Tag: پاکستان تحریک انصاف

  • گوجرانوالہ: سینٹرل جیل انتظامیہ نے پی ٹی آئی کارکنان کو جیل میں رکھنے سے معذرت کرلی

    گوجرانوالہ: سینٹرل جیل انتظامیہ نے پی ٹی آئی کارکنان کو جیل میں رکھنے سے معذرت کرلی

    لاہور / گوجرانوالہ: صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کی سینٹرل جیل انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کو جیل میں رکھنے سے معذرت کرلی، جیل انتظامیہ کے مطابق جیل میں پہلے ہی گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹرل جیل گوجرانوالہ کی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کو جیل میں رکھنے سے معذرت کرلی، جیل انتظامیہ نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو بھی آگاہ بھی کر دیا۔

    جیل حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں مزید قیدی رکھنے کی گنجائش موجود نہیں ہے، سینٹرل جیل میں 1500 قیدیوں کی گنجائش ہے، جیل میں پہلے سے 33 سو سے زائد قیدی موجود ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں گرفتار کارکنان کو دوسری جیلوں میں منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

  • صوبہ لاشیں اٹھا رہا ہے، شہباز شریف حساب مانگ رہے ہیں: شوکت یوسف زئی

    صوبہ لاشیں اٹھا رہا ہے، شہباز شریف حساب مانگ رہے ہیں: شوکت یوسف زئی

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں، صوبہ لاشیں اٹھا رہا ہے، شہباز شریف 417 ارب کا حساب مانگ رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسف زئی نے پارٹی کے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے سے متعلق کہا ہے کہ اجلاس میں شرکت سے معذرت دو وجوہات پر کی۔

    شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ پہلی وجہ صوبے بھر میں آج فورسز کے حق میں ہونے والی ریلیوں کی تیاری ہے، تحریک انصاف آج پختونخواہ میں فورسز کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالے گی۔

    انہوں نے کہا کہ دوسری وجہ شہباز شریف کی جانب سے لاشوں پر سیاست ہے، صوبہ لاشیں اٹھا رہا ہے، شہباز شریف 417 ارب کا حساب مانگ رہے ہیں۔

    شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ 417 ارب صوبے کا حق تھا، بتایا جائے 1100 ارب کب دیے جائیں گے، تحریک انصاف حکومت میں آکر ہر چیز کا حساب لے گی۔

  • پی ٹی آئی نے 4 سال میں مجموعی طور پر 19 ٹریلین کا قرضہ لیا تھا، شوکت ترین

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 4 سال میں مجموعی طور پر 19 ٹریلین کا قرضہ لیا تھا پی ڈی ایم حکومت صرف 6 ماہ میں 6.5 ٹریلین کا قرضہ لےچکی ہے۔

    لاہور میں معاشی صوتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے بتایا کہ مارچ میں مہنگائی کی شرح 12.2 چھوڑ کر گئے تھے، آج ملک میں مہنگائی کی شرح 27فیصدتک پہنچ گئی ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 79 فیصد سرمایہ کار سمجھتا ہے پاکستان غلط سمت میں جارہا ہے، ملک میں پیسے آنہیں رہے جار ہے ہیں، 4 سے 5 ارب ڈالر کی ایل سیزر کی ہوئی ہیں۔

    شوکت ترین نے کہا کہ مہنگائی کو جواز بنا کر ہماری حکومت کو ہٹایا گیا، ہماری حکومت ملک کی معاشی ریٹنگ کومنفی سے مثبت میں لائی تھی، 17سال میں سب سے زیادہ گروتھ پی ٹی آئی دور میں ہوئی، ہم  نے کارکے اورریکوڈک کے مسئلے حل کئے۔

    انکا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی تھی، 2018میں جب معیشت سنبھالی توکرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تھا، پی ٹی آئی نے آخری 2 سال میں ریکارڈ ترقی کی تھی۔

    شوکت ترین نے بتایا کہ آئی ایم ایف نےکہا ہےڈالر کومصنوعی طریقے سے کنٹرول نہ کیا جائے، اس وقت  آئی ایم ایف کےپاس جانا ضروری ہے، آئی ایم ایف کے پروگرامز کو کرنا پڑےگا، آئی ایم ایف 2چیزیں کہہ رہا ہے ریونیو کم ہوگیا اوراخرابات ڈبل۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہماری چیزیں درست سمت میں نہیں جارہی ہیں، آج کاروبار  بند ہو رہے ہیں، پاکستان میں اسوقت پیسے نہیں آرہے بلکہ جارہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں یہ اگلے چند ہفتوں میں بھاگ جائیں گے۔

  • کراچی میں بلدیاتی انتخابات : پاکستان تحریک انصاف نے بڑا فیصلہ کرلیا

    کراچی میں بلدیاتی انتخابات : پاکستان تحریک انصاف نے بڑا فیصلہ کرلیا

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور سیاسی قوت سے میدان میں اترنے کا فیصلہ کرلیا، انتخابی مہم میں پی ٹی آئی شہر میں بڑا جلسہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی نے انتخابی مہم کی حکمت علمی بنالی ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف نے بھرپور سیاسی قوت سے میدان میں اترنے کا فیصلہ کرلیا ، اس سلسلے میں پی ٹی آئی امیدواروں کا کنونش ہوگا، جس میں عمران خان ویڈیو لنک سے خطاب کریں گے۔

