Tag: پاکستان ریلوے

  • ریلوے ملتان ڈویژن نے سستا ترین ڈی انفیکشن گیٹ تیار کر لیا

    ریلوے ملتان ڈویژن نے سستا ترین ڈی انفیکشن گیٹ تیار کر لیا

    ملتان: محکمہ ریلوے ملتان ڈویژن نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں سستا ترین ڈی انفیکشن گیٹ تیار کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ ریلوے ملتان ڈویژن نے اپنی مدد آپ کے تحت سستا ڈی انفیکشن گیٹ تیار کر لیا ہے، ڈی ایس ملتان شعیب عادل کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر ملتان ڈی ایس آفس اور بڑے اسٹیشنز پر ڈی انفیکشن گیٹ لگائے جائیں گے۔

    اس سلسلے میں ٹرین آپریشن شروع ہونے سے پہلے ڈی ایس ملتان ڈویژن کے اسٹاف نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈی انفیکشن گیٹ کا ماڈل تیار کر لیا، ریلوے اسٹاف نے یہ گیٹ محض 2 دن میں تیار کیا ہے۔ خیال رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اسٹیشنز پر حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد سب سے پہلے ملتان ڈویژن نے کم خرچ پر ڈی انفیکشن گیٹ بنا لیا، اس طرح کے 8 ڈی انفیکشن گیٹ بنائے جائیں گے۔

    ریلوے کا ایک ہفتے میں 1ارب کا نقصان ہو رہا ہے،شیخ رشید

    ریلوے ملتان ڈویژن کے اسٹاف نے اپنی مدد آپ کے تحت یہ سینیٹائزر گیٹ 2 دن میں تیار کیا

    بتایا گیا کہ ڈی انفیکشن گیٹ ڈی ایس آفس، ملتان اسٹیشن، خانیوال، ساہیوال، بہاولپور میں ٹرین سروس شروع ہوتے ہی لگا دیے جائیں گے، دوسرے مرحلے میں لوکوشیڈ، واشنگ لائن، رننگ روم میں بھی ڈی انفیکشن گیٹ لگائے جائیں گے، ملتان ریلوے اسٹیشن سمیت ڈویژن بھر کے ریلوے اسٹیشنز پر جراثیم کش اسپرے اور صفائی کا عمل بھی جاری ہے، ملتان کینٹ اسٹیشن پر 2 اے سی کوچز پر مشتمل عارضی کرونا کیئر اسپتال بھی قائم کیا جا چکا ہے، ریلوے ملتان ڈویژن سے گزرنے والی فریٹ ریل گاڑیوں کے ملازمین کی اسکریننگ بھی کی جا رہی ہے-

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ 14 اپریل کے بعد ممکنہ ٹرین آپریشن کی بحالی کی صورت میں ریلوے اسٹیشنز پر ہر ممکن حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔

  • پاکستان ریلوے کا آج رات 12 بجے سے ٹرین آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ

    پاکستان ریلوے کا آج رات 12 بجے سے ٹرین آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ

    کراچی: پاکستان ریلوے نے آج رات 12 بجے سے ٹرین آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا، نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین آپریشن معطل کر دیا، نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹرین آپریشن آج رات 12 بجے سے 31 مارچ تک معطل رہے گا۔

    ایڈوانس بکنگ والے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ فل ریفنڈ حاصل کرنے کے لیے ریلوے سے رابطہ کریں۔

    ترجمان ریلوے نے کہا ہے کہ آج رات 12 بجے سے پہلے تمام ٹرینیں اپنی منزل پر روانہ ہوں گی، جب کہ ٹرین آپریشن معطلی کا اطلاق صرف مسافر ٹرینوں پر ہوگا، فریٹ ٹرینوں پر نہیں۔

