Tag: پاکستان ریلوے

  • مال گاڑی کو حادثہ، رکشے اور موٹر سائیکلوں پر الٹ گئی

    مال گاڑی کو حادثہ، رکشے اور موٹر سائیکلوں پر الٹ گئی

    کراچی: کے بی ایکس ٹاور گودی میں ایک مال گاڑی پٹری سے اتر گئی، جس کے باعث ایک رکشہ اور کئی موٹر سائیکلیں تباہ ہو گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان ریلوے کی بدنظمی ختم نہ ہو سکی، نئے سی ای او کی ہدایت کے باوجود ڈی ریلمنٹ کے واقعات بدستور جاری ہیں۔

    ریلوے ذرایع کا کہنا ہے کہ پٹری سے اترنے والی بوگیوں کی زد میں آ کر رکشہ اور موٹر سائیکلیں تباہ ہو گئیں، اس حادثے میں رکشہ ڈرائیور بھی زخمی ہو گیا۔

    ذرایع نے بتایا کہ حادثے والی جگہ سے مسافر ٹرینیں نہیں گزرتیں اس لیے ٹرین آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ نہیں ہے۔ مذکورہ مقام پر بینک آنے والے اور دیگر آفسز کے لوگ پٹری کے ساتھ ہی اپنی گاڑیاں پارک کر دیتے ہیں، متاثرہ مقام پر ریلوے کراسنگ بھی ہے۔

    ریلوے پھاٹک نہ ہونے سے ایک اور حادثہ، 5 افراد جاں بحق

    ریلوے ذرایع کا کہنا ہے کہ امکان ہے رکشے والے نے جلد بازی میں پٹری کراس کرنے کی کوشش کی ہو اور حادثے کا شکار ہو گیا ہو، تاہم حادثے کے فوراً بعد ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ہے اور جلد بوگیاں پٹری پر لانے کا کام شروع ہو جائے گا۔

    یاد رہے کہ مارچ میں سکھر، روہڑی کے قریب پیارو واہ کے مقام پر ریلوے پھاٹک نہ ہونے کی وجہ سے حادثے میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • 3 مسافر ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ

    3 مسافر ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پاکستان ریلوے نے 3 مسافر ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اٹک پسنجر ٹرین، ملتان ۔ راولپنڈی مہر ایکسپریس اور جنڈ ۔ اٹک پسنجر ٹرین نجی شعبے کے حوالے کردی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے نے 3 مسافر ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سب سے پہلے 20 ستمبر سے اٹک پسنجر ٹرین نجی شعبے کو دی جائے گی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر سے ملتان، راولپنڈی کے لیے مہر ایکسپریس بھی نجی شعبہ چلائے گا، جبکہ اسی روز جنڈ اور اٹک چلنے والی پسنجرٹرین کو بھی نجی شعبے کے حوالے کردیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ میں 5 سال کے ریلوے خسارے کی تفصیلات پیش کی گئیں جس میں بتایا گیا کہ 5 سال کے دوران ریلوے 187 ارب سے زائد خسارے میں رہا۔

    رپورٹ کے مطابق مالی سال 20-2019 میں ریلوے کا خسارہ سب سے زیادہ رہا، اس عرصے میں ریلوے کا خسارہ 50 ارب 15 کروڑ رہا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ مالی سال 19-2018 میں ریلوے کا خسارہ 32 ارب 76 کروڑ، مالی سال 18-2017 میں 36 ارب 62 کروڑ، مالی سال 17-2016 میں 40 ارب اور 16-2015 میں 26 ارب 99 کروڑ رہا۔

  • 5 سال کے دوران ریلوے میں کتنا خسارہ ہوا؟

    5 سال کے دوران ریلوے میں کتنا خسارہ ہوا؟

    اسلام آباد: محکمہ ریلوے کی گزشتہ 5 سال کے دوران خسارے کی رپورٹ سینیٹ میں پیش کردی گئی، سب سے زیادہ خسارہ مالی سال 20-2019 میں 50 ارب 15 کروڑ رہا۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس کے وقفہ سوالات کے دوران گزشتہ 5 سال کے ریلوے خسارے کی تفصیلات پیش کردی گئیں، رپورٹ کے مطابق 5 سال کے دوران ریلوے 187 ارب سے زائد خسارے میں رہا۔

