Tag: پاکستان سپر لیگ

  • بلال آصف نے پی ایس ایل کا گانا ریلیز کردیا

    بلال آصف نے پی ایس ایل کا گانا ریلیز کردیا

    معروف کرکٹر اور گلوکار بلال آصف نے پاکستان سپر لیگ کے لیے گانا ریلیز کردیا، بلال آصف کے گانے کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹر بلال آصف نے پاکستان سپر لیگ کے لیے نیا گانا یہ ہے پی ایس ایل ریلیز کردیا، گزشتہ روز ریلیز کیے جانے والے اس گانے کے حوالے سے بلال آصف نے لکھا ہے کہ یہ گانا پی ایس ایل کے مداحوں کے لیے بنایا گیا ہے۔

    اس گانے کے بول کرکٹر بلال آصف نے لکھے ہیں، اسے گایا بھی انہوں نے ہے جبکہ وہ خود بھی ویڈیو میں موجود ہیں۔ گانے کی ویڈیو لاہور کے تاریخی شاہی قلعے اور اندرون شہر کی گلیوں میں بنائی گئی ہے۔

    گانے میں پی ایس ایل میں شامل تمام ٹیمز کا ذکر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

    بلال آصف کے گانے کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 کا آفیشل گانا چند روز قبل ریلیز کیا گیا تھا جسے نصیبو لعل اور آئمہ بیگ نے گایا ہے، ابتدا میں گانے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تاہم بعد ازاں لوگوں کی بڑی تعداد نے نصیبو لعل کی گائیکی کو شاندار قرار دیا اور ان کی حمایت کی۔

    دوسری جانب پاکستان سپر لیگ 6 کے میچز کا آغاز رواں ہفتے 20 فروری سے کراچی میں ہونے جارہا ہے، لیگ کا فائنل 22 مارچ کو ہوگا۔

  • پی ایس ایل سیزن 5 میں بہترین تجربات، ہاشم آملہ کو پاکستان کی یاد ستانے لگی

    پی ایس ایل سیزن 5 میں بہترین تجربات، ہاشم آملہ کو پاکستان کی یاد ستانے لگی

    کراچی: پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 میں پشاور زلمی کے لیے بحیثیت بیٹنگ مینٹور اپنے فرائض انجام دینے والے جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ نے ملک میں گزارے اپنے بہترین لمحات اور تجربات سے مداحوں کو آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو بیان میں ہاشم آملہ نے پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنی نیک تنماؤں کا بھی اظہار کیا۔ دریں اثنا پی ایس ایل 5 کو بہترین ایونٹ قرار دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سپر لیگ مستقبل میں غیرملکی کھلاڑیوں اور ٹیموں کو پاکستان آمد کے لیے حوصلہ افزائی کرے گی، لیگ کے سیزن فائیو سے قبل دبئی میں میچز ہوا کرتے تھے لیکن میگا ایونٹ کو ملک میں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔

    کورونا وائرس سے پی ایس ایل کو 20 کروڑ روپے کا نقصان

    انہوں نے نیک تنماؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستان سپر لیگ اسی طرح ہر سال پھلے پھولے گا، تمام غیرملکی کھلاڑیوں نے سیزن 5 میں اچھا کھیل پیش کیا اور بہت لطف اندوز بھی ہوئے۔

    ہاشم آملہ نے پاکستان کے لیجنڈ کرکٹرز کی بھی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یونس خان، محمد یوسف، وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے بہترین سابق کرکٹرز کی پی ایس ایل کے لیے خدمات دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ دریں اثنا انہوں نے دیگر کھلاڑیوں کی بھی تعریف کی۔

  • پاکستانیوں کی مہمان نوازی پی ایس ایل کی میزبان کو بھا گئی

    پاکستانیوں کی مہمان نوازی پی ایس ایل کی میزبان کو بھا گئی

    پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 کی ہوسٹ ایرن ہالینڈ وطن واپس لوٹنے کے بعد پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی بے حد مشکور ہوئیں۔

    30 سالہ ماڈل، گلوکارہ اور 2013 میں مس ورلڈ رہنے والی ایرن ہالینڈ پی ایس ایل 5 میں ہوسٹنگ کرنے کے لیے پاکستان میں موجود تھیں۔

    تاہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر پی ایس ایل 5 کے اختتامی میچز ملتوی کردیے گئے جس کے بعد غیر ملکی میزبان اور کھلاڑی اپنے وطنوں کو لوٹ گئے۔

