Tag: پاکستان ریلوے

  • سپریم کورٹ کا رائل پام کلب پاکستان ریلوے کے حوالے کرنے کا حکم

    سپریم کورٹ کا رائل پام کلب پاکستان ریلوے کے حوالے کرنے کا حکم

    لاہور: سپریم کورٹ نے لاہور میں واقع رائل پام کلب پاکستان ریلوے کے حوالے کرتے ہوئے رائل پام انتظامیہ کا ریلوے کے ساتھ معاہدہ کالعدم قرار دے دیا جبکہ رائل پام کے لیے تین ماہ میں نیا ٹینڈر جاری کرنے کا حکم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے رائل پام سے متعلق کیس کی سماعت کی ، مقدمے میں ریلوےکی جانب سے ابوذر سلمان نیازی اورسلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ پیش ہوئے جبکہ رائل پام کی طرف سے اعتزازاحسن ، علی ظفر اور مخدوم علی خان نے پیروی کی۔

    جسٹس عظمت سعید اورجسٹس اعجاز الاحسن نےسپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمے کا فیصلہ سنایا ، فیصلے میں حکم دیا کہ رائل پام کنٹری کلب کے تمام معاملات ریلوے انتظامیہ کے ذمہ ہوں گے اور پاکستان ریلوے رائل پام کے تمام انتظامات کو بہترین طریقے سے چلائے گی۔

    عدالت نے حکم دیا کہ تین ماہ میں رائل پام کے انتظامات کے لیے قواعد و ضوابط طے کیے جائیں ۔

    عدالت نے قرار دیا کہ شیخ رشید نے بیان دیا کہ کئی غیر ملکی کمپنیاں رائل پام کا ٹھیکہ مہنگے داموں لینے میں دلچسپی لے رہی ہیں لہذا اس حوالے سے تین ماہ میں نیا ٹینڈر جاری کیا جائے اور اس میں غیر ملکی کمپنیوں کو قانون کے مطابق شامل کیا جائے ۔

    عدالت نے ٹینڈر کی نگرانی کے لیے جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل عمل درآمد بنچ بھی تشکیل دے دیا جبکہ حکم دیا کہ اس دوران رائل پام میں ہونے والی تقریبات کو متاثر نہ کیا جائے ۔

    سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ احتساب عدالت اس معاملے پر قانون کے مطابق اپنی کارروائی جاری رکھے ۔

    خیال رہے 27 دسمبر 2018 کو سپریم کورٹ نے رائل پام انتظامیہ تحلیل کر دی تھی اور 11 اپریل کو معاہدہ غیر قانونی قرار دے کر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

    رائل پام سے متعلق نیب انکوائری نیب راولپنڈی میں زیر تفتیش ہے ، نیب کے مطابق 2001 میں تجارتی مقاصد کے لیے ریلوے گالف کلب کی 49 سالہ لیز اور  140 ایکڑ زمین غیر قانونی طور پر دے جس کی وجہ سے قومی خزانے کو2 ارب 20 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔

  • پسنجر، انٹر سٹی ٹرینوں کے کرایوں میں 2 سے 8.5 فی صد اضافہ کر دیا گیا

    پسنجر، انٹر سٹی ٹرینوں کے کرایوں میں 2 سے 8.5 فی صد اضافہ کر دیا گیا

    کراچی: پاکستان ریلویز نے کرایوں میں اضافہ کرتے ہوئے پسنجر، انٹر سٹی ٹرینوں کے کرایوں میں 2 سے 8.5 فی صد اضافہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے ترجمان نے کہا ہے کہ ریلوے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، کرایوں میں 2 سے 8.5 فی صد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ کرایوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا، اضافے کا فیصلہ تیل کی قیمتیں بڑھنے پر کیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق کرایوں میں اضافے کا اطلاق 50 کلو میٹر تک سفر پر نہیں ہوگا، اکانومی کلاس کے کرایوں میں 100 روپے سے کم اضافہ کیا گیا، جب کہ اسپیشل ٹرینوں کے کرائے قراقرم ایکسپریس کے برابر رکھے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ حکومت کا ریلوے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