    آج شام تک دیگر صوبوں کے لوگ سندھ سے نکل جائیں گے: شیخ رشید

    ادھر ٹرین آپریشن معطلی کے اعلان کے ساتھ ہی کینٹ اسٹیشن کراچی پر مسافروں کا رش ہو گیا ہے، اندرون ملک جانے والے مسافروں کی بڑی تعداد کینٹ اسٹیشن پر موجود ہے، ہزاروں مسافر بغیر کسی حفاظتی انتظام کے پلیٹ فارم میں داخل ہو گئے ہیں۔

    دوسری طرف ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں وفاقی وزیر شیخ رشید کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، شیخ رشید نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے وفاقی وزیر ریلوے عوام کو جلد آگاہ کریں گے۔ یاد رہے کہ آج صبح اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا تھا کہ ریلوے کو لاک ڈاؤن میں شامل نہ کرنا زیادتی تھی۔

    وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ لوگ سندھ سے پنجاب اور اپ کنٹری جا رہے ہیں، مزدوروں کو اگر گھروں تک نہیں پہنچایا تو بہت برا حال ہوگا، لاکھوں مزدور لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر جانا چاہتے ہیں، آج شام تک سندھ سے لوگوں کو گھروں کے لیے ٹرینوں پر روانہ کر دیا جائے گا۔

  • پاکستان ریلوے کا پہلی بار سیفٹی آڈٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

    پاکستان ریلوے کا پہلی بار سیفٹی آڈٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

    کراچی: پاکستان ریلوے نے پہلی بارسیفٹی آڈٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ چیئرمین ریلوے حبیب الرحمان کا کہنا ہے کہ 25 فروری کو میٹنگ میں سیفٹی آڈٹ سسٹم سفارشات پیش کی جائیں گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین ریلوے نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کی بہتری کا 20گریڈ کا افسر تمام امور کا ذمہ دار ہوگا، سانحہ تیزگام کی رپورٹ پر 3سینئر افسران پر کمیٹی بنائی گئی ہے، کمیٹی سانحہ سے متعلق تینوں رپورٹوں کا جائزہ لے رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی تیزگام میں آگ لگنے کے 3امکانات کے تحت کام کر رہی ہے، سلنڈر سے آگ لگنا، شارٹ سرکٹ سے یا چنگاری سے آگ پھیلنے کا جائزہ لے گی، ذمہ داروں کا تعین کرکے سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ 30 اکتوبر 2019 کو کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 75 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

  • ریلوے پولیس کی گیس سلنڈرز کے خلاف بڑی کارروائی، ڈائننگ کار والے بھی زد میں آ گئے

    ریلوے پولیس کی گیس سلنڈرز کے خلاف بڑی کارروائی، ڈائننگ کار والے بھی زد میں آ گئے

    کراچی: ریلوے پولیس نے ملک بھر میں گیس سلنڈرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سلنڈر قبضے میں لے لیے، اس کارروائی میں ریل گاڑیوں میں ڈائننگ کار والے بھی زد میں آ گئے، جن کے پاس اجازت نامے بھی موجود ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ ریلوے گیس سلنڈرز کے خلاف آنکھیں بند کر کے کارروائیاں کرنے لگا، ٹرین کی ڈائننگ کار میں سلنڈر کی اجازت دینے کے بعد گیس سیلنڈر کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، ڈائننگ کار والوں کے پاس ریلوے ہیڈ کوارٹرز کا جازت نامہ بھی موجود ہے، تاہم ریلوے پولیس نے ان کے خلاف بھی کارروائیاں کیں اور مقدمات درج کیے۔

    پاکستان ریلوے پولیس نے ملک بھر میں گیس سلنڈرز، چولھوں اور دیگر آتش گیر مادوں اور ممنوع اشیا کے خلاف کریک ڈاوٴن کیا، اس دوران ریلوے اسٹیشنز پر معروف کھانے پینے کی آؤٹ لیٹس سے بھی گیس سیلنڈر ہٹا دیے گئے، ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز، پلیٹ فارمز، ٹرینوں اور ڈائننگ کاروں سے 69 گیس سلنڈرز اور چولھے قبضے میں لیے گئے جب کہ گیس سلنڈر رکھنے کے الزام میں 54 مقدمات کا بھی اندراج کیا گیا۔