    واپسی سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنی ایک ویڈیو میں ایرن ہالینڈ نے کہا کہ یہ میرا پاکستان کا دوسرا دورہ تھا اور میں اس کے ہر لمحے سے بے حد لطف اندوز ہوئی۔

    ایرن نے کہا کہ پاکستانیوں نے ہم سے بہت محبت کی اور ان کی مہمان نوازی شاندار تھی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں شکریہ بھی لکھا۔

    ایرن کے ساتھ موجود جنوبی افریقی ہوسٹ کیس نائیڈو نے بھی شکریے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چاروں شہروں کے میچز کے دوران بہت لطف اٹھایا۔

    انہوں نے کہا کہ میں پہلی بار پی ایس ایل میں شریک ہوئی اور یہ میرے لیے کام کرنے کا زبردست موقع تھا۔

    ان دونوں کے ساتھ موجود کمنٹیٹر مائیکل سلیٹر نے پی ایس ایل کے میچز ملتوی ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا تاہم انہوں نے لیگ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتطامات اور کاوشوں کو بے حد سراہا۔

  • آسٹریلوی ماڈل نے پاکستانی عروسی لباس زیب تن کرلیا

    آسٹریلوی ماڈل نے پاکستانی عروسی لباس زیب تن کرلیا

    پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 کی ہوسٹ ایرن ہالینڈ نے پاکستانی عروسی لباس زیب تن کرلیا جسے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    30 سالہ ماڈل، گلوکارہ اور 2013 میں مس ورلڈ رہنے والی ایرن ہالینڈ آج کل پی ایس ایل 5 میں ہوسٹنگ کرنے کے لیے پاکستان میں موجود ہیں۔

    ایرن نے اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ عروسی لباس پہنے ہوئی ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ ان کا یہ لباس مقامی ڈیزائنر ثانیہ مسکاتیا نے تیار کیا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    Playing dress-ups at beautiful local designer @saniamaskatiya today.. Wedding dress @cuttsy_31 ?? 💁🏻‍♀️

    A post shared by ERIN HOLLAND (@erinvholland) on

    انہوں نے اپنے منگیتر بین کٹنگ سے بھی دریافت کیا کہ کیا یہ عروسی لباس ٹھیک رہے گا؟ بین بھی اس وقت پاکستان میں موجود ہیں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں کھیل رہے ہیں۔

    ایرن کی سماجی رابطے کی ویب سائٹس خصوصاً انسٹاگرام کو دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ پاکستان کے اس دورے سے بہت لطف اندوز ہورہی ہیں۔

    انہوں نے اسلام آباد میں فیصل مسجد کا بھی دورہ کیا اور اس کی تصاویر اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیں، وہ یہاں کے کھانوں سے بھی بے حد لطف اندوز ہورہی ہیں۔

  • مہوش حیات پی ایس ایل کا میچ دیکھنے پہنچ گئیں

    مہوش حیات پی ایس ایل کا میچ دیکھنے پہنچ گئیں

    لاہور: معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات پاکستان سپر لیگ کے سیزن 5 میں میچ دیکھنے کے لیے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پہنچ گئیں اور اپنی پسندیدہ ٹیم کو سپورٹ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات گزشتہ روز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پہنچیں اور لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کا میچ دیکھا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے اپنی تصاویر پوسٹ کیں اور پاکستان سپر لیگ 5 کو پرجوش ترین سیزن قرار دیا۔

    انہوں نے لکھا کہ قذافی اسٹیڈیم کا ماحول بہت جوشیلا تھا۔ آج کا دن ان لوگوں کے لیے شاندار تحفہ ہے جو لاہور قلندرز کی فتح کا کب سے انتظار کر رہے تھے۔

    مہوش حیات نے لاہور قلندر کو فتح پر مبارکباد بھی دی اور پشاور زلمی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ مہوش حیات اپنے پالتو کتے کی موت کے بعد بے حد غمگین تھیں جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا تھا۔

    گزشتہ روز انسٹاگرام پر مہوش حیات نے اپنے پالتو کتے بلونی کے ساتھ اپنی تصاویر پوسٹ کی تھیں اور اپنے جذبات بیان کیے تھے۔

  • پی ایس ایل 5: کراچی کنگز آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائیں گے

    پی ایس ایل 5: کراچی کنگز آج اسلام آباد یونائیٹڈ سے ٹکرائیں گے

    راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 میں آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں ٹکرائیں گی، میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 5 میں آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گی۔

