Tag: پاکستان تحریک انصاف

  • سینیٹ میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس کل شام طلب

    سینیٹ میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس کل شام طلب

    اسلام آباد: سینیٹ میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس کل شام طلب کیا گیا ہے، اجلاس کی صدارت سیینٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے سلسلے میں کل شام سینیٹ میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

    اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی شرکت کا بھی امکان ہے، ذرایع نے کہا ہے کہ اجلاس میں اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد پر حکمت عملی طے کی جائے گی۔

    ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ریکوزیشن اجلاس میں مشترکہ حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی، تحریکِ عدم اعتماد نا کام بنانے کے لیے مشاورت ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  چیئرمین سینیٹ کے خلاف عدم اعتماد، اپوزیشن کو نمبر گیم میں کمی کا خدشہ

    خیال رہے کہ حکومتی اراکین یہ کہہ رہے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کے سلسلے میں اپوزیشن کو نمبر گیم میں کمی کا سامنا ہوگا، اس سلسلے میں ن لیگی سینیٹرز کی بلائی گئی ایک بیٹھک کا حوالہ دیا جاتا ہے جس میں 30 میں سے صرف 19 ارکان نے شرکت کی تھی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے سلسلے میں اپوزیشن کے 10 سے 15 سینیٹرز پارٹی پالیسی سے منحرف ہو سکتے ہیں۔

    حکومتی اراکین نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے سلسلے میں حکمت عملی کے پیش نظر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔

  • تمام مدارس کو رجسٹرڈ کیا جائے گا، رجسٹرڈ ہوئے بغیر کام نہیں کر سکیں گے: شفقت محمود

    تمام مدارس کو رجسٹرڈ کیا جائے گا، رجسٹرڈ ہوئے بغیر کام نہیں کر سکیں گے: شفقت محمود

    اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تمام مدارس کو رجسٹرڈ کیا جائے گا، جو مدارس رجسٹرڈ نہیں ہوں گے وہ کام نہیں کر سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج ایک پریس کانفرنس میں وزیر تعلیم نے مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی، کہا ملک بھر میں تمام مدارس کو رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مدارس کی رجسٹریشن چند شرایط کے مطابق ہوگی، رجسٹریشن کے لیے ریجنل آفسز مدارس انتظامیہ کی مدد کریں گے۔

    وزیر تعلیم نے واضح طور پر عندیہ دیا کہ جو مدارس رجسٹرڈ نہیں ہوں گے وہ کام ہی نہیں کر سکیں گے، رجسٹرڈ ہونے والے مدارس کی مالی مدد کی جائے گی۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ مدارس اب وفاقی وزارتِ تعلیم سے منسلک ہوں گے، ہم مدرسوں کی بڑی قدر کرتے ہیں، مدارس کے نصابِ تعلیم کو از سرنو ترتیب دینے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ملک بھر کے مدارس کی جیو ٹیگنگ اور رجسٹریشن پر رپورٹ مرتب

    انھوں نے مزید کہا کہ مدارس کو ٹریننگ بھی دی جائے گی، یہ 6 مئی کو طے ہوا تھا، جو مضامین میٹرک کے لیے لازمی ہیں وہ مدارس میں بھی لازمی ہوں گے، لازمی مضامین کا امتحان فیڈرل بورڈ لے گا۔

    وزیر تعلیم شفقت محمود کا یہ بھی کہنا تھا کہ دینی مدارس کو بینک کی سہولت بھی دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ اپریل میں کہا گیا تھا کہ ملک بھر کے دینی مدارس کو وزارت تعلیم کے ماتحت لانے کے لیے جیوٹیگنگ اور رجسٹریشن جاری ہے، نیکٹا نے پہلی رپورٹ بھی تیار کر لی ہے، پنجاب میں 90 فیصد رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے۔

  • وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے

    وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے، جہاں وہ اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے، وزیر اعظم لاہور میں اہم اجلاسوں میں خصوصی شرکت کریں گے۔

    وزیر اعظم اس دوران لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمایندگان سے ملاقات کریں گے اور صنعتی شعبے کے فروغ کے مختلف اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔

    بتایا گیا ہے کہ عمران خان صحت، زراعت اور صنعتی زون کے قیام سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کریں گے، اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق جائزہ لیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایک سال میں جتنا ٹیکس اکٹھا کیا اس کا آدھا سود میں چلا گیا: وزیر اعظم