    کراچی ڈویژن نے 6 مقدمات کا اندراج کیا اور 10 گیس سلنڈرز کو قبضے میں لیا، سکھر ڈویژن نے 5 مقدمات کا اندراج کیا اور پانچ گیس سلنڈرز اور چولھے قبضے میں لیے، لاہور ڈویژن نے 15 مقدمات کا اندراج کیا اور 23 گیس سلنڈرز اور چولھے قبضے میں لیے، راولپنڈی ڈویژن نے 4 مقدمات کا اندراج کیا اور 5 گیس سلنڈرز اور چولھے تحویل میں لیے، ملتان ڈویژن نے 24 مقدمات کا اندراج کیا اور 24 گیس سلنڈرز اور چولھے قبضے میں لیے۔

    محکمہ ریلوے کے مطابق یہ کارروائی ریلوے مسافروں، اسٹیشنز، ٹرینوں اور دیگر احاطہ جات کو جانی و مالی نقصان سے بچانے کے لیے کی گئی ہے۔

  • ٹرین کا ٹکٹ خریدنے کیلئے انوکھی شرط عائد

    ٹرین کا ٹکٹ خریدنے کیلئے انوکھی شرط عائد

    لاہور : پاکستان ریلوے نے ٹکٹ خریدنے کے لیے شناخت کی شرط لازمی قرار دے دی، شناختی کارڈ نہ ہونے پرڈرائیونگ لائسنس، محکمانہ کارڈ، اسکول کارڈ کی کاپی دکھانا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے ٹکٹ بکنگ کے لیے نئی ایڈوائزی جاری کردی ، جس میں ٹکٹ خریدنے کے لیے شناخت کی شرط لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

    اس سلسلے میں پاکستان ریلوے نےملک بھر کے تمام ڈویژنزکو مراسلہ جاری کردیا ہے ، مراسلےمیں کہا گیا شناختی کارڈ نہ ہونے پرڈرائیونگ لائسنس، محکمانہ کارڈ، اسٹوڈنٹ کارڈ کی کاپی دکھانا ہوگی اور دوران سفرٹکٹ جاری کرنیوالے ریلوے افسران کو بھی عمل کرناہوگا۔

    یاد رہے سینیٹ اجلاس میں ریلوے کی کارکردگی پر سوالوں کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا تھا ریلوے نے ایک کروڑ مسافروں کا اضافہ کیا ہے، 24 ٹرینیں چلا کر10 ارب روپے کمائے ہیں جب کہ ریلوے کا 6 ارب کا خسارہ کم کیا اور اس سال مزید20 مال گاڑیاں چلائیں گے۔

    وفاقی وزیر نے بتایا تھا کہ پاکستان ریلوے کی قیمتی اراضی سےقبضہ ختم کر دیا ہے،65 سال کے بزرگوں اور معذوروں سے آدھاٹکٹ لیتے ہیں اور 75 سال کے بزرگوں کے لیے ٹکٹ مفت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں ریلوے کی تاریخ تبدیل ہونےجارہی ہے، دو مسافر ٹرینیں چلانے لگے ہیں، ریلوےکی رفتار کو بڑھا کر 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی جا رہی ہے، جب 134ٹرینیں چلیں گی تو تھوڑی بہت اونچ نیچ تو ہو گی۔

  • وزارت ریلوے کا ریلوے اسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

    وزارت ریلوے کا ریلوے اسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزارتِ ریلوے نے ریلوے کے تمام اسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے اسپتالوں کی اپ گریڈیشن سے متعلق مشاورت شروع کر دی۔ وفاقی وزیر نے اس سلسلے میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا سے ملاقات کی۔

