Tag: پاکستان ریلوے

  • ریلوے میں 70 سال سے ڈیزاسٹرمینجمنٹ کا کوئی تصور نہیں، قرۃ العین

    ریلوے میں 70 سال سے ڈیزاسٹرمینجمنٹ کا کوئی تصور نہیں، قرۃ العین

    لاہور: ڈائریکٹر پبلک ریلیشن ریلوے قرۃ العین نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پرنقصان ہو تو دیگر ادارے معاونت کرتے ہیں، ریلوے میں 70 سال سے ڈیزاسٹرمینجمنٹ کا کوئی تصور نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر پبلک ریلیشن ریلوے قرۃ العین نے کہا کہ تبلیغی اجتماع کے لیے جانے والوں کی چیکنگ آسان نہیں ہوتی۔

    انہوں نے کہا کہ مسافر اسٹیشن پر آتے ہیں تو پہلے ریلوے پولیس چیکنگ کرسکتی ہے، مسافر کے سوار ہونے کے بعد ٹرین کا گارڈ بھی سامان چیک کرسکتا ہے۔

    ڈائریکٹر پبلک ریلیشن ریلوے نے کہا کہ بہت سی میتیں ناقابل شناخت ہیں، مسافروں کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ٹرین کے اپنے پاور سپلائی میں اتنی بڑی آگ نہیں بھڑک سکتی، ٹرین میں چھوٹی موٹی اسپارک ہوسکتی ہے مگر آگ نہیں لگ سکتی۔

    قرۃ العین نے مزید کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پرنقصان ہو تو دیگر ادارے معاونت کرتے ہیں، ریلوے میں 70 سال سے ڈیزاسٹرمینجمنٹ کا کوئی تصور نہیں ہے۔

    لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 74 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

    تیزگام ایکسپریس کو حادثہ صبح چھ بجکر پندرہ منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا تھا۔

  • وزیر اعظم کا وزیر ریلوے کو فون، جاں بحق افراد کے ورثا کے لیے مزید 5 لاکھ کا اعلان

    وزیر اعظم کا وزیر ریلوے کو فون، جاں بحق افراد کے ورثا کے لیے مزید 5 لاکھ کا اعلان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو ٹیلی فون کر کے تیزگام حادثے کی تفصیلات حاصل کیں، وزیر اعظم نے اپنی طرف سے جاں بحق افراد کے ورثا کے لیے فی کس 5 لاکھ روپے مزید ادا کرنے کا اعلان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیاقت پور میں تیزگام سانحے کے سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے وزیر ریلوے شیخ رشید کو ٹیلی فون کیا جس میں جاں بحق افراد کے ورثا کو وزیر اعظم کی طرف سے فی کس 5 لاکھ مزید ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعظم نے فون پر شیخ رشید کو حادثے کی تحقیقات جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا حادثے کے سلسلے میں کوتاہی کے مرتکب افراد سے قانون کے مطابق نمٹا جائے، ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے ریلوے میں احتساب کا عمل بھی شروع کیا جائے۔

    وزیر اعظم نے شیخ رشید کو جاں بحق افراد کے لواحقین کو فوری مدد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا زخمی افراد کو بھی بہترین طبی سہولیات فراہم کریں، واقعے کی تحقیقات سے مسلسل آگاہ رکھیں۔

    خیال رہے کہ وزیر ریلوے نے اعلان کیا تھا کہ جاں بحق مسافروں کے ورثا کو فی کس 15 لاکھ روپے دیے جائیں گے، جب کہ زخمی ہونے والے مسافروں کو 3 سے 5 لاکھ ادا کیے جائیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 74 افراد جاں بحق

    شیخ رشید نے وزیر اعظم کو بتایا کہ حادثے کے بعد ریسکیو اور قریبی علاقوں سے آرمی کے جوان فوراً جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے جنھوں نے مقامی انتظامیہ سے مل کر ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، یہ ٹرین حادثہ دو گیس سلنڈروں کے پھٹنے کے باعث پیش آیا، مسافروں کی جانب سے ناشتے کی غرض سے غیر قانونی سلنڈر استعمال ہو رہے تھے۔