    دورے کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے انھیں حکومتی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی جائے گی جب کہ وزیر اعظم وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے مئی میں لاہور کا دورہ کیا تھا۔ ایک روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم نے ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لیا تھا جب کہ صوبائی کابینہ کے ارکان کے مشاورتی اجلاس کی بھی صدارت کی تھی۔

    آج گوجرانوالہ میں وزیر اعظم عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ پچھلے ایک سال میں جتنا ٹیکس اکٹھا کیا گیا ہے اس کا آدھا قرضوں کے سود میں چلا گیا، ملک اس طرح نہیں چل سکتا، لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے خصوصی ایپلی کیشن تیار کریں گے۔

  • عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں، ڈاکٹرامجد علی

    عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں، ڈاکٹرامجد علی

    پشاور: وزیر معدنیات خیبرپختونخواہ ڈاکٹرامجد علی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی فلاحی منصوبوں پر خطیر فنڈز خرچ کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر معدنیات خیبرپختونخواہ ڈاکٹرامجد علی نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلا رہے ہیں، جس سے حقیقی تبدیلی کے اثرات نظر آنا شروع ہو گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں سب کو حصہ دے رہے ہیں تاکہ احساس محرومی اور غربت کا صحیح معنوں میں خاتمہ ہوسکے۔

    وزیر معدنیات خیبرپختونخواہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران کے وژن کے مطابق پاکستان کو فلاحی اسلامی ریاست بنانے کے لیے ہم سب نے مل کر آگے آنا ہوگا۔

    ڈاکٹرامجد علی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی فلاحی منصوبوں پر خطیرفنڈز خرچ کر رہی ہے، جس کا واحد مقصد بغیر کسی لالچ اور پارٹی تعلق کے عوام کو فائدہ پہنچانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کے وژن کے مطابق سوات سے غربت مٹانے کے لیے سیاحت سمیت دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جس کے اثرات تمام صوبے پر مرتب ہوں گے۔

    وزیرمعدنیات نے کہا کہ عوامی نمائندوں نے اپنے آپ کو متحرک کیا ہوا ہے، تاکہ لوگوں کے مسائل جلد سے جلد حل ہوسکیں۔

  • حکومت معیشت کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کررہی ہے، حماد اظہر

    حکومت معیشت کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کررہی ہے، حماد اظہر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث اقتصادی شعبے کو بڑا خسارہ برداشت کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال میں قومی معیشت میں بہتری کا رجحان نظر آنا شروع ہوجائے گا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے معیشت کو مصنوعی طریقے سے برقرار رکھا ہوا تھا، گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث اقتصادی شعبے کو بڑا خسارہ برداشت کرنا پڑا۔

    حماد اظہر نے کہا کہ حکومت معیشت کی بحالی کے لیے ٹھوس اقدامات کررہی ہے اور ملک کے اقتصادی مسائل کے حل کے لیے ہرممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

    تاجربرادری کی بڑی تعداد نے ہڑتال رد کرکے حب الوطنی کا ثبوت دیا‘ حماد اظہر

    یاد رہے کہ دو روز قبل حماد اظہر کا کہنا تھا کہ کاروبار کی ڈاکو منٹیشن کے لیے حکومت تاجر تنظیموں سے رابطے میں ہے، بات چیت سے تمام خدشات دور کریں گے۔

    وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ سسلین مافیا جسے منی لانڈرنگ ، جعلی کاغذات، رشوت اور ججز کو دباﺅمیں لانا ورثے میں ملا ہے۔ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پاکستان میں ٹیکس چوری اور بلیک اکانومی کی حمایت جاری رکھیں گے۔

  • غیر ملکی سرمایہ کاری میں 59 فی صد کمی ہوئی: اسٹیٹ بینک

    غیر ملکی سرمایہ کاری میں 59 فی صد کمی ہوئی: اسٹیٹ بینک

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 59 فی صد کی کمی ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہونے لگی ہے، مالی سال کے دوران 59 فی صد کی کمی نوٹ کی گئی۔