    رپورٹ کے مطابق مالی سال 20-2019 میں ریلوے کا خسارہ سب سے زیادہ رہا، اس عرصے میں ریلوے کا خسارہ 50 ارب 15 کروڑ رہا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ مالی سال 19-2018 میں ریلوے کا خسارہ 32 ارب 76 کروڑ جبکہ مالی سال 18-2017 میں یہ خسارہ 36 ارب 62 کروڑ رہا۔

    اسی طرح مالی سال 17-2016 میں ریلوے خسارہ 40 ارب اور 16-2015 میں 26 ارب 99 کروڑ رہا۔

    خیال رہے کہ ریلوے خسارہ ازخود نوٹس پر سپریم کورٹ نے ریلوے کی ری اسٹرکچرنگ کے لیے 4 ہفتے کی مہلت دی ہے۔

    چیف جسٹس، جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ فنڈز موجود ہیں تو منصوبہ مکمل ہونے میں وقت نہیں لگنا چاہیئے، 18 سو کلو میٹر کا ٹریک بچھانا چین کے لیے کوئی مشکل نہیں۔

  • محکمہ ریلوے کا فیض احمد فیض اور لاثانی ٹرین چلانے کا فیصلہ

    محکمہ ریلوے کا فیض احمد فیض اور لاثانی ٹرین چلانے کا فیصلہ

    کراچی: محکمہ ریلوے نے 2 مزید ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، یہ ریل گاڑیاں مشہور شاعر فیض احمد فیض اور لاثانی ٹرینوں کے نام سے چلائی جا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے نے لاہور نارووال کے درمیان فیض احمد فیض ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے، فیض پسنجر لاہور سے شام ساڑھے 6 بجے روانہ ہو کر رات 8 بج کر 55 منٹ پر نارووال پہنچے گی۔

    فیض پسنجر نارووال سے صبح ساڑھے 5 بجے روانہ ہو کر ساڑھے 7 بجے لاہور پہنچے گی۔

    محکمہ ریلوے نے لاہور سے سیالکوٹ کے لیے لاثانی ایکسپریس چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، لاثانی ایکسپریس لاہور سے دوپہر 3 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہو کر سیالکوٹ 7 بج کر 45 منٹ پر پہنچے گی۔

    لاثانی ایکسپریس سیالکوٹ سے صبح 6 بجے روانہ ہوگی اور 9 بج کر 55 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔

    21 ستمبر سے ریل کرایوں میں کمی کا اعلان

    محکمے کے مطابق سیالکوٹ، نارووال اور لاہور کے درمیان پسنجر ٹرین چلنے سے مزدور پیشہ افراد کو تیز رفتار سواری مہیا ہوگی۔

    ادھر محکمہ ریلوے نے اے سی بزنس اور اے سی اسٹینڈرڈ میں سفر کرنے والے مسافروں کو خوش خبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ 21 ستمبر سے اے سی بزنس کلاس کے کرایوں میں 10 فی صد کمی کی جا رہی ہے، جب کہ اے سی اسٹینڈرڈ کے کرایوں میں بھی 5 فی صد کمی کی جائے گی۔

    محکمہ ریلوے کے مطابق 14 ستمبر سے تمام ایکسپریس ٹرینوں میں ڈائننگ ریسٹورںٹ کاریں دوبارہ لگا دی جائیں گی، جنھیں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے ہٹایا گیا تھا، ریلوے مسافروں کو اب ٹرین میں ناشتہ، کھانا، چائے اور دیگر کھانے پینے کی اشیا دستیاب ہوں گی۔

  • شیخ رشید احمد نے پاکستان ریلوے میں راولپنڈی سے شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا

    شیخ رشید احمد نے پاکستان ریلوے میں راولپنڈی سے شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ڈویژنز کو وزیر اعظم عمران خان کے  بلین ٹری سونامی پروگرام کا حصہ بننے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں ریلوےاسٹیشن ڈگری کالج برائےخواتین کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ڈگری کالج پر10 کروڑ روپے لاگت آئی ہے،رواں سال پوسٹ گریجویٹ کلاسوں کا آغاز ہوگا۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن ڈگری کالج برائے خواتین میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔وفاقی وزیر ریلوے کا پاکستان ریلوے نیٹ ورک پر رواں سیزن 2 لاکھ پودے لگانے کا ہدف ہے۔

    شیخ رشید احمد نے ریلوے ڈویژنز کو وزیراعظم عمران خان کے بلین ٹری سونامی پروگرام کا حصہ بننے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوکلین،گرین بنائیں گے،وزیراعظم کے ویژن کو آگے بڑھائیں گے۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے پہلے بھی شجر کاری مہم میں پھر پور حصہ لیا تھا۔

  • پاکستان ریلوے نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسٹیشنز پر پرچم لگا دیے

    پاکستان ریلوے نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسٹیشنز پر پرچم لگا دیے

    کراچی: پاکستان ریلوے نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسٹیشنز پر پرچم لگا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسٹیشنز کے داخلی اور خارجی راستوں پر جگہ جگہ پینا فلیکس اور بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔

    ریلوے اسٹیشنز پر لگائے گئے پینا فلیکس اور بینرز پر بھارتی جارحیت اور بربریت کی تصاویر موجود ہیں۔

    کینٹ ،سٹی،ڈرگ روڈ اسٹیشن سمیت ملک بھر کے اسٹیشن پر تصاویر لگائی گئی ہیں۔کشمیری پرچم وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ہدایت پر لگائےگئے ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے ہندوستان کا حصہ قرار دینے کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کل پانچ اگست کو یوم استحصال منایا جائے گا۔

    واضح رہے پانچ اگست 2019 تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کوخصوصی حیثیت دینے والے آرٹیکل ختم کر کے کشمیریوں پر زندگی تنگ کردی تھی، ایسے وقت جب کشمیریوں کو ایسے رہنما کی ضرورت تھی جو اُن کا مسئلہ اقوام عالم کے سامنے رکھتا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کی آواز بننے کا اعلان کیا اور مظلوم وادی کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑنے کے لئی سفیر کشمیر بنے۔

  • پاکستان ریلوے کا عیدالاضحیٰ پر4 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

    پاکستان ریلوے کا عیدالاضحیٰ پر4 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

    لاہور: پاکستان ریلوے نے عیدالاضحیٰ کے پُر مسرت موقع پر عوام کی سہولت کے پیش نظر 4 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر 28 جولائی سے 4 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے‌۔پہلی عید اسپیشل ٹرین 28 جولائی کو دن 11 بجکر 45 منٹ پر کراچی کینٹ سے روانہ ہو کر حیدر آباد، رحیم یار خان، شورکوٹ کینٹ ، فیصل آباد ، سرگودھا، ملک وال سے ہوتی ہوئی اگلے روز شام 4 بجکر 30 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔

    دوسری اسپیشل ٹرین 29 جولائی کو کراچی سٹی سے دن 11 بجکر 45 منٹ پر روانہ ہو کر ٹنڈو آدم ، خان پور، ملتان کینٹ ،لاہور، گوجرانوالہ سے ہوتی ہوئی اگلے روز سہ پہر 3 بجے راولپنڈی پہنچے گی۔

    اسی طرح تیسری اسپیشل ٹرین 30 جولائی کو کراچی کینٹ سے شام 7 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہو کر نواب شاہ، خانیوال،شورکوٹ، فیصل آباد سے ہوتی ہوئی اگلے روز شام 5 بجکر 30 منٹ پر لاہور پر پہنچے گی۔

    ریلوے انتظامیہ کے مطابق چوتھی اسپیشل ٹرین 30 جولائی کو راولپنڈی سے شام 4 بجے روانہ ہو کر بوسال، میانوالی، کُندیاں، لیہ اور مظفر گڑھ سے ہوتی ہوئی اگلے روز صبح 5 بجکر 15منٹ پر ملتان پہنچے گی۔