    شہر میں 7،6 اور 8جنوری کو میگا عوامی رابطہ کیمپ لگائے جائیں گے ،پی ٹی آئی 25 مختلف علاقوں میں کیمپس لگائے گی جبکہ انتخابات سے قبل پی ٹی آئی وومن کنونشن کا انعقاد بھی ہوگا۔

    بلدیاتی الیکشن کیلئے انتخابی مہم میں پی ٹی آئی شہر میں بڑا جلسہ بھی کرے گی۔

    خیال رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نےکراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا ، جس کے مطابق کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 15جنوری کو ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کر کے واضح کیا تھا کہ 15 جنوری کو کراچی اور حیدرآباد میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے لیے دوبارہ کاغذات نامزدگی جمع نہیں ہوں گے بلکہ پہلے سے جمع شدہ کاغذات نامزدگی پر ہی انتخابات میں حصہ لیا جائے گا۔

  • پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کو کل اسلام آباد طلب کر لیا گیا

    پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کے تمام ارکانِ قومی اسمبلی کو 28 دسمبر کو اسلام آباد طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کل خیبرپختونخوا ہاؤس میں اکٹھے ہونگے، عمران خان خیبر پختون خوا ہاؤس میں ارکانِ قومی اسمبلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔

    پارٹی ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کل اپنے ہاتھوں سے استعفے تحریر کرینگے، عمران خان ویڈیو لنک پراجلاس سے آئندہ کی حکمت عملی سےمتعلق آگاہ کریں گے۔

    اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی کے تاخیری حربوں کی بھی مذمت کی جائے گی، اس کے علاوہ استعفوں کے معاملے پر سپریم کورٹ جانے یانہ جانے کے آپشن پربھی غور ہوگا۔

  • آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ،  پاکستان تحریک انصاف نے برتری حاصل کرلی

    آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ، پاکستان تحریک انصاف نے برتری حاصل کرلی

    میرپور : آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی پاکستان تحریک انصاف نے برتری حاصل کرلی، پی ٹی آئی ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشنز، یوسیزاور میونسپل کمیٹیوں کی نشستوں پر سب سے آگے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ میں میرپور ڈویژن میں بھی پاکستان تحریک انصاف نے برتری حاصل کرلی۔

    پی ٹی آئی نے ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشنز اور یوسیز کی نشستوں پر سب سے آگے ہیں، میرپور آزاد کشمیرکی ایک ہزار تراسی میں سے ایک سو تہتر نشستوں کا مکمل سرکاری نتیجہ آگیا۔

    میرپور ڈویژن کی کل 1083 میں سے 359 نشستوں تحریک انصاف نے جیت لیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے ضلع کونسل کی 53 نشستوں پر میدان مارلیا۔

    میرپور،کوٹلی اوربھمبر کی ضلع کونسل کی 116نشستوں میں سے 111 کے نتائج موصول ہوئے، ضلع کونسل میں ن لیگ کو 23، پیپلز پارٹی کو 19 نشستیں ملیں جبکہ 16 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔

    میرپور اور کوٹلی کی میونسپل کارپوریشنز میں بھی پی ٹی آئی سب سے آگے رہی ، میرپور میونسپل کارپوریشن کی 46 میں سے 23 نشستیں پی ٹی آئی کے نام رہیں۔

    میرپورمیونسپل کارپوریشن میں ن لیگ کو 11، پی پی کو ایک نشست ملی اور 10 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔

    کوٹلی میونسپل کارپوریشن کی 14میں سے 4نشستوں پر پی ٹی آئی کامیاب ہوئی جبکہ ن لیگ کو 3، پی پی کو ایک نشست ملی اور 6 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔

    یونین کونسل کی849 نشستوں میں سے 821 کے سرکاری نتائج آگئے ہیں ، جس میں پاکستان تحریک انصاف 266 یونین کونسل کی نشستوں پر کامیاب ہوئی۔

    آزادامیدوار255، ن لیگ 174 اور پی پی 111 یونین کونسل نشستوں پرکامیاب رہی، اس کے علاوہ اے جے کے مسلم کانفرنس6 ، تحریک لبیک 8، جے آئی 1 یونین کونسل نشست پر کامیاب ہوئی۔

  • صوبائی کابینہ کا اجلاس: تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ

    صوبائی کابینہ کا اجلاس: تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ

    اسلام آباد: صوبائی وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا، لانگ مارچ میں آتشبازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئندہ سدباب کی ہدایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا لا اینڈ آرڈر کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکریٹری عبد اللہ سنبل، قائم مقام آئی جی اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا گیا جبکہ کمشنرز اور آر پی اوز نے بریفنگ دی۔

    کابینہ کمیٹی نے لانگ مارچ میں آتشبازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئندہ سدباب کی ہدایت کی۔

    اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لانگ مارچ کا آج ایک پروگرام کھاریاں اور دوسرا فیصل آباد میں ہوگا۔ فیصل آباد میں ساڑھے 3 ہزار پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

    راجہ بشارت نے سیکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کی۔ لانگ مارچ میں ریڑھیوں سمیت غیر متعلقہ افراد کی نقل و حرکت روکنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

    راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں لانگ مارچ کی تاریخ اور پلان کا تعین قبل از وقت کیا جائے گا، تحریک انصاف قیادت سے رابطہ کر کے پلان کا حتمی فیصلہ کریں گے۔

  • حقیقی آزادی مارچ آج کھاریاں پہنچے گا، عمران خان 7 بجے خطاب کریں گے

    حقیقی آزادی مارچ آج کھاریاں پہنچے گا، عمران خان 7 بجے خطاب کریں گے

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ آج کھاریاں پہنچے گا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان شام 7 بجے بذریعہ ویڈیو لنک لانگ مارچ سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں آج کھاریاں پہنچے گا، کھاریاں میں آزادی مارچ کا کنٹینر پہنچا دیا گیا۔

    ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ آج شام 6 بجے تک قافلے لالہ موسیٰ سے کھاریاں پہنچ جائیں گے، شاہ محمود قریشی ساڑھے 7 بجے عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔

    مسرت چیمہ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خطاب 7 سے 8 بجے کے درمیان ہوگا، عوام کی جانب سے حقیقی آزادی مارچ میں بھرپور شرکت جاری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انشا اللہ ہمارا لانگ مارچ اپنے تمام مقاصد حاصل کرے گا، جمہوری اقدار سے ناواقف پی ڈی ایم کے سیاسی بونے انتخابات سے بھاگ رہے ہیں، تحریک انصاف نے کھاریاں کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی اجتماع اکٹھا کیا۔

  • پی ٹی آئی کا راولپنڈی کے 12 مقامات پر دوسرے روز بھی احتجاج جاری

    پی ٹی آئی کا راولپنڈی کے 12 مقامات پر دوسرے روز بھی احتجاج جاری

    راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف پارٹی کی جانب سے دوسرے روز بھی جڑواں شہر راولپنڈی میں بھرپور احتجاج اور دھرنا جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف احتجاج کے لیے پی ٹی آئی کارکنوں نے جڑواں شہروں کے مرکزی ملحقہ شاہراہوں کو 12 مقامات پر احتجاج اور دھرنا جاری ہے۔

    پی ٹی آئی کی جانب جی ٹی روڈ، ٹیکسلا واہ مارگلہ چوک، ترنول روات ٹی چوک اور موٹر وے چوک کے علاوہ مری روڈ، آئی جے پی فیض انٹرچینج، کرال چوک کھنہ پل، پرانا ایئرپورٹ روڈ پر دھرنے دے کر احتجاج کیا جارہا ہے۔

    آج 12 مقامات پر ہونے والے احتجاج اور مظاہروں کی کی قیادت پی ٹی آئی رہنما غلام سرور خان، واثق قیوم عباسی، عامر کیانی، راجا بشارت، اور فیاض چوہان و دیگر کررہے ہیں۔

    اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ بلا اجازت احتجاج پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور جن کارکنان کی شناخت کی جاچکی ہے انکی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔

    دوسری جانب مظاہرین نےٹینٹ بھی لگا دئیے اور سڑکوں کو بند کیا ہوا ہے ، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر روالپنڈی میں 2 دن کے لیے تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے۔

    ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی میں 2 دن کے لیے تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

    نوٹیفکیشن میں تعلیمی اداروں کی بندش کی وجہ ملکی صورتحال کو قرار دیا گیا ہے۔ ڈی سی کا کہنا ہے کہ فیصلہ ملک میں موجودہ صورتحال کے پیش نظرکیا گیا۔

  • تعزیرات پاکستان میں بغاوت کی دفعہ 124 اے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج

    تعزیرات پاکستان میں بغاوت کی دفعہ 124 اے اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے تعزیرات پاکستان میں بغاوت کی دفعہ 124 اے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں تعزیرات پاکستان میں بغاوت کی دفعہ 124 اے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔

    شیریں مزاری نے ابوذر سلمان نیازی کے ذریعے بغاوت کی دفعہ کو چیلنج کیا ، درخواست میں شیریں مزاری کی بغاوت کی دفعہ 124اےغیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بغاوت کی دفعہ اظہار رائےکی آزادی سلب کرنے کیلئےاستعمال کی جارہی ہے۔

    دائر درخواست میں کہا ہے کہ بغاوت کی دفعہ 124اےآئین کےبنیادی حقوق سے متصادم ہے ، تنقید اور اظہار رائے کودبانے کیلئےبغاوت کے مقدمات کا سہارا لیا جاتا ہے۔

    شیریں مزاری نے درخواست میں بغاوت کے مقدمات کا اندراج روکنے اور بغاوت مقدمات پرحکم امتناع جاری کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

    درخواست میں اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کےآئی جی،چیف سیکریٹری فریق بنایا گیا ہے۔