Tag: پاکستان ریلوے

  • ریل گاڑیاں بھی ” ہمیں پیارہے پاکستان سے” کا پیغام دینے لگیں

    ریل گاڑیاں بھی ” ہمیں پیارہے پاکستان سے” کا پیغام دینے لگیں

    لاہور : یوم دفاع و شہدا پر ریل گاڑیاں بھی” ہمیں پیار ہے پاکستان سے” کا پیغام دینے لگیں ، مختلف ریل گاڑیوں کی بوگیوں پر خصوصی تصاویر و پیغامات آویزاں کردیئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوم دفاع و شہدا پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے میں پاکستان ریلوے بھی پیش پیش ہیں، ریل گاڑیاں بھی ” ہمیں پیار ہے پاکستان سے” کا پیغام دے رہی ہے۔

     

     

    پاکستان ریلوے کی جانب سے ریل گاڑیوں کو دفاع وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہدا اور غازیوں کی تصاویر سے سجا دیا جبکہ مختلف ریل گاڑیوں کی بوگیوں پرخصوصی پیغامات بھی درج کئے گئے ہیں۔

     

    یاد رہے پاک فوج نے یوم دفاع و شہدا 2018 کو ’ہمیں پیار ہے پاکستان ’سے کے نام سے منفرد انداز میں منانے اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے آئی ایس پی آر اس نے نیا نغمہ بھی جاری کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ کے نام سے یوم دفاع وشہداء منایا جائے گا ،ڈی جی آئی ایس پی آر

    میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ شرکاء کو شہیدوں کی فہرست اور پتے مہیا کیے گئے ہیں، قوم کے نمائندے ہر شہید کے گھر جائیں گے، کوئی شہادت بھولی نہیں جائے گی، شہید کی تصویر پر شہادت کی تفصیل اور جائے شہادت لکھی جائے گی، وطن کی حفاظت کے لیے جانیں دینے والوں کو سلام پیش کیا جائے گا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ شاپنگ مال شہداء کی تصاویر سے سجائے جائیں گے ، بسوں،ویگنوں ،ٹرکوں اور گاڑیوں پرشہدا کی تصاویر لگائی جائیں گی جبکہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ٹرینوں اوراسٹیشنوں اور تمام ائیر پورٹس پر بھی شہداء کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے قوم سے بھرپور شمولیت کی درخواست کرتے ہوئے کہا آئیے زندہ قوم کی طرح اپنے شہداکو یاد رکھیں ، ہمارےشہدا نے اپنا آج ہمارے محفوظ کل کے لیےقربان کیا ، شہید ہمارے اصل ہیرو ہیں۔

  • ملک میں بہت بڑا ٹمبرمافیا سرگرم ہے‘ شیخ رشید

    ملک میں بہت بڑا ٹمبرمافیا سرگرم ہے‘ شیخ رشید

    راولپنڈی : وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان کو نوجوانوں سے بہت امیدیں ہیں، پاکستا ن کوبہتربنانے کے لیے باہر سے کوئی نہیں آئے گا، ہم نے ہی بنانا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے راولپنڈی میں درخت لگانے کی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بہت بڑا ٹمبر مافیا سرگرم ہے۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کسی کو درخت کاٹنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم نے درخت لگا کر ملک کو سرسبز و شاداب بنانا ہے۔

    وفاقی وزیرریلوے کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کو نوجوانوں سے بہت امیدیں ہیں، پاکستا ن کو بہتربنانے کے لیے باہر سے کوئی نہیں آئے گا، ہم نے ہی بنانا ہے۔

    شیخ رشید احمد کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے کی سات ڈویژنز میں چار چار نرسریاں بنائیں گے، ریل کی باؤنڈری لائنز کے قریب بھی درخت لگائیں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ریلوے سے متعلق وزیراعظم کے خواب اورامیدوں پرپورا اتروں گا، ریلوے میں آرام حرام اور کام حلال ہے۔

