٹ دیا آج اس کی فتح کا دن ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ آج قوم کے مال میں خیانت کرنے والوں کی شکست کا دن ہے، ان عناصرکی شکست کا دن ہے جنہوں نے قوم کے مال میں خیانت کی۔

    وعدہ کرتا ہوں کہ قوم کو کبھی مایوس نہیں‌ کروں گا: وزیراعظم

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ دن ضرور آئے گا جب دنیا پاکستانی پاسپورٹ کی عزت کرے گی، جب تک لٹیروں کا احتساب نہیں ہوگا ملک آگے نہیں بڑھے گا۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو علامہ اقبال اور قائداعظم کا پاکستان بنانا ہے، میں وعدہ کرتا ہوں قوم کو کبھی مایوس نہیں کروں‌ گا۔

  • امریکی ایوان نمایندگان میں قرارداد، وزیر اعظم عمران خان بہادر اور ایمان دار قرار

    امریکی ایوان نمایندگان میں قرارداد، وزیر اعظم عمران خان بہادر اور ایمان دار قرار

    واشنگٹن: وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا پر امریکی ایوان نمایندگان میں قرارداد پیش کی گئی، جس میں عمران خان کو بہادر اور ایمان دار قرار دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ایوان نمایندگان کے رکن جیکسن لی نے ایوان میں قرارداد پیش کی جس میں وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا کا خیر مقدم کیا گیا۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان میں کرپشن اور غربت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔

    قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں خارجہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے، قرارداد میں افغان امن عمل میں وزیر اعظم عمران خان کے کردار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جانی و مالی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان دنیا میں تنہا ہو رہا تھا ہم نے اسے تعاون میں بدل دیا: وزیر خارجہ

    متن میں کہا گیا کہ عمران خان نے قبائلی علاقوں میں پہلی بار حکومتی عمل داری قایم کی، پاکستان میں صورت حال میں بہتری سے بیرونی سرمایہ کاری واپس آ رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی شکل میں پاکستان کو بہادر اور ایمان دار قیادت میسر آئی۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے امریکا میں پاکستان کو جس اعتماد اور دانش مندی سے پیش کیا، اس نے ملک بھر میں پی ٹی آئی قیادت کی مقبولیت میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

    آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دورہ امریکا سے متعلق کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے پہلے پاکستان کہاں تھا یہ جاننا ہوگا، 5 سال سے پاکستان کا کوئی وزیر خارجہ نہیں تھا، 6 سال سے امریکا میں لابنگ کرنے والا کوئی نہیں تھا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے قبل کا پاکستان تنہائی کا شکار ملک تھا، افغانستان میں پاکستان مخالف جذبات پروان چڑھ رہے تھے، پاکستان کی آئسولیشن کو ہم نے وائٹ ہاؤس کے دعوت نامےمیں تبدیل کر دیا، پاکستان دنیا میں تنہا ہو رہا تھا ہم نے اسے تعاون میں بدل دیا۔

  • پاکستان دنیا میں تنہا ہو رہا تھا ہم نے اسے تعاون میں بدل دیا: وزیر خارجہ

    پاکستان دنیا میں تنہا ہو رہا تھا ہم نے اسے تعاون میں بدل دیا: وزیر خارجہ

    واشنگٹن: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت سے پہلے پاکستان کہاں تھا یہ جاننا ہوگا، 5 سال سے پاکستان کا کوئی وزیر خارجہ نہیں تھا، 6 سال سے امریکا میں لابنگ کرنے والا کوئی نہیں تھا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے یادگار امریکی دورے کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت سے قبل کا پاکستان تنہائی کا شکار ملک تھا۔

    انھوں نے کہا کہ افغانستان میں پاکستان مخالف جذبات پروان چڑھ رہے تھے، پاکستان کی آئسولیشن کو ہم نے وائٹ ہاؤس کے دعوت نامےمیں تبدیل کر دیا، پاکستان دنیا میں تنہا ہو رہا تھا ہم نے اسے تعاون میں بدل دیا۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملکوں کی ضرورتیں ہی تعلقات کی بنیاد بنتی ہیں، امریکا افغانستان میں فوجی جارحیت کی بہ جائے سیاسی سمجھوتے کی راہ پر آ گیا، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کا امریکا نے اعتراف کیا بلکہ اس پر عمل درآمد بھی کر رہا ہے۔