    یاد رہے کہ تین دن قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے کے کرایوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم جولائی سے اکانومی کلاس کرائے میں 100 روپے کا اضافہ ہوگا، کرایوں میں 6 سے 7 فی صد اضافہ کیا جا رہا ہے۔

    شیخ رشید نے کہا تھا کہ جو ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں ان میں کوئی اضافہ شامل نہیں کیا جائے گا۔

    ادھر سندھ حکومت نے وفاق سے ریلوے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے، وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ شیخ رشید نے ریلوے نظام کو جان بوجھ کر تباہ کر دیا ہے، کرایوں میں اضافہ کر کے ریلوے کو مزید تباہ کیا جا رہا ہے۔

  • حیدر آباد حادثے کے بعد ٹرین آپریشن تا حال تاخیر کا شکار

    حیدر آباد حادثے کے بعد ٹرین آپریشن تا حال تاخیر کا شکار

    کراچی: تین دن قبل پیش آنے والے حیدر آباد حادثے کے بعد ٹرین آپریشن تا حال تاخیر کا شکار ہے، ٹرینیں تاخیر سے آنے کی وجہ سے کراچی سے روانگی میں بھی تاخیر کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو حیدر آباد ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک ہی ٹریک پر چلنے والی دو ریل گاڑیوں کے آپس میں ٹکرانے کے حادثے کے بعد سے اب تک ٹرین آپریشن بحال نہیں کیا جا سکا ہے۔

    ریل گاڑیاں تاخیر سے کراچی آ رہی ہیں جس کی وجہ سے کراچی سے جانے والی ٹرینیں بھی تاخیر سے نکل رہی ہیں۔

    لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس 5 گھنٹے تاخیر سے سوا 9 بجے روانہ ہوگی، ملت ایکسپرس ایک گھنٹہ 45 منٹ تاخیر سے 6 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوگی۔

    تیزگام ایکسپریس 2 گھنٹے تاخیر سے 7 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگی جب کہ سکھر ایکسپریس ایک گھنٹہ تاخیر سے رات 11 بجے روانہ ہوگی۔

    تازہ خبریں پڑھیں:  اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق

    ریلوے حکام نے ہدایت جاری کی ہے کہ مسافر معلومات کے لیے ریلوے انکوائری 117ـ021 پر رابطہ کریں۔

    یاد رہے کہ حیدر آباد کے قریب کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، اس حادثے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں جناح ایکسپریس کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور اور گارڈ شامل تھے، حادثہ اتنا شدید تھا ٹرینوں کے ٹکرانے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

  • اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق

    اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق

    اسلام آباد: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق نے ریل حادثات کی وجہ اضافی ریل گاڑیوں کو قرار دے دیا، کہا اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریل سیکورٹی کی تمام ایس او پیز پر کمپرومائز کیا ہے، صدر کو خوش کرنے کے لیے انھوں نےدھابیجی ایکسپریس چلائی۔

    سابق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ن لیگ دور میں ریلوے کے ایندھن کا ذخیرہ 20 روز کا تھا، موجودہ حکومت میں ریلوے کے ایندھن کا ذخیرہ 3 دن رہ گیا ہے۔

    سعد رفیق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریل کرایوں میں اضافے کی بھی شدید مذمت کی، کہا تبدیلی سرکار نے ریلوے کی ترقی کو ریورس گیئر لگا دیا، ن لیگ نے ریلوے ریونیو کو 50 ارب تک پہنچایا تھا، ریلوے کا سالانہ ترقیاتی بجٹ بھی 40 ارب تک پہنچایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  شیخ رشید کو وزارت ملنے کے بعد ریل حادثات بڑھ گئے: اپوزیشن، استعفے کا مطالبہ

    انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریلوے کے ترقیاتی بجٹ کے لیے 16 ارب رکھے ہیں، جب کہ اس بجٹ میں ریلوے کے خسارے کا تخمینہ بھی 39 ارب لگایا گیا۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے آنے کے ساتھ ہی ریل کرایوں میں اضافہ کر دیا ہے، دو روز قبل ریل کرایوں میں دوبارہ 7 فی صد اضافہ کیا گیا۔

    متعلقہ خبر:  سندھ حکومت کا ریلوے کرایوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کو سالانہ 100 ارب روپے بجٹ درکار ہے، باقی اداروں کی طرح پاکستان ریلوے کو بھی تباہ کر دیا گیا، تبدیلی سرکار منتخب کرانے والے تبدیلی کے مزے لے رہے ہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے پر بھی حکومت قوم سے جھوٹ بول رہی ہے، ایم ایل ون پر چین سے معاہدہ نہیں محض ایم او یو ہوا۔

  • کراچی جاتے ہوئے تیز گام کی لاہور یارڈ میں 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    کراچی جاتے ہوئے تیز گام کی لاہور یارڈ میں 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    لاہور: پاکستان ریلوے کی ایک اور ٹرین کو حادثہ پیش آ گیا، کراچی جاتے ہوئے تیز گام کی لاہور یارڈ میں 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق تیزگام ٹرین کی تین بوگیاں لاہور یارڈ میں پٹری سے اتر گئیں، ریل کراچی جا رہی تھی، ترجمان ریلوے کا کہنا تھا کہ متبادل کوچز لگا کر 40 منٹ تک ٹرین کو روانہ کر دیا جائے گا۔

    ریلوے ترجمان نے بتایا کہ اسٹیشن پر آنے اور جانے والی ٹرینوں کے لیے راستہ کلیئر ہے، پٹری سے اترنے والی کوچز کو ٹریک سے اٹھایا جا رہا ہے، جلد ہی ٹریک بھی کلیئر کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل حیدر آباد کے قریب کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس ایک ہی ٹریک پر چلنے والی مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، اس حادثے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، تین افراد جاں بحق

    جاں بحق ہونے والوں میں جناح ایکسپریس کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور اور گارڈ شامل تھے، حادثہ اتنا شدید تھا ٹرینوں کے ٹکرانے کی آواز دور دور تک سنی گئی، جناح ایکسپریس کا انجن جل کر مکمل تباہ ہو گیا۔

    ذرایع کے مطابق نا تجربہ کار افسران کی وجہ سے ریلوے آپریشن کئی عرصے بری طرح متاثر ہے، چند ماہ میں متعدد گاڑیوں کے پٹری سے اترنے کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

    گزشتہ روز اپوزیشن نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ جب سے انھیں وزارت ملی ہے، ٹرینوں کے حادثات بڑھ گئے ہیں۔

  • عید اسپیشل ٹرین آج کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی

    عید اسپیشل ٹرین آج کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی

    کوئٹہ: عید الفطر کے موقع پر آج سے مسافروں کے لیے خصوصی ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں اور پہلی عید اسپیشل ٹرین آج کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے 10 بوگیوں پر مشتمل خصوصی عید ٹرین ساڑھے گیارہ بجے روانہ ہوگی جو سبی، ملتان، لاہور سے ہوتی ہوئی 3 جون کو شام ساڑھے چھ بجے راولپنڈی پہنچے گی۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ عید ٹرین میں بکنگ دو دن قبل ہی بند ہوچکی ہے جبکہ 8 جون کو راولپنڈی سے واپس کوئٹہ آنے والی عید اسپیشل ٹرین کی بکنگ بھی مکمل ہوچکی ہے۔

    پاکستان ریلوے کی جانب سے عید پر 5 خصوصی ٹرینیں چلائی جا رہی ہیں، کراچی سٹی اسٹیشن سے آج پشاور کے لیے ٹرین روانہ ہوگی، تیسری ٹرین 3 جون کو 11 بجے کراچی کینٹ سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔

    ریلوے حکام کے مطابق چوتھی ٹرین 8 جون کو راولپنڈی سے 8 بجے کوئٹہ روانہ ہوگی جبکہ پانچویں ٹرین 8 جون کو لاہور سے شام 6 بجے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔

  • عیدالفطر پر اضافی رش :  پاکستان ریلوے کا  5خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان

    عیدالفطر پر اضافی رش : پاکستان ریلوے کا 5خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان

    لاہور : پاکستان ریلوے کا عیدالفطر کے پُر مسرت موقع پر اضافی رش کے پیش نظر 5سپیشل ٹرینیں چلانے کااعلان کردیا ہے، عید ٹرینوں کی بکنگ کل 29 مئی سے شروع ہوجائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے نے عید پر اضافی رش کے پیش نظر 5 خصوصی ٹرینیں چلانے کااعلان کردیا ہے ، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی خصوصی ہدایت پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد آفتاب اکبرکی منظوری کے بعد باقاعدہ شیڈول جاری کیا۔

    شیڈول کے مطابق پہلی سپیشل ٹرین کراچی سٹی سے 2 جون کو صبح 10.45 بجے پشاور کے لئے روانہ ہو گی جبکہ دوسری عید سپیشل ٹرین 2 جون کو کوئٹہ سے دن 11.30 بجے راولپنڈی کے لئے روانہ ہو گی ۔

    ترجمان پاکستان ریلوے کا کہنا ہے تیسری سپیشل ٹرین 3 جون دن 11 بجے کراچی کینٹ سے لاہور کے لئے ، چوتھی سپیشل 8 جون کو راولپنڈی سے صبح 8 بجے کوئٹہ کے لئے جبکہ پانچویں اسپیشل ٹرین 8 جون کو لاہور سے شام چھ بجے کراچی کینٹ کے لئے روانہ ہو گی۔

    ترجمان کے مطابق عید اسپیشل ٹرینوں کی بکنگ کل 29 مئی سے شروع ہوجائے گی اور ٹکٹ آن لائن اور ریزرویشن دفاتر سے حاصل کیے جا سکیں گے۔

    مزید  پڑھیں:  عید کے دن ریلوے میں سفر کرنے والوں کے لیے آدھے ٹکٹ کا اعلان

    یاد رہے دو روز قبل ڈی سی او ریلوے نے کہا تھا عید الفطر سے قبل ہی کراچی سے روانہ ہونے والی ٹرینوں کی بکنگ فل ہو گئی، مسافروں نے پہلے ہی ایڈوانس بکنگ کرالی ہے ، عید اسپیشل ٹرینوں کے اعلان کے بعد خصوصی ٹرینوں کی بکنگ ہوگی۔

    خیال رہے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے عوام کو خوش خبری سناتے ہوئے عید کے دن ریلوے میں سفر کرنے والوں کے لیے آدھے ٹکٹ کا اعلان کر دیا تھا اور کہا تھا 8 ہزار نوکریاں اور ہمارے پاس 12 لاکھ درخواستیں آئی ہیں۔ کوئی ایک نوکری بھی بغیر میرٹ کے نہیں دی جائے گی۔

  • تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا، شیخ رشید

    تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا، شیخ رشید

    اسلام آباد : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اے سی کلاس کے کرائے عید کے بعد بڑھائے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شیخ رشید احمد نے موجودہ حکومت کے پہلے 6 ماہ کے دوران کی مالی حالت سے متعلق آگاہ کیا۔

    شیخ رشید احمد نے اجلاس میں بتایا کہ پاکستان ریلوے کو مسافر ٹرینوں سے 25 ارب سے زائد کی آمدن ہوئی ہے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 23 ارب روپے سے زائد تھی۔