    انھوں نے کہا کہ تقریباً 2 لاکھ تبلیغی رائیونڈ میں اجتماع کے لیے ٹرین سے سفر کرتے ہیں، یہ افراد کھانا پکانے کا سامان، چولھے وغیرہ بھی لے کر سفر کرتے ہیں، ٹرین عملے کی غفلت بظاہر اس واقعے کا باعث بنی ہے، کسی کی بد نیتی کے بارے میں کچھ کہا نہیں جا سکتا۔

    انھوں نے بتایا کہ وہ آرمی چیف کے فراہم کردہ خصوصی طیارے سے زخمیوں کی عیادت کے لیے پہنچے تھے۔

    واضح رہے کہ تیزگام ایکسپریس میں آگ لگنے کی وجہ سے 74 مسافر جاں بحق، جب کہ 40 افراد زخمی ہوئے ہیں، یہ حادثہ لیاقت پور کے قریب پیش آیا، ریل کراچی سے راولپنڈی جا رہی تھی۔

  • ریلوے میں سب سے کم حادثات میرے دور میں ہوئے، شیخ رشید

    ریلوے میں سب سے کم حادثات میرے دور میں ہوئے، شیخ رشید

    ملتان: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریلوے کی تاریخ میں سب سے کم حادثات میرے دور میں ہوئے جس کا ریکارڈ موجو ہے جو پیش کر سکتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ تیز گام ایکسپریس کے زخمیوں کی عیادت کے بعد ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے سانحے میں 74 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

    وزیر ریلوے نے حادثے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سلنڈر اور چولہا جلانے کی وجہ سے اتنا بڑا سانحہ رونما ہوا، تبلیغی جماعت کے لوگ ناشتے کی تیاری کے لیے چولہا جلانے لگے تو گارڈ نے انہیں روکا لیکن گارڈ کےجانے کے بعد انہوں نےچولہا جلا لیا۔

    شیخ رشید نے سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو15،15لاکھ روپے اور زخمیوں کو فی کس 3 سے5 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان بھی کیا۔

    وزیر ریلوے نے بتایا کہ وزیراعظم نےواقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور 10 روز میں انکوائری مکمل کرکے مجرموں کو سزا دیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو ہٹانے کا مطالبہ

    شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ سب سے کم ٹرین حادثات ان کے دور میں ہوئے،ٹرین حادثات کا ریکارڈ موجود ہے جو پیش کرسکتا ہوں۔

    استعفے کے سوال پر وزیرریلوے نے جواب دیا کہ میرا استعفیٰ کوئی مسئلہ نہیں اس حوالے سے اتوار کو جواب دوں گا۔

    یاد رہےکہ لیاقت پور کے قریب تیزگام ایکسپریس میں آتشزدگی کے ہولناک واقعے میں تین بوگیوں میں سوار درجنوں مسافرزندہ جل گئے۔

    حادثے کے بعد بہاولپور ملتان اوررحیم یارخان کےسرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی،ایم ایس ڈی ایچ کیو لیاقت پورکےمطابق 12 مسافروں کی حالت تشویشناک ہے جب کہ جاں بحق اورزخمیوں کی شناخت کی کوشش کررہے ہیں،14 لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔

  • سیلفی کا جنون: ریلوے لائن پر دو دوست ٹرین کی زد میں آ گئے

    سیلفی کا جنون: ریلوے لائن پر دو دوست ٹرین کی زد میں آ گئے

    گجرات: سیلفی کا جنون ایک اور نوجوان کی جان لے بیٹھا، گجرات میں ریلوے ٹریک پر دو دوست اس وقت ٹرین کی زد میں آئے جب وہ چلتی ریل کے بیک گراؤنڈ میں سیلفی لینے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق گجرات میں ریلوے لائن پر سیلفیاں بناتے ہوئے دو دوست ٹرین کی زد میں آ گئے، جس کے نتیجے میں ایک موقع پر جاں بحق ہو گیا جب کہ دوسرے دوست کی حالت تشویش ناک ہے۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ زعیم شاہ کی لاش اور زخمی مبین کو عزیز بھٹی شہید اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، زخمی مبین کو طبی امداد دی جا رہی ہے لیکن اس کی حالت تشویش ناک ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زعیم شاہ نے اپنے دوست کے ہم راہ چلتی ٹرین کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش میں جان گنوائی۔