    اس ملاقات میں ریلوے کے اسپتالوں میں سہولتیں بڑھانے پر مشاورت کی گئی، اور وزارت ریلوے کی جانب سے معاونت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    یاد رہے کہ شیخ رشید نے موجودہ حکومت میں ریلوے وزارت سنبھالتے ہی عندیہ دیا تھا کہ ریلوے کے اسپتالوں اور اسکولوں کی نج کاری کے لیے ہم تیار ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ریلوے اسپورٹس کی گرانٹ 5 کروڑ، 4 نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان

    پانچ دن قبل شیخ رشید نے لاہور میں ریلوے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ریلوے اسپورٹس کی گرانٹ 5 کروڑ کی جا رہی ہے، انھوں نے کہا کہ آیندہ سال اسپورٹس گرانٹ 10 کروڑ روپے کر دی جائے گی، ریل کی نوکریوں میں کھلاڑیوں کا کوٹہ ہوگا، کھلاڑیوں کی تقرریاں میرٹ پر کی جائیں گی۔

    انھوں نے تقریب میں کہا کہ نئے سال میرا ہدف ہے کہ فریٹ اور ٹریک پر کام کیا جائے، اور ریلوے کی زمینیں استعمال میں لائی جائیں، مسافروں کے لیے اسٹیشن اور سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے، 4 نئی ٹرینیں چلانے اور 4 نئی فریٹ ٹرینوں کی پیش کش بھی کرنے جا رہے ہیں، 7 ٹرینیں نجی سیکٹرز کو دینے جا رہے ہیں، جب کہ ایم ایل ون کا اس شان سے افتتاح کریں گے کہ میرے بعد بھی یاد رہے گا۔

  • بھکر میں اتوار کو ریل گاڑی پٹری سے اترنے کے بعد ٹریک آج بحال

    بھکر میں اتوار کو ریل گاڑی پٹری سے اترنے کے بعد ٹریک آج بحال

    بھکر: پنجاب کے ضلع بھکر کی تحصیل کلور کوٹ کے قریب متاثرہ ریلوے ٹریک 36 گھنٹے کے بعد بحال کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کو بھکر میں کلور کوٹ کے قریب ایک مال بردار ریل گاڑی پٹری سے اتر گئی تھی، جس کے بعد ٹریک کو بند کر دیا گیا تھا، محکمہ ریلوے 22 گھنٹوں میں بھی ٹریک کو بحال نہ کر سکا تھا۔

    ریلو حکام کا کہنا ہے کہ آج ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے، راولپنڈی جانے والی ٹرین کو ٹریک سے گزار دیا گیا ہے۔

    ریلوے حکام کے مطابق اتوار کو کلورکوٹ کے قریب مال بردار ریل گاڑی پٹری سے اتر گئی تھی، اور اس کی 7 بوگیاں 6 فٹ گہری کھائی میں گر گئی تھیں، حادثے کی وجہ سے فوری طور پر کوٹ ادو، کندیاں سیکشن گاڑیوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ ملتان سے روالپنڈی جانے والی ٹرینوں کو بھی مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  تیزگام کی بوگیاں پٹری سے اترگئیں، آپریشن معطل، ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر

    ریلوے حکام نے کہا تھا کہ دھند بہت زیادہ ہے اس لیے امدادی کارروائیاں دن میں شروع کی جائیں گی، تاہم دوسرے دن بھی ریلوے ٹریک کو بحال نہیں کیا جا سکا، 22 گھنٹوں میں صرف 2 بوگیاں ٹریک سے ہٹائی جا سکی تھیں۔

    گزشتہ روز مہر، تھل اور خوشحال خان ایکسپریس کو براستہ فیصل آباد، شاہین آباد روانہ کر دیا گیا تھا۔ ریلوے حکام کے مطابق آج 36 گھنٹے بعد کوٹ ادو کندیاں سیکشن پر ریلوے ٹریک کو بحال کر دیا گیا ہے۔

