Tag: پاکستان سٹیزن پورٹل

  • پاکستان سٹیزن پورٹل پرعوامی شکایات کا ازالہ، پانچ ماہ قبل اغوا کی گئی لڑکی بازیاب

    پاکستان سٹیزن پورٹل پرعوامی شکایات کا ازالہ، پانچ ماہ قبل اغوا کی گئی لڑکی بازیاب

    اسلام آباد : پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایات کے بعد پانچ ماہ قبل اغوا کی گئی لڑکی والدہ کی شکایت پر بازیاب کرالی گئی، دو سال تک لڑکی کو بلیک میل کرنے والا نوجوان گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر قائم پاکستان سٹیزن پورٹل کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

    سٹیزن پورٹل اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی آواز بن گیا، وزیراعظم آفس کے بروقت ایکشن کے باعث عوامی مسائل حل ہونے لگے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ زمینوں پر قبضے سمیت خواتین کو ہراساں کرنے کے مسائل حل کردئیے گئے، اس کے علاوہ مغوی خواتین کی بازیابی اور تھانے کچہریوں کے مسائل بھی فوری حل کئے گئے۔

    سٹیزن پورٹل نے خاتون کی دوران ملازمت نومولود کو ساتھ رکھنے پر دفتر کے اعتراض سے متعلق خاتون کی شکایت پر وزیراعظم آفس نے بر وقت ایکشن لیا اور مذکورہ خاتون کو دوران ملازمت نومولود کو اپنے ساتھ رکھنے کی اجازت مل گئی۔

    ذرائع کے مطابق کمپنی دیوالیہ ہونے پر بیرون ملک پھنسے پاکستانی کو بھی وطن واپس لایا گیا، سٹیزن پورٹل نے باپ کے سامنے بیٹی سے تھانے میں بےہودہ سوالات کی تفتیش کی شکایت پر بھی ایکشن لیتے ہوئے باپ کی شکایت پر دباؤ ڈالنے والے پولیس افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا۔

    اس حوالے سے لڑکی کے والد کامران نے کہا کہ انصاف ملنے پر وزیراعظم عمران خان کو دونوں ہاتھوں سے سلیوٹ کرتا ہوں۔

    علاوہ ازیں دو سال تک لڑکی کو بلیک میل کرنے والے نوجوان کیخلاف شکایت پر کارروائی کی گئی، متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ سٹیزن پورٹل پر شکایت کرنے کے بعد ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔

    سٹیزن پورٹل نے پانچ ماہ قبل اغواء کی گئی لڑکی والدہ کی شکایت پربازیاب کرالی، متاثرہ خاتون نے کہا کہ میری بیٹی 5ماہ سے لاپتہ تھی ہم سب ذہنی اذیت کا شکار تھے، وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے فرشتوں کی طرح میری مدد کی۔

  • پاکستان سٹیزن پورٹل: شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی

    پاکستان سٹیزن پورٹل: شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی

    اسلام آباد: پاکستان سٹیزن پورٹل پر صوبوں کی کارکردگی رپورٹ وفاقی کابینہ میں پیش کی گئی، شکایات کے حل میں سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس نے کابینہ میں پیش کردہ رپورٹ کے اعداد و شمار جاری کر دیے، شہریوں کی شکایات کے حل میں وفاقی حکومت کے ادارے سر فہرست رہے۔

    وفاقی وزارتوں اور اداروں نے 5 لاکھ 9 ہزار 153 سے زاید شکایات حل کیں، وفاقی اداروں کی جانب سے 92 فی صد شکایات حل کی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل سے متعلق سندھ حکومت سب سے پیچھے رہی، سندھ کے صوبائی محکمے صرف 40 فی صد شکایات حل کر سکے، 37 ہزار میں سے 84 فی صد زیر التوا شکایات سندھ حکومت کی ہیں۔

