Tag: پاکستان شاہینز نے ایم سی سی کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

  • پاکستان شاہینز نے ایم سی سی کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    پاکستان شاہینز نے ایم سی سی کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    لاہور: پاکستان شاہینز نے میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو ایک روزہ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان شاہینز اور ایم سی سی کے درمیان میچ ایچی سن کالج گراؤنڈ میں کھیلا گیا، ایم سی سی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے، پاکستان شاہینز نے 205 رنز کا ہدف 45 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

    پاکستان شاہینز کے احسان عادل کو 6 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    پاکستان شاہینز کی ٹیم 205 رنز ہدف کے تعاقب میں ابتدا میں مشکلات کا شکار رہی اور صرف 114 رنز پر 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے، حسن محسن اور عمران رفیق کے درمیان 91 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ نے میزبان ٹیم کو 5 وکٹوں سے کامیابی دلائی۔

    مزید پڑھیں: ایم سی سی نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

    پاکستان شاہینز کے عمران رفیق نے 66 اور حسن محسن نے 49 رنز بنائے، احسان عادل نے 10 اوورز میں 34 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    ایم سی سی کے راس ویٹلے نے 51 اور ول روڈز نے 27 رنز بنائے جبکہ رولوف مروو کی 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی۔

    واضح رہے کہ ایم سی سی ٹیم 17 فروری کو ناردرن کے خلاف ایچی سن کالج میں ٹی 20 میچ کھیلے گی ، یاد رہے کہ دو روز قبل ایم سی سی الیون ٹی ٹوینٹی میچ میں لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