    کراچی کنگز اب تک 3 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے ایک میں فتحیاب اور 2 میں شکست کھا چکی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگر کے 2 پوائنٹس ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ 5 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے 2 میں جیت اور 2 میں شکست اس کا مقدر بنی۔ ایک میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 5 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

    اسکواڈ:

    آج کے میچ میں کراچی کنگز کے اسکواڈ میں عماد وسیم (کپتان)، بابر اعظم، محمد رضوان، افتخار احمد، محمد عامر، عامر یامین، اسامہ میر، عمر خان، الیکس ہیلز، کرس جورڈن، شرجیل خان، کیمرون ڈلپورٹ، علی خان، عمید آصف، مچل مک کلینگھن، چاڈ وک والٹن، اویس ضیا اور ارشد اقبال شامل ہیں۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں شاداب خان (کپتان)، لیوک رونچی، احمد بٹ، فہیم اشرف، آصف علی، حسین طلعت، محمد موسیٰ، ڈیل اسٹین، کولن انگرام، کولن منرو، رومان رئیس، ظفر گوہر، فل سالٹ، عاکف جاوید، ڈیوڈ ملان، رضوان حسین، سیف بدر اور احمد صفی عبداللہ شامل ہیں۔

  • پاکستان سپر لیگ کو بدنام کرنے کی سازش ناکام

    پاکستان سپر لیگ کو بدنام کرنے کی سازش ناکام

    کراچی: پی ایس ایل کو شفاف رکھنے کے لیے ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے اسے بدنام کرنے کی سازش ناکام بنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے بھارتی بکیوں کے ساتھ رابطہ رکھنے والے بین الاقوامی گروہ کے 3 اہم کارندے گرفتار کر لیے، ملزمان میں مہیندر کمار، نریش کمار، نریش کمار عرف جانی شامل ہیں۔

    ایف آئی اے ذرایع کے مطابق ملزمان انٹرنیٹ کے ذریعے بیرون ملک گروپ سے رابطے میں تھے، بھارتی بکیوں سے تانے بانے ملتے ہیں، ملزمان سے لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔

    ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، ملزمان مختلف بینکوں میں بے نامی اکاؤنٹس چلا رہے تھے، حوالہ ہنڈیوں کے کام میں بھی ملوث تھے، گروپ میں بدنام زمانہ بکی بھی شامل ہیں۔

    پی ایس ایل میں بال ٹیمپرنگ کا الزام

    خیال رہے کہ پاکستان میں پی ایس ایل 5 کے سنسنی خیز میچز جاری ہیں، اب تک 8 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز نے دو دو میچز جیتے ہیں جب کہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی ایک ایک میچ جیت چکے ہیں۔

    آج پی ایس ایل فائیو کا میلہ راولپنڈی میں سجے گا، اسلام آباد یونائیٹڈ کا ہوم گراؤنڈ پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ ہوگا۔

  • گیارہویں نمبر پر کھیلنے والے بالر کا انوکھا ریکارڈ

    گیارہویں نمبر پر کھیلنے والے بالر کا انوکھا ریکارڈ

    کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 5 میں گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان سنسنی خیز مقابلے میں یونائیٹڈ کے بالر محمد موسیٰ نے بلے بازی میں انوکھا ریکارڈ قائم کردیا۔

    گزشتہ روز لاہور قلندرز کے 183 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار بیٹنگ کی۔ آخری 3 اوورز میں جب 1 وکٹ اور 20 رنز رہ گئے تب محمد موسیٰ نے 2 چوکے اور 1 چھکا مار کر اور مجموعی طور پر 17 رنز بنا کر ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    محمد موسیٰ ٹی 20 میں دنیا کے پہلے سب سے زیادہ اسکور کرنے والے 11 ویں نمبر کے بیٹسمین بن گئے ہیں۔

    ان کی اور احمد عبداللہ کی 20 رنز کی پارٹنر شپ بھی دسویں وکٹ کی وہ پہلی پارٹنر شپ بن گئی جس نے نہ صرف سب سے زیاہ رنز بنائے بلکہ کامیابی سے ہدف کا تعاقب کیا۔

    گزشتہ روز کے میچ میں لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ کے تمام سیزنز میں اپنا بلند ترین اسکور یعنی 183 رنز بنائے۔