  • مزید 15 ٹرینوں کو جلد از جلد نجی شعبےکے حوالے کیا جائے،وزیراعظم

    مزید 15 ٹرینوں کو جلد از جلد نجی شعبےکے حوالے کیا جائے،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مزید 15 ٹرینوں کے انتظام کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پاکستان ریلویزکی تنظیم نو میں پیش رفت کے حوالے سے جائزہ لیاگیا۔

    اجلاس میں ریلوے اراضی واگزار کرانے سے متعلق رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی۔وزیراعظم نے ریلوے کی تنظیم نو کے حوالے سے اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے بہترانتظام کو یقینی بنانے کے لیے سی ای او کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کیا جائے،ملکی اور بیرون ملک مقیم پاکستانی افرادی قوت کے تجربات سے بھی استفادہ کیا جائے۔

    عمران خان نے نجی شعبے کے تحت ٹرینوں کے انتظام کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مزید 15 ٹرینوں کے انتظام کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے عمل کو جلد مکمل کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ گنجان آباد علاقوں میں اسٹیشنز کو کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بنانے پر توجہ دی جائے،ایم ایل ون سی پیک کا اہم منصوبہ ہے،ریلوےکی تنظیم نو کو ایم ایل ون منصوبے کے تناظر میں مکمل کیا جائے۔

    اجلاس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریلوے کو جدیدخطوط پر استوار،نجی شعبے کے لیے شراکت داری کے مواقع پیدا کیے جائیں،جہاں تک ممکن ہو مسافروں کو ان کی دہلیز تک ٹکٹیں پہنچانے کا انتظام یقینی بنایاجائے۔

    وزیراعظم پاکستان نے مزید کہا کہ ریلوے کو خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔

  • کینیڈا پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کا خواہشمند

    کینیڈا پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کا خواہشمند

    لاہور : کینیڈین ہائی کمشنر نے کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستانی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرریلوےشیخ رشید سے کینیڈین ہائی کمشنر مس وینڈی گلیمور کی ملاقات ہوئی ، ملاقات کے دوران دو طرفہ ملکی معاملات کے امور پر گفتگو کی گئی۔

    وزیرریلوےشیخ رشید نے کہا کہ مستقبل میں کینیڈا،پاکستان کےدیرینہ تعلقات مزیدمستحکم ہوں گے ، خطے میں خوشحالی،ترقی کے حوالے سےملکرکام کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔

    کینیڈین ہائی کمشنر نے کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستانی اقدامات کی تعریف کرتےہوئے کینیڈا کی طرف سے پاکستان ریلوے میں سرمایہ کاری کرنے پر دلچسپی کا اظہار کیا۔

    یاد رہے رواں سال فروری میں وزیر توانائی عمرایوب سے ملاقات میں کینیڈین ہائی کمشنر نے انٹگریٹڈ جنریشن ایکسپنشن پروگرام کو زبردست قرار دیتے ہوئے کہا تھا کینیڈا کےسرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری پرغور کررہے ہیں۔

  • ملک بھر میں آج سے ٹرین آپریشن کا آغاز ہوگیا

    ملک بھر میں آج سے ٹرین آپریشن کا آغاز ہوگیا

    لاہور: ملک بھر میں ٹرین آپریشن کا آغاز آج سے ہو گیا ہے، اس سلسلے میں کراچی، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ اور پشاور ریلوے اسٹیشنز پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، صبح سویرے کئی ٹرینیں اپنی منازل کے لیے روانہ بھی ہو گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے سلسلے میں معطل ٹرین آپریشن کا آج سے پھر آغاز ہو گیا ہے، آج سبک رفتار صبح 7:30 بجے لاہور سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی، راولپنڈی ریلوے اسٹیشن سے صبح سویرے 2 ٹرینیں روانہ ہو گئیں، پشاور کینٹ اسٹیشن سے آج 3 ٹرینیں چلائی جائی جا رہی ہیں۔