    یہ بھی پڑھیں:  صلاح الدین کو انصاف دو! شہریوں کی اے ٹی ایم کو زبان چڑاتی سیلفیاں

    یاد رہے کہ ماضی میں بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں متعدد نوجوان ریلوے ٹریک پر چلتی ٹرین کے ساتھ سیلفی لینے کے شوق میں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

    21 دسمبر 2018 کو فیصل آباد میں ایک نوجوان نے پستول تھامے سیلفی لینے کی کوشش کی لیکن غلطی سے ٹریگر دبنے کے باعث وہ موت کے منہ میں چلا گیا۔ دو سال قبل گجرات ہی کے کولیاں شاہ حسین کے قریب واقع اتوال نہر میں سیلفی لینے کی کوشش کے دوران دو بھائی نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ سیلفیاں لینا جب ذہنی مرض بن جائے تو جان کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے تاہم اس رجحان کو سماجی احتجاج کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے جیسا کہ پولیس حراست میں حال ہی میں ذہنی مریض صلاح الدین کی موت پر لوگوں نے اے ٹی ایم بوتھس میں طنزیہ سیلفیاں لے کر احتجاج کیا۔

  • ریلوے میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہوا: پارلیمانی سیکریٹری

    ریلوے میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہوا: پارلیمانی سیکریٹری

    اسلام آباد: پارلیمانی سیکریٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ریلوے کی سواریوں میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہو چکا ہے، ہم نے ریلوے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں بھی اضافہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے قومی اسمبلی اجلاس میں محکمہ ریلوے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں ریلوے میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہوا۔

    انھوں نے کہا ریلوے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں بھی اضافہ کیا گیا، دوسری طرف ریلوے کے اخراجات کم کیے گئے، ریلوے اپنے ٹریک پر رواں دواں ہے بلکہ پھل پھول رہا ہے۔

    فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ فیصل آباد ریلوے اسٹیشن بھوت بنگلے کا منظر پیش کرتا تھا، اب اس کی تزئین و آرایش شروع کر دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  محکمہ ریلوے کی بدانتظامی، ٹرینیں حسب معمول تاخیر کا شکار، مسافر اذیت میں مبتلا

    پارلیمانی سیکریٹری نے کہا محدود وسائل میں رہ کر ریلوے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ محکمہ ریلوے کی بد انتظامی اور حادثات سے ٹرینوں کی آمد و رفت کا شیڈول کچھ عرصے سے مسلسل تاخیر کا شکار ہے، ریلوے حکام ٹرین آپریشن کو معمول پر لانے میں ناکام رہے ہیں جس سے مسافروں کو انتظار کی کوفت اور اذیت کا سامنا ہے۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید نے رواں ماہ کہا تھا کہ 5 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کرنا ہے، ہم 138 ٹرینیں روزانہ چلا رہے ہیں، ساری ٹرینیں افسران اور مزدوروں کی محنت سے چلی ہیں، میں چاہتا ہوں سیاست سے بالاتر ہوکر ریلوے چلایا جائے۔

  • رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ، 10 مسافر زخمی

    رحمان بابا ایکسپریس کو حادثہ، 10 مسافر زخمی

    ٹوبہ ٹیک سنگھ: پشاور سے کراچی جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کی 4 بوگیاں پٹری سے اترگئیں جس کے نتیجے میں 10 مسافر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور سے کراچی جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کو ٹوبہ ٹیکس سنگھ ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 10 مسافر زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس کی 4 بوگیاں پٹری سے اترگئیں، حادثے کے باعث ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔

    حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ ریلیف ٹرین اور انجن کو حادثے کی جگہ روانہ کردیا گیا۔

    ریلوے ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ حادثہ ڈرائیورصغٖیرعباس کی نااہلی کے باعث پیش آیا، صغیرعباس مال گاڑی کا ڈرائیور تھا، مسافرٹرین چلانے لگا۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق اے سی پارلر مسافروں کو ریلیف ٹرین سے روانہ کردیا گیا جبکہ اکانومی کلاس مسافروں کو متبادل ٹرین سے روانہ کیا جائے گا۔