    وفاقی وزیرریلوے نے کہا پاکستان ریلوے نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے لاہور میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سرکلر ریلوے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر 15 روز میں عملدرآمد کی کوشش کریں گے، سرکلر ریلوے پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہرممکن کوشش کریں گے۔

    وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سرکلر ریلوے کے حوالے سے حکومت سندھ کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جائے گا تاہم امن وامان قائم کرنا سندھ حکومت کا کام ہے۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ریلوے کی نجکاری کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

  • ایک سال میں فریٹ ٹرینوں کو20 کردیں گے، شیخ رشید

    ایک سال میں فریٹ ٹرینوں کو20 کردیں گے، شیخ رشید

    راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ہائی وے پرسارے پیسے لگا دیے گئے اورکسی ادارے پرتوجہ نہیں دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ خواہش ہے چین کے بعد روس اورترکی کے ساتھ جوائنٹ وینچرکریں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم کیوں کوچزاورلوکوموٹیو باہرسے منگوائیں، ہماری کوشش ہوگی سب کچھ یہاں تیار ہو، 8،9 ماہ میں 20 ٹرینیں چلائی ہیں اوران کے لیے کچھ درآمد نہیں کیا۔

    وزیر ریلوے نے کہا کہ فریٹ کا ٹارگٹ ابھی پورا نہیں کرسکے، مسافرٹرینوں سے زیادہ کمایا ہے، ایک سال میں فریٹ ٹرینوں کو20 کردیں گے۔

    شیخ رشید احمد نے کہا کہ کل وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ 5 درجے تک ملازمین کی تنخواہیں بڑھا دیں، جب غریب کی باری آتی ہے توہرحکومت کہتی ہے خزانہ خالی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم کہتےہیں آرام حرام ہے اورکچھ لوگ کہتے ہیں کام حرام ہے، ہماری ایسے لوگوں کے خلاف جنگ جاری ہے۔

    وزیر ریلوے نے کہا کہ آرمی چیف سے درخواست کی تھی ہمارے پاس فریٹ ٹرینیں نہیں، ان کا شکرگزارہوں انہوں نے ہماری درخواست منظورکرلی۔

    شیخ رشید احمد کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ 15 سے 20 فریٹ ٹرینیں ٹریک پر لے آئیں گے۔

  • پاکستان ریلوے اہم دفاعی لائن ہے: شیخ رشید، پاک فضائیہ کے لیے تیل ترسیل کی سہولت کا افتتاح

    پاکستان ریلوے اہم دفاعی لائن ہے: شیخ رشید، پاک فضائیہ کے لیے تیل ترسیل کی سہولت کا افتتاح

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پاک فضائیہ کے لیے پاکستان ریلوے کے ذریعے تیل کی ترسیل کی سہولت کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے وزیر شیخ رشید نے پاکستان ایئر فورس کے لیے پاکستان ریلوے کے ذریعے تیل کی ترسیل کی سہولت کا افتتاح کیا۔

    وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ریلوے ملک کی ایک اہم دفاعی لائن ہے جو اداروں کی معاونت کرتی رہے گی۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مضبوط ایئر فورس ہی ملک کے دفاع کی ضامن ہے، دشمن کو شکست دینے میں ایئر فورس کا کردار لا زوال ہے۔

    ریلوے وزیر شیخ رشید نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ قوم کو پاکستان ائیر فورس پر فخر ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بابا گرو نانک ریلوے اسٹیشن سکھ برادری کے لیے تحفہ ہوگا: شیخ رشید

    خیال رہے پچیس اپریل کو وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ 12 نومبر کو گرو نانک کے نام پر اسٹیشن بنایا جا رہا ہے، بابا گرو نانک ریلوے اسٹیشن سکھ برادری کے لیے تحفہ ہوگا۔

    انھوں نے کہا کہ 18 سو کلو میٹر سمیت ڈبل ٹریک پشاور سے کراچی تک بچھائیں گے، ایم ایل ٹو میں بھی یہی ہوگا ریل ٹریک کی اپ گریڈنگ ہوگی۔