    ملک بھرمیں’’پلانٹ فار پاکستان‘‘کے نام سے شجرکاری مہم کا آغاز

    واضح رہے کہ ملک بھرمیں’’پلانٹ فارپاکستان‘‘کے نام سے ایک روزہ شجرکاری مہم چلائی جا رہی ہے جس کے تحت ملک بھر ممیں 15 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

  • وزیر ریلوے کا نعرہ آرام حرام، محکمے کے اعلیٰ افسر نے دو سال کی چھٹیاں مانگ لیں

    وزیر ریلوے کا نعرہ آرام حرام، محکمے کے اعلیٰ افسر نے دو سال کی چھٹیاں مانگ لیں

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے محکمے میں ہنگامی اعلانات کے بعد محکمے کے ایک اعلیٰ افسر چیف کمرشل منیجر حنیف گل نے دو سال کی رخصت مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید کے نعرے ’آرام حرام‘ کے بعد محکمے کے کچھ بڑے افسران گھبرا گئے ہیں، آرام طلبی یا کام کے پریشر کے باعث اعلیٰ افسر حنیف گل نے طویل چھٹیاں مانگ لیں۔

    چیف کمرشل مینجر حنیف گل نے دو سال کی چھٹیوں کی درخواست وزارتِ ریلوے کو ارسال کر دی ہے، خیال رہے کہ ریلوے کے وزیر شیخ رشید نے ادارے کی بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات کا اعلان کر رکھا ہے۔

    اپنی درخواست میں ریلوے کے اعلیٰ افسر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزیر ریلوے کا رویہ غیر پیشہ ورانہ اور غیر مہذب ہے لہٰذا ان کے ماتحت کام کرنا ممکن نہیں۔

    محکمے کے اجلاس میں شیخ رشید نے سابق وزیر خواجہ سعد رفیق کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سامنے کسی وزیر کی تعریفیں نہ کی جائیں، اب ریلوے میں صرف کام ہوگا۔


    120 دن کا ٹارگٹ ہے‘ ریلوے کو اپنے پاؤں پرکھڑا کریں گے‘ شیخ رشید


    واضح رہے کہ شیخ رشید نے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ 120 دنوں میں ریلوے کو اپنے قدموں پر کھڑا کریں گے اور ریلوے کا خسارہ اسی سال کم کیا جائے گا۔

    انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پاکستان ریلوے ہیڈ آفس میں ہفتے کو چھٹی نہیں ہے، پہلے روز سے میرا موٹو آرام حرام ہے، ریلوے کے ملازمین ایک گھنٹہ مزید کام کریں گے اور شام 5 کے بجائے 6 بجے تک کام کریں گے۔

  • 120 دن کا ٹارگٹ ہے‘ ریلوے کو اپنے پاؤں پرکھڑا کریں گے‘ شیخ رشید

    120 دن کا ٹارگٹ ہے‘ ریلوے کو اپنے پاؤں پرکھڑا کریں گے‘ شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیربرائے ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ریلوے کی زمینوں کو لینڈ مافیا سے واگزار کرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے میں آن لائن ٹکٹس کی مزید سہولت دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ 120 دن کا ٹارگٹ ہے، ریلوے کو اپنے قدموں پر کھڑا کریں گے اور ریلوے کا خسارہ اسی سال کم کیا جائے گا۔

    وفاقی وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے سے پیار پاکستان سے پیار ہے، ہمیں ایک قوم کا مقروض نہیں ہونا چاہیے، ریلوے کو ایران اور ترکی کی طرف لے کرجائیں گے اور اپنی ریل کو دوسرے ملکوں کی طرح بنائیں گے۔

    شیخ رشید احمد کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے ہیڈ آفس میں ہفتے کو چھٹی نہیں ہے، پہلے روز سے میرا موٹو آرام حرام ہے، ریلوے کے ملازمین ایک گھنٹہ مزید کام کریں گے اور شام 5 کے بجائے 6 بجے تک کام کریں گے۔

    وفاقی وزیرریلوے کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا 100 دن کا وعدہ ہے، قوم سے میں نے 20 دن زیادہ مانگے ہیں۔