    قراقرم ایکسپریس دوپہر 3 بجے لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی، پاک بزنس ایکسپریس سہ پہر 4:30 پر لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی، شاہ حسین ایکسپریس شام 7 بجے لاہور سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی، راولپنڈی سے پاکستان ایکسپریس 393 مسافروں کو لے کر کراچی روانہ ہو گئی، دوسری ٹرین سبک رفتار لاہور روانہ ہوئی۔

    کراچی سے پشاور کے لیے عوام ایکسپریس صبح 10 بجے روانہ ہوگی، پشاور کینٹ اسٹیشن سے آج 3 ٹرینیں چلائی جائی جا رہی ہیں، عوامی ایکسپریس ساڑھے 8 بجے کراچی کے لیے روانہ کی جائے گی، کوئٹہ کے لیے جعفعر ایکسپریس ساڑھے 9، کراچی کے لیے خیبر میل رات 11 بجے روانہ ہوگی۔ ڈی ایس ریلوے کے مطابق کوئٹہ سے آج صرف ایک ہی ٹرین چلائی جا رہی ہے، جعفر ایکسپریس صبح 9 بجے کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوگی، مسافروں کو ٹرین میں فاصلے پر بیٹھایا جائے گا۔

    ٹرین میں سفر کے لیے ایس او پیز

    محکمہ ریلوے نے ٹرین میں سفر کے لیے ایس او پیز جاری کر دیے، ٹرین کے ہر اسٹاپ، اسٹیشن پر ہر ایک گھنٹے بعد جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا، جراثیم کش اسپرے میڈیکل آفیسر کی نگرانی میں ہوگا، ہر اسٹیشن کا میڈیکل آفیسر اسپرے کیے جانے کا سرٹیفکیٹ جاری کرے گا، کراچی سے لاہور، راولپنڈی اور پشاور جانے والی ٹرینیں براستہ ملتان جائیں گی، ہر اسٹیشن پر 24 گھنٹے میڈیکل آفیسر ڈیوٹی دے گا۔

    اسٹیشن پر کھانے پینے کے اسٹال پر اسپرے کی ذمہ داری مالک کی ہوگی، اسٹیشن کے 200 میٹر اطراف تک کی ذمہ داری ریلوے اور ضلعی پولیس کی ہوگی، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کی اسٹیشن پر موجودگی کا ذمہ دار ایس ایچ او ہوگا، مسافروں کی سینیٹائزنگ، حرارت چیک کرنے کا ذمہ دار میڈیکل آفیسر ہوگا، مسافروں میں سماجی فاصلے، ایس او پی پر عمل درآمد کی ذمہ داری ٹرین اسٹاف کی ہوگی۔

    مسافروں کو ٹرین روانگی سے ایک گھنٹہ پہلے اسٹیشن میں داخلے کی اجازت ہوگی، اسٹیشن سے 200 میٹر تک کا ایریا غیر ضروری افراد کے لیے بند کر دیا جائے گا، مسافروں کے ساتھ اسٹیشن کوئی اور شخص داخل نہیں ہو سکتا، ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ دوران سفر مسافروں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے گا۔

    عید پر خصوصی ٹرین بھی چلے گی

    لاک ڈاؤن کے دوران عید الفطر کے موقع پر ریلوے انتظامیہ نے خصوصی ٹرین چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، کراچی ڈویژن ریلوے انتظامیہ کی جانب سے خصوصی ٹرین کو خفیہ رکھا گیا ہے، یہ خصوصی ٹرین 21 مئی کو کراچی سے پشاور تک چلائی جائے گی، اس ٹرین میں مجموعی طور پر 14 کوچز لگائی جائیں گی، 12 کوچز اکانومی اور 2 اے سی کلاس ہوں گی۔

    خصوصی ٹرین میں 25 مارچ سے 19 مئی تک مسافروں کو بکنگ دی گئی ہے، جب کہ پرانے ٹکٹ کے بدلے نئی بکنگ فراہم کی گئی ہے، مسافروں کو خصوصی ٹرین کی روانگی کی اطلاع فون کے ذریعے دی جائے گی اور مسافروں کی ٹکٹس میں کسی بھی قسم کی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