    اسٹیٹ بینک نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی 50 فی صد کمی ہوئی ہے جب کہ مالی سال کے دوران 1 ارب 73 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 19-2018 میں 3 ارب 47 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

    اسٹیٹ بینک کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ سے بھی غیر ملکی سرمائے کے انخلا کا سلسلہ جاری رہا، اسٹاک مارکیٹ میں 17 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی۔

    خیال رہے کہ کل اسٹیٹ بینک رواں مالی سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرنے جا رہا ہے، شرح سود میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ہے، اس وقت شرح سود 12.25 فی صد ہے۔

    شرح سود میں اضافے کی وجہ افراطِ زر کی شرح میں اضافہ، روپے کی قدر میں کمی اور دیگر مالیاتی مسائل بتائے جا رہے ہیں، اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ شرح سود میں اضافہ مہنگائی میں کمی کا باعث بنے گا۔

    یاد رہے مئی میں اسٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے اگلے 2 ماہ کے لیے شرح سود میں 150 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا تھا، جس کے بعد بنیادی شرح سود 12.25 فی صد ہو گئی تھی۔

    چند دن قبل گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا تھا کہ حکومت کی معاشی سرگرمیوں کے نتایج ایک سال بعد دیکھنے کو ملیں گے۔

  • داسو ڈیم سے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کی مالیت میں 5 ارب اضافہ

    داسو ڈیم سے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کی مالیت میں 5 ارب اضافہ

    اسلام آباد: ایکنک نے داسو ڈیم کی پیداواری لاگت میں اضافے کی منظوری دے دی، داسو سے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کی مالیت میں 5 ارب اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس منعقد ہوا جس میں داسو ڈیم کی پیداواری لاگت میں اضافے کی منظوری دی گئی۔

    منصوبے کی مالیت میں اضافے کے بعد اس کی مالیت 90 ارب 83 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔

    اجلاس میں داسو ڈیم کے لیے زمین کی خریداری کے لیے بھی مالیت میں اضافے کی مشروط منظوری دی گئی، زمین اور تعمیرات میں لاگت پر اضافہ وزارت قانون کے مشورے سے مشروط کیا گیا ہے۔

    اجلاس نے بالا کوٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی تعمیر کے لیے 85 ارب 91 کروڑ کی منظوری دی، قصور اور جھنگ کے کمبائنڈ پاور پروجیکٹ کی بھی منظوری دے دی گئی، خیبر پختون خوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے 17 ارب کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں وفاقی حکومت نے 4,300 میگاواٹ پر مبنی داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لیے تاخیر کا شکار زمین کے حصول کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے اضافی 18 ارب روپے تک لاگت برداشت کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

    یاد رہے کہ دو سال قبل داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے 180 ارب کے دو ٹھیکے چینی کمپنی کو دیے تھے، ٹھیکوں میں ڈیم کے ڈھانچے سے متعلق سامان کی تیاری اور ہائیڈرالک اسٹیل اسٹرکچر کی تعمیر کے علاوہ زیر زمین پاور کمپلیکس تیار کرنے، سرنگیں بنانے اور ہائیڈرالک اسٹرکچر (ایم ڈبلیو 02) کے منصوبے شامل تھے۔

    چینی کمپنی سے کیے جانے والے معاہدے کے تحت منصوبے کا پہلا مرحلہ 2021 میں مکمل ہونا تھا، جس کے تحت 2160 میگا واٹ بجلی پیدا ہونی تھی۔

  • وزیر اعظم کا دورۂ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے وقت کی ضرورت ہے: وزیر خارجہ

    وزیر اعظم کا دورۂ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے وقت کی ضرورت ہے: وزیر خارجہ

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورۂ امریکا افغانستان میں امن کے قیام کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم کا دورۂ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے وقت کی اہم ضرورت قرار دے دیا۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا سے دونوں ملکوں میں تعلقات بہتر ہوں گے، پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا حامی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا، روس اور چین نے افغان امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا، افغانستان میں امن کے لیے طاقت نہیں مذاکرات کرنا ہوں گے، افغانستان میں امن ہوگا تو خطے میں امن ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کردی

    ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کا حالیہ دورۂ برطانیہ نہایت کام یاب رہا تھا۔