    ریلوے میں اب صرف کام ہوگا‘ شیخ رشید

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے میں اب صرف کام ہوگا، ریلوے کے غیر ضروری اخراجات ختم کردیے جائیں گے۔

  • ریلوے میں اب صرف کام ہوگا‘ شیخ رشید

    ریلوے میں اب صرف کام ہوگا‘ شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیربرائے ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پروٹوکول نہیں لوں گا مجھے کوئی ضرورت نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرریلوے شیخ رشید احمد لاہور میں ریلوے ہیڈ کوارٹرز پہنچ گئے جہاں انہیں چیف ایگزیکٹو افسر ریلوے آفتاب اکبر نے بریفنگ دی۔

    اس موقع پرشیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے میں اب صرف کام ہوگا، ریلوے کے غیرضروری اخراجات ختم کردیے جائیں گے۔

    وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ پروٹوکول نہیں لوں گا مجھے کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے سے متعلق اہم اقدامات کا اعلان آج پریس کانفرنس میں کروں گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرویڈیو شیئرکی تھی، انہوں نے ٹرین پرروالپنڈی سے لاہور تک کا سفر کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

    وزیرریلوے کو ٹرین میں سفر کرتا دیکھ کرمسافروں کا کہنا تھا کہ اس سے ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے اور سہولیات مہیا کرنے میں مدد ملے گی۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل وفاقی وزیربرائے ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وہ 18 گھنٹے کام کرکے عوام کے اعتماد اور توقعات پرپورا اتریں گے۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کئی جماعتوں میں کرپٹ لوگ ہیں، ہاتھ ڈالیں گے تو اپوزیشن ایک ہوجائے گی۔

  • کراچی سے دوسری عید اسپیشل ٹرین لاہور روانہ

    کراچی سے دوسری عید اسپیشل ٹرین لاہور روانہ

    کراچی: عیدالاضحی کے موقع پرپاکستان ریلوے کی جانب سے چلائی گئی دوسری عید اسپیشل ٹرین کراچی سے لاہور روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی جانب سے چلائی جانے والی دوسری عید اسپیشل ٹرین لگ بھگ 914 مسافروں کو لے کرسٹی اسٹیشن کراچی سے لاہور روانہ ہوگئی۔

    ڈی سی ریلوے اسحاق بلوچ کے مطابق عید اسپیشل ٹرین کل صبح 10 بجے لاہورپہنچے گی۔ عید اسپیشل ٹرین سے محکمے کو ساڑھے 13 لاکھ روپے کی آمدن ہوگی۔

    پاکستان ریلوے کی جانب سے رواں سال عیدالاضحی کے موقع پر5 اسپیشل ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں اور معمر افراد کو عید کے پہلے اور دوسرے روزمفت سفر کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔

    ترجمان محکمہ ریلوے کے مطابق عید اسپیشل ٹرین میں عید کے پہلے اور دوسرے روز 25 فیصد کا خصوصی عید ڈسکاؤنٹ بھی دیا جا رہا ہے تاکہ وہ اہل خانہ سمیت رشتے داروں کے ساتھ عید کی خوشیاں منائیں۔

    کراچی سے پہلی عید اسپیشل ٹرین پشاور روانہ

    خیال رہے کہ گزشتہ روزپہلی عید اسپیشل ٹرین لگ بھگ 980 مسافروں کو لے کرسٹی اسٹیشن کراچی سے پشاور روانہ ہوئی تھی۔

  • عیدالاضحی پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان

    عیدالاضحی پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان

    لاہور : پاکستان ریلوے نے عیدالاضحی کے پُرمسرت موقع پر اضافی رش کے پیش نظر ملک بھر میں 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے عیدالاضحٰی پر 5 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کردیا، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد آفتاب اکبر کی منظوری کے بعد عیدالاضحٰی پر اسپیشل ٹرینوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین 19 اگست کو کراچی سٹی سے دن 10 بجے پشاور کے لئے روانہ ہوگی جبکہ دوسری اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے 19 اگست کو صبح 07 بجے راولپنڈی کے لئے روانہ ہوگی۔