    صادق آباد ٹرین حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی

    اس سے قبل رواں سال جولائی میں مسافر ٹرین اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 84 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اکبرایکسپریس حادثے کو انسانی غلطی قرار دیتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے9،9 لاکھ جبکہ شدید زخمیوں کو پانچ لاکھ اور کم زخمی افراد کو 2،2 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔

  • عید اسپیشل ٹرینیں چلانے، معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ

    عید اسپیشل ٹرینیں چلانے، معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ

    لاہور: وزارت ریلوے نے بقر عید پر اسپیشل ٹرینیں چلانے اور معمول کی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عید پر خصوصی ٹرینوں کے ساتھ ساتھ معمول کی ٹرینوں میں اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر کیا گیا۔

    ریلوے ترجمان نے بتایا ہے کہ 7، 8، 9، اور 10 اگست کو ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگائی جائیں گی۔

    ترجمان کے مطابق چاروں دن 5 شیڈول ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا فیصلہ ہوا ہے، ان اضافی کوچز کی بکنگ فوری طور پر کھول دی گئی ہے۔

    شیڈول کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین 10 اگست کو کراچی سے راولپنڈی براستہ لاہور روانہ ہوگی، دوسری عید اسپیشل ٹرین 10 اگست کو کوئٹہ سے راولپنڈی براستہ لاہور روانہ ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وفاقی حکومت کا عید الاضحیٰ پر چار چھٹیاں دینے کا اعلان، نوٹی فکیشن جاری

    ریلوے ترجمان کا کہنا تھا کہ عید اسپیشل ٹرینوں کی بکنگ 24 گھنٹے پہلے کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے عید الاضحیٰ پر ملک بھر میں سرکاری تعطیلات کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق چھٹیاں 12 سے 15 اگست تک ہوں گی۔

    واضح رہے کہ آئے دن ٹرینوں کی تاخیر کا مسئلہ شدت اختیار کر گیا ہے، آج بھی لاہور سے مختلف شہروں کے لیے روانہ ہونے والی ٹرینیں تاخیر کا شکار رہیں، ان ریل گاڑیوں میں کراچی ایکسپریس، جناح ایکسپریس، اکبر ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور پاکستان ایکسپریس شامل تھیں۔

    شیخ رشید نے ٹرینوں کی تاخیر کے حوالے سے کہا کہ ایک ماہ کی مہلت دے دیں، بارشوں کی وجہ سے سگنل سسٹم متاثر ہوتا ہے، ہماری 136 میں سے 6 ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں لیکن وہ بھی ایک ماہ میں ٹھیک ہو جائیں گی۔

  • پاکستان ریلویز کا مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں 20 فی صد اضافے کا اعلان

    پاکستان ریلویز کا مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں 20 فی صد اضافے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان ریلویز نے مال بردار گاڑیوں کے کرایے میں 20 فی صد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مال بردار ریل گاڑیوں کے کرائے میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے، پاکستان ریلویز نے بیس فی صد اضافے کا اعلان کیا۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق کرایوں میں اضافے کا اطلاق 10 اگست سے ہوگا، کرایوں میں اضافے کا اطلاق ایچ ایس ڈی اور کارگو ٹرینوں پر نہیں ہوگا۔

    وزارت ریلوے نے کرایوں میں اضافے کے سلسلے میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو احکامات جاری کر دیے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان ریلوے میں اب نئی بھرتی ٹیسٹ اور انٹرویو کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگی

    یاد رہے کہ جون میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے کے کرایوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد یکم جولائی سے اکانومی کلاس کرائے میں 100 روپے کا اضافہ ہوا، مجموعی طور پر کرایوں میں 6 سے 7 فی صد اضافہ کیا گیا۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے کراچی سے مزید 3 فریٹ ٹرینیں چلانے کا بھی اعلان کیا تھا۔

    شیخ رشید نے گزشتہ ماہ بتایا کہ وزارت نے تن خوا اور تیل پر 3 ارب کا اضافی خرچ اٹھایا ہے۔ تیل، پنشن اور تن خوا کی مد میں ساڑھے 12 ارب خرچ ہوئے۔ 24 ٹرینیں اور 2 مال گاڑیاں چلائی گئیں۔ سال میں 60 لاکھ مسافر بڑھائے گئے۔