    وزیر خارجہ نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے 4 سال تک وزیر خارجہ کا تقرر نہ کر کے ملک دشمنی کی، ملک میں معاشی بحران کی ذمہ دار بھی سابقہ حکومت ہے، سابق حکمرانوں نے معیشت کا جنازہ نکال دیا۔

    شاہ محمود نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی عیاشیوں کی وجہ سے ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے، ماضی میں لٹیروں کو این آر آو دیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کا بجٹ مختص ہوا ہے، اور یہ پی ٹی آئی حکومت میں مختص ہوا۔

  • کراچی میں 12 سال کے دوران پانی کی ایک بوند کا اضافہ نہیں ہوا، فردوس شمیم

    کراچی میں 12 سال کے دوران پانی کی ایک بوند کا اضافہ نہیں ہوا، فردوس شمیم

    کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ کوڑا اٹھانے کی بات ہویا پانی کا مسئلہ ہم تہہ تک جاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ شہر میں سب سے اہم مسئلہ پانی کا ہے، اہم منصوبو ں میں تاخیر نہیں کی جاسکتی۔

    انہوں نے کہا کہ کوڑا اٹھانے کی بات ہویا پانی کا مسئلہ ہم تہہ تک جاتے ہیں، کراچی میں 12 سال کے دوران پانی کی ایک بوند کا اضافہ نہیں ہوا۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ کے 4 کا منصوبہ 20 فیصد سے زیادہ نہیں مکمل نہیں ہوا، کے 4 منصوبے پر پچھلے سال کئی سوال اٹھائے گئے تھے۔

    فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ حلف لینے کے بعد سب سے پہلے ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملاقات کی، اب کے 4 منصوبے کے ڈیزائن کی تبدیلی کی بات ہورہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شہرکوآبادی کی تناسب سے ہزار ملین گیلن پانی ملنا چاہیئے، کراچی کو 450ملین گیلن پانی مل رہا ہے، کے فورمنصوبے کی لاگت 25 سے 100 بلین تک پہنچ گئی ہے، حکومت ڈیم کے لیے زمین لے سکتی ہے تو کے فورکے لیے بھی لی جاسکتی ہے۔

    فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ تاجروں کے مطالبات میں سے ایک تسلیم نہیں کیا گیا، 50 ہزارسے اوپر مال دیں گے تو این آئی سی کا نمبر دینا ہوگا۔

    اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم چاہتے ہر چیز ڈاکومنٹ ہو اور جو ٹیکس بنتا ہو وہ دیں، چاہتے ہیں جوٹیکس نیٹ سے باہر ہیں انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔

    فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ مشکل حالات میں مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں، ہڑتال کرنے والے وہ ہیں جو ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے سے انکاری ہیں۔

  • افتخار چوہدری کو جیل بھیجنا چاہیے: فواد چوہدری کا ٹویٹ

    افتخار چوہدری کو جیل بھیجنا چاہیے: فواد چوہدری کا ٹویٹ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری کو دیگر ساتھیوں سمیت جیل بھیجنا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ریکوڈک کیس کے فیصلے پر ٹویٹر کے ذریعے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ افتخار چوہدری کے فیصلوں کی قیمت پاکستان مسلسل ادا کر رہا ہے۔

    فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ اس شخص کے فیصلوں کا میرٹ جانچنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کمیشن بننا چاہیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ریکوڈک کیس: پاکستان کو 5.8 ارب ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ افتخار چوہدری، حامد خان اور اس کے دیگر ساتھیوں کو ملک کو نا قابل تلافی نقصان پہنچانے کے جرم میں جیل بھیجا جانا چاہیے۔

    خیال رہے کہ آج انٹرنیشنل کورٹ آف سیٹلمنٹ آف انویسٹمنٹ ڈسپیوٹ نے ریکوڈک کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان کو 5.8 ارب ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    ورلڈ بینک کی ثالثی عدالت نے سات سال پرانے ریکوڈک کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ پاکستان ٹیتھیان کاپر کمپنی کو 4.08 ارب ڈالر ہرجانہ اور 1.87 ارب ڈالر سود ادا کرے۔

    خیال رہے کہ مذکورہ کمپنی کو سونے، تانبے کے ذخائر کی تلاش کا لائسنس جاری کیا گیا تھا، تاہم سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے 2011 میں ریکوڈک معاہدہ منسوخ کر دیا تھا۔