    تازہ ترین:  سٹیزن پورٹل پر ایف بی آر خصوصی کیٹیگری کے طور پر شامل

    خیبر پختون خوا حکومت نے 87 فی صد اور پنجاب نے 88 فی صد شکایات حل کیں، بلوچستان 79 فی صد جب کہ گلگت بلتستان کی حکومت نے 74 فی صد شکایات حل کیں۔

    دوسری طرف شہریوں کی شکایات پر متعدد سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کی گئی، سٹیزن پورٹل کے ذریعے شکایت پر سی ڈی اے (کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی) کے ڈی جی کو معطل کیا گیا، پنجاب میں پولیس افسران کی معطلی سمیت 2 ڈی سیز کو شو کاز دیے گئے، پنجاب کے 3 ڈپٹی کمشنرز اور 3 اسسٹنٹ کمشنرز کو معطل کیا گیا، 3 اسسٹنٹ کمشنرز کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق کمپنی دیوالیہ ہونے پر سعودی عرب میں پھنسنے والی لڑکی کو بھی واپس لایا گیا، وزیر اعظم اور کابینہ ارکان نے سٹیزن پورٹل کی کارکردگی کو سراہا۔

    وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سٹیزن پورٹل سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے، اس پورٹل کا مقصد عوام اور حکومت کا براہ راست رابطہ قایم کرنا ہے۔

  • وزیر اعظم کا بڑا فیصلہ: ’میرا بچہ الرٹ‘ ایپلی کیشن بنانے کا حکم جاری

    وزیر اعظم کا بڑا فیصلہ: ’میرا بچہ الرٹ‘ ایپلی کیشن بنانے کا حکم جاری

    اسلام آباد: ملک میں بچوں کے ساتھ پیش آنے والے نا خوش گوار واقعات کے تدارک کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے بڑا فیصلہ کر لیا، انھوں نے میرا بچہ الرٹ نامی ایپلی کیشن کی تیاری کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بچوں کے اغوا اور گم شدگی کیسز کے تدارک کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے ’میرا بچہ الرٹ‘ کے نام سے ایک خصوصی ایپلی کیشن بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

    موصولہ اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر ’میرا بچہ الرٹ‘ ایپلی کیشن 2 ہفتے میں تیار کر لی جائے گی، اس ایپلی کیشن کی مدد سے گم شدہ بچے کے درج کوائف فوری طور پر پولیس تک پہنچ جائیں گے۔

    بتایا گیا ہے کہ میرا بچہ الرٹ ایپلی کیشن پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک ہوگی، اس اقدام سے کسی بھی واقعے میں بچے کی برآمدگی اور کیس پر پیش رفت کے سلسلے میں نظر رکھی جا سکے گی۔

    کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ بچوں کے ساتھ غیر اخلاقی، نا خوش گوار واقعات کی تحقیقات میں بڑی کام یابی ملی ہے، اس کام یابی سے ایسے مکروہ فعل میں ملوث دیگر ملزمان تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ بچوں سے متعلق واقعات کو معاشرتی وجوہ کے سبب سامنے نہیں لایا جاتا، تاہم موجودہ حکومت معصوم بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔

    انھوں نے کہا ایسے مکروہ اور بھیانک جرائم میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔

  • سٹیزن پورٹل پر 10 لاکھ افراد کی رجسٹریشن اس نظام پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے: وزیر اعظم

    سٹیزن پورٹل پر 10 لاکھ افراد کی رجسٹریشن اس نظام پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد/ کراچی: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 8 ماہ میں 10 لاکھ افراد پاکستان سٹیزن پورٹل میں رجسٹرڈ ہوئے، یہ نظام اور اس کی افادیت پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر دس لاکھ افراد کی رجسٹریشن اس نظام کی افادیت پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔

    ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی عہدوں پر بیٹھے افراد تک پہنچنے کے لیے اب سرکاری اور سیاسی سفارش کی ضرورت نہیں رہی ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اب تک 8 لاکھ میں سے 6 لاکھ 80 ہزار شکایات حل ہو چکی ہیں، یہ عوامی طاقت کی سچی ترجمانی ہے، یہ ہے نیا پاکستان۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ایئرپورٹ : سٹیزن پورٹل میں مسافروں نے شکایات کے انبار لگادیئے

    دریں اثنا، وزیر اعظم کے قائم کیے گئے شکایتی مراکز سے شہریوں کو ریلیف ملنا شروع ہو گیا ہے، پاکستان سٹیزن پورٹل پر کراچی کے شہریوں نے پارک کی زمین پر قبضے کی شکایت درج کرائی تھی۔

    وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے شہری کی شکایت کے ازالے کے احکامات کے بعد چیف سیکریٹری نے کے ڈی اے کو زمین واگزار کرانے کے لیے احکامات جاری کیے، جس پر گلستان جوہر بلاک 3 میں پارک کی زمین پر ریسٹورنٹ اور دکانیں مسمار کر دی گئیں، کے ڈی اے کی جانب سے رپورٹ اور تصاویر چیف سیکریٹری کو ارسال کر دی گئیں۔

    یاد رہے کہ تین دن قبل وزیر اعظم کی قائم کردہ سٹیزن پورٹل میں شکایتوں کی بھرمار پر اسلام آباد ایئر پورٹ منیجر سے وضاحت طلب کی گئی تھی، معلوم ہوا تھا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر آنے والے مسافروں کو مختلف مراحل میں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز پر وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کا ازالہ نہ کرنے والے افسران کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

  • کسٹمز کی وردی پہن کر برتن دھونے پر مجبور ہیں: اہلکاروں کی وزیر اعظم سے شکایت

    کسٹمز کی وردی پہن کر برتن دھونے پر مجبور ہیں: اہلکاروں کی وزیر اعظم سے شکایت

    اسلام آباد: عوامی شکایات کے ازالے کے لیے بنائی جانے والی ایپ پاکستان سٹیزن پورٹل پر کسٹمز اہلکار نے اپنے افسران کے خلاف شکایت کردی۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ہم کسٹمز کی وردی پہن کر برتن دھونے اور کچن میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل میں اپنی نوعیت کی انوکھی درخواست درج کروا دی گئی۔ کسٹم اہلکار نے اپنے اعلیٰ افسران کے خلاف وزیر اعظم کو شکایت لگا دی۔

    کسٹم اہلکاروں نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ہمیں تربیت دینے کے بعد تربیت کے مطابق کام لینے کے بجائے چائے بنانے پر لگا دیا گیا، ہمیں سارا دن ذاتی ملازم بنا کر گھروں میں کام پر لگا دیا گیا ہے۔

    درخواست گزار نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ وہ کسٹم ہاؤس اسلام آباد میں 21 گریڈ کے افسر کے ساتھ ہیں، کسٹمز کی وردی پہن کر برتن دھوتے ہیں اور کچن میں کام کرتے ہیں۔

    وزیر اعظم کو بھیجی گئی درخواست ممبر کسٹمز کے ذریعے چیف کلیکٹر کسٹمز تک پہنچا دی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان سٹیزن پورٹل کا آغاز عوامی شکایات کے ازالے کے لیے گزشتہ برس اکتوبر میں کیا گیا تھا، پورٹل پر وزرا اور حکومت کے خلاف آن لائن شکایات درج کروائی جاسکتی ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ ہے نیا پاکستان کیونکہ اب حکومت عوام کو جواب دہ ہوگی‘۔

    دسمبر میں جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2 ماہ کے قلیل عرصے میں پورٹل پر رجسٹرڈ افراد کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ پورٹل کو 2 ماہ میں 2 لاکھ 29 ہزار 6 سو 67 شکایات موصول ہوئیں۔

    پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات میں سے 1 لاکھ سے زائد شکایات کا ازالہ کیا جاچکا ہے۔

  • عوام سے براہ راست رابطے کے لئے شکایتی سیل کوزبردست کامیابی ملی، وزیراعظم عمران خان

    عوام سے براہ راست رابطے کے لئے شکایتی سیل کوزبردست کامیابی ملی، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام مسائل کوسننے اور ان کے حل کے لئے وزیراعظم ہاؤس میں قائم  شکایتی سیل کوزبردست کامیابی ملی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عوامی شکایات کے ازالے کے لیے بنائی جانے والی ایپلی کیشن پاکستان سٹیزن پورٹل کو دنیا کی دوسری بہترین ایپ قرار دینے پر کہا عوام سے براہ راست رابطے کے لئے وزیراعظم ہاؤس میں شکایتی سیل قائم کیاگیا، عوام کے مسائل کوسننے اور ان کے حل کے لئے شکایتی سیل کوزبردست کامیابی ملی ہے۔

    ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں حکومت کی جانب سے لانچ کی جانے والی ایپلی کیشن پاکستان سٹیزن پورٹل نے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی، انڈونیشیا پہلے اور امریکہ تیسرے نمبر پر ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 87 ممالک سے 44 ہزار 646 ایپلی کیشن مقابلے کے لیے بھیجے گئے، فائنل مقابلے کے لیے 21 ایپلی کیشن کو 7 مختلف کیٹیگریز میں منتخب کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : پاکستان سٹیزن پورٹل ایپلی کیشن کی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں دوسری پوزیشن

    پاکستان سٹیزن پورٹل گوگل پلے اسٹور پر دنیا کی 7 بہترین ایپ کیٹے گری میں شامل ہے، پورٹل پراڈکٹیویٹی میں ساتویں نمبر پر ریکارڈ کی جارہی ہے۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے چند ماہ قبل پاکستان سٹیزن پورٹل کے نام سے ایپ بنائی گئی تھی، جو عوام میں بے حد مقبول ہوئی، عوامی اپنی شکایات اس ایپ پر درج کراتے ہیں اور حکومت کی جانب سے عوام کی شکایات کا ازالہ کیا جاتا ہے۔

    حکومت کی جانب سے پاکستان سٹیزن پورٹل کے آغاز کے بعد صرف 60 دن میں ایک لاکھ شکایات کو نمٹایا گیا،

  • پاکستان سٹیزن پورٹل ایپلی کیشن کی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں دوسری پوزیشن

    پاکستان سٹیزن پورٹل ایپلی کیشن کی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں دوسری پوزیشن

    اسلام آباد: حکومت کی جانب سے لانچ کی جانے والی ایپلی کیشن پاکستان سٹیزن پورٹل نے ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے بنائی جانے والی ایپلی کیشن پاکستان سٹیزن پورٹل نے عالمی اعزاز حاصل کرلیا، ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں پاکستان سٹیزن پورٹل کو دوسری پوزیشن دی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 87 ممالک سے 44 ہزار 646 ایپلی کیشن مقابلے کے لیے بھیجے گئے، فائنل مقابلے کے لیے 21 ایپلی کیششن کو 7 مختلف کیٹیگریز میں منتخب کیا گیا۔

    ہر کیٹیگری میں تین تین ایپلی کیشنز کے مابین مقابلہ ہوا، ایپ کا انتخاب سرکاری امور و عوامی فلاح و بہبود کے ایپ میں ہوا، پاکستان سٹیزن پورٹل آئی ٹی شعبے میں دنیا بھر کے لیے نیا موضوع بنا ہے۔