    شاہ محمود نے کہا ہم نے امریکا سے از سرِ نو تعلقات کی بنیاد رکھ دی ہے، امریکا آج پاکستان سے تجارت اور توانائی کی بات کر رہا ہے، ہم امریکا اور یورپ کو سرمایہ کاری کے لیے دعوت دے رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم کی کیپٹل ہل آمد پر اراکین کانگریس کا شاندار استقبال، اردو میں خوش آمدید کہا

    وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان امن معاملے پر ہم اخلاص اور دیانت داری سے آگے بڑھ رہے ہیں، جتنی ایمان داری سے پاکستان کا نکتہ نظر پیش کیا گیا اس پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، ہم کچھ مانگنے نہیں گئے بلکہ برابری کی سطح پر امریکا سے بات کی۔

    شاہ محمود قریشی نے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر سے متعلق کہا کہ نینسی پلوسی سے وزیر اعظم اور میری ملاقات کو سمجھنا چاہیے، 41 سے زاید کانگریس ارکان ہمارے مؤقف کا حصہ بن گئے ہیں۔ خیال رہے کہ نینسی پلوسی نے کہا تھا کہ دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے خلاف امریکا کو پاکستان کا تعاون حاصل ہے۔

    انھوں نے یہ بھی کہا کہ میڈیا سنسر شپ کا ارادہ ہے اور نہ اس دور میں یہ ممکن ہے، عمران خان نے تو یہ تک کہا کہ آزاد میڈیا نہ ہوتا تو میرا وجود ہی نہ ہوتا، عمران خان کے وزیر اعظم بننے میں الیکٹرانک، سوشل میڈیا کا بڑا عمل دخل ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ دورۂ امریکا میں پاکستان کو توقعات سے زیادہ اہمیت دی گئی۔

  • پیپلزپارٹی اورن لیگ قبائلی علاقوں کےانتخابات میں کہیں نہیں، شیریں مزاری

    پیپلزپارٹی اورن لیگ قبائلی علاقوں کےانتخابات میں کہیں نہیں، شیریں مزاری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ مریم نواز اوربلاول بھٹو کا بیانیہ عوام کی توجہ حاصل نہ کرسکا۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اورن لیگ قبائلی علاقوں کے انتخابات میں کہیں نہیں، مریم نواز اور بلاول بھٹو کا بیانیہ عوام کی توجہ حاصل نہ کرسکا۔

    وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے کہا کہ ماضی میں یہ پارٹیاں ڈرون حملوں کی حمایت کرتی تھیں، عمران خان اورپی ٹی آئی نے ڈرون حملوں کے خلاف آواز اٹھائی۔

    ڈاکٹر شیریں مزاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ مقامی لوگوں کو ماضی کی ساری باتیں یاد ہیں۔

    فاٹا الیکشن : غیرحتمی نتائج جاری، چھ آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا

    واضح رہے کہ خیبرپختونخواہ میں ضم ہونے والے 7 قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں آزاد امیدواروں نے 6، تحریک انصاف نے 5 اور جمعیت علمائے اسلام نے 3 نشستوں پرکامیابی حاصل کی۔

  • بدعنوان عناصر کا بلاتفریق احتساب کیا جائے گا، زرتاج گل

    بدعنوان عناصر کا بلاتفریق احتساب کیا جائے گا، زرتاج گل

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا کہ بدعنوان عناصر اور لوٹ مار کرنے والوں کا بلا تفریق احتساب کیا جائے گا۔

    زر تاج گل نے کہا کہ بدعنوانی کے الزامات میں جیلوں میں قید افراد اپنہ صحت کے مسائل پر واویلا کرتے ہوئے دعوی کرتے ہیں کہ ان کا علاج صرف بیرون ملک ممکن ہے۔

    وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔

    سابق حکومتوں کے ادوار میں ریکارڈ کرپشن ہوئی، وزیراعلیٰ پنجاب

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق حکومتوں کے ادوار میں ریکارڈ کرپشن ہوئی، ماضی میں پاکستان کرپشن کی دلدل میں دھنسا ہوا تھا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لوٹ مارکا دور نئے پاکستان میں نہیں چل سکتا، نیا پاکستان شفافیت کی طرف گامزن ہے، کرپشن پر پہلی بار بڑے بڑے لوگ کٹہرے میں کھڑے ہو رہے ہیں۔