    شیڈول کے مطابق تیسری اسپیشل ٹرین 20 اگست دن 11 بجے کراچی کینٹ سے لاہور کے لئے، چوتھی اسپیشل ٹرین 21 اگست کو راولپنڈی سے صبح 7بجے ملتان کے لئے روانہ ہو گی۔

    پانچویں سپیشل ٹرین 25 اگست کو ملتان کینٹ سے صبح 7 بجے راولپنڈی کے لئے روانہ ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں ذوالحجہ کا چاند نظر آگیا اورعید الاضحیٰ 22 اگست کو منائی جائے گی۔

  • کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس میں پولیس گردی‘ سیٹوں پر قبضہ، مسافروں پر تشدد

    کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس میں پولیس گردی‘ سیٹوں پر قبضہ، مسافروں پر تشدد

    کراچی: روہڑی کے مقام پر کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین شالیمار ایکسپریس میں  پولیس نے چڑھ کر سیٹوں پر ناجائز قبضہ جماتے ہوئے مسافروں پر تشدد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع سکھر کے قصبے روہڑی میں پولیس نے شالیمار ایکسپریس پر دھاوا بولتے ہوئے پولیس گردی شروع کر دی، پولیس اہل کاروں نے بہاول پور جانے والے مسافروں پر تشدد کیا۔

    پولیس اہل کاروں نے شالیمار ایکسپریس کی سیٹ نمبر 64، 65، اور 66 پر زبردستی قبضہ کر کے ڈبے میں ڈیرا جما لیا، جس پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اہل کاروں کی جانب سے مسافروں کو دھمکیاں دی گئیں، اہل کاروں نے مسافروں کو وارننگ دی کہ وہ اگر خاموش نہیں رہے تو انھیں اگلے اسٹیشن پر اتار دیا جائے گا۔

    پولیس کے دھاوا بولنے پر ٹرین مسافروں نے ٹرین کے اندر احتجاج کرتے ہوئے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شالیمار ایکسپریس میں پولیس گردی کا نوٹس لیا جائے۔

    چیف جسٹس کا پاکستان ریلوے کا مکمل آڈٹ کروانے کا حکم

    مسافروں کا کہنا تھا کہ ٹرین کے ڈبے میں خواتین بھی سوار تھیں لیکن پولیس اہل کاروں نے کسی کا خیال نہیں کیا، مسافروں پر تشدد کرتے ہوئے سیٹوں پر قبضہ جمایا۔

    ٹرین میں احتجاج کے دوران مسافروں کا کہنا تھا کہ محکمہ پولیس عوام کے تحفظ کی بجاے عوام کے لیے مزید زحمت بن چکی ہے۔ دوسری طرف تازہ ترین اطلاعات کے مطابق تحریکِ انصاف نے اپنی حکومت کے اوّلین اقدامات میں پولیس اصلاحات کو بھی شامل کرلیا ہے۔

  • ریلوے خسارہ کیس: سپریم کورٹ کا 6 ہفتوں میں آڈٹ رپورٹ پیش کرنےکا حکم

    ریلوے خسارہ کیس: سپریم کورٹ کا 6 ہفتوں میں آڈٹ رپورٹ پیش کرنےکا حکم

    لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریلوے کے خسارے کا 6 ہفتوں میں آڈٹ کراکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ریلوے میں اربوں روپے خسارے سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی۔

    عدالت عظمیٰ میں سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کے وزیر کہاں ہیں ؟ جس پرسیکریٹری ریلوے نے جواب دیا کہ آج انہیں عدالت نے طلب نہیں کیا اس لیے نہیں آئے۔

    چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا کہ انہیں کس نے استثنیٰ دیا، بلائیں وزیرریلوے کو ان کے سامنے بات ہوگی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ انہیں کس نے استثنا دیا، بلائیں وزیرریلوے کو، فوری طور پر عدالت میں پیش ہوں، ان کے سامنے بات ہوگی۔