  • تمام سیاست دان جی ایچ کیو گیٹ 4 کی پیداوار ہیں: شیخ رشید

    تمام سیاست دان جی ایچ کیو گیٹ 4 کی پیداوار ہیں: شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیر شیخ رشید نے تمام سیاست دانوں کو جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیداوار قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریلوے وزیر شیخ رشید نے کہا کہ بھٹو سے لے کر نواز شریف تک مارشل لا کی نرسیوں سے پیدا ہوئے لیکن اب وہ فوج نہیں رہی، فوج جمہوریت کو لازم و ملزوم سمجھتی ہے۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام سیاست دان جی ایچ کیو گیٹ نمبر 4 کی پیدوار ہیں، جتنے سیاست دان ہیں وہ زیادہ تر فوج کے گملے اور نرسریوں سے نکلے ہیں، سیاست دان جی ایچ کیو کے آٹھویں گیٹ سے نکل کر حکومت تک پہنچے، ایک دن تمام صحافیوں کو گیٹ نمبر 4 لے جاؤں گا اور 8 سے نکالوں گا۔

    انھوں نے کہا کہ عمران خان گیٹ نمبر 4 سے نہیں نکلے نہ ہی وہ فوج رہی، گیٹ نمبر چار نہیں رہا، میرے بعد بدل گیا، نواز شریف اور زرداری کی پارٹی نے مشرف سے ہاتھ ملایا، دونوں کو ساتھ دینے پر شرمندگی نہیں، شہباز شریف لندن میں بیٹھ کر انجوائے کر رہے ہیں لیکن جلد ان کی اچھی خبر آنے والی ہے۔ عمران خان کو نواز شریف کے باہر جانے کا دکھ رہے گا، بلاول نے پلی بارگین نہ کیا تو سیاست سے آؤٹ ہو جائیں گے۔

    شیخ رشید نے کوالالمپور سمٹ میں وزیر اعظم عمران خان کی عدم شرکت کے فیصلے پر کہا کہ اس مسئلے پر عمران خان ملک کے لیے پیچھے ہٹے۔ مشرف کیس میں پیرا 66 ان کے خلاف جوڈیشل مارشل لا کے مترداف ہے، پیرا 66 کا میں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔

    قبل ازیں، شیخ رشید نے لاہور میں ریلوے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی، جس کے بعد انھوں نے ریلوے اسپورٹس کی گرانٹ 5 کروڑ کرنے کا اعلان کیا، اور کہا کہ آیندہ سال اسپورٹس گرانٹ 10 کروڑ روپے کر دی جائے گی، انھوں نے کہا کہ ریل کی نوکریوں میں کھلاڑیوں کا کوٹہ ہوگا، کھلاڑیوں کی تقرریاں میرٹ پر کی جائیں گی۔

    انھوں نے تقریب میں کہا کہ نئے سال میرا ہدف ہے کہ فریٹ اور ٹریک پر کام کیا جائے، اور ریلوے کی زمینیں استعمال میں لائی جائیں، مسافروں کے لیے اسٹیشن اور سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے، 4 نئی ٹرینیں چلانے اور 4 نئی فریٹ ٹرینوں کی پیش کش بھی کرنے جا رہے ہیں، 7 ٹرینیں نجی سیکٹرز کو دینے جا رہے ہیں، جب کہ ایم ایل ون کا اس شان سے افتتاح کریں گے کہ میرے بعد بھی یاد رہے گا۔

  • ریلوے پولیس کی بڑی کارروائی، بولان میل سے 10 کلو سے زائد چرس برآمد

    ریلوے پولیس کی بڑی کارروائی، بولان میل سے 10 کلو سے زائد چرس برآمد

    کراچی: پاکستان ریلوے پولیس کی ایک کارروائی میں بولان میل سے 10 کلو 500 گرام چرس برآمد کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ٹرین بولان میل سے دس کلو سے زائد چرس برآمد کر لی۔

    ملزم احمد اللہ نے سیب کے کاٹن میں چرس کے 09 پیکٹ چھپا رکھے تھے، دوران سفر ریلوے پولیس نے ملزم کے مشکوک سامان کی تلاشی لی تو اس میں سیب کے کاٹن میں سے چرس نکل آئی۔