    قلندرز کے محمد حفیظ نے 7 چوکوں اور 7 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شاہین آفریدی نے بھی 4 وکٹیں اڑائیں۔

    جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، کولن انگرام 30 اور ڈیوڈ ملان 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ یونائیٹڈ کی ٹیم نے ہدف آخری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

  • کیا علی ظفر کا گانا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ مداح کے سوال پر عاصم اظہر کا کرارا جواب

    کیا علی ظفر کا گانا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ مداح کے سوال پر عاصم اظہر کا کرارا جواب

    کراچی: پاکستان سپر لیگ 5 کے گانے کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مختلف آرا کا اظہار جاری ہے، ایک مداح نے علی ظفر کے دوبارہ گانا گانے کو بے عزتی قرار دیا تو عاصم اظہر نے اسے کرارا جواب دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف گلوکار علی ظفر مداحوں کی خواہش پر پاکستان سپر لیگ 5 کا نیا گانا تیار کرنے جارہے ہیں اور خود علی ظفر اور مداح اس حوالے سے خاصے پرجوش ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اس بارے میں مختلف آرا کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    ایسے ہی ایک ٹویٹ میں ایک مداح نے عاصم اظہر سے، جنہوں نے پی ایس ایل کا موجودہ گانا گایا ہے، سوال کیا کہ کیا آپ کو نہیں لگتا کہ علی ظفر کا گانا آنا آپ کی بے عزتی ہوگی؟ کیونکہ پی ایس ایل کا ترانہ جیسا بھی ہے تیار ہوچکا ہے اور اب علی ظفر اپنا نیا گانا بنانے جارہے ہیں۔

    مداح کے اس سوال پر عاصم اظہر نے انہیں کرارا جواب دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ اس میں بے عزتی کی کیا بات ہے، علی ظفر میرے سینیئر ہیں اور میں ان کے کام کی وجہ سے ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔ میں بہت خوشی سے ہر اس چیز کی حمایت کروں گا جو پاکستان کی بہتری کے لیے ہوگی۔

    عاصم نے مزید کہا کہ ہم آپس میں ہی بٹے ہوئے ہیں، ہمیں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ عاصم کے اس جواب پر علی ظفر نے بھی پسندیدگی اور محبت کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کہ یہ سارا قصہ اس وقت شروع ہوا جب وسیم بادامی نے اپنے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں علی ظفر سے پوچھا کہ عوام ان کا بنایا گانا سننا چاہتی ہے تو کیا وہ لوگوں کی خواہش پر نیا گانا تیار کریں گے؟

    علی ظفر نے کہا کہ لیگ کا آفیشل گانا تیار ہوچکا ہے جس پر وسیم بادامی نے کہا کہ وہ ایسے ہی سوشل میڈیا پر چلانے کے لیے نیا گانا بنالیں، جو پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ ہے اس کی اہمیت اپنی جگہ برقرار رہے گی مگر چونکہ عوام کی خواہش ہے تو علی ظفر بھی نیا گانا تیار کریں۔

    علی ظفر نے ترانہ بنانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ شاعری، کمپوزنگ اور دیگر چیزوں میں تھوڑا وقت لگ سکتا ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے اسٹوڈیو کی ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں وہ گانے کی تیاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

  • ڈینی موریسن بھی پاکستان کے اعزازی شہری بننے کے خواہاں

    ڈینی موریسن بھی پاکستان کے اعزازی شہری بننے کے خواہاں

    کراچی: ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دیے جانے کے اعلان کے بعد معروف کمنٹیٹر ڈینی موریسن نے بھی اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ انہیں بھی پاکستان کی اعزازی شہریت دی جائے۔

    نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ کے میچز میں اپنی کمنٹری سے سب کا دل جیتنے والے کمنٹیٹر ڈینی موریسن نے پاکستان کا اعزازی شہری بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کے لیے ان کی بھی خدمات ہیں جس کا اعتراف کیا جانا چاہیئے۔

    ڈینی کا کہنا تھا کہ وہ کئی سالوں سے کرکٹ کمنٹیٹر کی حیثیت سے پاکستان آرہے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ پاکستانیوں کے کرکٹ دیکھنے اور کھیلنے کے جنون کی حمایت کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی کو اعزازی شہریت اور سول ایوارڈ دینا بہترین فیصلہ ہے ساتھ ہی ان کی خدمات کا بھی اعتراف کیا جائے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کو 23 مارچ کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

    ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت بھی دی جائے گی۔