    چیف جسٹس آف پاکستان کے طلب کرنے وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ آپ ہمارے قابل احترام چیف جسٹس ہیں جس پرانہوں نے کہا کہ آپ اپنے جملے میں سے قابل احترام کا لفظ نکال دیں۔

    چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ عدالت میں قابل احترام کہنے سے آپ کی بات میں تضاد محسوس ہوتا ہے، قابل احترام عدالت کے اندر کہا جائے تو باہربھی سمجھا جائے۔

    وزیرریلوے نے کہا کہ آپ کے اقدامات کی وجہ سے صرف عوام کو نہیں بلکہ حکومت کو بھی ریلیف ملا ہے، ہم نے ریلوے کو اپنے پاؤں پرکھڑا کرنے کے لیے بڑی محنت کی ہے، ہم سب مایوسی کا شکار ہیں ، اس لیے آپ اگر دو جملے تعریف کے بول دیں۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آڈٹ رپورٹ ٹھیک آنے کے بعد تعریف بھی کریں گے، چاہتے ہیں ایسا نظام وضع کرکے جائیں تاکہ بعد میں کوئی من مانی نہ کرسکے۔

    عدالت عظمیٰ نے ریلوے کے خسارے کا آڈٹ کراکے 6 ہفتوں میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیف جسٹس کا پاکستان ریلوے کا مکمل آڈٹ کروانے کا حکم

    چیف جسٹس کا پاکستان ریلوے کا مکمل آڈٹ کروانے کا حکم

    لاہور: سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ریلوے میں 60 ارب روپے خسارے کے از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے پاکستان ریلوے کا مکمل آڈٹ کروانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ریلوے میں 60 ارب روپے خسارے کے از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی۔

    سماعت کے موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بھی عدالت میں موجود تھے۔

    سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس اور خواجہ سعد رفیق کے درمیان دلچسپ گفتگو ہوئی۔ چیف جسٹس نے خواجہ سعد رفیق کو روسٹرم پر بلاتے ہوئے کہا کہ لوہے کے چنے بھی ساتھ لے کر آئیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ بیان آپ کے لیے نہیں، سیاسی مخالفین کے لیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس صاحب آپ نے یاد کیا تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یاد نہیں، سمن کیا تھا۔ وہ وقت چلا گیا جب عدالتوں کی بے احترامی کی جاتی تھی۔

    خواجہ سعد رفیق نے بولنے کی اجازت مانگی تو چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کے سامنے اتنا جارحانہ انداز نہ اپنائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جارحانہ انداز نہیں اپنا رہا، اپنا مؤقف دینے کی کوشش کر رہا ہوں۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بتائیں ابھی تک ریلوے میں کتنا خسارہ ہوا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ ریلوے کا ریونیو 50 ارب اور خسارہ 35 ارب کے قریب ہے۔ ریلوے میں نقصانات کی بہت ساری وجوہات ہیں، آپ آڈٹ کروائیں گے تو ہماری کارکردگی سے مطمئن ہو جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ جس رفتار سے کام کر رہے ہیں 12 سال بعد ریلوے بہترین ادارہ بن جائے گا۔ چیف جسٹس نے کہا تو کیا پھر عدالت آپ کو انتخاب لڑے بغیر 12 سال کے لیے ریلوے کا وزیر مقرر کر دے؟

    تعیناتیوں کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ ہم نے میرٹ پر ڈی جی لیگل کو ریلوے میں تعینات کیا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بتائیں ان کے بھائی کن کن عہدوں پر ہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ ایک ایم این اے اور ایک ہائیکورٹ کا جج ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس کے بعد آپ مزید کوئی بات نہ کریں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ پہلی مرتبہ قانون کی بالادستی نظر آرہی ہے جس سے لوگوں تکلیف ہو رہی ہے۔ نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے پاکستان ریلوے کا مکمل آڈٹ کروانے کا حکم بھی دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