    واضح رہے کہ پاکستان ریلوے میں نئی بھرتی کے سلسلے میں پالیسی بھی تبدیل کر دی گئی ہے، نئی بھرتیاں اب ٹیسٹ اور انٹرویو کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے ہوں گی، قرعہ اندازی میں نام نکلنے کی صورت میں میڈیکل کے بعد امیدوار کو ملازمت مل جائے گی۔

  • وزیراعظم عمران خان آج میانوالی ایکسپریس کا افتتاح کریں گے

    وزیراعظم عمران خان آج میانوالی ایکسپریس کا افتتاح کریں گے

    میانوالی: وزیراعظم عمران خان آج لاہور اور ماڑی انڈس کے درمیان چلنے والی میانوالی ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔ نئی ٹرین میں 5 بوگیاں اکانومی کلاس کی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج میانوالی میں لاہور اور ماڑی انڈس کے درمیان چلنے والی میانوالی ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔

    میانوالی ایکسپریس میں 5 بوگیاں اکانومی کلاس، ایک اے سی اسٹینڈرڈ اور ایک بوگی پاور پلانٹ پر مشتمل ہوگی، شاہدرہ، قلعہ شیخوپورہ، سانگلہ ہل اور چنیوٹ میانوالی ایکسپریس کے اسٹاپ ہوں گے۔ میانوالی ایکسپریس سرگودھا، خوشاب، کندیاں، میانوالی اور داؤد خیل پر بھی اسٹاپ کرے گی۔

    ریلوے حکام کے مطابق ماڑی انڈس سے بھی میانوالی ایکسپریس رات 9 بجے روانہ ہوکر اگلے روز صبح 6 بجے لاہور پہنچا کرے گی۔

    میانوالی ایکسپریس میں لاہور سے سرگودھا تک اکانومی کلاس کا کرایہ 250 اور اے سی اسٹینڈرڈ کا کرایہ 650 روپے رکھا گیا ہے لاہور سے میانوالی کا اکانومی کلاس کا کرایہ 350 روپے، اے سی اسٹینڈرڈ کا کرایہ 800 روپے ہوگا۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ لاہور سے ماڑی انڈس کا اکانومی کلاس کا کرایہ 400 روپے، اے سی اسٹینڈرڈ کا کرایہ 1000 روپے ہوگا۔

  • پاکستان ریلوے میں اب نئی بھرتی ٹیسٹ اور انٹرویو کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگی

    پاکستان ریلوے میں اب نئی بھرتی ٹیسٹ اور انٹرویو کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگی

    اسلام آباد : پاکستان ریلوے میں اب نئی بھرتی ٹیسٹ اور انٹرویو کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے ہو گی، قرعہ اندازی میں نام نکلنے کی صورت میں میڈیکل کے بعد امیدوار کو ملازمت مل جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی بھرتی پالیسی میں تبدیلی کردی گئی ، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ریلوے میں گریڈ ایک سے پانچ تک کی اسامیوں پر نئی بھرتی ٹیسٹ اور انٹرویو کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے ہو گی۔

    ریلوے کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ قرعہ اندازی میں نام نکلنے کی صورت میں میڈیکل کے بعد امیدوار کو ملازمت مل جائے گی۔

    ریلوے ذرائع کے مطابق ریلوے میں 10 ہزار سے زائد اسامیوں کے لیے 9 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، لاکھوں بے روزگاروں کا ٹیسٹ اور انٹرویو لینا عملاً ممکن نہیں، ریلوے نے وفاقی حکومت کو اس صورت حال سے آگاہ کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : ریلوے کے خسارے میں 4 ارب کی تاریخی کمی کی ہے: شیخ رشید

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے ریلوے کی استدعا پر انہیں قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتی کرنے کی منظوری دی ہے، پہلا موقع ہے کہ ریلوے میں بھرتیوں کے لیے قرعہ اندازی ہوگی۔

    یاد رہے چند روز قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہناتھا کہ ہم نے ریلوے کے خسارے میں 4 ارب کی تاریخی کمی کی ہے، آمدن میں اضافہ ہوجائے تو ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کروں گا۔