Tag: پاکستان روس

  • اگلی سردیوں کے لیے روس سے گیس کا معاہدہ کریں گے: مصدق ملک

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے توانائی مصدق ملک نے کہا ہے کہ مارچ کے مہینے میں روس کے ساتھ تیل کا معاہدہ طے پائے گا، اگلی سردیوں کے لیے بھی روس سے ایل این جی کا معاہدہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے روسی تیل کے حوالے سے کہا کہ مارچ میں تمام کمرشل ڈیلز پر دستخط ہو جائیں گے، اور پاکستان میں سستا تیل آنا شروع ہو جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ مستقبل میں اگلی سردیوں کے لیے بھی روس سے گیس کے لیے طویل المدتی معاہدے کریں گے۔

    مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روس نے اپنی 2 کمپنیوں کو پاکستان سے معاہدہ کرنے کا کہا ہے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایس ایس جی سی اور پی ایس او کے ذریعے کم سے کم 20 ہزار ٹن ایل پی جی منگوائی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے ہفتے کے روز بھی کہا تھا کہ مارچ میں روس سے معاہدہ ہو جائے گا، جس کے بعد جلد از جلد خام تیل کی درآمد شروع ہو جائے گی، انھوں نے کہا کہ ہم نے روس کے ساتھ تمام بنیادی چیزیں طے کر لی ہیں، روس کے ساتھ بینیفشل ٹرم پر معاہدہ ہوگا، اور روس پاکستان کو دوسرے ملکوں سے زیادہ رعایت پر تیل دے گا۔

  • پاکستان اور روس کے درمیان بڑا معاہدہ

    پاکستان اور روس کے درمیان بڑا معاہدہ

    اسلام آباد : پاکستان اور روس کے درمیان روڈ ٹرانسپورٹ سے متعلق بڑا معاہدہ ہوگیا، جس کے تحت دونوں ممالک میں سفر اور سامان کی آسانی سے ترسیل ممکن ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کی روس کے وزیر ٹرانسپورٹ وٹالی سیویلیف سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں مولانا اسعدمحمود نے پاکستان اور روس کے درمیان بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کے معاہدے پر دستخط کئے۔

    معاہدہ سے پاکستان اور روس کے مابین روڈ کے ذریعے سفر اور سامان کی آسانی سے ترسیل ممکن ہوگی اور ٹرانسپورٹ آپریشنز روڈ ٹرانسپورٹ پرمٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔

    ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ آپریشنل طریقوں پر اتفاق کرنے اور نفاذ سے متعلق مسائل کا جائزہ لینے کے لیے ایک مشتر کہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔

    مولانا اسعد محمود نے کہا کہ روس وسائل سے مالا مال اور تکنیکی طور پر ترقی یافتہ ملک ہے، یہ معاہدہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی روابط اور عوامی روابط قائم کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ روس یوکرین جنگ جلد ختم ہو جائے گی اور خطے میں امن بحال ہو گا تا کہ تجارتی سرگرمیاں معمول کےمطابق چل سکیں۔