    مزید پڑھیں: سٹیزن پورٹل کے ذریعے 1 لاکھ شکایات کا ازالہ کردیا گیا، وزیراعظم

    پاکستان سٹیزن پورٹل گوگل پلے اسٹور پر دنیا کی 7 بہترین ایپ کیٹے گری میں شامل ہے، پورٹل پراڈکٹیویٹی میں ساتویں نمبر پر ریکارڈ کی جارہی ہے، عوام کی طرف سے ایپلی کیشن کو 28 ہزار اسٹارز ملے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اب تک لاکھوں کی تعداد میں افراد نے پاکستان سٹیزن پورٹل کی ایپ میں رجسٹریشن کی جبکہ اس میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ سال عالمی مقابلے کا فاتح بھارت تھا۔

    واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے چند ماہ قبل پاکستان سٹیزن پورٹل کے نام سے ایپ بنائی گئی تھی جو عوام میں بے حد مقبول ہوگئی، عوامی اپنی شکایات اس ایپ پر درج کراتے ہیں اور حکومت کی جانب سے عوام کی شکایات کا ازالہ کیا جاتا ہے۔

  • سٹیزن پورٹل کے ذریعے 1 لاکھ شکایات کا ازالہ کردیا گیا، وزیراعظم

    سٹیزن پورٹل کے ذریعے 1 لاکھ شکایات کا ازالہ کردیا گیا، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سٹیزن پورٹل کے ذریعے ایک لاکھ شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں تیز ترین شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے، صرف 60 دن میں ایک لاکھ شکایات کو نمٹایا گیا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے شہریوں سے اپیل کی وہ وزیراعظم ڈلیوری یونٹ کا استعمال کریں، پی ایم ڈی یو کے ذریعے شکایات پر مناسب جواب دیا جائے گا۔

    یہ پڑھیں: پاکستان سٹیزن پورٹل کو موصول شدہ شکایات کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی

    واضح رہے کہ دو روز قبل سٹیزن پورٹل کے اعدادو شمار جاری کیے گئے تھے، دو ماہ کے قلیل عرصے میں پورٹل پر رجسٹرڈ افراد کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کرگئی، پورٹل پر اب تک موصول شدہ شکایات کی تعداد 2 لاکھ 29 ہزار 6 سو 67 ہے۔

    خیال رہے کہ سٹیزن پورٹل کا آغاز دو ماہ قبل کیا گیا تھا جس کے تحت وزرا اور حکومت کے خلاف آن لائن شکایات درج کروائی جاسکتی ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ ہے نیا پاکستان کیونکہ اب حکومت عوام کو جواب دہ ہوگی‘۔

  • پاکستان سٹیزن پورٹل کو موصول شدہ شکایات کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی

    پاکستان سٹیزن پورٹل کو موصول شدہ شکایات کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی

    اسلام آباد: پاکستان سٹیزن پورٹل کو قائم کیے جانے کے بعد 2 ماہ کے قلیل عرصے میں پورٹل کو موصول شدہ شکایات کی تعداد 2 لاکھ 29 ہزار 6 سو 67 ہوگئی جن میں سے نصف کا ازالہ کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل کے اب تک کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے۔ 2 ماہ کے قلیل عرصے میں پورٹل پر رجسٹرڈ افراد کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ پورٹل پر اب تک موصول شدہ شکایات کی تعداد 2 لاکھ 29 ہزار 6 سو 67 ہے۔

    پورٹل کو موصول شدہ شکایات میں سے 90 فیصد اندرون ملک، 9.66 فیصد اوور سیز اور 0.45 فیصد غیر ملکیوں کی ہیں۔

    پورٹل پر پنجاب سے 1 لاکھ 5 ہزار 7 سو 94، خیبر پختونخواہ سے 26 ہزار 7 سو 90، سندھ سے 31 ہزار 6 سو 98، بلوچستان سے 2 ہزار 5 سو 24، گلگلت بلتستان سے 184، اسلام آباد سے 61 ہزار 6 سو 44 اور آزاد کشمیر سے 11 سو 72 شکایات موصول ہوئیں۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب سے موصول شکایات میں سے 40 ہزار 4 سو 11 شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے، پختونخواہ سے 12 ہزار 7 سو 71، سندھ سے 2 ہزار 63، بلوچستان سے 316 اور اسلام آباد کے شہریوں کی 35 ہزار 9 سو 50 شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔

    پورٹل پر اب تک مجموعی طور پر 47 ہزار 5 سو 79 تجاویز موصول ہوئیں جبکہ عوامی فیڈ بیک کے مطابق 24 ہزار 76 افراد نے پورٹل کے قیام اور اس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو پورٹل کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لانے کی ترغیب دی ہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم کی ہدایت پر پورٹل کے اعداد و شمار ہفتہ وار جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سٹیزن پورٹل کا آغاز 2 ماہ قبل کیا گیا تھا جس کے تحت وزرا اور حکومت کے خلاف آن لائن شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان سٹیزن پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ ہے نیا پاکستان کیونکہ اب حکومت عوام کو جواب دہ ہوگی‘۔

  • وزیرِ اعظم کی عوام سے مسائل کے حل کے لیے سٹیزن پورٹل کے استعمال کی اپیل

    وزیرِ اعظم کی عوام سے مسائل کے حل کے لیے سٹیزن پورٹل کے استعمال کی اپیل

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عوام سے ان کے مسائل کے حل کے لیے سٹیزن پورٹل کے استعمال کی اپیل کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے 28 اکتوبر کو قائم کیے گئے ’وزیرِ اعظم شکایات سیل‘ کے استعمال کے لیے وزیرِ اعظم نے ٹویٹر پر عوام سے اپیل کی ہے۔

    [bs-quote quote=”میں چاہتا ہوں کہ عوام یہ پورٹل استعمال کریں تا کہ ہماری حکومت مزید بہتر انداز میں عوام کی خدمت کا فریضہ سر انجام دے سکے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وزیرِ اعظم پاکستان”][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم نے سٹیزن پورٹل کے لیے بنائی گئی ایپ کا لنک ٹویٹر پر شیئر کر دیا، انھوں نے کہا کہ عوام شکایت کے فوری ازالے کے لیے سٹیزن پورٹل استعمال کریں۔

    انھوں نے لنک شیئر کرتے ہوئے لکھا ’میں چاہتا ہوں کہ عوام یہ پورٹل استعمال کریں تا کہ ہماری حکومت مزید بہتر انداز میں عوام کی خدمت کا فریضہ سر انجام دے سکے۔‘

    قبل ازیں ایک اور ٹویٹ میں وزیرِ اعظم عمران خان نے لکھا کہ گزشتہ 47 دنوں میں ایک لاکھ 72 ہزار شکایات موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 59 ہزار شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔

    وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 29 ہزار لوگوں نے فیڈ بیک دیا ہے جن میں سے 57 فی صد افراد مطمئن ہیں، شکایات کے حل کے لیے کام کیا جا رہا ہے، عوام زیادہ سے زیادہ ایپ کا استعمال کریں تا کہ مسائل فوری حل ہوں۔


    یہ بھی پڑھیں:  سٹیزن پورٹل، حکومت کو 1 لاکھ سے زائد شکایات موصول، 16 ہزار کا ازالہ کردیا گیا


    واضح ہے کہ 22 نومبر کو وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی افتخار درّانی نے کہا تھا کہ 24 دنوں میں ایپ کے ذریعے ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد عوامی شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 84 ہزار سے زائد درخواستوں پر کام جاری ہے جب کہ 16 ہزار سے زائد کو حل کر دیا گیا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ عوام نے چوبیس دنوں کے دوران وزیرِ اعظم آفس ایپ کو 4 لاکھ 54 ہزار بار ڈاؤن لوڈ کیا جس کے ذریعے وہ مسلسل اپنی شکایات درج کروا رہے ہیں، اب تک 54 فی صد مردوں جب کہ 6 فی صد خواتین نے ایپ ڈاؤن لوڈ کی۔