    ملزم کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس کوئٹہ میں مقدمہ کا اندراج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت نئی نسل کومنشیات سے بچانے کے لئے جہاد کر رہی ہے، شہریار آفریدی

    خیال رہے کہ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر آئے دن منشیات اسمگلنگ کے واقعات ہو رہے ہیں، تاہم ایئرپورٹس حکام یہ کوششیں ناکام بناتے رہے ہیں، اب ریل گاڑی کے ذریعے بھی منشیات اسمگلنگ ہو رہی ہے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل وفاقی وزیر نارکو ٹکس شہر یار آفریدی نے کہا تھا کہ حکومت نئی نسل کو منشیات سے بچانے کے لیے جہاد کر رہی ہے، ڈرگ رپورٹس کو خفیہ رکھا جا رہا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو نشے کی لت سے بچانا ہے۔

  • سانحہ تیز گام: وزارتِ ریلوے کے متعدد افسران معطل اور عہدوں سے برطرف

    سانحہ تیز گام: وزارتِ ریلوے کے متعدد افسران معطل اور عہدوں سے برطرف

    کراچی: سانحہ تیزگام کے سلسلے میں وزارتِ ریلوے متحرک ہو گئی ہے، محکمے کے متعدد افسران کو معطل اور عہدوں سے بر طرف کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت ریلوے کے ترجمان نے کہا ہے کہ محکمے کے متعدد ملازمین کو تیزگام حادثے میں غفلت برتنے پر معطل کر دیا گیا ہے، جن میں کمرشل اور ٹرانسپوٹیشن گروپ سمیت ریلوے پولیس کے گریڈ 17 اور 18 کے چند افسران بھی شامل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق کراچی ڈویژن میں کمرشل ٹرانسپورٹیشن گروپ کے گریڈ 18 کے آفیسر جنید اسلم کو ڈیوٹی میں کوتاہی برتنے پر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    سکھر ڈویژن میں گریڈ 17 کے آفیسر عابد قمر شیخ جو کہ ڈویژنل کمرشل آفیسر کے عہدے پر کام کر رہے تھے، کو فرائض میں غفلت برتنے پر معطل کر دیا گیا۔

    اہم ترین:  سانحہ تیزگام: ریلوے پولیس کی ابتدائی تحقیقات مکمل، حادثے کی وجہ سامنے آ گئی

    معطل ہونے والوں میں سکھر ڈویژن کے اسسٹنٹ کمرشل آفیسر راشد علی، کراچی ڈویژن کے اسسٹنٹ کمرشل آفیسر احسان الحق، سکھر ڈویژن کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ریلوے پولیس دلاور میمن اور کراچی ریلوے ڈویژن پولیس کے ڈپٹی سرنٹنڈنٹ حبیب اللہ خٹک کے نام بھی شامل ہیں۔

    دریں اثنا، سانحہ تیزگام کی تحقیقات کے لیے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف پاکستان ریلوے ( ایف جی آئی آر ) دوست علی لغاری انکوائری افسر مقرر کر دیے گئے ہیں، انکوائری سے متعلق پہلا اجلاس 9،8 نومبر کو ڈی ایس آفس ملتان میں ہوگا جب کہ دوسرا اجلاس 12 نومبر کو میرپور خاص ریلوے اسٹیشن پر ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق یہ اوپن انکوائری ہوگی جس میں سانحہ تیز گام کے متعلق اگر کوئی شخص معلومات رکھتا ہے اور کسی کے پاس ثبوت ہوں تو وہ حصہ لے سکتا ہے اور معلومات فراہم کر سکتا ہے، اگر کوئی شخص حصہ نہیں لے سکتا ہے تو وہ فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف پاکستان ریلوے کو لیٹر اور سانحے سے متعلق 15 نومبر تک دستاویز بھیج سکتا ہے۔